Friday, 27 October 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 اکتوبر 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 27 October-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۷؍اکتوبر  ۲۰۲۳ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭              غریب اور پسماندہ طبقات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہی حقیقی سماجی انصاف ہے؛ شرڈی میں منعقدہ جلسے میں وزیرِ اعظم کا بیان۔ ریاستی حکومت کی نمو کسان اسکیم کا آغاز۔

                ٭              ریاستی حکومت کی ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ مہم کا آج ممبئی میں امرت کلش کی پوجا کے ساتھ اختتام۔

                ٭              بزرگ کیرتن کار بابا مہاراج ساتارکر کا انتقال؛ آج سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی۔

اور           ٭              پیرا ایشیائی کھیلوں میں اب تک بھارت نے 19 سونے کے تمغوں سمیت83 تمغے جیتے۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں غریبوں اور کسانوں کیلئے وقف ہیں اور ملک کو غربت سے نجات دلانا اور غریبوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہی درحقیقت سماجی انصاف ہے۔وزیرِ اعظم مودی کل احمد نگر ضلع کے شرڈی میں تقریباً ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کے افتتاح، ترقیاتی پروجیکٹس کی نقاب کشائی اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں نیلوانڈے آبی پشتے کی نقاب کشائی، احمد نگر کے ضلع اسپتال میں آیوش اسپتال، خواتین اور بچوں کے اسپتال اراضی کی پوجا، کرڈوواڑی-لاتور روڈ ریلوے ٹریک کی برقی کاری، جلگاؤں سے بھساول تیسری اور چوتھی ریلوے لائن، انڈین آئیل کارپوریشن کے منماڑ ٹرمینل میں اضافی سہولیات کی فراہمی، سائی بابا مندر میں درشن کیلئے قطاروں کے پروجیکٹ، مراٹھواڑہ اور ودربھ کوکوپرگاؤں سے جوڑنے والے شاہراہ کے پروجیکٹ سمیت مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کی نقاب کشائی‘ سنگ ِ بنیاد اور افتتاح کیے گئے ۔ نمو شیتکری مہاسنمان ندھی یوجنا کا بھی اس موقع پر وزیر اعظم نےآغاز کیا۔ وزیرِ اعظم مودی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی کسان سنمان اسکیم کی معرفت کسانوں کیلئے سالانہ چھ ہزار روپئے امداد کے علاوہ اب ریاست کے کسانوں کو چھ ہزار روپئے سالانہ اضافی رقم فراہم کی جائےگی۔انھوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں رکے ہوئے 26 آبپاشی پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیرِ اعظم نے کسانوں سے کہا کہ پانی قدرت ایک کا ایک انمول تحفہ ہے، لہٰذا انھوں نے عوام سے پانی کی ایک بھی بوند ضائع نہ کرنے کی درخواست بھی کی۔

                ریاستی گورنر رمیش بئیس‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار‘ وزیرِ محصول رادھا کرشن وِکھے پاٹل‘ سمیت دیگر معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ ’’میری ماٹی‘ میرا دیش‘‘ مہم کے تحت احمد نگر ضلعے کے مٹی کے علامتی کلش بھی اس موقعے پر وزیرِ اعظم کو دئیے گئے۔

***** ***** *****

                ’’میری مٹی‘ میرا دیش‘‘ مہم کے تحت ریاست کے تمام اضلاع سے جمع کردہ امرت کلش کی آج ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں پوجا کی جائیگی۔ یہ تقریب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی خصوصی موجودگی میں منعقد ہوگی ا ور تقریب کے اختتام کے بعد آج شام خصوصی ریلوے گاڑی سے جمع شدہ امرت کلش دہلی روانہ کیے جائیں گے۔

                چھترپتی سنبھاجی نگر کے ایک نوجوان امیش جادھو نے 30 ہزار کلو میٹر کا طویل سفر طئے کرکے ملک کیلئے اپنی جان دینے والے جانباز فوجیوں کے  گاؤں جاکر مٹی جمع کی ہے۔ اُمیش جادھو نے یہ کلش کل ممبئی میں ثقافتی امور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار کے حوالے کیا۔ پربھنی ضلع کے تمام دیہاتوں سے جمع کیے گئے کلش بھی کل ممبئی بھیجے گئے۔

***** ***** *****

                مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کے مطالبے کیلئے جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں شروع کی گئی منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال کا کل دوسرا دن تھا۔ جرانگے پاٹل کی حمایت میں مراٹھا برادری کی تنظیموں کی جانب سے مختلف مقامات پر زنجیری بھوک ہڑتال شروع کی گئی ہے۔ اس ضمن میں کل چھترپتی سنبھاجی نگر میں مراٹھا سماج کے افراد نے ضلع کلکٹر دفترکی عمارت پر چڑھ کر مظاہرہ کیا۔اسی طرح کل سے بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقے میں بھی کئی کارکنان نےزنجیری بھوک ہڑتال شروع کری۔ گیورائی تعلقے کے موضع مادڑموہی میں بھی گرام پنچایت دفتر کے زینے پر چڑھ کر مظاہرین نے احتجاج کیا ۔ ہنگولی اور دھاراشیو اضلاع میں ریزرویشن کے مطالبے پر دو نوجوانوںکی خودکشی کرنے کی اطلاع ہے۔

***** ***** *****

                وارکری طبقے کے بزرگ کیرتن کار بابا مہاراج ساتارکر کی آخری رسومات آج نیرول میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ نیل کنٹھ گیانیشور گور ےساتارکر(عرف بابا مہاراج ساتارکر) کا کل نیرول میں ضعیف العمری کے سبب انتقال ہوگیا، ان کی عمر 88 سال تھی۔ انہوں نے وکالت تک تعلیم حاصل کی تھی۔ ابتدائی طور پر فرنیچر کا کاروبار کرنے کے بعد، بابا مہاراج نے کیرتن کی خاندانی روایت کو اپنالیا اور سماجی بیداری کے ساتھ ساتھ تقریباً پندرہ لاکھ لوگوں کو وارکری تحریک سے جوڑ کرنشے کی لعنت سے نجات دلائی۔ سنتوں کے ابھنگوں کو بہت سادہ اور سلیس طریقے سےروانی سے پیش کرنا اور روزمرہ کی زندگی سے مثالیں بیان کرنا بابامہاراج کے کیرتنوں کی ایک اہم خصوصیت تھی۔

                وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر نتن گڈکری، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار نے بابا مہاراج ساتارکر کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

                دریں اثنا، وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کل ساتارکر مہاراج کے جسد ِ خاکی کا دیدار کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی انتظامیہ کو ہدایات کیں۔

ؕ***** ***** *****

                مراٹھا برادری کو مراٹھا-کنبی، کنبی-مراٹھا ذات کا سرٹیفکیٹ دینے کے طریقہ ٔکار کا تعین کرنے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی نے کل لاتور ضلع کا دو رہ کیا۔ اس دوران 19 شہریوں کی جانب سے مراٹھا ۔کنبی ذات سے متعلق ثبوت اور دستاویز پیش کیے گئے۔ یہ کمیٹی آج دھاراشیو ضلعےکا دورہ کرےگی۔

***** ***** *****

                چین میں جاری پیرا ایشیائی کھیل مقابلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کو چار سونے کے تمغے سمیت 19تمغے حاصل ہوئے۔ گولہ پھینک مقابلے میں سچن کھلاری‘ نشانے بازی میں سدھارتھ بابو‘ جبکہ تیر اندازی کے کمپائونڈ زمرے میں شیتل دیوی اور راکیش کمار کو سونے کے تمغے حاصل ہوئے۔ اسی طرح آج صبح تیر اندازی کے انفرادی مقابلوں میں بھی شیتل دیوی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ تھالی پھینک مقابلوں میں مونو گھن گاس‘ گولہ پھینک میں بھاگیہ شری جادھو‘ جبکہ 200 میٹر دوڑ میں سمرن وَتسن کو چاندی کے تمغے ملے۔ ان مقابلوں میں بھارت کو اب تک 19 سونے کے تمغے، 23 چاندی اور 41 کانسے کے تمغے اس طرح مجموعی طور پر 83 تمغے حاصل ہوئے ہیں۔

***** ***** *****

                ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل چنئی میں کھیلے گئے ایک میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو آٹھ وِکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 38   اوورس میں صرف 156 رنز ہی بنا سکی۔ جس کے جواب میں شری لنکاکی ٹیم نے یہ ہدف 26 ویں اوور میں دو وِکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

                آج اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین مقابلہ ہوگا۔

***** ***** *****

                چھترپتی سنبھاجی نگر میں جاری پرلہادجی ابھینکر میمورئیل لیکچر سیریز میں کل مصنفہ اور یونیورسٹی کی سینیٹ رُکن وِنیتا تیلنگ کا لیکچر منعقد ہوا۔ ’’قوم کی تعمیر میں خواتین کا کردار‘‘ کے موضوع پر اپنی بات رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کا مرحلہ ابھی بھی باقی ہے۔

***** ***** *****

                لاتور شہر کے مِتر نگر علاقے کی ایک چار منزلہ عمارت میں کل شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ جانے کی وجہ سے دھوئیں سے دَم گھٹنے کے باعث تین افراد کی موت واقع ہوگئی۔ دریں اثنا اس عمارت میں رہنے والی میڈیکل کی طالبہ عذرا سیّد نے حوصلے اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیلری میں نصب آہنی پائپ سے کپڑا باندھ کر خود کی اور افرادِ خاندان کی جان بچائی۔

***** ***** *****

                ناندیڑ ضلعے کے دیگلور میں او بی سی سمیت مختلف ذاتوں کی تنظیموں نے کل نائب ضلع کلکٹر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ او بی سی زمرے کی عوامی مفاد پر مبنی مردُم شماری‘ او بی سی زمرے میں دیگرکسی بھی ذات کی شمولیت نہ کرنے سمیت دیگر مطالبات مظاہرین کی جانب سے کیے گئے۔

***** ***** *****

                چھترپتی سنبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبۂ آرٹس کی طرف سے چھاوُ طرز کے رقص سے متعلق معلوماتی ورکشاپ کا کل سے آغاز ہوا۔ مغربی بنگال‘ بہار‘ اُڑیسہ میں رقص کی یہ قسم مشہور ہے۔

***** ***** *****

                آئندہ دیوالی تہوار کے ضمن میں بیرون ملک سے غیر قانونی طور پر درآمد کیا گیا پٹاخوں کا ذخیرہ  اور اسے فروخت کرنے والوں کےخلاف کارروائی کے احکامات ناندیڑ ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نے جاری کیے ہیں۔

***** ***** *****

                چھترپتی سنبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نےاملاک ٹیکس کے بقایہ جات ادا نہ کرنے کی پاداش میں مٹمٹہ علاقے میں واقع ایک املاک کو سیٖل کردیا۔ اس ملکیت کے مالک پر کارپوریشن کا ساڑھے بیس لاکھ روپئے سے زائد ملکیت کا ٹیکس واجب الادا تھا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭              غریب اور پسماندہ طبقات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہی حقیقی سماجی انصاف ہے؛ شرڈی میں منعقدہ جلسے میں وزیرِ اعظم کا بیان۔ ریاستی حکومت کی نمو کسان اسکیم کا آغاز۔

                ٭              ریاستی حکومت کی ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ مہم کا آج ممبئی میں امرت کلش کی پوجا کرکے اختتام۔

                ٭              بزرگ کیرتن کار بابا مہاراج ساتارکر کا انتقال؛ آج سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی۔

اور           ٭              پیرا ایشیائی کھیلوں میں اب تک بھارت نے 19 سونے کے تمغوں 83 تمغے جیتے۔

***** ***** *****

                اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

                 اس خبرنامے کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جا سکتا ہے۔

***** ***** *****

No comments: