Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 03 November-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/نومبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج منایا جارہا ہے جوش و خروش کے ساتھ دیوالی کے بھاؤ بیج کا تہوار؛ اور کل مختلف قسم کی خریداری کے ساتھ کیا گیا پاڑوے کا اہتمام۔
٭ مرکزی خفیہ ایجنسی کے الرٹ کے بعد ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی رہنماء دیویندر پھڑنویس کی سیکوریٹی میں کیا گیا اضافہ۔
٭ احمدنگر ضلع میں 23 کروڑ روپئے مالیت کے سونے کے بسکٹ ضبط۔
اور۔۔۔٭ ممبئی کرکٹ ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کو بھارت کے خلاف دوسری اننگ میں 143 رنو ں کی برتری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھائی‘ بہن کے رشتے کو اور مضبوطی دینے والا اور محبت میں اضافہ کرنے والا دیوالی کا بھاؤ بیج تہوار آج منایا جارہا ہے۔ اس دِن بھائیوں کی جانب سے اپنی بہنوں کو تحفے دینے کا رواج ہے۔ بھاؤ بیج کے پیشِ نظر کل تمام بس اسٹینڈس اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کا ہجوم رہا۔ اسی دوران کل دیوالی کا پاڑوا منایا گیا۔ یہ دِن دیوالی کے ساڑھے تن برکت والے دِنوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اس دن اچھے کامو ں کا آغاز کرنے اور اہم خریداریاں کرنے کا رواج ہے۔ اسی لیے اس دن زیادہ تر لوگ نیا مکان‘ نئی گاڑی اور زیورات خریدتے ہیں۔ کل بازاروں میں تحفے‘ موبائل فونز‘ الیکٹرانک اشیاء کی خریدی کیلئے صارفین کی بھیڑ لگ گئی۔
اسی بیچ وکرم سنوت 2081 کا کل سے آغاز ہوگیا۔ ملک کی کئی حصوں میں اسے نئے سال کی شروعات سمجھا جاتا ہے۔ گجراتی نئے سال کے موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ کل ملک بھر میں گووردھن پوجا کی گئی۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس مناسبت سے ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
بارامتی کے پوار خاندان کی گذشتہ کئی برسوں سے ایک ساتھ دیوالی منانے کی روایت کل ٹوٹ گئی۔ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار گروپ کے صدر شرد پوار نے بارامتی کے گووند باغ میں کل پاڑوا منایا، جبکہ اجیت پوار کے پاڑوے کی تقریب کاٹے واڑی میں منعقد ہوئی۔ شرد پوار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی برسوں سے چلی آرہی یہ روایت اگر باقی رہتی تو انہیں بڑی خوشی ہوتی۔ وہیں دوسری جانب اجیت پوار نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ پاڑوے کی تقریب بڑے پیار سے منائی گئی۔ انھوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ کئی برسوں کا یہ رشتہ آگے بڑھتا رہے گا۔
***** ***** *****
دیوالی کے موقع پر ہر جگہ شائقین ِ موسیقی اور مختلف ثقافتی پروگرام سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس طرح کی تقریبات کو آج کل کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ ناندیڑ میں آج صبح مشہور گلوکار بھیم راؤ پانچالے کے غزل کا پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔یہ پروگرام سرکاری ریسٹ ہاؤس میں صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔ اسی طرح کل پونے میں سنت مکتا بائی کی زندگی کا احاطہ کرنے والا برہمچت کلا مکتائی نامی پروگرام پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہاراشٹر کے سنتوں کے کام کی معلومات اور اہمیت کو بیان کیا گیا۔
***** ***** *****
اہلیہ نگر ضلع کے مثالی گاؤں ہیورے بازار کے مکینوں نے کل روشنی کا تہوار دیوالی منائی۔ ہر خاندان کی جانب سے ایک چراغ یعنی کُل 850 دئیے جلاکر پانی میں چھوڑے گئے۔ یہاں ہر برس اسی طرح روشنی کا یہ تہوار منایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
واشم ضلع کے کارنجہ میں ضلع پریشد اسکول کے استاد گوپال کھاڑے نے اپنے مکان پر لگائی گئی آسمانی قندیل کے ذریعے رائے دہی کے فیصد میں اضافے کا پیغام دیا ہے۔ کھاڑے خاندان کی جانب سے رائے دہی کی خاطر ووٹروں کو بیدار کرنے کیلئے دیوالی کی اس آسمانی قندیل کے ذریعے کوشش کی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے خبردار کیے جانے کے بعد ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی رہنماء دیویندر پھڑنویس کی سیکوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ فی الحال انھیں ”Z“ درجہ کی سیکوریٹی دی جارہی ہے۔ پھڑنویس کی جان کو خطرہ ہونے اور ایک سازش رچے جانے کی اطلاع مرکزی خفیہ ایجنسی نے ریاستی خفیہ ادارے کو دی۔ جس کے بعد ریاستی پولس چوکس ہوگئی اور نائب وزیرِ اعلیٰ کی حفاظت بڑھا دی گئی۔ فورس وَن کے 12 سپاہی پھڑنویس کی حفاظت کیلئے تعینات کیے گے ہیں۔ ممبئی‘ ناگپور میں ان کی رہائش گاہوں پر اور ان کی تقریبات میں سیکوریٹی فراہم کرنے کیلئے پولس کو ہدایات دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر اور کانگریس کے ضلع صدر اَنل کوشک کل بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں کوشک کے پارٹی میں شامل ہونے سے نئی ممبئی میں اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
***** ***** *****
بی جے پی کے باغی رکنِ اسمبلی گوپال شیٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ انتخابات میں بوریولی اسمبلی حلقے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ شیٹی نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھو ں نے بتایا کہ ان کی یہ ملاقات دیوالی کی مبارکباد دینے کیلئے تھی۔ شیٹی نے وضاحت کی کہ انھوں نے پارٹی نہیں چھوڑی ہے اور نہ وہ آئندہ پارٹی چھوڑیں گے۔ انھو ں نے بتایا کہ ان کا ہر قدم پارٹی کے فائدے کیلئے ہے اور وہ پارٹی میں رہ کر پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ہے۔ اسی دوران پھڑنویس نے کہا ہے کہ شیٹی نے اب تک پارٹی نظم و ضبط کی پاسداری کی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ وہ بوریولی حلقے سے دستبردار ہوجائیں گے۔
***** ***** *****
ناگپور سے پانچ مرتبہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے چکے انیس احمد کل دوبارہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔ چند دن قبل وہ ونچیت بہوجن آگھاڑی میں شمولت اختیار کرچکے تھے اور وسطی ناگپور اسمبلی حلقے سے آگھاڑی کے امیدوار کے طور پر میدان میں اُترنے والے تھے، تاہم پرچہ داخل کرنے میں دیری کے سبب اُن کی درخواست داخل نہ ہوسکی۔ کل ممبئی میں کانگریس پارٹی کے دفتر میں مہاراشٹر کیلئے پارٹی کے مبصر رمیش چینّی تھلا کی موجودگی میں دوبارہ پارٹی سے جُڑ گئے۔
***** ***** *****
احمدنگر ضلع کے سوپا ٹول ناکے پر کل ایک گاڑی سے 23 کروڑ 71 لاکھ روپئے مالیت کے سونے چاندی کے بسکٹ ضبط کیے گئے۔ انتخابی کمیشن کے دستے اور پولس فورس کی جانب سے مشترکہ طور پر شک کے دائرے میں آنے والی گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ یہ گاڑی چھترپتی سمبھاجی نگر سے روانہ ہوئی تھی۔ اس معاملے میں آگے کی جانچ ہورہی ہے۔
***** ***** *****
سامعین کرام! ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ”آڑھاوا ودھان سبھا متدار سنگھانچا“ نامی پروگرام روزانہ آکاشوانی سے شام سات بجکر 10منٹ پر نشر کیا جارہا ہے۔ آج اس پروگرام میں بلڈانہ ضلع کے اسمبلی حلقوں کا جائزہ پیش کیا جائیگا۔
***** ***** *****
امیدوار اب اسمبلی انتخابات کے دوران ماڈل بیلیٹ پیپر کے طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ کاغذی سائز کے بیلیٹس چھپا نہیں سکتے۔ انتخابی محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل مکمل ہونے تک اس پر پابندی برقرار رہے گی۔ تاہم امیدوار کمیشن کی طرف سے تجویز کردہ کاغذ پر ماڈل بیلیٹ پیپر استعمال کرسکتے ہیں۔ چھاپے گئے مواد پر شائع کرنے اور چھاپنے والے کا نام‘ پتہ اور کاپیوں کی تعداد نہ لکھے جانے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اسی بیچ کمیشن نے اطلاع دی ہے کہ امیدوار اپنے انتخابی خرچ کی تفصیلات کیلئے علیحدہ اکاؤنٹ کھولے اور اس کے ذریعے انتخابی عمل کا لین دین کرے۔ ساتھ ہی امیدوار اپنے خلاف داخل مقدمے سے متعلق اشتہار شائع کرے اور اسے بھی انتخابی خرچ میں دکھائے۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ناندیڑ جنوبی انتخابی حلقے کے امیدواروں کے انتخابی خرچ کی پہلی جانچ آئندہ 17 نومبر‘ دوسری 11 نومبر‘ جبکہ تیسری 15 نومبر کو کی جائیگی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق یہ جانچ چکھل واڑی میں ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن یکی جانب سے مہاراشٹر کیلئے مقرر کیے گئے حصوصی الیکشن انسپکٹر رام موہن مشرا نے کل اہلیہ نگر ضلع کلکٹر دفتر میں انتخابی عمل کی تیاریوں کا جائزے کی خاطر میٹنگ کا اہتمام کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے کی گئی شفاف اور پُرامن ماحول میں انتخابات کرائے جانے کی کی گئی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
نندوربار ضلعے میں ایک تیز رفتار جیپ کی ٹکر سے پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی۔ گذشتہ شب دیر نندوربار سے دھانورا راستے پر لوئے پمپل لود گاؤں کے قریب یہ حادثہ ہونے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
ممبئی کرکٹ ٹسٹ میچ کے دوران نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف دوسری اننگ میں 143رنوں کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ کل کھیلے گئے مقابلے میں دوسرے دِن بھارت کی پہلی اننگ 263 رنوں پر ختم ہوگئی۔ شبھ من گِل 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کل کھیل روکے جانے تک نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں نو وِکٹوں پر 171 رنز بنالیے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آج منایا جارہا ہے جوش و خروش کے ساتھ دیوالی کے بھاؤ بیج کا تہوار؛ اور کل مختلف قسم کی خریداری کے ساتھ کیا گیا پاڑوے کا اہتمام۔
٭ مرکزی خفیہ ایجنسی کے الرٹ کے بعد ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی رہنماء دیویندر پھڑنویس کی سیکوریٹی میں کیا گیا اضافہ۔
٭ احمدنگر ضلع میں 23 کروڑ روپئے مالیت کے سونے کے بسکٹ ضبط۔
اور۔۔۔٭ ممبئی کرکٹ ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کو بھارت کے خلاف دوسری اننگ میں 143 رنو ں کی برتری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment