Saturday, 14 September 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 ستمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/ ستمبر ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پیاز کی برآمدات کیلئے کم از کم قیمت کی شرط منسوخ؛ گیہوں ذخیرہ کرنے کی حد میں بھی کمی۔
٭ شمسی توانائی پمپ اسکیم کے تحت کسانوں کے اندراج کیلئے بنائی گئی ویب سائٹ عوام کے نام وقف۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے آج دھارا شیو اور لاتورکے دورے پر۔
اور۔۔ ٭ ریزرویشن کے بارے میں قابلِ اعتراض بیان دینے کے معاملے میں حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی کا ریاست گیر احتجاج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمد کیلئے کم از کم قیمت کی شرط کو منسوخ کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیاز کی برآمد کو قابو میں رکھنے کیلئے فی ٹن قیمت کی حد 550 امریکی ڈالر تھی‘ اس حد کے خاتمے سے پیاز کے کاشتکار اب عالمی منڈی میں موقعوں سے فائدہ اُٹھاسکیں گے۔ اسی بیچ گیہوں کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کی خاطر تقسیم کے نظام میں تھوک فروشوں اور بڑے تاجروں کیلئے ذخیرہ کرنے کی حد تین ہزار میٹرک ٹن سے کم کرکے دو ہزار میٹرک ٹن کردی گئی ہے۔ یہ حد آئندہ 31 مارچ تک نافذ رہے گی۔
***** ***** *****
شمسی زرعی پمپ اسکیم کے تحت کسانوں کے اندراج کیلئے مہاوِترن کی جانب سے بنائی گئی ویب سائٹ کا افتتاح کل ممبئی میں نائب وزیرِاعلیٰ اور توانائی کے ریاستی وزیر دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے بتایا کہ سولار زرعی پمپ سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کو فروخت کرکے کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے حکومت اسکیم نافذ کرے گی۔ پھڑنویس نے تقریب کے دوران اسکیم سے متعلق معلومات دینے والا کتابچہ اور ایک پوسٹر بھی جاری کیا۔
***** ***** *****
ممبئی ڈبے والا‘ لیدرمین اسوسی ایشن اور پرینکا ہومز ریالٹی کے درمیان کل ممبئی کے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں مفاہمت کے ایک قرارنامے پر دستخط کئے گئے۔ وزیرِ اعظم رہائشی اسکیم کے ذریعے ممبئی میں ڈبے والا اور چمڑہ تیار کرنے والوں کیلئے سستی قیمتوں پر 12 ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے اور انھیں مہاڈا کے ذریعے منظوری دی جائیگی۔ اسی بیچ ممبئی میں مہاڈا کے ذریعے تعمیر کیے گئے دو ہزار 30 مکانات کی تقسیم کی خاطر کمپیوٹر قرعہ اندازی کیلئے آئندہ 19 ستمبر دوپہر 12 بجے تک درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے آج دھاراشیو اور لاتور کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں آج پرانڈہ میں وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے تحت وزیرِ اعلیٰ خواتین شکتی کرن مہم کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ شندے آج صبح ساڑھے گیارہ بجے لاتور طیران گاہ پر اُتریں گے۔ جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پرانڈہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ ضلع کے رابطہ وزیر ڈاکٹر تاناجی ساونت نے وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے تحت فائدہ اُٹھانے والی خواتین سے اس پروگرام میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ حکومت مراٹھا سماج کے مطالبات کے تئیں مثبت رویہ رکھتی ہے۔ مراٹھا برادری کے مطالبات کی یکسوئی کی خاطر چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھوک ہڑتال کرنے والی راج شری اُمبرے کی جانب سے سات افراد پر مشتمل ایک وفد نے کل وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ضلع کے رابطہ وزیر عبدالستار اور وزیرِ تعلیم دیپک کیسرکر کو ہدایت دی کہ وہ راج شری اُمبرے سے ملاقات کریں اور اس سلسلے میں حکومت کے مؤقف کی وضاحت کریں۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ نے رابطہ وزیر عبدالستار کو ایلورہ میں شاہ جی راجے کی یادگار کی تعمیر کیلئے میٹنگ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
سرکاری زبان ہندی کا آج دِن منایا جارہا ہے۔ ہندی کو سرکاری زبان کا درجہ دیئے جانے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آج نئی دہلی میں راج بھاشا ہیرک مہوتسو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ اس مہوتسو کا افتتاح کریں گے۔ وزیرِ داخلہ اس موقع پر چوتھی کُل ہند سرکاری زبان کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں بھارتی میگزین کے ڈائمنڈ جبلی خصوصی شمارے کی اشاعت‘ راج بھاشا گورو اور راج بھاشا کیرتی ایوارڈ س کی تقسیم شاہ کے ہاتھوں عمل میں آئے گی۔
***** ***** *****
انڈومان نکوبار جزیروں کا دارالحکومت پورٹ بلیئر اب شری وجئے پورم کے نام سے جانا جائے گا۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ یہ مقام ملکی تاریخ اور تحریک ِ آزادی میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ تاریخی چولا سلطنت کا بحری اڈّہ یہاں واقع تھا۔ ویر ساورکر جیسے انقلابی یہاں قید تھے۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس نے سب سے پہلے یہاں آزاد ہند حکومت کا پرچم لہرایا تھا۔ وزیرِ موصوف نے ان تاریخی واقعات کا ذکر اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیا۔
