Wednesday, 1 July 2020

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 01.07.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 July-2020

Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں
تاریخ:یکم؍جولائی  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا میں کی گئی نومبر تک توسیع؛ ہر شہری کو پانچ کلو اناج اور ایک کلو چنا دال مفت دی جائیگی۔
٭ آشاڑھی اِکادشی کے موقعے پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور اُن کی اہلیہ کے ہاتھوں ہوئی مہا پوجا۔
٭ سرکاری کام کاج کے دوران مراٹھی زبان کا استعمال نہ کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ روکنے کا مہاراشٹر حکومت کا فیصلہ۔
اور ٭ اورنگ آباد میں کل کورونا وائرس سے ہوئی چار لوگوں کی موت؛ جالنہ، لاتور، ناندیڑ، عثمان آباد اور پربھنی میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری غریب کلیان یوجناکو نومبر تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ کل سہ پہر قوم سے اپنے خطاب کے دوران انھوں نے یہ اعلان کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے تاکہ آنے والے تہوار کے دِنوں میں ملک میں کوئی بھی شہری بھوکا نہ رہے۔ یوجنا کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوںنے کہا کہ اس کے تحت نومبر تک ملک کے 80/ کروڑ لوگوں کو ہر مہینے پانچ کلو گیہوں یا پانچ کلو چاول مفت دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر فردکو ماہانہ ایک کلو چنا دال بھی مفت فراہم کی جائیگی۔ وزیرِ اعظم مودی نے مزید کہا کہ ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں اورکسانوں کے تعاون کی بدولت ہی پردھان منتری غریب کلیان یوجنا پر عمل آوری ممکن ہوسکی ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ ان سبھی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ مودی کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کے بعد سے اب تک بیس کروڑ خواتین کے جن دھن کھاتوںمیں اکتیس ہزار کروڑ روپئے جمع کیے جاچکے ہیں اور نو کروڑ کسانوںکے بینک کھاتوں میں اٹھارہ ہزار کروڑ روپئے بھی جمع ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلائو کے بارے میں بولتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دیگر ملکوںکے مقابلے بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی شرح کم ہے اور یہ لاک ڈائون اور صحیح وقت پر صحیح فیصلے لینے کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ وہیں وزیرِ اعظم نے اس بات پر تشویش ظاہر کیا کہ لاک ڈائون کی پابندیاںہٹائے جانے کے دوران لوگ لاپرواہی برت رہے ہیں۔ انھوںنے کہا کہ ملک کا وزیرِ اعظم ہو یا عام شہری‘ قانون سبھی کیلئے برابر ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنے کی اپیل کی۔ وزیرِ اعظم نے لوگوں سے کہا کہ وہ بدلتے موسم کے دوران اپنی صحت کا خیال رکھیںاورکورونا وائرس سے بچنے کے طریقوں پر سنجیدگی سے عمل کریں۔ وزیرِ اعظم نے عوام سے کہا کہ وہ حفظانِ صحت کے اُصولوںپر عمل کریں‘ ماسک کا استعمال جاری رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوتے رہیں۔
اس دوران وزیرِ اعظم کی جانب سے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کی مدت میں نومبر تک توسیع کرنے کے اعلان کا مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے خیر مقدم کیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی دوا پر ہورہی تحقیق کا جائزہ لینے کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کل جائزہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے دوران وزیرِ اعظم نے چار نکات پر زور دیا۔ انھوںنے کہا کہ کورونا وائرس کی دوا کفایتی ہو‘ سبھی کو آسانی سے دستیاب ہو، ضرورت مندوںکو ترجیحی بنیادوں پر دستیاب کروائی جائے اور اس دوا کی تحقیق اور تیاری کو تکنالوجی کی مدد سے مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان چار نکات کو ذہن میں رکھتے ہوئے تحقیق کی جائے۔
