Thursday, 2 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 2 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 02 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/ جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت مختص فنڈ میں اضافہ کرنے کا مرکزی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ گڈچرولی کو اِسٹیل سٹی آف اِنڈیا بنانے کی سمت کام جاری: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عندیہ۔
٭ سالِ نو کے پہلے ہی دِن دو علیحدہ علیحدہ سڑک حادثات میں مراٹھواڑہ کے آٹھ زائرین ہلاک۔
٭ بزرگ ادیب سدھیر رَساڑ اور سنجے آروِیکر کو وِدربھ ساہتیہ سنگھ کا ریاستی سطح کا ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ مہاراشٹر کے عزمِ مطالعہ مہم کے تحت ہنگولی اور ناندیڑ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ڈی اے پی کھادوں پر فی کوئنٹل تین ہزار روپئے کی خصوصی رعایت کو جاری رکھنے کا فیصلہ مرکزی کابینہ نے کیا ہے۔ کسانوں کو ڈی اے پی کھاد کے 50 کلو گرام وزنی تھیلے پر ایک ہزار 350 روپئے سبسڈی دی جائیگی۔ اس کیلئے مرکزی مالی بجٹ میں تین ہزار 850 کروڑ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کل مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایاکہ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم اور نومرتب شدہ موسم پر منحصر فصلوں کی بیمہ اسکیم کیلئے مختص فنڈ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا:
”پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا‘ اس کا اینہاسمنٹ‘ اس کے ایلوکیشن کا اینہانس کیا گیا۔ 69 ہزار 515 کروڑ کیا گیا۔ اور یہ جس طرح کا ابھی تک کا انوبھو آیا ہے‘ جس طرح سے اس اسکیم میں یوٹیلائزیشن‘ جس طرح سے رِسپانس ملا ہے‘ جیسے کسانوں کے جیون میں جو رئیل پریورتن آیا ہے اس اسکیم سے‘ اس کے کارَن اس ایلوکیشن کو اینہانس کیا گیا ہے۔“
ویشنو نے مزید بتایاکہ گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران بیمہ اسکیم کے تحت کسانوں میں ایک لاکھ 70 ہزار کروڑ روپئے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مرکزی کابینہ نے نئے سال کا پہلا فیصلہ کسانوں کے مفاد میں کیا ہے۔ سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس فیصلے کے باعث کسانوں کی فصلیں مزید محفوظ ہوں گی اور ان کے نقصانات کے خدشے کم ہوں گے۔
***** ***** *****
وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ گڈچرولی کو اسٹیل سٹی آف انڈیا بنانے کا خواب شرمندہئ تعبیر کرنے کی سمت کام جاری ہے۔ وہ کل گڈچرولی میں لائیڈس میٹل کمپنی کے ڈی آر آئی پروجیکٹ کے سنگ ِ بنیاد اور مختلف پروجیکٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ گڈچرولی ضلع میں ہر معنی میں تبدیلیاں نظر آرہی ہیں۔ کون سری پروجیکٹ جس کا سابقہ دورِ اقتدار میں بحیثیت ِ وزیرِ اعلیٰ سنگ ِ بنیاد رکھا تھا اب اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ ان تمام منصوبوں سے 10ہزار افراد کو ملازمتیں ملی ہیں اور اندرونِ 10ماہ کام مکمل ہونے کے بعد مزید پانچ ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں گی۔ اس صورتحال میں تبدیلی واضح نظر آرہی ہے اور گڈچرولی ضلع کو اسٹیل سٹی آف انڈیا بنانے کا جو خواب دیکھا گیا تھا اسے شرمندہئ تعبیر کرنے کیلئے کام جاری ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں لائیڈس میٹل کمپنی کے اسکول‘ اسپتال‘ ملازمین کی قیام گاہوں‘ جم خانہ اور بچوں کے پارک وغیرہ کا افتتاح بھی کل عمل میں آیا۔ اسی دوران اہیری تا گردے واڑہ بس خدمات کا آغاز بھی وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں کیا گیا۔ آزادی کے 75 سال بعد بس سروس کے شروع ہونے پر انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں طویل عرصے سے حمل و نقل کی سہولت نہیں تھی اور اسے ماؤنوازوں کے زیرِ اثر علاقہ سمجھا جاتا تھا۔ تاہم پولس نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے نکسلیوں کا تسلط یہاں سے ختم کیا۔ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے سبب اب اسے راست چھتیس گڑھ سے جوڑ دیا گیا ہے۔
نکسل رہنماء تارَکّا اور ان کے دس معاونین نے کل خودسپردگی کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ہتھیار ڈالنے والے ان تمام افراد کی بازآبادکاری کا وعدہ کیا۔ نکسل تحریک کی سرکوبی کرنے والی سی سکسٹی جوانوں کا اس موقع پر استقبال کیا گیا۔ گڈچرولی پولس دستے کو پانچ بسیں‘ 14 فور وہیلرس اور 30 ٹووہیلرس وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ ضلع میں ہورہے مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی وزیرِ اعلیٰ نے معائنہ کیا۔
***** ***** *****
مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشیل ٹکنالوجی کی عالمی مسابقت میں مہاراشٹر رہنماء ثابت ہو‘ اس غرض سے ریاست کی پہلی اے آئی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت اطلاعات و ٹکنالوجی کے وزیر آشیش شیلار نے دی ہے۔ کل اپنے محکمے کا جائزہ لینے کے بعد وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ اے آئی ٹکنالوجی کا استعمال کرکے مزید صنعتیں اور کاروبار معرضِ وجود میں آئیں گے۔ جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ نیز ٹکنالوجی کی عالمی مسابقت میں مہاراشٹر قوت کے ساتھ کھڑا رہ سکے گا۔
