Wednesday, 25 December 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 دسمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 25 December-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۵؍دسمبر ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ ملک کے اوّلین ندی جوڑنے کے منصوبے کا وزیر اعظم نریندر مودی آج سنگ بنیاد رکھیں گے۔

٭ سبز توانائی کے ذریعے ریاست کے کسان دوسرا سبز انقلاب برپا کریں گے، وزیر اعلیٰ شمسی توانائی چینل منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔

٭ مراٹھواڑہ کی ترقی سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر حزبِ اختلاف کے قا ئد امباداس دانوے کی حکومت پر تنقید۔

٭ عیسیٰ مسیح کے یوم پیدائش کرسمس کے موقع پر ہر طرف جوش و خروش کا ماحول۔

اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کو 115 رنز سے شکست دیکر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی سیریز میں دو ۔صفر کی ناقابلِ شکست برتری۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

ملک کے پہلے ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کا وزیر اعظم نریندر مودی آج سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں وزیر اعظم کین بیتوا ندی جوڑ منصوبے سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد رکھیں گے۔ سابق وزیرِ اعظم بھارت رتن اَٹل بہاری واجپیئی کی یومِ پیدائش کا صد سالہ سال آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آج ملک بھر میںایک ہزار 153 اٹل گرام گڈگورننس عمارتوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اسی طرح وزیراعظم کے ہاتھوں ایک ڈاک ٹکٹ اور خصوصی سکے کی رونمائی بھی کی جائے گی۔

***** ***** *****

سبز توانائی کے ذریعے ریاست کے کاشتکاروں کی جانب سے دوسرا سبز انقلاب برپا کرنے کا یقین وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ظاہر کیا ہے ۔  واشم ضلعے کے اُمبرڈا بازار اور دھاراشیو ضلعے کے نارنگ واڑی میں کل وزیر اعلیٰ ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے دوسرے مرحلے کے وزیر اعلیٰ شمسی توانائی چینل منصوبے کے تحت کاموں کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے شمسی توانائی چینل منصوبےذریعے کسانوں کو دن میں بھی مفت بجلی فراہم ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ لاڈلی بہن اسکیم کے تحت ماہِ دسمبر کی قسط کی تقسیم کا کل سے آغاز ہوگیا۔ خواتین و بہبودیِ اطفال محکمے کی وزیر آدیتی تٹکرے نے بذریعۂ ٹوئٹ یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ آئندہ چار تا پانچ دِنوں میں تمام مستفید ین کے بینک کھاتوں میں یہ رقم جمع ہوجائیگی۔

***** ***** *****

قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے تنقید کی ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریاستی کابینہ کاایک اجلاس منعقد کرکے مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے مختلف فیصلے لیے گئےتھے، لیکن ان فیصلوں پر اب تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ دانوے نے بتایا کہ حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں یہ موضوع اٹھایا گیا تھا۔ دانوے نے مزید کہا کہ ریاست میں نئی حکومت برسرِ اقتدار آنے کے باوجود سابقہ حکومت اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ 

***** ***** *****

عدالت ِ عظمیٰ کے سبکدوش جسٹس وی۔ راما سبرامنیم قومی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کل اس تقرری پر مہر ثبت کی۔ مختلف ریاستوں کے گورنروں کا بھی گزشتہ روزتقرر کیا گیا۔ سابق مرکزی وزیر وی کے سنگھ کو میزورم کا گورنر بنایا گیا ہے۔

***** ***** *****

قومی گاہک دن کل منایا گیا۔ اس مناسبت سے اُمورِ صارفین کے محکمے کی جانب سے ’’جاگو گاہک جاگو ‘‘ایپ، ’’جاگرتی‘‘ ایپ اور 'جاگرتی ڈیش بورڈکاآغاز کیاگیا۔ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے ایپ اور ڈیش بورڈ کی نقاب کشائی کی۔ آن لائن لین دین میں کوئی بھی لنک غیر محفوظ ہونے کی صورت میں ’’جاگو گاہک جاگو‘‘ ایپ صارفین کو خبردار کرتا ہے۔ جبکہ صارفین کو غیر قانونی لنکس سے متعلق شکایت درج کروانے اور قومی تحفظ ِ صارف ادارہ کے پاس شکایت کا اندراج کیے جانے کیلئے جاگرتی ایپ سے مدد فراہم ہونے کی وضاحت متعلقہ خبر میں کی گئی ہے۔

***** ***** *****

چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعےکی تحفظ ِ صارف کمیشن کی صدر شلپا ڈولارکر نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سامان کی خریداری یا خدمات کے حصول کے دوران محتاط رہیں اور خریداری کی رسید ضرور حاصل کریں۔ انھوں نے خریداری سے متعلق تمام کاغذات و ثبوت جمع کرنے اور کسی بھی جعلسازی یا دھوکہ بازی ہونے کی صورت میں گاہک شکایت مرکز سے رجوع ہونے کی بھی اپیل کی۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

عیسائی مذہب کے پیروکار آج عیسیٰ مسیح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ اس مناسبت سے آج ہر طرف جوش و خروش کا ماحول ہے اور گرجا گھروں میں مختلف اجتماعات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ چرچ و گرجا گھروں کے صحن میں عیسیٰ مسیح کی پیدائش کے مناظر اور جھانکیاں لگائی گئی ہیں اور چرچوں کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تہذیبی و ثقافتی اجتماعات میں مسیحی برادری کے لوگ جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔

اہلیا نگر شہر اور ضلعے میں رہائشی مکانات اور گرجا گھر برقی قمقموں سے روشن کیے گئے ہیں۔ سانتا کلاز اور کرسمس درخت سبھی کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں

***** ***** *****

ممبئی کے اسپندن آرٹ سوسائٹی کے 19 ویں محمد رفیع یادگاری ایوارڈزکل ر یاستی گورنر سی پی رادھا کرشنن کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ آنجہانی نغمہ نگار مجروح سلطان پوری کا بعد از مرگ معلنہ ایو ارڈ ان کے فرزند عندلیب سلطان پوری نے قبول کیا۔ جبکہ گلوکار جاوید علی کو محمد رفیع ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ دونوں ایوارڈز بالترتیب ایک لاکھ روپے اور 51 ہزار روپے سمیت مومنٹو پر مشتمل ہیں۔

***** ***** *****

بین الاقو امی کرکٹ کائونسل (ICC) نے چمپئن ٹرافی کے نظام الاوقات کا کل اعلان کردیا۔ 19 فروری تا 9 مارچ کے درمیان ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے پاکستان کے کراچی‘ لاہور اور ر اولپنڈی سمیت دُبئی میں کھیلے جائیں گے۔ 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین مقابلے سے چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ کی شرو عات ہوگی‘ جبکہ بھارت کا پہلا مقا بلہ 20 فرور ی کو بنگلہ دیش سے او ر 23 فروری کو رو ایتی حریف پاکستان کے ساتھ ہوگا۔ بھارت کے تمام میچز دبئی میں منعقد ہوں گے۔ 

اسی طرح ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل چار مارچ کو دبئی، جبکہ دوسرا سیمی فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں ہوگا۔ جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا‘ تاہم اگر سیمی فائنل اور فائنل مقابلے میں بھارت کی رسائی ہوتی ہے تو  یہ مقابلے دبئی میں کروائے جائیں گے۔ اس طرح کی وضاحت آئی سی سی کے صدر جئے شاہ نے کی ہے۔ 

***** ***** *****

خواتین کے کرکٹ میںبھارت نے کل ویسٹ انڈیز کو115رنوں سے شکست دے دی اور سیریز میں صفردوکی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ کل وڈودرامیں کھیلے گئے مقابلے میںبھار ت کی جانب سے دئیے گئے 349رنوں کے ہدف کاپیچھاکرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 47ویں اوورمیں243رنوں پر آئوٹ ہوگئی۔اس سیریز کاتیسرااورآخری مقابلہ پرسوں کھیلاجائے گا۔

***** ***** *****

راجستھان میں پانی کی تحریک کے ایک سینئرکارکن راجندرسنگھ رانانے کہاہے کہ کسانوں کی زندگی صحیح معنوں میں تب ہی خوشحال ہوتی ہے جب مٹی اورپانی کی ترقی ہوگی۔کل امباجوگائی میں ڈاکٹر دوارکاداس لوہیاعوامی شرکت ایوارڈ کی تقسیم کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

***** ***** *****

مرکزی حکومت کی آیوش وزارت کی جانب سے ملک بھر میں’’ملک کافطری معائنہ مہم‘‘روبہ عمل لائی جارہی ہے۔اس مہم کے پہلے مرحلے میں کل ہنگولی ضلع کلکٹر دفتر میں ضلع کلکٹر ابھینوگوئل سمیت495   افراد کی طبّی جانچ کی گئی۔

***** ***** *****

ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکرکے متعلق وَزیرداخلہ امت شاہ کے متنازعہ بیان کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر، ناندیڑ، لاتورسمیت کئی مقامات پراحتجاج کیاگیا۔اس موقع پربیڑمعاملے کے مجرمین کے خلاف سخت کاروائی کیے جانے کامطالبہ بھی کیاگیا۔

***** ***** *****

ناسک ضلع کے ترمبکیشورتعلقے میں کل زلزلے کی طرز کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ہرسول علاقہ سمیت پیٹھ تعلقہ کے کئی گائوںمیں کل رات ساڑھے آٹھ تا ساڑھے نوبجے کے آس پاس زیرِ زمین آوازکے ساتھ دوجھٹکے محسوس کئے جانے کی اطلاع ہمارے نامہ نگارنے دی ہے۔

***** ***** *****

ریاست کے چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت کئی اضلاع میںکل سے تین دنوں تک بجلی کی کڑکڑاہٹ سمیت بارش کاامکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ ملک کے اوّلین ندی جوڑنے کے منصوبے کا وزیر اعظم نریندر مودی آج سنگ بنیاد رکھیں گے۔

٭ سبز توانائی کے ذریعے ریاست کے کسان دوسرا سبز انقلاب برپا کریں گے، وزیر اعلیٰ شمسی توانائی چینل منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔

٭ مراٹھواڑہ کی ترقی سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر حزبِ اختلاف کے قا ئد امباداس دانوے کی حکومت پر تنقید۔

٭ عیسیٰ مسیح کے یوم پیدائش کرسمس کے موقع پر ہر طرف جوش و خروش کا ماحول۔

اور۔۔۔٭ ویسٹ انڈیز کو 115 رنز سے شکست دیکر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی سیریز میں دو ۔صفر کی ناقابلِ شکست برتری۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 06.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 06 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...