***** ***** *****
آج علی الصبح پنڈھر پور میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور ان کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے کے ہاتھوں آشاڑھی اکادشی کی سرکاری مہا پوجا عمل میں آئی۔ آشاڑھی اکادشی کے دوران مہاپوجا کیلئے وارکریوں کو دئیے جانے والے اعزاز کیلئے اس مرتبہ مندر میں پہرہ دینے والے گیان دیو بڑھے اور ان کی اہلیہ کو چنا گیا۔ اس جوڑے نے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ مہا پوجا میں حصہ لیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انھوںنے وٹھل سے مہاراشٹر کو کورونا وائرس سے نجات دلانے کی دُعا کی ہے۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ نے کہا ہیکہ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کی وجہ سے آشاڑھی اکادشی کیلئے وارکریوں کے جلوس کو اجازت نہ دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ مناسب ہے۔ سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کو واکھری سے پنڈھر پور پیدل لانے کی وارکری سیوا سنگھ کی درخواست عدالت نے کل نامنظور کردی۔ جسٹس PB وراڑے اور جسٹس سریندر تائوڑے پر مشتمل بینچ نے کہا کہ اس مرتبہ کی آشاڑھی اکادشی کو حکومتی ہدایتوں کے مطابق منانا سبھی کے مفاد میں ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے سرکاری کامو ںمیں مراٹھی زبان کا استعمال نہ کرنے والے ریاستی حکومت کے ملازمین کی تنخواہو ںمیں کیے جارہے انکریمنٹ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراٹھی زبان کے محکمے نے کل اس بارے میں حکمنامہ جاری کیا۔ مراٹھی زبان کے محکمے کے وزیر سبھاش دیسائی نے کہا کہ سرکاری حکمنامے اور بیانوں کیلئے صرف مراٹھی زبان کا استعمال کرنے کی افسران کو ہدایت دی جاچکی ہے۔ دیسائی نے مزید کہا کہ لاک ڈائون کے بارے میں کچھ محکموں کی جانب سے انگریزی میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 74/ ہزار 761/ ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل چار ہزار 878/ کورونا پازیٹیو مریضوںکا اضافہ ہوا۔ وہیں 245/ مریضوں نے کل اپنی جان گنوائی۔ اب تک مہاراشٹر میں سات ہزار 855/ مریضوں کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔ دوسری جانب کل ایک دِن میں ایک ہزار 951/ لوگوںکو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ فی الحال ریاست میں قریب 76/ ہزار مریضوںکا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں کورونا وائرس کی وجہ سے کل چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کا تعلق شہر کے روکڑیہ ہنومان کالونی، بڈی لین اور ریلوے اسٹیشن علاقوں سے ہے۔ اسکے علاوہ پھلمبری کے فتح میدان کے رہنے والے ایک شخص نے بھی کل علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔
***** ***** *****
اس سے قبل کل اورنگ آباد ضلعے میں 282/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا۔ ان میں 219/ مریض شہر سے ہیں جبکہ 63/ مریضوں کا تعلق دیہی علاقوںسے ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے پھیلائو کے سلسلے کو روکنے کیلئے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے گھر گھر جاکر جانچ کیلئے نمونے جمع کرنے کی مہم چلانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اسکے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کے گھر سے 200/ سے 500/ میٹر تک کے گھروں کے افراد کی کورونا جانچ کی جائیگی۔ اس کام کیلئے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی ٹیم ان علاقوں میں جاکر Swab کے نمونے حاصل کرے گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کے شیواجی نگر علاقے میں گذشتہ کل سے تین دِنوں تک جنتا کرفیو منایا جارہا ہے۔ کل اس کرفیو کی اپیل کا مثبت ردِ عمل دیکھا گیا۔ شیواجی نگرکی سبھی دُکانیں کل پوری طرح بند رہیں۔ سابق ڈپٹی میئر راجندر جنجال نے شیواجی نگر کے تاجروں اور عوام سے بات چیت کے بعد انہیں جنتا کرفیو منانے کیلئے راضی کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ کے ضلع اسپتال میں کل دوکورونا مریضوںکی موت ہوگئی۔ اس طرح ضلع میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے۔ جالنہ ضلعے میں کل دِن بھر میں 33/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا، جس کے بعد ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 554/ ہوگئی ہے۔ علاج کے بعد پندرہ لوگوں کو کل اسپتال سے رُخصت بھی کیا گیا۔ اب تک 315/ مریض ٹھیک ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں جس کے بعد جالنہ میں علاج کروارہے کورونا مریضوں کی تعداد 164/ ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں گذشتہ کل 22/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا۔ ان میں لاتور شہر سے سولہ، چاکور تعلقے سے دو اور اودگیر تعلقے سے ایک مریض شامل ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے دوسرے ضلعے ناندیڑ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ کل ناندیڑ ضلعے میں 14/ کورونا پازیٹیو مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ ان میں دس افرادکا تعلق ناندیڑ شہر سے ہے جبکہ تین مریض مکھیڑ تعلقے کے رہنے والے ہیں۔ ایک مریض کا تعلق حد گائوں تعلقے سے ہے۔ ناندیڑ ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 387/ ہوگئی ہے۔ ان میں سے 283/ مریض ٹھیک ہوچکے ہیں جبکہ 17/ لوگوں کی علاج کے دوران موت واقع ہوگئی۔ فی الحال ناندیڑ ضلعے میں 87/ کورونا مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں کل مزید 9/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ ان میں عمرگہ تعلقے سے 6/ اور پرنڈا تعلقے سے 2/ مریض شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عثمان آباد میں پایا گیا ایک مریض شولا پور ضلعے کے بارشی تعلقے کا رہنے والا ہے۔ عثمان آباد ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 229/ تک جاپہنچی ہے۔ اس میں سے 173/ مریض ٹھیک ہوچکے ہیں جبکہ 11/ مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ فی الوقت عثمان آباد ضلعے میں 45/ کوروناپازیٹیو مریضوں کاعلاج جاری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں کل تین کوروناپازیٹیو مریضوںکی تشخیص ہوئی۔ ان میں دو مریض پربھنی شہر سے ہیں جبکہ ایک مریض جھری کا رہنے والا ہے۔ پربھنی میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 115/ ہوگئی ہے۔ اس بیچ پربھنی کے سون پیٹھ اور جنتور میں کورونا مریض پائے جانے کے بعد ان دونوںمقامات پر کل تک کیلئے کرفیو لگادیا گیا ہے۔ پربھنی ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر نے اس بارے میں حکمنامہ جاری کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ کل ایک دِن میں ممبئی میں 903/ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ وہیں 93/ لوگوں کی کل کورونا وائرس کی وجہ سے ممبئی میں موت ہوگئی۔ دوسری جانب پونے میں کل ایک دِن میں 739/ مریضوں کا پتہ چلا‘ وہیں 31/ لوگوں نے کل پونے میں جان گنوائی۔
***** ***** *****
بجلی کا بل یکمشت ادا کرنے پر مہاراشٹر حکومت بجلی بل میں دو فیصد کی رعایت دے گی۔ توانائی کے وزیر نتن رائوت نے یہ اعلان کیا۔ اخباری نمائندوں سے گفتگوکے دوران رائوت نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران میٹر ریڈنگ لیے بغیر اوسط استعمال کی بنیاد پر بجلی بل دئیے گئے ہیں، تاہم ایسے صارفین جو گھروں کو بند کرکے کسی دوسرے شہر گئے تھے ان کے گھروں پر جاکر میٹر ریڈنگ میں دُرستی کی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے Namo اَیپ پر بھی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں چوہان نے کہا کہ عوام کے نجی ڈیٹا کی حفاظت کیلئے 59/ چینی اپلیکیشنز پر لگائی گئی پابندی صحیح ہے، وہیں چوہان نے یہ بھی کہا کہ Namo اَیپ کے 22/ نکات ایسے ہیں جو عوام کی ذاتی معلومات افشاء کرتے ہیں، لہٰذا Namo اَیپ پر بھی پابندی لگائی جائے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے پندرہ نکاتی پروگرام کے تحت اقلیتی طبقات کے ہونہار طلبہ کیلئے پری میٹرک اسکالر شپ کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت ناندیڑ ضلعے کے طلبہ کے بینک کھاتوں میں چھ کروڑ بارہ لاکھ روپئے اسکالر شپ کی رقم جمع کی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا میں کی گئی نومبر تک توسیع؛ ہر شہری کو پانچ کلو اناج اور ایک کلو چنا دال مفت دی جائیگی۔
٭ آشاڑھی اِکادشی کے موقعے پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور اُن کی اہلیہ کے ہاتھوں ہوئی مہا پوجا۔
٭ سرکاری کام کاج کے دوران مراٹھی زبان کا استعمال نہ کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ روکنے کا مہاراشٹر حکومت کا فیصلہ۔
اور ٭ اورنگ آباد میں کل کورونا وائرس سے ہوئی چار لوگوں کی موت؛ جالنہ، لاتور، ناندیڑ، عثمان آباد اور پربھنی میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 02.10.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 02 October 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...