Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 28 December-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا سے مستفید شہریوں سےبذریعۂ ویڈیو کانفرنسنگ وزیرِ اعظم نریندرمودی کا تبادلۂ خیال۔
٭ سال 2024 کیلئے خشک ناریل کے کم از کم ضمانتی نرخ کا تعین۔
٭ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے مستقبل میں ایم فِل ڈگری کو تسلیم نہ کرنے کی وضاحت۔
٭ ناندیڑ میں جل جیون مشن کے کاموں میں سستی برتنے والے کانٹریکٹروں پر کارروائی۔
اور ٭ چندر پور ضلعے میںمنعقدہ اسکولی سطح کے 67 ویں کھیل مقابلوں کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوںافتتاح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کے مستفیدین سے بذریعۂ ٹیلی کانفرنسنگ بات چیت کی۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم مودی نے کاشتکاروں سے اپنی آمدن بڑھانے کیلئے زراعت سے منسلک تجارت کو اپنانے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ پچاس دنوں سے بھی کم وقت میں بھارت سنکلپ یاترا نے ملک کے لاکھوں دیہاتوں تک پہنچنے کا ریکارڈ بنایاہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے پنڈلک نگر سوت گرنی چوک علاقے سمیت ضلعے کے ویجا پور تعلقہ میں وزیر اعظم کے اس آن لائن رابطہ اجلاس براہ راست نشر کیا گیا۔ ویجاپور میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نےحاضرین کی رہنمائی کی۔ اس موقع پر معذور شہریوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ تقریباً 800 شہریوں نے اس پروگرام میں ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کا عزم کیا۔
***** ***** *****
ہنگولی تعلقے میں ہنگنی اور لاسینا، کلمنوری تعلقے کے بِب گوہان اور جھرا، اونڈھا تعلقے کے پوٹا، سین گاؤں تعلقے کے لمباڑا آمدری اور چکھلاگر اور بسمت تعلقے کے بھینڈے گائوں کے ساکنان نےبھارت سنکلپ یاترا کا جوش و خروش سےاستقبال کیا۔ اس موقع پر شہریوں کو مختلف سرکاری اسکیموں کی معلومات دینے کے علاوہ اسکیموںکیلئے مستحق شہریوں کے ناموں کا اندراج کیا گیا۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا آج پربھنی ضلعے کے متعدد دیہاتوں میں پہنچے گی، گرام پنچایت افسران اور ملازمین اس دوران شہریوں کو حکومت کی مختلف عوامی بہبود کی اسکیموں سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کم و بیش گیارہ ہزار شہریوںکی کووِڈ جانچ کی گئی‘ اس دوران کورونا کے 87 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ان میں متعدد مریض ممبئی کے شہری علاقے اور پونے کے ہیں۔ جبکہ ریاست میں کل دو کورونا متاثرین کی موت واقع ہوئی، اور 14 مریض صحت یاب ہو گئے۔ ریاست بھر میں فی الحال کورونا کے 265 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔
***** ***** *****
ملک کے پہلے وزیرِ زراعت ڈاکٹر بھاؤ صاحیب عرف پنجاب راؤ دیشمکھ کے 125 ویں یوم پیدائش پر کل انہیں مختلف مقامات پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری کی موجودگی میں امراوتی میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اس موقعے پر سابق مرکزی وزیرِ زراعت شرد پوار کو پہلے ڈاکٹرپنجاب راؤ دیشمکھ یادگاری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ممبئی میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کے مجسّمے پر جاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن سمیت بیڑ کے ضلع کلکٹردفتر میں بھی ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کی یومِ پیدائش پر ان کی خدمات کو یاد کیا گیا۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر آج ناگپور میںعوام کو تبدیلی کا پیغام دیا جائے گا۔ کل ناگپور میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں یہ اجلاس منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
سانے گروجی کی صد سالہ سلور جوبلی یوم پیدائش کی مناسبت سے املنیر میں مجوزہ 97 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے انعقاد کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ تیقن دیا ہے۔ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ پریشد کی صدر پروفیسر اوشا تامبے سمیت دیگر معززین نے کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کو دعوت نامہ پیش کیا، اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ بول رہے تھے۔
***** ***** *****
تنجاور میں کل سے 100ویں کُل ہند مراٹھی ناٹیہ سمّیلن کا آغاز ہوا۔ شاہ جی عرف شاہ راج راجے بھوسلے کی شاعری کو خراج عقیدت اور نٹراج پوجا سے سمّیلن کا آغاز ہوا۔ تمل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر تُرو ویلّوون کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں 99 ویں ناٹیہ سمیلن کے صدر پریمانند گجوی کے علاوہ دیگر کئی معززین شریک تھے۔
***** ***** *****
خشک ناریل کی کم از کم ضمانتی قیمت کو مرکزی کابینہ کی اقتصادی اُمور کی کمیٹی نے منظور لیا ہے۔ اس کی اطلاع وزیرِ اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کل اقتصادی کمیٹی کے اجلاس کے بعد دی ۔ آئندہ سال 2024 میں تیل کیلئے ناریل کے ضمانتی نرخ میں 300 روپئے فی کوئنٹل کا اضافہ ہوا ہے اور ناریل فی کوئنٹل گیارہ ہزار 160 روپئے ہوگیا ہے۔ جبکہ گوٹا ناریل کی قیمت میں فی کوئنٹل 250 روپئے کا اضافہ ہوا ہے اور اب اس ناریل کے نرخ فی کوئنٹل 12 ہزار روپئے ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) نے وضاحت کی ہے کہ مستقبل میں ماسٹر آف فلاسفی (ایم فِل) کی ڈگری کو تسلیم نہیں کیا جائےگا۔ اس حوالے سے کمیشن نے کل ایک اعلامیہ جاری کیا۔ جس میںکمیشن نے یونیورسٹیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ تعلیمی سال سے ایم فِل کورس کے داخلے بند کردیں۔ کمیشن نے واضح کیا کہ 2022 تک تفویض شدہ ایم فِل کی ڈگریاںہی قابلِ قبول رہیں گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں جل جیون مشن کے کاموں میں سستی برتنے والے 387 کانٹریکٹروں پر یومیہ پانچ سو روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضابطےکے مطابق مقررہ وقت پر کام شروع نہ کرنے والے 15کانٹریکٹروں کو بھی سیاہ فہرست میں ڈال دیا گیا ہے۔ جل جیون مشن کے تحت شروع کیے گئے کاموں پر نظر رکھنے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر ضلع پریشد سی ای او مینل کرنوال نے یہ کارروائی کی۔
***** ***** *****
سابق رُکنِ اسمبلی اور جنتا دَل سیکولرکے کے ریاستی صدر شرد پاٹل کا کل صبح سانگلی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 81 برس کے تھے۔ شرد پاٹل 1990 اور 1995 میں دو مرتبہ کپواڑہ۔ میرج حلقے سے اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے‘ جبکہ 2002 تا 2008 میں بی جے پی کے پرکاش جاوڑیکر کو پونہ گریجویٹ حلقۂ انتخاب میں شکست دیکر قانون ساز کونسل کیلئے منتخب کیے گئے تھے۔ میرج کے یشونت تعلیمی سوسائٹی کے سربراہ کے طور پر بھی انھوں نے خدمات انجام دیں۔
***** ***** *****
چندر پور ضلعے کے بلّار پور میں کل اسکولی سطح کے 19 سال سے کم عمر کے لڑکے لڑکیوں کے 67 ویں قومی کھیلوں کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ وزیرِ کھیل سنجے بنسوڑے اور ضلعے کے رابطہ وزیر سُدھیر منگنٹی وار‘ قومی کھیل ایوارڈ یافتہ کھلاڑی بہادر سنگھ چوہان‘ کھلاڑی ہیما داس سمیت دیگر معزز شخصیات اس موقعے پر موجود تھیں۔ ان مقابلوں میں ملک بھر سے تقریباً ایک ہزار 551 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔
ؕ***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے گیارہ اقامتی اسکولوں کے طلبہ کے علاقائی کھیل مقابلے آج چھترپتی سمبھاجی نگرکے ڈویژنل اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ اس دوران کھلاڑیوں میں دو ڑ‘ لمبی چھلانگ‘ تھالی پھینک‘ رسّی کھینچ‘ کھوکھو اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے گنگا کھیڑ تعلقےکے واگھل گائوں کے کسان ماروتی گھن وَٹے کے ’’کاشتکار سے صارِف تک‘‘ نامی خرید مرکز کا ضلع کلکٹر رگھو ناتھ گائوڑے کے ہاتھوں کل افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقعے پر گوپا قصبے کے کسان گیاندیو کدم کی کھیت کی فصل کی جانچ کا آن لائن اندراج عمل میں آیا اور کپاس کی فصل کا جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں ضلع کلکٹر دفتر میں قومی یومِ صارِفین کے موقعے پر منعقدہ پروگرام میں ضلعی صارِف شکایات کمیشن کے صدر انیل جَوَڑیکر نے خطاب کیا۔ انھوں نے آن لائن لین دین میں ہونے والی جعلسازی کی رو ک تھام کیلئے صارفین کو بیدار رہنے کامشورہ دیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین سنچورین میں جاری پہلے ٹسٹ کرکٹ مقابلے کے دوسرے دِن کل کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگ میں پانچ وِکٹ کے نقصان پر 256 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کی پہلی اننگ 245 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔ فی الحال جنوبی افریقہ کی ٹیم نے گیارہ رنوں کی برتری حاصل کی ہے۔
دریں اثنا بھارت اور آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ دوپہر ڈھائی بجے سے اس مقابلے کی شروعات ہوگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا سے مستفید شہریوں سے بذریعۂ و یڈیو کانفرنسنگ وزیرِ اعظم نریندرمودی کا تبادلۂ خیال۔
٭ سال 2024 کیلئے خشک ناریل کے کم از کم ضمانتی نرخ کا تعین۔
٭ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے مستقبل میں ایم فِل ڈگری کو تسلیم نہ کرنے کی وضاحت۔
٭ ناندیڑ میں جل جیون مشن کے کاموں میں سستی برتنے والے کانٹریکٹروں پر کارروائی۔
اور ٭ چندر پور ضلعے میںمنعقدہ اسکولی سطح کے 67 ویں کھیل مقابلوں کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوںافتتاح۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
اس خبرنامے کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جا سکتا ہے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment