Thursday, 11 February 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 11.February.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 11 February -2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱؍ فروری  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ نئے زرعی قوانین کسانوں کا حق نہیں چھینتے ہیں بلکہ انہیں کاروبار کے نئے مواقع دستیاب کرواتے ہیں۔
مودی نے ان قوانین کی مخالفت کرنے والوں پر لگایا آندولن کو داغدار کرنے کا الزام۔
٭ مہاراشٹر کے سبھی ڈویژنل کمشنر دفتروں میں شروع ہوں گے خواتین کے ریاستی کمیشن کے دفتر؛ ریاستی حکومت
نے دی منظوری۔
٭ ناندیڑ میں جلد شروع ہوجائیگا اُردو گھر؛ اقلیتی اُمور کے ریاستی وزیر نواب ملک کا اعلان؛ کہا مقامی سطح پر اُردو اکادمی
کا ہوگا قیام۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ناندیڑ میں ہوئی ایک کورونا مریض کی موت؛ اورنگ آبادمیں پائے گئے 44 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ نئے زرعی قوانین کسانوں کا حق نہیں چھینتے ہیں بلکہ انہیں کاروبار کے نئے مواقع دستیاب کرواتے ہیں۔ وزیرِ اعظم کل لوک سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران بول رہے تھے۔ مودی نے کہا کہ جن کسانوں کو نئے متبادل نہیں چاہیے ان کیلئے بازار کمیٹی کا متبادل برقرار رہے گا۔ انھوں نے اس بات کو دوہرایا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے معاملات پر حساس رویہ رکھتی ہے اور ان کی ترقی کیلئے پُرعزم ہے۔ مودی نے یاد دلایا کہ مرکزی حکومت کے نئے زرعی قوانین کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں کی حکمرانی والی ریاستوں میں بھی کم و بیش اسی طرح کے قوانین موجود ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دلّی میں جاری کسان آندولن کو کچھ لو گ اپنے مفادات کی خاطر داغدار کررہے ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران مودی نے آتم نربھر بھارت‘ دفاع اور سرحدوں کی حفاظت‘ بنیادی ڈھانچے اور کورونا وائرس سے بچائو کی ٹیکہ اندوزی مہم جیسے کئی موضوعات کا احاطہ کیا۔ وزیرِ اعظم کے جواب کے بعد صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی قرارداد منظور کی گئی۔
***** ***** *****
محکمۂ توانائی میں کی جارہی نوکر بھرتی کیلئے سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کے امیدوار یعنی SEBC امیدواروں کو معاشی طور پر پسماندہ EWS زمرے کے تحت درخواستیں داخل کرنے کا متبادل فراہم کیا گیا ہے۔ محکمہ توانائی نے اس بارے میں سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ محکمۂ تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر حکومت کے عام انتظامیہ محکمے نے اس بارے میں 23 دسمبر 2020 کو ہی سرکاری حکمنامہ جاری کردیا تھا، لہٰذا محکمہ توانائی کو بھی اسی طرز پر حکمنامہ جاری کرنے کی کابینی اجلاس میں ہدایت دی گئی تھی۔ مراٹھا ریزرویشن پر سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری روک لگائے جانے سے متاثر ہوئے امیدواروں کو اس فیصلے سے کچھ حد تک راحت ملے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے سبھی ڈویژنل کمشنر دفتروں میں خواتین کے ریاستی کمیشن کے دفتر شروع کرنے کو ریاستی حکومت نے منظوری دی ہے۔ اس بارے میں سرکاری حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔ اس فیصلے کا مقصد متاثرہ خواتین کو جلد سے جلد انصاف دلانا ہے۔ حکومتی ہدایت میں کہا گیا ہیکہ خواتین کے ریاستی کمیشن کے اراکین‘ ریاستی سیکریٹریوں کے ساتھ مل کر ان دفاتر میں کام کاج دیکھیں گے۔ ان ڈویژنل دفاتر کے تحت خواتین کے مسائل کو تیز رفتار سے حل کرنے کیلئے ماہرین کے ذریعے خواتین کی کائونسلنگ بھی کی جائیگی اور ضرورت پڑنے پر مقامی پولس اسٹیشن سے مدد بھی دلوائی جائیگی۔
