Wednesday, 2 March 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں تاریخ: 02 مارچ 2022 وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 March-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ مارچ  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ممبئی میں کل سے ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس؛ حزبِ اختلاف کی جانب سے نواب ملِک کے مستعفی نہ ہونے پر اجلاس نہ چلنے دینے کا انتباہ۔
٭ اورنگ آباد شہر میں گھریلو اور صنعتی استعمال کیلئے طبعی گیس بذریعۂ پائپ لائن فراہمی کے کام کا آج افتتاح۔
٭ بجلی کی فراہمی سے مستقل محروم صارفین کیلئے وزیرِ توانائی کی جانب سے ’’وِلاس رائو دیشمکھ اَبھئے یوجنا ‘‘کا اعلان۔
٭ ریاست میں اومیکرون سے متاثرہ 104 نئے مریض؛ اورنگ آباد ضلع کے 14‘ اور جالنہ کے 8 مریض شامل۔
اور۔۔٭ ریاست میں نئے 675 کووِڈ متاثرین؛ مراٹھواڑہ میں ایک مریض کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل سے ممبئی میں شروع ہورہا ہے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خطاب سے اس اجلاس کا آغاز ہوگا۔ بجٹ اجلاس میں وزیرِ مالیات اَجیت پوار 2022-23 کے مالی سال کیلئے بجٹ پیش کریں گے۔ اس سلسلے میں لائحۂ عمل طئے کرنے کیلئے حزبِ اختلاف کا اجلاس آج ہوگا‘ جبکہ حکومت کی جانب سے آج روایتی چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دریں اثناء بی جے پی کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل نے انتباہ دیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے ED کی تحویل میں موجود وزیر نواب ملِک کا استعفیٰ نہیں لیتے تو ان کی پارٹی بجٹ اجلاس چلنے نہیں دے گی۔ کل کولہا پور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نواب ملِک کا استعفیٰ لینے کی بجائے مجلسِ وزراء ان کی حمایت میں راستوں پر اُتر رہی ہے اور یہ امر افسوسناک ہے۔ چندر کانت پاٹل نے کہا کہ کسانوں کے بجلی بل کے معاملے میں اس سے قبل ہی بی جے پی ریاست گیر تحریک چلا چکی ہے۔ اب سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کی جانب سے راجو شیٹی کی زیرِ قیادت تحریک شروع کی گئی ہے‘ اس تحریک کی بی جے پی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں گھریلو اور صنعتی استعمال کیلئے طبعی گیس PNG کی پائپ لائن کے کام کا افتتاح آج مرکزی وزیر برائے پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری کے ہاتھوں بذریعہ ٹیلی کانفرنسنگ عمل میں آئے گا۔ اب سے کچھ دیر بعد 11 بجے شہر کے سانسکرتک منڈل میدان پر ہونے والے اس پروگرام مںے مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ اور مملکتی وزیرِ ریل رائو صاحب دانوے بھی شرکت کریں گے۔ فضائی آلودگی سے بچنے اور گھر تک گیس کی براہِ راست ترسیل کیلے یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بھارت پٹرولیم کارپوریشن کی معرفت یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کل اس سلسلے میں کیے جارہے کاموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس برس دِسمبر تک شہر کے پہلے صارِف کو اس پائپ لائن کے ذریعے گیس دیئے جانے کا ہدف ہے۔ اس لائن کے ذریعے شہر کے 2   لاکھ گھروں کو گیس فراہم کی جائیگی۔
اسی دوران مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات ہردیپ سنگھ پوری کو کالی جھنڈیاں دکھانے اور مظاہرہ کرنے کا فیصلہ مجلس اتحادالمسلمین کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے واپس لے لیا ہے۔ اورنگ آباد ضلع انتظامیہ کی جانب سے پہاڑی ٹیلے، ہائی ٹینشن بجلی لائن کے تحت آنے والی زمینیں‘ کھدانوں اور تجاوزات والی متنازعہ قطعۂ اراضی پنت پردھان آواس یوجنا کے تحت دی گئی تھی‘ ضلع انتظامیہ کے ان فیصلوں کی مذمت میں امتیاز جلیل یہ مذمتی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا‘ تاہم ضلع انتظامیہ نے اس مظاہرہ کا نوٹس لیتے ہوئے اندرونِ 24 گھنٹے پنت پردھان آواس یوجنا کیلئے سندر واڑی اور چکل تھانہ کی 33 ہیکٹر اراضی دینے کا اعلان کیا‘ جس کے بعد رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے یہ مذمتی مظاہرہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
***** ***** *****
بجلی ترسیل کار کمپنی مہاوِترن کے وہ صارفین جن کی بجلی مستقلاً مسدود کردی گئی ہے انھیں بقایہ جات میں رعایت دینے اور دوبارہ کنکشن دینے سے متعلق وِلاس رائو دیشمکھ اَبھئے یوجنا کا اعلان وزیرِ توانائی نتن رائوت نے کل کیا۔ یکم مارچ 2022 تا 31  اگست 2022 کے درمیان اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ زرعی صارفین کے سوا تمام صارفین اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ وِلاس رائو دیشمکھ یوجنا کے تحت اگر صارفین ان کے ذمہ واجب الادا بقایہ جات یکمشت ادا کرتے ہیں تو انھیں رقم پر عائد سود اور جرمانہ مکمل طور پر معاف ہوگا۔ علاوہ ازیں اگر صارفین یہ رقم یکمشت ادا کرتے ہیں تو انھیں بل کی اصل رقم میں بھی رعایت دی جائیگی۔ کم دبائو والے صارفین کو 10 فیصد اور ہائی ٹینشن لائن والے صارفین کو اصل رقم میں 5 فیصد اضافی رعایت دی جائیگی۔ نتن رائوت نے اس کے علاوہ اقساط میں ادائیگی کرنے والے صارفین کیلئے بھی اسکیم کی تفصیلات پیش کیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومیکرون کے نئے 104 مریضوں کی موجودگی سامنے آئی‘ جس میں اورنگ آباد ضلع کے 14‘ اور جالنہ ضلع کے 8 مریض شامل ہیں۔ پونا ضلع میں 41‘ سندھو دُرگ میں 12‘ نئی ممبئی میں 8‘ تھانہ 5‘ میرا بھائندر 3‘ اور ستارا ضلع میں اومیکرون کے 2 مریض پائے گئے۔ اس طرح اب ریاست میں اومیکرون وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 733 تک پہنچ چکی ہے۔ جن میں سے 4 ہزار 509 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ کے 675 نئے کیسیز سامنے آئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 78 لاکھ 66 ہزار 380 ہوگئی ہے۔ کل 5 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے‘ جس کے بعد کورونا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 706 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 6 ہزار 106 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ بھر میں کل 25 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ اورنگ آباد ضلع میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔ کل بیڑ ضلع میں 7 نئے مریضوں کی موجودگی درج کی گئی۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد میں 5‘ لاتور 4‘ اور ناندیڑ‘ پربھنی اور عثمان آباد میں 3-3 نئے مریض سامنے آئے ۔
***** ***** *****
انجینئرنگ نصاب میں داخلے کے مسابقتی امتحانات JEE کی تاریخ کا اعلان متعلقہ قومی ادارے نے کردیا ہے۔ JEE امتحانات کا پہلا مرحلہ اپریل میں اور دوسرا مرحلہ ماہ مئی میں ہوگا۔ 16 تا 21  اپریل اور 24 تا 29 مئی کے درمیان یہ امتحانات لیے جائیں گے۔ اس کیلئے درخواست دہی کی آخری تاریخ 31 مارچ ہوگی۔
***** ***** *****
تلجا پور کے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے سوال اُٹھایا ہے کہ کسانوں کی فصلوں کے بیمے کا مسئلہ حکومت ایک اجلاس طلب کرکے حل کرسکتی تھی، لیکن اس سلسلے میں حکمراں شیوسینا اور اس کی حلیف جماعتیں خاموش کیوں ہیں؟ وہ کل عثمان آباد میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں 75 ہزار 632 کسانوں کے بیمے کی رقم منظور کی گئی اور بقیہ کسان اب بھی اس سے محروم ہیں۔ بیمہ کمپنی کو 639 کروڑ روپئے موصول ہوئے، جس میں سے صرف 55 کروڑ 68 لاکھ روپئے ہی تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سن لیجیے:
٭ ممبئی میں کل سے ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس؛ حزبِ اختلاف کی جانب سے نواب ملِک کے مستعفی نہ ہونے پر اجلاس نہ چلنے دینے کا انتباہ۔
٭ اورنگ آباد شہر میں گھریلو اور صنعتی استعمال کیلئے طبعی گیس بذریعۂ پائپ لائن فراہمی کے کام کا آج افتتاح۔
٭ بجلی کی فراہمی سے مستقل محروم صارفین کیلئے وزیرِ توانائی کی جانب سے ’’وِلاس رائو دیشمکھ اَبھئے یوجنا ‘‘کا اعلان۔
٭ ریاست میں اومیکرون سے متاثرہ 104 نئے مریض؛ اورنگ آباد ضلع کے 14‘ اور جالنہ کے 8 مریض شامل۔
اور۔۔٭ ریاست میں نئے 675 کووِڈ متاثرین؛ مراٹھواڑہ میں ایک مریض کی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 04.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 04 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...