Saturday, 1 June 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جون 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 June-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم جون ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کیلئے رائے دہی شروع۔
٭ ریاستی خدمات ِ عامہ (MPSC) کے تحت پولس سب انسپکٹر زمرے کے حتمی نتائج کا اعلان۔
٭ پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کی سالگرہ کی تیسری صدی کا کل ہوا آغاز۔
٭ پنڈھرپور کے وِٹھل مندر میں تہہ خانے کا انکشاف؛ قدیم مورتیوں اور پرانے سکوں سے متعلق تجسس۔
اور۔۔ ٭ کانگریس پارٹی کی جانب سے قحط سالی کے جائزے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر سے دورے کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کیلئے آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ بہار‘ چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش‘ جھارکھنڈ‘ اُڈیشہ، پنجاب، اُترپردیش اور مغربی بنگال سمیت آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے 57 لوک سبھا حلقے اس میں شامل ہیں۔ تمام سات مراحل کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آئندہ منگل چار جون کو ہوگی۔
اسی کے ساتھ اُڈیشہ ریاست کی قانون ساز اسمبلی کی بقیہ 42 نشستوں کیلئے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
مراٹھواڑہ کے دھاراشیو شہر کی سرکاری تنترنکیتن عمارت میں چھ اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کے کُل 155 راؤنڈس ہوں گے‘ ساتھ ہی 16 میزوں پر پوسٹل ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ اسی طرح جالنہ کے صنعتی علاقے کے سرسوتی آٹو کمپونینٹس نامی عمارت میں رائے شماری کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈویژن کے تمام اضلاع کے صدر دفاتر میں رائے شماری کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی خدمات ِ عامہ کمیشن (MPSC) نے کل پولس سب انسپکٹر زمرے کے حتمی نتائج کا اعلان کیا۔ مردوں میں اجئے کڑسکر اور خواتین میں میوری ساونت نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ مہاراشٹر دُوّم خدمات (ب) گروپ کے مین امتحانات 2021 کے سب انسپکٹر عہدے کے کامیاب اُمیدواروں کی فہرست کمیشن کی ویب سائٹ پر ظاہر کردی گئی ہے۔ یہ فہرست کھلاڑی امیدواروں کے علاوہ ہے۔ کھلاڑی زمرے کے تحت درخواست دینے والے امیدواروں سے متعلق چند شکایات کمیشن کو موصول ہوئی تھیں، جس کی جانچ کیلئے ان امیدواروں کے علاوہ بقیہ 958 عہدوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ کھلاڑی امیدواروں کے نتائج کے اعلان کے بعد تمام امیدواروں کیلئے مارک شیٹ کے نمبرات کی جانچ کیلئے کمیشن کی ویب سائٹ پر لنک دستیاب کرایا جائیگا۔ کمیشن نے یہ وضاحت کی ہے۔
اسی بیچ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں 524 خالی عہدے پُر کرنے کیلئے MPSC کی جانب سے امتحانات کا انعقاد چھ جولائی کے بجائے 21 جولائی کو ہوگا۔ ریاستی خدماتِ عامہ کمیشن کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیہ بائی ہولکر کی سالگرہ کی تیسری صدی کا کل سے آغاز ہوگیا۔ ان کی سالگرہ کی مناسبت سے کل مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر رمیش بئیس نے کل ممبئی کے راج بھون میں اہلیہ دیوی کی تصویر پر پھول نچھاور کیے اور انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے احمدنگر کے چونڈی میں اہلیہ دیوی کی جائے پیدائش پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ سرکاری طورپر اہلیہ دیوی کے نام سے اُن کا ذکر کیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ دھنگر سماج کے ریزرویشن کا مسئلہ زیرِ التواء ہے، تاہم اس سماج کے طلبہ کو اسکالر شپ اور ہاسٹل کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار نے سماجی رابطوں کی سائٹس پر اہلیہ دیوی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شولاپور کی پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر شولاپور یونیورسٹی کی اس مناسبت سے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ”می اہلیہ بولتوئے“ ڈرامہ پیش کیا گیا۔ اسی بیچ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پدم پورہ علاقے میں اہلیہ دیوی ہولکر کے مجسّمے پر مختلف سماجی تنظیموں نے کل خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس مناسبت سے کل خواتین نے پیدل جلوس نکالا۔
***** ***** *****
مسافر برداری کرنے والی ریاست کی S.T. کارپوریشن کا آج 76 واں یومِ تاسیس ہے۔ یکم جون 1948 کو پہلی S.T. بس پونے سے احمدنگر چلی تھی۔ آج ایس ٹی کے تمام بس اسٹینڈس پر سجاوٹ کی جائے گی اور مسافروں میں پیڑے تقسیم کیے جائیں گے۔ بورڈ کے نائب صدر اور ناظم ڈاکٹر مادھو کوسیکر نے کہا کہ مسافروں کے پیار اور اعتماد کے سبب ایس ٹی بس خدمات مہاراشٹر کی عوام کی لائف لائن بن گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس ٹی مستقبل میں بھی مسافروں کو معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے عہد کی پابند رہے گی۔ انھوں نے ایس ٹی کی جانب سے لاکھوں مسافروں کو تہنیت پیش کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر مدھوکر راجے آردڑ کل سبکدوش ہوگئے۔ کلکٹر آفس میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں انھیں الوداع کہا گیا۔ کلکٹر دلیپ سوامی‘ میونسپل کمشنر جی شریکانت سمیت کئی اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کے انجینئرنگ شعبے کے معاون ڈائریکٹر اننت کمار کودنڈے بھی کل سبکدوش ہوگئے۔ موصوف نے اپنے 38 سالہ کریئر میں پرسار بھارتی کے مختلف اداروں میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔
***** ***** *****
پنڈھرپور کے رُکمنی- وِٹھل مندر کے احاطے میں ایک تہہ خانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس تہہ خانے سے چند قدیم مورتیاں اور پرانے سکّے برآمد ہوئے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ پانچ بائے پانچ فٹ کے اس تہہ خانے کے اوپری حصے سے تین بڑی اور دو چھوٹی پتھر کی مورتیاں اور ایک پادوکا برآمد ہوا ہے۔ ساتھ ہی پانچ اور 10 پیسوں کے قدیم سکّے بڑی مقدار میں برآمد ہوئے ہیں۔ آثارِ قدیمہ محکمے کے معاون ڈائریکٹر وِلاس وہانے‘نے بتایا کہ یہ تہہ خانہ غالباً مورتیوں کی بیرونی حملوں سے حفاظت کی خاطر تعمیر کیا گیا ہوگا۔ انھوں نے امکان ظاہر کیا کہ یہ مورتیاں پندرہویں یا سولہویں صدی عیسوی کی ہیں۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت جو اَنّ داتا کسانوں کے مسائل پر توجہ دے گی۔ پٹولے کل چھترپتی سمبھاجی نگر سے شروع کیے جانے والے قحط سالی کے جائزے کے دورے کے آغاز پر میڈیا سے بات کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق رکنِ کونسل کلیان کالے، کانگریس کے شہر صدر شیخ یوسف اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قحط سالی سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر دو لاکھ روپؤں کی مدد دے‘ مراٹھواڑہ کے کسانوں کے قرضے معاف کرے، بیجوں کی مصنوعی قلّت دور کرے اور متاثرہ باغات کی بحالی کیلئے مختلف اسکیمات کا اعلان کرے۔ اس اخباری کانفرنس سے پہلے پٹولے نے بیڑ، جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کے چند دیہاتوں میں قحط سالی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
تمباکو نوشی کی مخالفت کا کل عالمی دِن منایا گیا۔ اس موقع پر تمباکو نوشی اور اس کی مصنوعات کے استعمال سے ہونے والے کینسر کے بارے میں ایک فلمی نمائش کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں انعقاد کیا گیا۔ شہر کے سرکاری ڈینٹل کالج اور اسپتال کی جانب سے منعقدہ اس نمائش کے ذریعے عوام کو تمباکو سے ہونے والے کینسر کے بارے میں معلومات دی گئی۔
اسی طرح ناندیڑ میں بھی ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت اور ضلع سرجن ڈاکٹر نیل کنٹھ بوسیکر کی رہنمائی میں انڈین ڈینٹل اسوسی ایشن اور ضلع کی خیراتی تنظیموں کے اشتراک سے عوام میں تمباکو کے مضر اثرات سے متعلق بیداری کیلئے پربھات پھیری نکالی گئی۔
***** ***** *****
ریاست کے بڑے‘ درمیانی اور چھوٹے کُل دو ہزار 997 آبی منصوبوں میں فی الحال صرف 22.6 فیصد آبی ذخیرہ موجود ہے۔ گذشتہ برس کے مقابلے میں جاریہ سال کے دوران آبی ذخیرے میں نمایاں کمی آئی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے 44 بڑے آبی منصوبوں میں 8.92‘ 81 درمیانی درجے کے آبی منصوبوں میں 11.49، جبکہ 795 چھوٹے منصوبوں میں 6.76 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ یہ اطلاع آبی وسائل کے محکمے نے دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے تجویز کردہ ترقیاتی خاکے پر سماعت کا تیسرا مرحلہ چھ جون سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے میں تین ہزار 348 شکایتوں پر سماعت کی جائے گی۔ فی الحال دوسرے مرحلے کی سماعت جاری ہے جو دو جون کو مکمل ہوگی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج میں سرکاری سستے اناج کی دُکان پر کارروائی نہ کرنے کیلئے 20 ہزار روپئے رشوت لینے والے کوتوال کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کا نام مچھندر مانے ہے۔
***** ***** *****
بھارتی مُکّے باز نشانت دیونے پیرس اولمپک کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ تھائی لینڈ کے بنکاک میں جاری عالمی مُکّے بازی کوالیفائنگ مقابلوں میں مردوں کے 71 کلو زمرے کے کوارٹر فائنل میں انھوں نے مولدوھا کے وہاسِل سیبوٹاری کو 5-1 سے ہرادیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کیلئے رائے دہی شروع۔
٭ ریاستی خدمات ِ عامہ (MPSC) کے تحت پولس سب انسپکٹر زمرے کے حتمی نتائج کا اعلان۔
٭ پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کی سالگرہ کی تیسری صدی کا کل ہوا آغاز۔
٭ پنڈھرپور کے وِٹھل مندر میں تہہ خانے کا انکشاف؛ قدیم مورتیوں اور پرانے سکوں سے متعلق تجسس۔
اور۔۔ ٭ کانگریس پارٹی کی جانب سے قحط سالی کے جائزے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر سے دورے کا آغاز۔
***** ***** *****

No comments: