Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 05.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مراٹھا ریزرویشن پر لگی عبوری روک ہٹانے کے معاملے کی 9 دسمبر کو ہوگی سنوائی؛ سپریم کورٹ کی پانچ رُکنی بینچ
کرے گی سماعت۔
٭ بھارت میں اگلے کچھ ہفتوں میں کورونا وائرس کا ٹیکہ ہوگا دستیاب؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو یقین۔
٭ ناگپور‘ پونے گریجویٹ حلقوں اور پونے ٹیچرس انتخابی حلقے سے مہا وِکاس آگھاڑی کے امیدوار ہوئے کامیاب۔
٭ دلّی میں جاری کسان آندولن سیاسی مقاصد کیلئے؛ سابق ریاستی وزیر سدا بھائو کھوت کا الزام۔
اور
٭ پہلے T-20 مقابلے میں بھارت نے آسٹریلیاء کو 11 رنوں سے ہرایا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
مراٹھا ریزرویشن پر سپریم کورٹ کی جانب سے لگائی گئی عبوری روک ہٹانے کی عرضی پر 9 دسمبر کو عدالت کی آئینی بینچ سنوائی کریگی۔ سپریم کورٹ کی تین رُکنی بینچ نے 9 ستمبر کو دئیے اپنے فیصلے میں مراٹھا ریزرویشن پر روک لگا دی تھی جس سے نوکر بھرتی اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کے خواہشمند SEBC زمرے کے ہزاروں طلبہ متاثر ہوئے ہیں۔اس فیصلے کے بعد ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے آئینی بینچ قائم کرتے ہوئے اس روک کو ہٹانے کی مانگ کی تھی۔ اس عرضداشت پر 9 دسمبر کو سپریم کورٹ کی پانچ رُکنی بینچ سماعت کریگی۔
***** ***** *****
ریاست کے عوام سے خود پہل کرتے ہوئے خون کا عطیہ دینے کی اپیل مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کی ہے۔ کورونا وائرس کے دوران ریاست کے اسپتالوں میں دستیاب خون کی کمی دیکھی جارہی ہے اور فی الحال اگلے پانچ سے چھ دِنوں تک کا خون کا ذخیرہ ہی موجود ہے۔ اس پسِ منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی۔ انھوںنے کہا کہ خون کی کمی کو ٹالنے کیلئے ریاست کی سیاسی‘ مذہبی اور سماجی تنظیمیں آگے آئیں اور خون کے عطیے کے کیمپ منعقد کریں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ اگلے کچھ ہفتوں میں کورونا وائرس کا ٹیکہ دستیاب ہوجائیگا۔ وزیرِ اعظم مودی کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ فی الوقت ملک میں آٹھ مقامات پر کورونا وائرس مخالف ٹیکے پر تحقیق مختلف مرحلوں میں جاری ہے اور سائنسدانوں کی جانب سے اس ٹیکے کو منظوری ملنے کے بعد ٹیکہ اندازی شروع ہوجائیگی۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اس ٹیکے کی ذخیرہ اندوزی اور فراہمی کیلئے کولڈ اسٹوریج قائم کیے جارہے ہیں او رطبّی ملازمین اور کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کو یہ ٹیکہ ترجیحی بنیادوں پر دیا جائیگا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کا ٹیکہ آنے تک ماسک لگانے‘ جسمانی دوری بنائے رکھنے اور بار بار ہاتھ دھوتے رہنے جیسے تین کورونا مخالف بنیادی اُصولوں پر عمل کرتے رہنا ہوگا۔ قریب تین گھنٹوں تک چلی اس میٹنگ میں NCP صدر شرد پوار‘ کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری‘ غلام نبی آزاد‘ ترنمول کانگریس کے ڈیریک اوبرائن اور DMK کے ٹی آر بالو سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
ودھا ن پریشد کیلئے ہوئے ناگپور اور پونے گریجویٹ حلقوں اور پونے ٹیچرس انتخابی حلقے سے مہا وِکاس آگھاڑی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ناگپور گریجویٹ حلقے سے کانگریس کے ابھیجیت ونجاری نے جیت حاصل کی ہے۔ جیت کیلئے درکار 60 ہزار 747 ووٹ پہلے رائونڈ میں کوئی امیدوار حاصل نہیں کرسکا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی سترہویں رائونڈ تک جاری رہی۔ اس کے بعد ابھیجیت ونجاری نے 61 ہزار 701 ووٹ حاصل کرتے ہوئے BJP کے امیدوار سندیپ جوشی کو ہرایا۔ سندیپ جوشی نے 42 ہزار 791 ووٹ حاصل کیے۔ دوسری جانب پونے گریجویٹ انتخابی حلقے سے مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار ارون لاڈ نے جیت حاصل کی ہے۔ لاڈ نے پہلی پسند کے ایک لاکھ 22 ہزار 145 ووٹ لیے‘ جبکہ BJP امیدوار سنگرام دیشمکھ پہلی پسند کے 73 ہزار 221 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کو ردّ کرنے کے مطالبے پر ملک کی کسان تنظیموں نے 8 دسمبر کو بھارت بند کی اپیل کی ہے۔ کل دلّی میں ہوئی اخباری کانفرنس میں کسان تنظیموں کے رہنمائوں نے مرکزی حکومت کی زرعی پالیسیوں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت ان قوانین میں ترمیم کرنے اور کم از کم بنیادی قیمت کا قانون بنانے کیلئے تیار ہے لیکن کسان ان قوانین کو سرے سے منسوخ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کسان رہنمائوں نے انتباہ دیا کہ وہ ان زرعی قوانین کو ردّ کیے جانے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس بیچ کسان رہنمائوںاو رمرکزی حکومت کے درمیان آج پھر بات چیت ہوگی۔ بات چیت کا یہ پانچواں دور ہوگا۔
