Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 12.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۲؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے دفتری لباس سے متعلق رہنما خطوط جاری۔
٭ ریاست کی 14ہزار 234 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے آئندہ 15 جنوری کو رائے دہی۔ ضابطۂ اخلاق کیا گیا نافذ۔
٭ Micropathy کیخلاف بھارتی طبّی تنظیم IMA کی جانب سے کل منایا گیا بند اور کیے گئے مظاہرے۔
٭ فلم سازی اور تفریحی شعبے کو صنعت کا درجہ دئیے جانے کا ثقافتی وزیر امیت دیشمکھ کا تیقن۔
اور۔۔٭ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے ہاتھوں آج اورنگ آبادمیں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
ریاستی حکومت نے کل سرکاری ملازمین کے دفتری لباس سے متعلق رہنما خطوط جاری کیے۔ مستقل اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے افسران و ملازمین اور صلاح کار مرد ملازمین کو شرٹس‘ پتلون اور پینٹ پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وہیں خواتین افسران و ملازمین کو بھی دفتری اوقات میں ساڑی‘ چوڑی دار کرتا‘ شرٹس‘ پتلون پہننے اور وقت ضرورت ڈوپٹہ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کھادی کو فروغ دینے کیلئے ہر جمعہ کو کھادی کا لباس استعمال کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ خواتین اور مرد ملازمین کو دفتر میں چپل‘ سینڈل اور جوتے پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس خصوص میں جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ افسران و ملازمین کا لباس دفتر میں صاف ستھرا ہونا چاہیے۔سرکلر میں سرکاری ملازمین سے دفتری اوقات میں T-Shirt, Jeans تصویریں چھپے ہوئے کپڑے اور سلیپر کے استعمال کو ٹالنے کیلئے کہا گیا ہے۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے ریاست کی 14 ہزار 234 گرام پنچایتوں کے انتخابات کا کل اعلان کیا اور انتخابی پروگرام بھی جاری کیا۔ ساتھ ہی کل سے گرام پنچایت چنائو کیلئے ضابطۂ اخلاق بھی نافذ کردیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ریاستی انتخابی کمشنر یوپی ایس مدان نے دی۔ 15 جنوری کو ہونے والے ان انتخابات کیلئے آئندہ 23 تا 30 دسمبر کے دوران پرچۂ نامزدگی داخل کیا جاسکتا ہے۔ 31 دسمبر کو نامزدگی کے پرچوں کی جانچ کی جائے گی اور 4 جنوری تک امیدوار اپنی نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 15 جنوری کو رائے دہی اور 18 کو ووٹو ں کی گنتی ہوگی۔ مراٹھواڑہ کی کُل 4 ہزار 134 گرام پنچایتوں کیلئے انتخابات ہوں گے جن میں اورنگ آباد ضلع کی 618‘ بیڑ 129‘ ناندیڑ ایک ہزار 15‘ عثمان آباد 428‘ پربھنی 566‘ جالنہ 475‘ لاتور 408‘ اور ہنگولی کی 415 گرام پنچایتیں شامل ہیں۔ دریں اثناء ریاست میں انتخابی فہرستوں کو از سرِ نو ترتیب دئیے جانے کا کام جار ی ہے۔ جس کے تحت ان فہرستوں میں نئے ناموں کا اندراج اور درستی کیلئے آج اور کل 12 اور 13 دسمبر کو خصوصی مہم چلائی جائیگی۔
***** ***** *****
Mixopathy کیخلاف بھارتی طبّی تنظیم IMA نے کل ریاست بھر میں بند کا اہتمام کرکے اپنا احتجاج درج کروایا۔ وزارتِ آیوش کی جانب سے آیورویدک ڈاکٹروں کو حال ہی میں جراحی کی اجازت دی گئی ہے۔ IMA نے کہا ہے کہ اس اجازت نامہ کی وجہ سے مریضوں کی جان خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔ اورنگ آباد میں متعدد طبّی تجربہ گاہیں اور خانگی اسپتال بند رہے۔ اس اجازت کی مذمت کیلئے ناندیڑ میں IMA کی جانب سے ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا گیا۔ جس کے بعد ڈاکٹروں کے ایک وفد نے کلکٹر وِپن اِٹنکر سے ملاقات کی اور مطالباتی محضر پیش کیا۔ عثمان آباد ضلع میں بھی ڈاکٹرس نے ہڑتال میں حصہ لیا۔ واشم‘ دھولیہ، اور ممبئی میں بھی آیورویدک ڈاکٹروں کو Operation کرنے کی اجازت دئیے جانے کے خلاف منائے گئے بند کو اچھی پذیرائی ملی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے تھیلیسیمیا اور Cikalcell جیسی بیماریوں کو ختم کرنے کیلئے تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ تھیلیسیمیا اور Cikalcell سے متعلق عوامی بیداری ہفتے کے تحت آن لائن ایجوکیشن پروگرام سیریز کا افتتاح گڈکری کے ہاتھوںعمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے ان بیماریوں کے مکمل علاج کے طور پر ویکسین کی تیاری کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ Cikalcell کے مریضوں کو مسلسل خون کی فراہمی کی ضرورت رہتی ہے۔ اس لیے ان مریضوں کیلئے خصوصی بلڈ بینکس قائم کیے جانے چاہیے۔ گڈکری نے خون کا عطیہ دینے والوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور اس خصوص میں رضاکار تنظیموں سے مدد لینے کی بات کہی۔
***** ***** *****
ریاست کے ثقافتی وزیر اَمت دیشمکھ نے تیقن دیا ہے کہ فلم سازی اور تفریحی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے سے متعلق تجویز ریاستی کابینہ میں جلد ہی پیش کی جائیگی۔ وزیرِ موصوف کل منترالیہ میں اس خصوص میں منعقدہ میٹنگ میں مخاطب تھے۔ اس میٹنگ میں فلم سٹی کی مینیجنگ ڈائریکٹر منیشا ورما سمیت متعدد عہدیدار شامل تھے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ فلموں‘ سیریلس‘ ڈراموں‘ اشتہارات اور ڈاکیومینٹریس کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے سماجی انصاف اور خصوصی امدادکے محکمے نے معذور افراد کو مدد فراہم کرنے والے آلات سے متعلق مہاشرد نامی App تیار کیا ہے۔ اس محکمے کے وزیر دھننجے منڈے نے یہ اطلاع دی۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار کے 80 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر آج یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم عوام کے نام وقف کیا جائیگا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر تحقیقی اور تربیتی ادارے کےE-BARTI‘ App کو بھی آج عوام کے نام وقف کیا جائیگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے آج اورنگ آباد کے دورے پر آرہے ہیں۔ اورنگ آباد شہر میں آب رسانی کیلئے نئی پائپ لائن بچھانے سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح آج وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ ان میں شہرکے مٹمٹہ علاقے میں تجویز کیے گئے سفاری پارک‘ بالا صاحب ٹھاکرے یادگار‘ اس سے منسلک گارڈن اور 152 کروڑ روپئوں کے راستوںکے کاموں کا آغاز شامل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ آج دوپہر اورنگ آباد پہنچیں گے۔ ان چاروں ترقیاتی کاموں کا افتتاح آج چکل تھانہ میں واقع گروارے اسٹیڈیم میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کے آج کے پروگرام سے متعلق ضلع کلکٹر سنیل چوہان‘ میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے اور پولس کمشنر نکھل گپتا نے کل صحافتی کانفرنس میں بتایا کہ پروگرام میں صرف 200 افراد ہی کو دعوت نامے دئیے گئے ہیں۔ انھوں نے شہریان سے اس پروگرام میں بالمشافہ شریک نہ ہونے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پروگرام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ کے دورے کے پیشِ نظر گروارے اسٹیڈیم کے آس پاس کا علاقہ دوپہر 12 تا 3 بجے کے دوران عام لوگوں کی آمد و رفت کیلئے بند رکھا جائیگا۔ ٹریفک شعبے کی جانب سے ان اوقات میں متبادل راستہ استعمال کرنے کی شہریان سے اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رابطہ وزیر سبھاش دیسائی نے ضلع میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بڑھتے امکان کے پیشِ نظر تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف نے کل ضلع کلکٹر دفتر میں شہر کے ترقیاتی کاموں پر عمل آوری سے متعلق جائزاتی اجلاس منعقد کیا۔ انھوںنے ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کو پانی کی سربراہی کیلئے 1680 کروڑ روپئوں کے آبرسانی منصوبے کو منظوری دی گئی ہے، جس میں اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کو 633 کروڑ روپئے فراہم کرنے ہوں گے۔ BJP کے رکنِ اسمبلی اتل ساوے نے کارپور یشن کی مالی استطاعت کمزور ہونے کے پیشِ نظر یہ رقم ریاستی حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساوے نے کل اورنگ آباد میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہرکی ترقی کیلئے یہ آبرسانی منصوبہ نہایت اہم ہے۔ اس لیے فنڈس کی کمی کے سبب یہ منصوبہ معطل نہیں کیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 4 ہزار 268 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں اس وباء کے متاثرین کی کُل تعداد 18 لاکھ 72 ہزار 440 ہوچکی ہے۔ ریاست میں کل کورونا کے 87 مریض علاج کے دوران ہلاک ہوگئے۔ اس بیماری سے مرنے والوں کی کُل تعداد ریاست میں اب تک 48 ہزار 59ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 2 ہزار 774 افراد کورونا سے شفاء یاب بھی ہوئے۔ ریاست میں اب تک کورونا کے 17 لاکھ 49 ہزار 973 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں 73 ہزار 315 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
مراٹھواڑہ میں بھی کل کورونا کے 10 مریض انتقال کرگئے۔ ساتھ ہی 263 نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ بیڑ ضلع میں 3‘ جالنہ اور ناندیڑ میں 2-2‘ جبکہ اورنگ آباد‘ عثمان آباد اور پربھنی اضلاع میں کل کورونا سے ایک۔ یک مریض کی موت واقع ہوگئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کوروناکے 70 نئے مریضوں کی موجودگی درج کی گئی۔ لاتور ضلع میں 51‘ ناندیڑ 43‘ عثمان آباد 28‘ جالنہ 24‘ پربھنی 23’ بیڑ 22‘ اور ہنگولی ضلع میں کل 2 نئے کورونا مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
پربھنی میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کیلئے 50 ایکڑ اراضی تحویل میںلینے کی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ پربھنی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے جادھو نے اس خصوص میں کل طبّی تعلیم کے ریاستی وزیر اَمت دیشمکھ سے ملاقات کی۔ وزیرِ موصوف نے اس سلسلے میں طبّی شعبۂ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تاتیا رائو لہانے اور سیکریٹری سوربھ وِجئے سے تبادلۂ خیال کیا۔ جس کے بعد دیشمکھ نے پربھنی میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے 50 ایکڑ زمین تحویل میں لینے کی ہدایت ضلع کلکٹر کو دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے دفتری لباس سے متعلق رہنما خطوط جاری۔
٭ ریاست کی 14ہزار 234 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے آئندہ 15 جنوری کو رائے دہی۔ ضابطۂ اخلاق کیا گیا نافذ۔
٭ Mixopathy کیخلاف بھارتی طبّی تنظیم IMA کی جانب سے کل منایا گیا بند اور کیے گئے مظاہرے۔
٭ فلم سازی اور تفریحی شعبے کو صنعت کا درجہ دئیے جانے کا ثقافتی وزیر امیت دیشمکھ کا تیقن۔
٭ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے ہاتھوں آج اورنگ آبادمیں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment