Date: 16 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۶؍ اگست ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو پر مصمم عزمِ نو‘ روایات پر فخر‘ یکجہتی‘ فرائض کی ادائیگی اور غلامانہ نفسیات سے نجات کے پانچ نکات پر عمل کرنے
کی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ترغیب۔
٭ ریاست کو ملک کی سرِفہرست ریاست بنانے کی سمت سفر جاری: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ مراٹھواڑہ میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
٭ کل سے ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس؛ آج کُل جماعتی ارکان کیلئے چائے پارٹی۔
٭ کسانوں کی دشواریوں سے آگاہی کیلئے ’’ایک دِن کسانوں کے ساتھ‘‘ مہم ریاست بھر میں چلانے کی وزیرِ زراعت عبدالستار کی ہدایت۔
اور۔۔٭ شیوسنگرام پارٹی کے رہنماء سابق رکنِ اسمبلی ونایک میٹے کی آخری رسومات ادا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو پر مصمم عزمِ نو‘ اپنی ماضی کی روایات پر فخر‘ یکجہتی‘ فرائض کی ادائیگی اور غلامانہ نفسیات سے نجات حاصل کرنے کے پانچ رُکنی ایجنڈے پر عمل کرنے کی ترغیب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دی ہے۔ 76 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں کل وزیرِ اعظم نے لال قلعے پر پرچم کشائی کی۔ بعد ازاں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور عوام کو آزادی کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر نریندر مودی نے جئے جوان‘ جئے کسان‘ جئے وگیان اور جئے انوسندھان کا نیا نعرہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ مختلف فرقوں کے باوجود یکجہتی ہی ملک کی طاقت ہے۔ خواتین کی عزت‘ بھارت کی ترقی کی بنیاد ہے۔ اس لیے ناری شکتی کو طاقتور بنانے کی ضرو رت پر انھوں نے زور دیا۔ اپنی تقریر میں وزیرِ اعظم نے آیوروید اور یوگا جیسی مستحکم روایات‘ خود کفیل بھارت کا عزم اور نئی تعلیمی پالیسی جیسے موضوعات پر بھی رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوانی اور اقرباء پروری کسی بھی ملک کیلئے ٹھیک نہیں ہوتی اور اس کے خلاف لڑائی کیلئے عوام کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اپنی زندگی کے آئندہ 25 سال ملک و قوم کے نام وقف کردیں۔ اس کے علاوہ مودی نے کہا کہ ہمیں پوری انسانیت کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں منترالیہ میں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر ریاست کے شہریوں سے اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر ملک کی صفِ اوّل کی ریاست بننے کی سمت گامزن ہے۔ انھوں نے عوام کو ترغیب دی کہ ہم سب مل کر ریاست اور ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کا حلف لیں۔ مستقبل کی منصوبہ بندی‘ زرعی میدان میں ترقی کیلئے منصوبہ بندی جیسے موضوعات کا انھوں نے اپنی تقریر میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ شندے نے کہا کہ محروم طبقات کو ریزرویشن دینے کیلئے اُن کی حکومت عہد بند ہے اور اس خصوص میں جاری اسکیموں کا ذکر انھوں نے کیا۔ ریاست میں نئی قومی تعلیمی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے نئی تعلیمی پالیسی کی تفصیلات بھی اپنے خطاب میں پیش کیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ بھر میں بھی یومِ آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ ہر گھر ترنگا مہم کے باعث اس جوش و خروش میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اورنگ آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈویژنل کمشنر دفتر کے احاطے میں منعقد ہوئی۔ جہاں روزگار ضمانتی اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے کہا کہ کئی میدانوں میں اورنگ آباد ریاست میں سرِ فہرست ہے۔ پردھان منتری ماترتو وندنا یوجنا کا ہدف 115 فیصد حاصل کرکے 2021-22 میں اورنگ آباد ریاست بھر میں دوسرے نمبر پر رہا۔ رائے دہندگان کی فہرست کی ترتیبِ نو میں اورنگ آباد ڈویژن میں سرِ فہرست رہا۔
جالنہ میں وزیرِ زراعت عبدالستار کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ جالنہ ضلع کے کسانوں اور عوام کی ہمہ گیر ترقی کیلئے حکومت پابند ہے۔
پربھنی میں امدادِ باہمی کے وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں مرکزی تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ گذشتہ 75 برس کی تاریخ اطمینان بخش ہے لیکن اس کے باوجود ضلع کے سامنے اور ریاست و ملک کے سامنے آج بھی کئی چیلنجیس درپیش ہیں اور ہم سب کو متحدہ طور پر ان کا سامنا کرتے ہوئے نئے بھارت کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنا ہوگا۔
