Tuesday, 15 December 2020

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 15.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ دسمبر ۔۲۰۲۰؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں 21ہزار 992 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے پر حزبِ اختلاف کا ہنگامہ۔
٭ دو روزہ اسمبلی اجلاس جمہوریت کیلئے مناسب نہیں۔ اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے۔
٭ جعلی پاسپورٹ بنانے والا گروہ انسدادِ دہشت گردی محکمے کی حراست میں۔
٭ زرعی مسائل پر انا ہزارے کا بھوک ہڑتال کا انتباہ۔
٭ ریاست میں کل 2 ہزار 949 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 160 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد میونسپل حدود میں گیارہویں اور بارہویں کی جماعتیں شروع کرنے کو منظوری۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس کل ممبئی میں شروع ہوا۔ دو روزہ اجلاس کے پہلے دِن کل قانون ساز اسمبلی میں مختلف بل پیش کیے گئے۔ جن میں مقامی خود مختار ادارے و صنعتی علاقے ترمیمی بل‘ مہاراشٹر عوامی یونیورسٹی ترمیمی بل‘ شکتی فوجداری قانون ترمیمی بل اور بین الاقوامی اسپورٹس یونیورسٹی قانون شامل ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے 21 ہزار 992 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات ریاستی قانون ساز اسمبلی میں پیش کیے۔
قانون ساز کونسل میں مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ پر زوردار ہنگامہ آرائی ہوئی۔ حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے ایوا ن میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ انھوںنے سوال کیا کہ دو روزہ اجلاس میں ریزرویشن‘ کسانوں کے مسائل اور امن و انتظام کی صورتحال پر مباحثہ کس طرح ممکن ہے؟ کونسل کے چیئرمین رام راجے نمبالکر کے اس خصوص میں دئیے گئے بیان سے غیر مطمئن حزبِ اختلاف کے ارکان نے اسپیکر کی نشست کے سامنے آکر نعرے بازی شروع کردی۔ اس شور و غل کے دوران ہی کسان مزدور پارٹی کے قائد جینت پاٹل نے زرعی قوانین کا معاملہ اٹھایا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ زراعت، ریاستی حکومت کا مسئلہ ہے تاہم مرکزی حکومت نے مباحثے کے بغیر زرعی قوانین منظور کیے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ مہاوِکاس آگھاڑی حکومت اس ضمن میں ایک نیا قانون وضع کرے۔ اسی دوران مملکتی وزیرِ مالیات شمبھو راجے دیسائی نے ضمنی اقتصادی مطالبات ایوان کے سامنے پیش کیے، لیکن حزبِ اختلاف کی جانب سے نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی جاری رہی، جس کے بعد چیئرمین نے ایوان کی کاروائی پانچ منٹ کیلئے ملتوی کردی۔ بعد ازاں دونوں ایوانوں کے آنجہانی ارکان کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پیش کرنے کے بعد ایوان کی کاروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
اجلاس کے آغاز سے قبل ہی حزبِ اختلاف ایوان کے داخلی دروازے کے سامنے سیڑھیوں پر ہی مراٹھا ریزرویشن کے مطالبہ پر نعرے بازی کی۔ رکنِ اسمبلی گوپی چند پڈڑکر نے اسمبلی کے احاطے میں ڈھول بجاکر دھنگر سماج کو ریزرویشن دئیے جانے کے مسئلہ پر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے نے کہا ہیکہ دو روزہ اجلاس جمہوریت کیلئے نامناسب ہے۔ وقت کی کمی کے سبب ارکانِ اسمبلی اپنے مسائل ایوان میں پیش نہیں کرپاتے۔ انھوں نے حکمراں جماعت اور حزبِ اختلاف کو تلقین کی کہ آئندہ اجلاس معمول کے مطابق کرنے کیلئے اُصول مرتب کریں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح 8 تا 10 یوم طویل سرمائی اجلاس منعقد کرنا ممکن ہے۔
***** ***** *****
انسدادِ دہشت گردی محکمے نے کل ممبئی میں جعلی پاسپورٹ بنانے والے ایک گروہ کو حراست میں لے لیا۔ 8  افراد پر مشتمل اس گروہ کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں نقلی پاسپورٹ‘ آدھار کارڈ‘ پین کارڈ‘ ووٹنگ کارڈ‘ راشن کارڈ‘ ٹی سی‘ بینکوں کے پاس بک اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ان افراد کے قبضے سے بنگلہ دیشی کرنسی اور بنگلہ دیشی سم کارڈ بھی ضبط کیے گئے۔
***** ***** *****
بزرگ سماجی کارکن انا ہزارے نے زراعت سے متعلق مسائل پر ایک بار پھر بھوک ہڑتال شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ گذشتہ 5 فروری 2019 کو کسانوں کے مطالبات پورے کیے جانے کے تیقن کے بعد انا ہزارے نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔ مرکزی وزیرِ زراعت کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں انا ہزارے نے کہا کہ انہیں دئیے گئے تیقن پر عمل درآمدممکن نہیں ہوا ہے اس لیے وہ اپنی ملتوی کردہ بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کریں گے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ترجمان شیو رائے کلکرنی نے کہا ہے کہ دہلی میں جاری تحریک اب صرف کسانوں کی تحریک نہیں رہی۔ کل واشم میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کسانوں کی تحریک میں سیاست دانوں کی شمولیت پر سخت تنقیدکی۔
سابق مملکتی وزیرِ دفاع و رکنِ پارلیمان سبھاش بھامرے نے بھی کل دھولیہ میں اسی سلسلے میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ زرعی ترمیمی قانون بنانے والی مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست تھی اور جو ترامیم کانگریس اور راشٹروادی کانگریس کے دورِ اقتدار میں کی گئیں وہی ترامیم اب ملک گیر سطح پر کی گئی ہیں تو اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان بھاگوت کراڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ کسان تنظیموں کے احتجاج کا سہارا لیکر کانگریس اور حزبِ اختلاف ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ کل جالنہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اناج کی خرید کا سلسلہ اور بازار کمیٹیوں کے انتظامی اُمور کا نظام بدستور جاری رہے گا اور نئے قوانین سے کسانوں کو اپنا زرعی مال فروخت کرنے کیلئے مزید متبادل مہیا ہوں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 2 ہزار 949 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب اس موذی وباء سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 18 لاکھ 83 ہزار 365 ہوگئی ہے۔ کل ریاست میں 60  افراد دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکے۔ کورونا کے باعث اب تک ریاست میں 48 ہزار 269  افراد جانیں گنوا چکے ہیں اور سرِدست 72 ہزار 383 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل کورونا سے متاثرہ  9  افراد کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ 160 نئے مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ کل بیڑ ضلع میں 5‘ اورنگ آباد ضلع میں 2  اور پربھنی و ناندیڑ اضلاع میں ایک۔ ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 54‘ بیڑ میں 34‘ لاتور 27‘ ناندیڑ 15‘ عثمان آباد اور پربھنی میں 10-10‘ جالنہ میں 7  اور ہنگولی میں کورونا کے 3 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن حدود میں ممنوعہ علاقوںکو چھوڑ کر گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسیس کا آغاز کرنے کو منظوری دے دی گئی۔ میونسپل ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے رہنما اُصولوں کے ساتھ جماعتیں شروع کرنے سے متعلق ایک مکتوب جاری کیا۔ اسکول شروع کرنے سے قبل تمام تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کی طبّی جانچ اور سرپرستوں کی جانب سے متفق ہونے کا صداقت نامہ ضروری ہوگا۔
***** ***** *****
دریں اثناء اورنگ آباد ضلع میں کووِڈ 19- کی منظم طورپر ٹیکہ اندازی کیلئے تیاررہنے کی ہدایت متعلقہ افراد کو ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے دی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکے لینے کے بعد بھی ہر ایک کو ماسک لگانے اور دیگر احتیاط برتنے کی ترغیب بھی انھوں نے دی۔
***** ***** *****
اوبی سی ریزرویشن میں تخفیف و تبدیلی نہ کرنے اور دیگر مطالبات پر کل جالنہ ضلع کے عنبڑ تحصیل دفتر پر او بی سی ریزرویشن بچائو جلوس نکالا گیا۔ بعد ازاں مظاہرین نے تحصیلدار کو ایک محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ سنشودھن سنستھا کی جانب سے دیا جانے والا پدم وِبھوشن گووِند بھائی شراف ایوارڈ مراٹھواڑہ ریلوے کے محقق اوم پرکاش ورما کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کا یہ 17واں سال ہے۔ ہر سال یہ ایوارڈ 21 نومبرکو دیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے ماجلگائوں میں ایک بیاہتا کو خودکشی پر مجبور کرنے کے جرم میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن کورٹ نے بیاہتا کی ساس اور شوہر کو دو برس قید ِ بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ کومل شرساٹھ نامی اس خاتون نے 3 دسمبر 2015 کو خودکشی کی تھی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں 21ہزار 992 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے پر حزبِ اختلاف کا ہنگامہ۔
٭ دو روزہ اسمبلی اجلاس جمہوریت کیلئے مناسب نہیں۔ اسمبلی اسپیکر نانا پٹولے۔
٭ جعلی پاسپورٹ بنانے والا گروہ انسدادِ دہشت گردی ٹیم کی حراست میں۔
٭ زرعی مسائل پر انا ہزارے کا بھوک ہڑتال کا انتباہ۔
٭ ریاست میں کل 2 ہزار 949 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 160 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد میونسپل حدود میں گیارہویں اور بارہویں کی جماعتیں شروع کرنے کو منظوری۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 24.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 24 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...