***** ***** *****
کھانے پینے کی اشیاء کے تحفظ اور معیار پر نظر رکھنے والے مرکزی حکومت کے ادارے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس اتھاریٹی آف انڈیا نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کو تہوار کے موقع پر کھانے پینے کی اشیاء کی پیداوار اور فروخت پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ تہواروں کے دوران مٹھائیوں اور دودھ کی اشیاء کی مانگ میں اضافے سے ان اشیاء میں ملاوٹ کا خدشہ رہتا ہے، جسے روکنے کیلئے خصوصی نگرانی اور مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومتوں کے نام خط میں ادارے نے فوڈ سیفٹی کے اُصولوں کی تعمیل کیلئے موبائل ٹیمیں بازاروں میں تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ آج مہاراشٹر کا دورہ کررہے ہیں۔ ریاست کے 434 سرکاری تربیتی اداروں میں قائم آئینی مندروں کا افتتاح کل نائب صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ اسی بیچ 12 تا 15 ستمبر کے دوران آئین فیسٹیول منایا جارہا ہے۔ اس مناسبت سے ناندیڑ، پربھنی سمیت مختلف مقامات پر سرکاری صنعتی تربیتی اداروں کی جانب سے دستورکے موضوع پر مختلف پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل کانگریس قائد اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی کی جانب سے ریزرویشن سے متعلق دئیے گئے بیان کو قابلِ اعتراض بتاتے ہوئے ریاست گیر احتجاج کیا۔ ممبئی میں منعقدہ اس مظاہرے کی قیادت بی جے پی کی قومی سیکریٹری رُکن کونسل پنکجا منڈے اور رُکنِ اسمبلی آشیش شیلار نے کی۔ اسی طرح کے مظاہرے چھترپتی سمبھاجی نگر میں مکانات کی تعمیرات کے ریاستی وزیر اتل ساوے کی قیادت میں، جبکہ ہنگولی میں ایم ایل اے تاناجی مُٹکڑے کی زیرِ قیادت کیے گئے۔ اس سلسلے میں جالنہ میں بھاسکر دانوے کی قیادت میں تحریک چلائی گئی۔ جلگاؤں‘ دھولیہ، نندوربار اور پال گھر سمیت کئی مقامات پر راہل گاندھی کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ وہیں راہل گاندھی کو دھمکی دئیے جانے کے معاملے میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں بی جے پی کے خلاف آندولن کیا گیا۔ اسی بیچ اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے قائد بالا صاحب تھورات نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی نے ریزرویشن پر پابندی عائد کرنے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
***** ***** *****
ہاکی کے ایشیاء کپ چمپئن شپ مقابلے میں آج بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ ہوگا۔ چین میں کھیلے جارہے اس ٹورنامنٹ میں بھارت نے چین‘ جاپان‘ ملیشیاء اور کوریا کو ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
***** ***** *****
فوج میں ملازمت دلانے کا جھانسے دیکر 100 سے زائد افراد کو دھوکہ دینے والی ٹولی کے ایک فرد کو کل احمدنگر میں گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ یہ ٹولی ہر نوجوان سے سات تا آٹھ لاکھ روپئے وصول کررہی تھی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دِن کی مناسبت سے آئندہ 15 تا 17 ستمبر کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر کے سدھارتھ گارڈن میں ایک نایاب تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کا افتتاح آج صبح دس بجے کیا جائیگا۔ وزارتِ اطلاع و نشریات کے علاقائی تشہیری افسر مادھو جائے بھائے نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ سینٹرل کمیونکیشن بیورو کی جانب سے منعقدہ اس نمائش میں شرکت کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرکے والوج سے قریب شیورائی پھاٹے پر کل دوپہر تین بجے کے آس پاس دو گاڑیوں کے بیچ تصادم کے سبب تین افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے۔ پونے کے اجئے بیسرکر کل اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کار کے ذریعے پونے کی جانب جارہے تھے، اسی دوران مخالف سمت سے آرہی اسکارپیو نے ڈیوائیڈر پار کرکے بیسرکر فیملی کی کار کو ٹکر دے دی۔ اس بھیانک حادثے میں بیسرکر کی چھ ماہ کی بیٹی‘ بیوی اور ماں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں میں سات برس کی ایک لڑکی بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پیاز کی برآمدات کیلئے کم از کم قیمت کی شرط منسوخ؛ گیہوں ذخیرہ کرنے کی حد میں بھی کمی۔
٭ شمسی توانائی پمپ اسکیم کے تحت کسانوں کے اندراج کیلئے بنائی گئی ویب سائٹ عوام کے نام وقف۔
٭ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے آج دھارا شیو اور لاتورکے دورے پر۔
اور۔۔ ٭ ریزرویشن سے متعلق قابلِ اعتراض بیان دینے کے معاملے میں حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی کا ریاست گیر احتجاج۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 06.07.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 06 July 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...