***** ***** *****
پیٹرولیم کمپنیوں نے کاروباری مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 15 روپئے کی تخفیف کردی ہے۔ ممبئی میں اب 19 کلو کا LPG سلنڈر ایک ہزار 756 روپئے میں دستیاب ہوگا۔ تاہم گھریلو صارفین کے استعمال کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی ردّ و بدل نہیں کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نئے سال کے پہلے ہی دن درشن کیلئے جانے والے زائرین کی گاڑیوں کو مراٹھواڑہ میں پیش آئے دو علیحدہ علیحدہ حادثات میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ جالنہ ضلع میں دھولیہ-شولاپور قومی شاہراہ پر مہاکاڑا میں راستے کے کنارے کھڑے ایک خراب ہوجانے والے ٹرک سے عقب سے آنے والی تیز رفتار کار ٹکراگئی۔ جس کے نتیجے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی سمت جانے والی کار میں سوار چار افراد جائے حادثے پر ہی ہلاک اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں دو خواتین اور ایک گیارہ سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔ یہ زائرین اَکّل کوٹ سے چھترپتی سمبھاجی نگر لوٹ رہے تھے۔ زخمیوں کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے خانگی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ایک دوسرے حادثے میں شولاپور ضلع کے اَکّل کوٹ کے میندرگی میں عقیدت مندوں کی ایک گاڑی اور ٹرک کے مابین تصادم کے باعث چار زائرین جائے حادثے پر ہی ہلاک ہوگئے‘ جبکہ دیگر سات زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ ناندیڑ ضلع کے یہ تمام افراد اَکّل کوٹ سے گن گا پور درشن کیلئے جارہے تھے۔
***** ***** *****
وِدربھ ساہتیہ سنگھ کے ریاستی سطح کے اور دیگر ادبی ایوارڈز کا کل اعلان کردیا گیا۔ اس میں کُسمانل میمورئیل ایوارڈ سنجے آرویکر کی کتاب ”آتم پرکاش“ کو اور آنجہانی گوپال راؤ مکند راؤ دیشپانڈے میمورئیل ایوارڈ سدھیر رَساڑ اور وسنت پاٹنکر کو دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ 14 جنوری کو تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِاعلیٰ شمسی توانائی زرعی اسکیم کے تحت جالنہ ضلع کے بدناپور تعلقے کے کیڑی گوہان میں واقع شمسی توانائی پروجیکٹ کا رکنِ اسمبلی نارائن کوچے کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ پانچ میگاواٹ قوت کے اس شمسی توانائی پروجیکٹ کے ذریعے علاقے کے چھ دیہاتوں کے گیارہ سو زرعی پمپوں کو دن میں بجلی فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کی 300 ویں سالگرہ کے سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے دو روزہ کانفرنس منعقد کی جاہی ہے۔ اس کانفرنس میں اہلیا دیوی کی خدمات پر روشنی ڈالنے کیلئے ماہرین کے لیکچرز اور ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ABVP کے دیوگری پردیش کے 59 ویں اجلاس کا آج سے لاتور میں آغاز ہورہا ہے۔ راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے کے ہاتھوں اس اجلاس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ تین دِن چلنے والے اس اجلاس کے حوالے سے کل جمعہ کو دوپہر میں شہر سے ایک ریلی بھی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے عزمِ مطالعہ کے تحت ”واچن سنکلپ مہاراشٹراچا“ کے عنوان سے ہنگولی میں سرکاری لائبریری میں مطالعہ ورکشاپ اور نمائشِ کتب کا افتتاح کل ضلع شماریات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس ایم رچاواڑ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔یہ مہم آئندہ 15 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران اجتماعی مطالعہ، مطالعہ ورکشاپ‘ سیمینار اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس مہم کے تحت ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں آج اجتماعی مطالعہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی میں جنتور روڈ پر تبلیغی جماعت کے اجتماع کے پیشِ نظر پربھنی شہر کے ٹریفک کیلئے راستوں میں عارضی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ نے ایک اخباری بیان میں یہ اطلاع دی۔ جس میں عوام کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ ان متبادل عارضی راستوں کا استعمال کریں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت مختص فنڈ میں اضافہ کرنے کا مرکزی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ گڈچرولی کو اِسٹیل سٹی آف اِنڈیا بنانے کی سمت کام جاری: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عندیہ۔
٭ سالِ نو کے پہلے ہی دِن دو علیحدہ علیحدہ سڑک حادثات میں مراٹھواڑہ کے آٹھ زائرین ہلاک۔
٭ بزرگ ادیب سدھیر رَساڑ اور سنجے آروِیکر کو وِدربھ ساہتیہ سنگھ کا ریاستی سطح کا ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ مہاراشٹر کے عزمِ مطالعہ مہم کے تحت ہنگولی اور ناندیڑ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 12.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 12 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...