***** ***** *****
اس دوران مہاراشٹر کے سابق ریاستی وزیر اور رَیت کرانتی سنگھٹنا کے بانی سدا بھائو کھوت نے دلّی میں جاری کسان آندولن کو سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے کیا جارہا احتجاج قرار دیا۔ کھوت نے کہا کہ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے بارے میں سیاسی سطح پر غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔ کھوت نے مزید کہا کہ تینوں زرعی قوانین کی حمایت کرنے کیلئے ان کی تنظیم رَیت کرانتی سنگھٹنا 6 دسمبر کو ممبئی کے آزاد میدان میں مظاہرے کرے گی۔ سدابھائو کھوت نے دعویٰ کیا کہ تینو ںزرعی قوانین کسانو ںکے مفاد میں ہیں اور ان سے زرعی منڈیوں اور کم از کم بنیادی قیمتوں کے مراکز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ‘ بلکہ کسانوں کو زرعی منڈیوںکے باہر بھی اپنی زرعی اشیاء فروخت کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے آج دوپہر اورنگ آبادکے دورے پر تشریف لارہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعلیٰ سمردّھی ہائی وے کے کام کا معائنہ کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ دوپہر دو بجے ویجا پور تعلقے کے موضع گول واڑی جاکر اس شاہراہ کے تعمیری کام کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر سے اورنگ آباد پہنچیں گے اور قریب ساڑھے تین بجے اورنگ آباد ہوائی اڈّے سے ممبئی روانہ ہوں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 5229 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس اضافہ کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 42 ہزار 587 ہوگئی ہے۔ ریاست میں کل 127 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس طرح مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی مجموعی تعداد 47 ہزار 599 تک جاپہنچی ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی شرحِ اموات 2.58% ہے۔
دریں اثناء کل ایک دِن میں ریاست میں 6773 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ریاست کے مختلف اسپتالوں سے رخصت کیا گیا۔ مہاراشٹر میں اب تک 17 لاکھ 10 ہزار 50 افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کی شرح قریب 93% ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی درج شدہ تعداد 83 ہزار 859 ہے، جن کا ریاست کے مختلف اسپتالوںمیں علاج کیاجارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں قابلِ لحاظ کمی درج کی گئی۔ کل صرف اورنگ آبادمیں ایک مریض کی موت ہوئی اور 104 مریض منظرِ عام پر آئے۔ جالنہ میں 47‘ بیڑ میں 44‘ لاتور میں 41‘ پربھنی میں 31‘ ناندیڑ میں 26‘ عثمان آباد میں 21 اور ہنگولی میں 7 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح مراٹھواڑہ بھر میں کل 321 نئے کورونا پازیٹیو مریض سامنے آئے۔ اس بیچ کل اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن پر دلّی سے آئے 194 مسافرین اور ہوائی اڈّے پر 24 مسافرین کا RT-PCR ٹیسٹ کیا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 64 ویں مہاپری نروان دِن کی تقریبات کو کووِڈ مخالف ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ممبئی کے دادر میں واقع چیتیہ بھومی کی تقریبات کو براہِ راست نشر کیا جائیگا، جس سے ڈاکٹر امبیڈکر کو گھر پر رہ کر بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میں کل ایک ٹرک اور ٹیمپو کے درمیان ہوئے حادثے میں 2 لوگوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ عنبڑ شاہراہ پر پٹرول پمپ کے قریب کل صبح پیش آیا۔ مرنے والوںکی پہچان سُمیت دُسنگھ اور امول آلہاٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں افراد احمد نگر ضلع کے نیواسہ پھاٹے کے رہنے والے ہیں۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے درمیان کل کینبرا میں کھیلے گئے پہلے T-20 مقابلے میں بھارت نے میزبان آسٹریلیاء کو 11 رنوں سے ہرادیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیاء نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلّے بازی کرنے کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ 20 اووروں میں 7 وکٹ کے نقصان پر 161 رن بنائے۔ جواب میں نشانے کا پیچھا کرنے اُتری آسٹریلیائی ٹیم 150 رن ہی بناسکی۔ بھارتی گیندباز یجویندر چہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چہل نے 4 اووروں نے 25 رن دیکر 3 وکٹ لیے۔ تین T-20 مقابلوں کی سیریز کا دوسرا میچ 6 دسمبر کو اور تیسرا میچ 8 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مراٹھا ریزرویشن پر لگی عبوری روک ہٹانے کے معاملے کی 9 دسمبر کو ہوگی سنوائی؛ سپریم کورٹ کی پانچ رُکنی بینچ کرے گی سماعت۔
٭ بھارت میں اگلے کچھ ہفتوں میں کورونا وائرس کا ٹیکہ ہوگا دستیاب؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو یقین۔
٭ ناگپور‘ پونے گریجویٹ حلقوں اور پونے ٹیچرس حلقے سے مہا وِکاس آگھاڑی کے امیدوار ہوئے کامیاب۔
٭ دلّی میں جاری کسان آندولن سیاسی مقاصد کیلئے؛ سابق ریاستی وزیر سدا بھائو کھوت کا الزام۔
اور
٭ پہلے T-20 مقابلے میں بھارت نے آسٹریلیاء کو 11 رنوں سے ہرایا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment