Wednesday, 4 January 2023

آکاشوانی اَورنگ آ باد ' علاقائی خبریں تاریخ : 4 ؍ جنوری2023؁ ء وقت : صبح 09.00 سے 09.10 بجے

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad

Date : 04 January 2023

Time : 09.00 to 09.10 AM

آکاشوانی اَورنگ آ باد

علاقائی خبریں

تاریخ  :   ۴؍ جنوری   ۲۰۲۳؁ ء

وقت  :  صبح  ۹.۰۰   سے  ۹.۱۰   بجے 


پہلے خاص خبروں کی سر خیاں  ... 

٭ سائنسی تر قی میں خواتین کی شمو لیت ضروری  ‘  108؍ ویں سائنسی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کا 

اظہار خیال 

٭ اَگنی ویروں کی تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے دفاعی افواج نے مختلف وزارتوں سے کیا اتفاق  

٭ مارڈ  کی ہڑتال ختم  ‘ بجلی فراہمی کے افسران و ملازمین کی ہڑتال جا ری 

اور

٭ عظیم سماجی خدمتگار   پہلی معلمہ  ساوِتری بائی پھُلے کی جینتی کے موقعے پر مختلف پروگرامس کا اہتمام 


اب خبریں تفصیل سے...

ٌٌ خواتین کو با اختیار بنا نا  اور  سائنسی تر قی میں اُنھیں بھی شامل کرنا ضروری ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بات کہی ہے ۔ وہ  قومی سنت   تُکڈو جی مہاراج ناگپور یو نیور سٹی  کے108؍ ویں سائنسی اجلاس کا  ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے ۔  خواتین کو با اختیار بنا نا اور پائیدار تر قی کے لیے  سائنس اور  تیکنا لو جی  ‘‘ یہ   اِس سال  کے سائنس کانگریس کا مرکزی خیال ہے ۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ

 آئندہ25؍ برسوں میں ہمارا ملک نئی بلندیوں پر ہوگا  اور  اِس میں سائنسدانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہو گا ۔  

***** ***** ***** 

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ  اَگنی پتھ یو جنا  مسلح افواج میں تبدیلی لانے والی یو جنا ہے ۔ نئی دِلّی میں کَل  دفاع  ‘  تعلیم  ‘  فروغِ ہنر مندی ‘ وزارتِ صنعت  اور   تینوں افواج کے در میان مفاہمت نا مے پر دستخط کیے گئے ۔ اِس پروگرام میں وزیر دفاع  ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے اظہار خیال کر رہے تھے ۔

اِس معاہدے کے تحت مسلح افواج میں خد مات انجام دیتے ہوئے  اَگنی ویر اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔  اِس کےتحت اَگنی ویر نیشنل اِنسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولس  نیز  اِندرا گاندھی اوپن یو نیور سٹی  سے بارہویں جماعت  اور  گریجویشن  اِسی طرح اسکل ڈیولپمنٹ سرٹیفکیٹ  بھی حاصل کر سکتے ہیں ۔

***** ***** ***** 

عدالتِ عالیہ نے کہا ہے کہ حکو مت کے زیر غور معاملات سے متعلق کسی بھی وزیر کے بیان کو حکو مت کا موقف نہیں ٹھہرا یا جا سکتا ۔عدالت نے واضح طور پر کہا کہ حکو مت سماجی ذمہ داری ہے اورکسی بھی وزیر کا بیان یہ اُس کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے  ۔عدالت نے کہا کہ کسی بھی شہری کی اظہار رائے کی آزادی پر پا بندی نہیں لگائی جا سکتی ۔ 

***** ***** ***** 

بھارت کی منفرد شناخت کی اتھاریٹی UI DAI    نے خاندان کے سر براہ کی اجازت سے آدھار کارڈ پر اپنا پتہ آ لائن طریقے سے اپ ڈیٹ کر نے کی سہولت متعارف کر وائی ہے ۔اِس کے تحت خاندان کے سربراہ کےساتھ  رشتہ بتا نے والا  راشن کارڈ  ‘  مارک شیٹ  اور  شادی کا سر ٹیفکیٹ جیسے دستاویزات پیش کر کے آ دھار کارڈ پر درج پتہ آن لائن طریقے سے اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے ۔

***** ***** ***** 

رہائشی ڈاکٹروں کی ریاستی تنظیم  مارڈ  کی جانب سے مختلف مطالبات کے لیے جاری  ہڑتال  ختم کردی گئی ہے ۔

طِبی تعلیم کے وزیر گریش مہاجن کے ساتھ ہوئی بات چیت میں تنظیم کے مطالبات کا حل تلاش کر لیاگیا ہے۔ اِس حوالے سے وزیر موصوف نے بتا یا کہ میں نے اُنھیں زبان دی ہے کہ ہم اِس معاملے میں ہم اگلے 2 - 3؍ دنوں میں وزیر اعلیٰ کےساتھ  ملاقات کریں گے  اور  متعلقہ افسران کو بلا اُن سے کر مسائل سے متعلق  تبادلہ ٔ خیال کر کے مثبت فیصلہ کریں گے ۔ 

***** ***** ***** 

ممکنہ نجی کاری کی مخالفت میں مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ملازمین  ‘  افسران  اور  اِنجینئرس  سنگھرش سمیتی نے  نصف شب سے72؍ گھنٹے بند کا اعلان کیا ہے ۔اڈانی گروپ کو بجلی فراہمی کا اجازت نا مہ دینے کی کاروائی جاری ہونے کا الزام لگاتے ہوئے  مہا وِترن کے ملازمین کی  تقریباً30؍ تنظیمیں یہ بند منا رہی ہے ۔ملازمین نے انتباہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر  یہ ریاست گیر احتجاج  3؍ دِن کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا ۔

اِسی دوران مہا وِترن کی جانب سے بتا یا گیا ہے کہ اِس بند کو مد نظر رکھتے ہوئے اورنگ آ باد حلقے میں  ہنگامی انتظاما ت کر لیے گئے ہیں۔اِس کے تحت  اورنگ آباد  اور   جالنہ ضلعے کے سبھی صارفین کو بجلی فراہمی جاری رکھنے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ مہا وِتر ن نے کہا ہے کہ بجلی فراہمی سے متعلق شکایت ہونے پر کنزیومر سروِس نمبر 19 12 ؍ پر رابطہ کیاجاسکتا ہے ۔

***** ***** ***** 


اب سماعت فرمائیں ایک ضروری اعلان

آکاشوانی اورنگ آباد کی علاقائی خبررساں اکائی سے نشر ہونے والی اُردو خبروں کیلئے نیوزریڈر اور مترجم درکارہیں۔ درخواست گذارکی عمر یکم جنوری 2023 کو21؍ تا 50؍ برس کے درمیان ہونالازمی ہے۔علاوہ ازیں درخواست گذار اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن حدود کا ساکن ہوناضروری ہے۔ بیرون شہر کے درخواست گذاروں کی درخواست پرغورنہیں کیاجائیگا۔

 اس عہدے سے متعلق دیگر تفصیلات اوردرخواست فارم آکاشوانی اورنگ آباد کے نیوز یونٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ 

خواہشمند افراداپنی درخواست فیس کے ساتھ ’’ہیڈآف آفس آکاشوانی ،جالنہ روڈ اورنگ آباد 431005 ‘‘پر اسپیڈ پوسٹ یابذریعہ ڈاک 05؍جنوری 2023  تک بھیج سکتے ہیں۔


اعلان ختم ہوا 

***** ***** ***** 


وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ27؍ تاریخ کو  ’’  پریکشا پے چر چا  ‘‘  نامی  میںطلباء  ‘  سر پرستوں  اور  اساتذہ سے تبادلۂ خیال کریں گے ۔ یہ اِس پروگرام کی چھٹی قسط ہو گی ۔

اِسی طرح اِس مہینے کی29؍  تاریخ کو آکاشوانی سے نشر ہونے والے پروگرام  من کی بات پروگرام میں وزیر اعظم  اہل وطن سے خطاب کریں گے ۔  اِس پروگرام کی یہ 97؍ ویں قسط ہو گی ۔  اِس پروگرام کے لیے شہر یان  نمو  ایپ   یا  مائی جی او  وی  اوپن فورم  پر اپنی رائے درج کر واسکتے ہیں ۔

***** ***** ***** 

مرکزی مملکتی وزیر داخلہ  اَجئے کمار مِشرا  آج  اور  کَل  عثمان آباد کے دورے پر آ رہے ہیں ۔ وہ آج عثمان آ باد تعلقے کے واگھو لی میں  مرکزی  اور  ریاستی حکو مت کی اسکیمات سے فائدہ اٹھا نے والوں سے بات چیت کریں گے ۔  اِسی طرح  کَل نل دُرگ  میں  ملک بھر میں پہلا اشوک چکر حاصل کرنے والے بچِنتر سنگھ کو سلامی پیش کریں گے ۔

***** ***** ***** 

ملک کی پہلی معلمہ  اور  عظیم سماجی خدمتگار  ساوِتری بائی پھُلے کی جینتی کے موقعے پر  گزشتہ روز ریاست بھر میں مختلف پروگرامس کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ 

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شِندے نے ساتارا ضلعے کے نائے گائوں میں ساوِتری بائی کی جائے پیدائش پر واقع اُن کی یادگار کو سلامی پیش کی ۔ بعدازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ عظیم شخصیات کی یادگاروں کی  حفاظت کرنے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ۔ اُنھوں نے کہا کہ مہاتما پھُلے  اور  ساوِتری بائی پھُلے کی پونا میں واقع رہائش گاہ  میں اُن کی یاد گار تعمیر کی جائے گی ۔ اِس موقعے پر  امداد باہمی کے وزیر اتُل ساوے  ‘  وزیر  شمبھو راج دیسائی  سمیت متعدد اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔

منترا لیہ میں وزیر برائے مراٹھی زبان  دیپک کیسر کر نے ساوِتری با ئی پھُلے کی تصویر کو پھولوں کا ہار پہناکر خراج تحسین پیش کیا ۔

اِسی طرح مراٹھواڑہ کے  اورنگ آ باد  ‘  پر بھنی  ‘  ہنگولی  ‘  اور  ناندیڑ سمیت دیگر سبھی علاقوں میں بھی ساوِتری بائی پھُلے کو مختلف پروگرام کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

***** ***** ***** 

شری لنکا کے خلاف پہلے

 T-20

؍ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے شاندر جیت حاصل کی ہے ۔ گزشتہ روز ممبئی میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 20؍ اوورس میں5؍ وکٹ کے نقصان پر 162؍ رن بنا ئے تھے ۔  جوابی بلّے بازی میں شری لنکائی ٹیم مقابلے کی آخری گیند تک جدو جہد کرتےہوئے160؍ رن بنا کر آل آئوٹ ہو گئی ۔ اِس طرح بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلہ2؍ رنوں سے جیت لیا ۔ 

***** ***** ***** 


آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے  ...


٭ سائنسی تر قی میں خواتین کی شمو لیت ضروری  ‘  108؍ ویں سائنسی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کا 

اظہار خیال 

٭ اَگنی ویروں کی تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے دفاعی افواج نے مختلف وزارتوں سے کیا اتفاق  

٭ مارڈ  کی ہڑتال ختم  ‘ بجلی تقسیم کے افسران و ملازمین کی ہڑتال جا ری 

اور

٭ عظیم سماجی خدمتگار   پہلی معلمہ  ساوِتری بائی پھُلے کی جینتی کے موقعے پر مختلف پروگرامس کا اہتمام 


علاقائی خبریں ختم ہوئیں

آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد 

Aurangabad AIR News    پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔

٭٭٭


No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 10.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 10 October 2026 Time 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...