عثمان آباد میں حفظانِ صحت کے وزیر ڈاکٹر تاناجی ساونت کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر انھوں نے شہید میموریل ستون پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اپنی تقریر میں ساونت نے ضلع میں سیلاب سے ہوئے نقصانات کے پنچنامے فوری مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ عثمان آباد ضلع کی ترقی کو مزید تیز کیا جائیگا۔
ناندیڑ میں یومِ آزادی سرکاری تقریب میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر نے‘ بیڑ میں ضلع کلکٹر رادھا بِنود شرما‘ لاتور میں ضلع کلکٹر پرتھوی راج بی پی اور ہنگولی میں ضلع کلکٹر جتندر پاپڑکر کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
مختلف تعلیمی‘ سرکاری و نیم سرکاری دفاتر‘ مختلف پارٹیوں‘ سماجی تنظیموں اور خانگی اسٹیبلشمینٹس میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ اورنگ آباد شہر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ترنگا پدیاترا نکالی گئی۔ یہ تمام جلوس کرانتی چوک پر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے سے قریب اختتام پذیر ہوئے۔ جہاں دیش بھکتی گیتوں اور نعروں سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔
***** ***** *****
عثمان آباد میں یومِ آزادی کی مناسبت سے آدرش شکشن پرسارک منڈل کی جانب سے ملک کا سب سے بڑا ترنگا جلوس نکالا گیا۔ 7 ہزار 575 فٹ طویل پرچم کے ساتھ ادارے کی مختلف شاخوں کے 10ہزار طلبہ اور ایک ہزار تدریسی ملازمین بھی اس ترنگا یاترا میں شامل تھے۔ یہ اطلاع ادارے کے چیئرمین سدھیر پاٹل نے دی۔
***** ***** *****
ہر گھر ترنگا مہم کے تحت اب تک پانچ کروڑ سے زائد شہریوں نے اپنے گھروں پر ترنگے کے ساتھ اپنی تصاویر ویب سائٹ پر اپلوڈ کی ہیں۔ آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے مکانات پر پرچم لگاکر ہر گھر ترنگا مہم میں شامل ہونے کی تلقین کی تھی۔
***** ***** *****
طبّی تعلیم کے وزیر گریش مہاجن نے وضاحت کی ہے کہ ریاستی کابینی توسیع اور قلمدانوں کی تقسیم پر کسی قسم کی کوئی ناراضی نہیں ہے۔ کل ناسک میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اضلاع کے رابطہ وزیروں کی فہرست آئندہ دو تین دِنوں میں جاری کردی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت میں کام کرنے کیلئے کوئی بھی محکمہ دوسرے درجے کا نہیں ہوسکتا۔ اگر کسی کی ناراضی ہو بھی تو آئندہ کابینی توسیع میں اسے دور کرلیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں آج شام حکومت کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کو روایتی چائے پارٹی پر مدعو کیا گیا۔ اس کے بعد ریاستی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ اسمبلی کا یہ اجلاس 25 اگست تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 189نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں اب تک کووڈ سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 80 لاکھ 73 ہزار 529 ہوگئی ۔ کل اس وباء کے باعث ایک مریض انتقال کرگیا۔ اب بھی ریاست میں12 ہزار 148 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 56 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ ان میں ناندیڑ ضلع کے 19‘ عثمان آباد 17‘ اورنگ آباد 9‘ لاتور 5‘ بیڑ 4‘ اور پربھنی و ہنگولی اضلاع کا ایک ایک مریض شامل ہے۔
***** ***** *****
شیوسنگرام سنگھٹنا کے سربراہ اور سابق رُکنِ اسمبلی ونایک میٹے کی آخری رسومات کل بیڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔ اتوار کی صبح ممبئی۔ پونا ایکسپریس وے پر ایک بھیانک حادثے میں میٹے چل بسے تھے۔ آخری رسومات کی ادائیگی سے قبل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے‘ سابق وزیر پنکجا منڈے‘ ریاستی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر اہم شخصیات نے میٹے کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھا کر انھیں خراجِ تعزیت پیش کیا۔
ونایک میٹے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن کیلئے میٹے نے جو جدوجہد کی ہے اسے ضائع ہونے نہیں دیا جائیگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو پر مصمم عزم‘ روایات پر فخر‘ یکجہتی‘ فرائض کی ادائیگی اور غلامانہ ذہنیت سے نجات کے پانچ نکات پر عمل کرنے کی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ترغیب۔
٭ مہاراشٹر کو ملک کی سرِفہرست ریاست بنانے کی سمت سفر جاری: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ مراٹھواڑہ میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
٭ کل سے ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس؛ آج کُل جماعتی ارکان کیلئے چائے پارٹی۔
٭ کسانوں کی دشواریوں سے آگاہی کیلئے ’’ایک دِن کسانوں کے ساتھ‘‘ مہم ریاست بھر میں چلانے کی وزیرِ زراعت عبدالستار کی ہدایت۔
اور۔۔٭ شیوسنگرام پارٹی کے رہنماء سابق رکنِ اسمبلی ونایک میٹے کی آخری رسومات ادا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment