Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 February-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم فروری ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن آج عبوری بجٹ پیش کریں گی۔
٭ آئندہ نسلوں کے خوابوں کی تعبیر ہی ہمارا فرض ہے: صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کا پارلیمنٹ سے خطاب۔
٭ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کی نااہلی کے سلسلے میں اسمبلی اسپیکر کے روبرو سماعت مکمل۔
٭ آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں میں دو ہزار 109 کروڑ روپئے کا فنڈ تقسیم کرنے کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ کھیلو انڈیا جونیئر مقابلوں میں مہاراشٹر کو جنرل چمپئن شپ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن آج لوک سبھا میں صبح گیارہ بجے سال 2024 کا عبوری مالی بجٹ پیش کریں گی۔ بحیثیت ِ وزیرِ خزانہ سیتا رَمن یہ چھٹا بجٹ پیش کرنے جارہی ہیں۔ موجودہ لوک سبھا کا یہ آخری بجٹ ہوگا۔ اسی سال عام انتخابات کے بعد نو منتخبہ حکومت مکمل سالانہ مالی بجٹ پیش کرے گی۔
***** ***** *****
اسی دوران کل صدرِ جمہوریہ کے خطبے سے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آغاز ہوا۔ اپنے خطاب میں صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے گذشتہ 10 برسوں کے دوران حکومت کی جانب سے کیے گئے کاموں کا جائزہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ امرت دور کی آئندہ نسلوں کے خوابوں کو شرمندہئ تعبیر کرنا ہمارا فرضِ عین ہے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ”ایک بھارت شریشٹھ بھارت“ کے نعرے کا احساس ہوتا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ اسی جذبے سے اس ایوان میں بامعنی اور سیر حاصل بحث ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ خواتین کو قوت بخشنے والے قانون سمیت کئی میدانوں میں خواتین کو مستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ گذشتہ دس برسوں میں حکومت نے سیاحت کے شعبے میں فقیدالمثال کام انجام دئیے۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا دیرینہ خواب حکومت نے عملی طور پر پورا کیا۔ ملک کی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے اور 25 کروڑ لوگ غربت سے نکل چکے ہیں۔ دَرَوپدی مُرمو نے مزید کہا کہ حکومت کو اعتماد ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کی عمارت نوجوانوں کی طاقت‘ خواتین کی طاقت‘ کسان اور غریب ان چار ستونوں پر کھڑی رہے گی۔
***** ***** *****
دریں اثناء صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر ردّعمل دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اسے جامع‘ خودشناسی سے بہرہ مند کرنے والا نیز 140 کروڑ بھارتیوں کو اتحاد کی طاقت سے آگاہ کرنے والا قرار دیا۔ دوسری جانب کانگریس نے صدارتی خطبے کو بے سمت اور گمراہ کُن قرار دیا۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب کی نقولات تقسیم کرنے کے بعد پارلیمنٹ کا کام کاج کل دِن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ اس سے قبل صدرِ جمہوریہ کے نامزد کردہ ارکان بزرگ ماہرِ تعلیم ستنام سنگھ سَندھو‘ عام آدمی پارٹی کی سواتی مالیوال اور نارائن داس گپتا نے رُکنیت کا حلف لیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے 14 ارکانِ پارلیمان کی رُکنیت کی معطلی منسوخ کرنے کااعلان کیا۔
***** ***** *****
موبائل فون کے متعدد کل پرزوں پر درآمد ٹیکس میں پانچ فیصد تخفیف کردی گئی ہے۔ ان تمام کل پرزوں پر اب 15 کی بجائے 10 فیصد درآمد ٹیکس لگے گا۔ موبائل فون کی برآمد کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
اُترپردیش کے وارانسی میں گیان واپی مسجد کے نیچے تہہ خانے میں ہندوؤں کو پوجا ارچنا کرنے کی اجازت عدالت نے دے دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری سماعت کے دوران کل عدالت نے وارانسی ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اندرونِ سات یوم گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کیلئے ضروری انتظامات کروائے جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 1993 سے قبل سومناتھ وِیاس کے خاندان کے افراد وہاں پوجا کرتے تھے۔ فی الحال مسجد اور اس کا تہہ خانہ انجمن ِ انتظامیہ مسجد کمیٹی کے زیرِ انتظام ہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کی نااہلی کے معاملے میں کل اسمبلی اسپیکر کے روبرو سماعت مکمل کرلی گئی۔ دورانِ سماعت اجیت پوار گروپ نے سوال اُٹھایا کہ این سی پی آئین کے مطابق شرد پوار پارٹی کے بنیادی رُکن ہی نہیں ہیں تو وہ پارٹی کے صدر کیونکر ہوسکتے ہیں۔ اجیت پوار گروپ کے وکیل ویریندر تلجاپورکر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شرد پوار کے ساتھ پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کو انتخابات کروائے بغیر ہی نامزد کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی سطح کے عہدیداروں اور قومی صدر کے انتخاب کیلئے پارٹی کے آئین کے مطابق الیکشن نہیں کروائے گئے۔ اگر انتخابات کروائے گئے ہوتے تو اس کے ثبوت انتخابی کمیشن میں جمع کروائے جاتے جو نہیں کروائے گئے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کیلئے ریاستی حکومت کے جاری کردہ حکمنامے کے مسودے کو اوبی سی تنظیموں نے عدالت ِ عالیہ میں چیلنج کردیا ہے۔ کُنبی صداقت ناموں کے ذریعے قریبی اور دور کے رشتہ داروں کو صداقت نامے جاری کرنے کی ان تنظیموں نے مخالفت کی ہے۔ عدالت میں داخل کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دستور کے خلاف جاکر اقرباء کی تعریف تبدیل نہ کی جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں مختلف پولس افسران کے کل تبادلے کردئیے گئے۔ ممبئی عظمیٰ کے ایڈیشنل کمشنر ویریندر کو سمبھاجی نگر سرکل کا اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس بنایا گیا ہے‘ جبکہ پربھنی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس کی حیثیت سے چندر پور کے سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی کا تبادلہ کیا گیا۔ ممبئی عظمیٰ کے پولس کمشنر اجئے کمار بنسل کو جالنہ کا سپرنٹنڈنٹ بنایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں گزیٹیڈ افسران کے تبادلے بھی کل کیے گئے۔ بلڈانہ ضلع پریشد کی CEO بھاگیہ شری وِیسپوتے کا چھترپتی سمبھاجی نگر کے سڈکو کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر تبادلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں کیلئے دو ہزار 109 کروڑ روپئے کا فنڈ تقسیم کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ گذشتہ برس نومبر-دسمبر مہینوں میں غیر موسمی بارش سے ہوئے نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کیلئے یہ فنڈ جاری کیے گئے ہیں۔ یہ اطلاع امداد و باز آبادکاری کے وزیر انیل پاٹل نے دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے سرکاری کینسر ہاسپٹل میں نہایت ضروری پیٹ اسکین کی سہولت مہیا کرنے کا مطالبہ رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے کیا ہے۔ اس خصوص میں انھوں نے طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف کو ایک مکتوب ارسال کیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ سمیت دیگر علاقوں سے بھی مریض اس اسپتال میں علاج کیلئے آتے ہیں۔ کینسر کے مریض کیلئے پیٹ اسکین ضروری ہوتا ہے۔ تاہم مریضوں کو خانگی لیباریٹریز سے یہ جانچ کرانا ہوتی ہے اور غریب مریض یہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں جالنہ روڈ پر سڈکو این 3- علاقے میں آج صبح اب سے کچھ دیر قبل ایک گیس ٹینکر اُلٹ گیا۔ جس سے گیس کا اخراج ہورہا ہے۔ جس کے بعد اس علاقے کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جالنہ روڈ پر نہ جائیں اور اس کیلئے متبادل راستے اختیار کریں۔ دریں اثناء ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ جائے وقوع پر دستہئ آتش فرو کے پانچ ٹینکر حالات پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ضلع ہنگامی انتظامی افسر نے اپیل کی ہے کہ سڈکو علاقے میں شہری اپنے گھروں میں گیس نہ جلائیں اور آتش گیر اشیاء کے استعمال سے بھی گریز کریں۔
***** ***** *****
چنئی میں کھیلو انڈیا جونیئر مقابلوں میں مہاراشٹر نے جنرل چمپئن شپ جیت لی ہے۔ ان مقابلوں میں مہاراشٹر کے کھلاڑیوں نے 57 طلائی‘ 48 نقرئی اور 53 کانسے کے تمغے اس طرح مجموعی طور پر 158 تمغے حاصل کیے۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر 38 طلائی سمیت 98 تمغوں کے ساتھ تملناڈو دوسرے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن آج عبوری بجٹ پیش کریں گی۔
٭ آئندہ نسلوں کے خوابوں کی تعبیر ہی ہمارا فرض ہے: صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کا پارلیمنٹ سے خطاب۔
٭ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کی نااہلی کے سلسلے میں اسمبلی اسپیکر کے روبرو سماعت مکمل۔
٭ آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں میں دو ہزار 109 کروڑ روپئے کا فنڈ تقسیم کرنے کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ کھیلو انڈیا جونیئر مقابلوں میں مہاراشٹر کو جنرل چمپئن شپ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment