Friday, 2 February 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 فروری 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 February-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲/ فروری  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    خواتین‘ کسان‘ نوجوانوں اور غریبوں کو مرکزِ نگاہ بناکر تیار کردہ عبوری مالی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
    ٭    اِسٹارٹ اَپس کیلئے مہیا موجودہ سہولیات میں مزید ایک برس توسیع؛ عوامی راست و بالراست ٹیکس نظام میں کوئی ردّ و بدل نہیں۔
    ٭    بنیادی ڈھانچے کیلئے مختص فنڈ میں 11 فیصد اضافہ؛ مہاراشٹر کے ریلوے پروجیکٹس کیلئے 15 ہزار کروڑ روپئے مختص۔
اور۔۔۔    ٭    ایلورہ- اجنتا فیسٹیول اور 97 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
    خواتین‘ کسان‘ نوجوانوں اور غریب طبقات کو مدِنظر رکھ کر تیار کردہ عبوری مالی بجٹ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کل لوک سبھا میں پیش کیا۔ بجٹ کے مطابق اس برس 30 لاکھ 80 ہزار کروڑ روپئے کی آمدن متوقع ہے اور اخراجات 47 لاکھ 66 ہزار کروڑ روپئے ہوسکتے ہیں۔ اس میں سے 26 لاکھ دو ہزار کروڑ روپئے محصول ٹیکس کی مد میں موصول ہوں گے۔ اس برس مالی خسارہ پانچ اعشاریہ ایک فیصد اور آمدنی کا خسارہ ساڑھے چار فیصد رہنے کا اندازہ وزیرِ خزانہ نے پیش کیا۔
    اس ہنگامی مالی بجٹ میں سب سے زیادہ دفاع کے شعبے کیلئے چھ لاکھ 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے گئے۔ زمینی آمد و رفت اور شاہراہوں کی وزارت کیلئے دو لاکھ 78 ہزار کروڑ روپئے‘ محکمہئ ریل کیلئے دو لاکھ 55ہزار کروڑ روپئے‘ خوراک اور بلدی رسد کیلئے دو لاکھ 13 ہزار کروڑ‘ دیہی ترقیات کے شعبے کیلئے ایک لاکھ 77 ہزار کروڑ روپئے اور زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے محکمے کیلئے ایک لاکھ 27 ہزار کروڑ روپئے رکھے گئے ہیں۔
    بنیادی ڈھانچے کے فروغ کیلئے مختص فنڈ میں 11 فیصد اضافہ کرکے اسے 11 لاکھ 11 ہزار 111 کروڑ روپئے کردیا گیا ہے۔ لکھ پتی دیدی اسکیم کا فائدہ تین کروڑ خواتین تک پہنچانے کا ہدف‘ نو تا 14 برس کی لڑکیوں کیلئے سروائیکل کینسر کے تدارک کے ٹیکے، آیوشمان بھارت یوجنا‘ تمام آشا کارکنوں اور آنگن واڑی خادماؤں کو فائدے‘ اوسط آمدنی والے طبقے کیلئے تعمیراتی پروجیکٹ‘ ماحول دوست ترقی پر زور‘ چھتوں پر شمسی توانائی کے پروجیکٹ کو ترغیب‘ شمسی توانائی تیار کرنے کیلئے آلات لگانے والے خاندانوں کو 300 یونٹ مفت بجلی جیسی مختلف سہولیات کا اعلان اس بجٹ میں کیا گیا ہے۔
    ریاستی حکومتوں کو 75 ہزار کروڑ روپئے بلاسود قرض دینے کی تجویز وزیرِ مالیات نے پیش کی۔ گذشتہ 10 برسوں میں حکومت کی جانب سے کیے گئے کاموں کا جائزہ بھی اپنی تقریر میں انھوں نے پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وباء‘ بین الاقوامی جغرافیائی اور سیاسی حالات اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ”سب کا ساتھ‘ سب کا پریاس‘ سب کا وِکاس“کے نعرے کی بنیاد پر معیشت کو نئی جہت ملی ہے۔
    پربھنی- پرلی دوہری ریلوے لائن کیلئے 100 کروڑ روپئے‘ لاتور روڈ بائے پاس اور پرلی بائے پاس کیلئے 40-40 کروڑ روپئے‘ آکولہ- پورنا- ناندیڑ- ڈھونا لائن پر ڈبل ٹریک لگانے کیلئے 219 کروڑ روپئے منظور کیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی شولاپور- تلجاپور- دھارا شیو ریلوے لائن کے پہلے مرحلے کیلئے 225 کروڑ روپئے مختص کیے گئے۔ اسی طرح دھارا شیو- تلجاپور ریلوے لائن پر تین نئے ریلوے اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
    مہاراشٹر کے ریلوے منصوبوں کیلئے وزیرِ خزانہ نے 15 ہزار 554 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے یہ اطلاع دی۔ اس میں سے ریاست کے 1300 ریلوے اسٹیشنوں کی امرت بھارت اسٹیشن کی حیثیت سے تجدید نو کی جائیگی۔ ویشنو نے بتایا کہ ریاست کی ریلوے لائنوں پر برقی نظام لگانے کا 98 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
    مراٹھواڑہ میں ریلوے کے تکمیل طلب ترقیاتی کاموں کیلئے ایک ہزار 803 کروڑ روپئے رکھے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر تا منماڑ ریلوے لائن کو دوہرا کرنے کیلئے 214 کروڑ روپئے منظور کیے گئے۔
    آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس کے نظام میں کوئی ردّو بدل نہیں کیا گیا۔ تاہم اسٹارٹ اَپ صنعتوں کو ٹیکس کے معاملات میں دی جانے والی رعایتوں کی مدت میں 31 مارچ 2025 تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ وزیرِخزانہ نرملا سیتا رَمن کی جانب سے یہ عبوری بجٹ ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد پارلیمنٹ کی کارروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عبوری مالی بجٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے اسے ترقی یافتہ بھارت کی ضمانت دینے والا اور تاریخی بجٹ قرار دیا۔ قومی حصص بازارکے مینیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آشیش کمار چوہان نے کہا ہے کہ عوامی بہبود کو مرکز بناکر یہ مالی بجٹ پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور عام آدمی کا اس بجٹ میں خاص خیال رکھا گیا ہے۔