***** ***** *****
فلم اداکارہ کنگنا رانائوت نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے خلاف عدالت میں دائر عرضی واپس لے لی ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی کے کھار گھر میں واقع عمارت میں تین فلیٹس کو غیر قانونی طریقے سے جوڑ کر ایک کرنے کے معاملے میں اداکارہ کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کنگنا کے وکیل نے ممبئی ہائیکورٹ کو بتایا کہ ان فلیٹس میں کی گئی غیر قانونی تبدیلیوں کو ریگولرائز کرنے کیلئے اب کارپوریشن کو درخواست پیش کی جائیگی۔ جواب میں عدالت نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن چار ہفتوں میں کنگنا کی درخواست پر فیصلہ کرے اور اگر فیصلہ کنگنا کے خلاف ہوتا ہے تو دو ہفتوں تک کوئی کاروائی نہ کی جائے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں بن رہے اُردو گھر کا تعمیری کام مکمل ہوچکا ہے اور اُسے جلد سے جلد شروع کرنے کا ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان کا مطالبہ اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے منظور کرلیا ہے۔ نواب ملک نے بتایا کہ اُردو گھر کا انتظام دیکھنے کیلئے مقامی سطح پر اُردو اکادمی بھی قائم کی جائیگی۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم جن وکاس پروگرام کے تحت دھنے گائوں میں سدبھائونا منڈپ کے قیام کی تجویز بھی روانہ کی گئی ہے۔ اشوک چوہان نے مطالبہ کیا کہ یہ کام بھی تیز رفتار سے مکمل کیا جائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے گنگا پور امدادِ باہمی شکر کارخانے میں ہوئی 15 کروڑ 15 لاکھ کی مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کیلئے اورنگ آباد دیہی علاقے کی پولس سرنٹنڈنٹ موکشدا پاٹل نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ پیٹھن سب ڈویژن کے اسسٹنٹ پولس سپرنٹنڈنٹ گورکھ بھامرے اس ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس معاملے میں کرشنا پاٹل ڈونگائونکر نے ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ سے شکایت کی تھی اور کہا تھا کہ جانچ میں سستی برتی جارہی ہے جس کے بعد یہ خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ اس مرتبہ کے مرکزی بجٹ میں مہاراشٹر کیلئے 3 لاکھ 5 ہزار 611 کروڑ روپئوں کے پروجیکٹ فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ پھڑنویس نے کل ممبئی میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انھوں نے اپنے مخالفین کے اُس بیان کو خارج کردیا جس میں کہا جارہا تھا کہ اس مرکزی بجٹ میں مہاراشٹر کو کچھ نہیں ملا ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر میں راستوں‘ ریلوے‘ ممبئی’ پونے‘ ناگپور اور ناسک میٹرو پروجیکٹوں‘ پانی فراہمی اسکیموں اور ودربھ اور مراٹھواڑہ کے قحط سے متاثرہ ضلعوں کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل دِن بھر میں 3451 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں پائے گئے کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 52 ہزار 253 ہوگئی ہے۔ ریاست میں کل ایک دِن میں 30 کورونا مریضوں کی موت کا اندراج ہوا۔ اس طرح اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک مہاراشٹرمیں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 51 ہزار 390 تک جاپہنچی ہے۔ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا ریاستی تناسب قریب تین فیصد ہے۔
دوسری جانب گذشتہ کل 2421  افراد کو اس بیماری سے صحت یاب قرار دیکر اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ مہاراشٹرمیں اب تک 19 لاکھ 63 ہزار 946 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کووِڈ- 19 سے صحت یابی کی ریاستی شرح 95% پر برقرار ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 35 ہزار 633 ہے جو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک کورونا مریض کی موت ہوگئی۔ یہ موت ناندیڑ ضلعے میں درج کی گئی۔ جبکہ مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 173 نئے کورونا پازیٹیو مریضوںکا اضافہ ہوا۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 44  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جالنہ ضلعے میں 32‘ ناندیڑ اور بیڑ ضلعوںمیں 25-25‘ لاتور میں 23‘ پربھنی میں 12‘ عثمان آباد میں 11  اور ہنگولی ضلعے میں ایک شخص کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر نے خود کو کل کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ لگوایا۔ ٹیکہ لگوانے کے بعد کیندریکر نے کہا کہ یہ ٹیکہ بالکل محفوظ ہے اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کو بے خوف ہوکر کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ لگوانا چاہیے۔ انھوں نے سبھی آنگن واڑی خادمائوں اور سرکاری افسران و ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنی باری آنے پر ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت رائو نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل سمسٹر کے طلبہ کیلئے 16 فروری سے کالج اور ہاسٹل شروع کیے جائیں گے۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے اسکی اجازت دے دی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی گذارش پر ضلع کلکٹر نے اس بارے میں احکامات جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور کے رکنِ پارلیمنٹ سدھاکر شرنگارے نے کل لوک سبھا میں مطالبہ کیا کہ لاتور میں قائم کی جارہی مراٹھواڑہ ریلوے کوچ فیکٹری میں مقامی نوجوانوں کو 70% فیصد ملازمتیں دی جائیں۔ شرنگارے نے کہا کہ اس کارخانے کو درکار خام مال اور ہنر اور صلاحیت کے بارے میں تفصیلات پیش کی جائیں تاکہ اس بنیاد پر مقامی صنعتیں شروع کی جاسکیں اور مقامی سطح پر ہنر مند افراد تیارکیے جائیں۔
***** ***** *****
بینک ATM کارڈ کی کلوننگ کرکے بینکوں کھاتوں سے رقم نکالنے والے گروہ کو کل بیڑ پولس نے گرفتار کرلیا۔ پولس نے اس گروہ کے قبضے سے 74 ATM کارڈ اور 7 لاکھ 15 ہزار روپئے نقد برآمد کیے ہیں۔ بیڑ شہر کے پنچ شیل نگر علاقے کے رہنے والے ایک شخص کے بینک کھاتے سے 80 ہزار روپئے غائب ہوجانے کے بعد سائبر پولس حرکت میں آئی اور اس گروہ کا پتہ لگایا۔ گروہ کے سبھی ملزمین بہارکے رہنے والے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ اور امرتسر سچکھنڈ ایکسپریس آج جزوی طورپر ردّ کردی گئی ہے۔ ناندیڑ سے چلنے والی یہ ٹرین کل دلّی تک ہی جائیگی۔ یہ ٹرین آگے امرتسر تک نہیں جائیگی۔ واپسی کے سفر کے دوران بھی یہ ٹرین دلّی سے روانہ ہوکر ناندیڑ پہنچے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں گذشتہ تین دِنوں سے درجۂ حرارت میں کمی محسوس کی جارہی ہے۔ ضلعے میں زبردست سرد لہر کا احساس ہورہا ہے۔ اس سردی کی وجہ سے صبح کی سیر پر جانے والوں کی تعداد میں قابلِ لحاظ کمی دیکھی جارہی ہے۔ دوسری جانب زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ گیہوں‘ چنا اور کرڈی کی فصلوں کیلئے یہ سردی کافی فائدہ مند ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے گھن سائونگی پنچایت سمیتی کے ملازم رمیش بارگجے کو کل پانچ ہزار روپئوں کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ بارگجے نے کھیت میں تالاب بنوانے کے عوض یہ رقم مانگی تھی۔ ناندیڑ ضلعے کے دھرم آباد تعلقے کے زرعی انسپکٹر کو بھی پانچ ہزار روپئوں کی رشوت قبول کرتے ہوئے کل رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ دیپک ہنوتے نامی اس افسر نے ٹپکا سینچائی کی رقم دلوانے کے بدلے شکایت گذار سے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ نئے زرعی قوانین کسانوں کا حق نہیں چھینتے ہیں بلکہ انہیں کاروبار کے نئے مواقع دستیاب کرواتے ہیں۔ مودی نے ان قوانین کی مخالفت کرنے والوں پر لگایا آندولن کو داغدار کرنے کا الزام۔
٭ مہاراشٹر کے سبھی ڈویژنل کمشنر دفتروں میں شروع ہوں گے خواتین کے ریاستی کمیشن کے دفتر؛ ریاستی حکومت نے دی منظوری۔
٭ ناندیڑ میں جلد شروع ہوجائیگا اُردو گھر؛ اقلیتی اُمور کے ریاستی وزیر نواب ملک کا اعلان؛ کہا مقامی سطح پر اُردو اکادمی کا ہوگا قیام۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ناندیڑ میں ہوئی ایک کورونا مریض کی موت؛ اورنگ آبادمیں پائے گئے 44 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 28.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 28 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...