    حزبِ اختلاف کی جانب سے بجٹ پر سخت تنقید کی گئی۔ کانگریس رہنماء منیش تیواری نے بجٹ میں پیش کیے گئے خسارے پر تشویش کا اظہار کیا۔
    ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد وجئے وڑیٹیوار نے کہا ہے کہ بجٹ کے ذریعے مرکزی حکومت نے ترقی کا فقدان پیدا کرنے اور ترقی کا کھوکھلا خواب دکھانے کی کمزور کوشش کی ہے۔ کُل ہند کسان سبھا کے قومی سیکریٹری ڈاکٹر اجیت نولے نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں زرعی شعبے کی تنزلی روکنے کیلئے اقدامات متوقع تھے۔ تاہم بجٹ میں اس طرح کے کوئی اقدامات نہ کیے جانے پر کسانوں کو سخت مایوسی ہوئی۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی جالنہ روڈ پر گیس کے اخراج کے باعث معطل شدہ ٹریفک کل شام بحال ہوگئی۔ گیس کے اخراج کے سبب میونسپل کارپوریشن کی درخواست پر بجلی محکمے نے متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل کردی تھی۔ کل صبح سڈکو فلائی اوور سے قریب ایک گیس ٹینکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے بعد ٹینکر سے گیس کا اخراج شروع ہوگیا تھا۔ دستہئ آتش فرو کی چھ گاڑیوں کے ذریعے ٹینکر پر پانی پھینکا گیا۔ دوپہر کے قریب حادثے کا شکار ٹینکر میں بچی ہوئی گیس دوسرے ٹینکر میں منتقل کردی گئی تھی۔
***** ***** *****
    جلگاؤں ضلعے کے املنیر میں آج 17 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کا افتتاح لوک سبھا کی سابق اسپیکر سمترا مہاجن کے ہاتھوں عمل میں آئیگا۔ اس سے قبل ایک گرنتھ ڈِنڈی بھی نکالی جائیگی۔ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جسٹس نریندر چپلگاؤنکر کے ہاتھوں جلسہ گاہ کا افتتاح عمل میں آئیگا۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایلورہ- اجنتا بین الاقوامی فیسٹیول آج سے شروع ہورہا ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سنہری محل احاطے میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کا افتتاح وزیرِ سیاحت گریش مہاجن کی موجودگی میں عمل میں آئیگا۔ آج اس فیسٹیول میں معروف رقاصہ ڈاکٹر سندھیا پوریچا کا بھرت ناٹیم‘ پنڈتا انورادھا پال کا پانچ سازوں کا مظاہرہ اور راہل دیشپانڈے اور پرینکا بروے گلوکاری کا مظاہرہ کریں گے۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر کے مہاتما گاندھی مشن کی جانب سے دئیے جانے والے مہاتما گاندھی مراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ کا کل اعلان کردیا گیا۔ 2023 سال کا خدمات کیلئے یہ ایوارڈ دھارا شیو کے بزرگ سماجی کارکن پنّا لال سُرانا اور ثقافتی میدان میں گرانقدر کارکردگی کیلئے ڈاکٹر ارون لوکھنڈے کو دیا جائیگا۔ یہ ایوارڈ نقد 50 ہزار روپئے اور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ طبّی امدادی فنڈ سے جعلی معاملات میں فنڈ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ طبّی امدادی شعبے کے سربراہ منگیش چیوٹے نے دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس فنڈ کا بے جا استعمال روکنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم مختلف اسپتالوں کا اچانک دورہ کرکے کام کاج کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی اسپتال میں مشکوک معاملات پائے جانے پر مریض یا اُن کے رشتے دار براہِ راست وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ کے طبّی شعبے سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
    پربھنی میں صوفی حضرت سیّد شاہ تراب الحق کے عرس کا کل صندل کے جلوس کے ساتھ آغاز ہوا۔ ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے صندل کا طبق سر پر اُٹھائے‘ صندل جلوس میں شریک ہوئے۔ عرس کی ان تقاریب میں ریاست اور بیرونِ ریاست سے معتقدین کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔
***** ***** *****
    مراٹھا ریزرویشن کے پس منظر میں ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کی جانب سے جاری سروے پربھنی ضلعے میں آخری مرحلے میں ہے۔ یہ اطلاع کمشنر ترپتی سانڈبھور نے دی ہے۔ پربھنی شہر میں اب تک 62 ہزار 415 خاندانوں کا سروے مکمل ہوجانے کی اطلاع انھوں نے دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    خواتین‘ کسان‘ نوجوانوں اور غریبوں کو مرکزِ نگاہ بناکر تیار کردہ عبوری مالی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
    ٭    اِسٹارٹ اَپس کیلئے مہیا موجودہ سہولیات میں مزید ایک برس توسیع؛ عوامی راست و بالراست ٹیکس نظام میں کوئی ردّ و بدل نہیں۔
    ٭    بنیادی ڈھانچے کیلئے مختص فنڈ میں 11 فیصد اضافہ؛ مہاراشٹر کے ریلوے پروجیکٹس کیلئے 15 ہزار کروڑ روپئے مختص۔
اور۔۔۔    ٭    ایلورہ- اجنتا فیسٹیول اور 97 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments: