Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date: 01.03.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 March-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم مارچ ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر میں اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی آج سے ہورہی ہے شروعات؛ اجلاس سے پہلے اپوزیشن اور حکومت نے ایک دوسرے پر لگائے الزامات۔
٭ پوجا چوہان معاملے میں وزیرِ جنگلات سنجے راٹھوڑ کا استعفیٰ ہوا منظور۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی اطلاع۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے ریاست کے علاقائی خود مختار اداروں پر نامزد ایڈمنسٹریٹرس کی مدت 30 اپریل تک بڑھائی۔
اور
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لگوایا کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ۔ لوگوں سے کہا اپنی باری آنے پر ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
مہاراشٹر اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج سے ممبئی میں شروع ہورہا ہے۔ بجٹ کی شروعات گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خطاب سے ہوگی۔ اس دوران وزیرِ مالیات اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار 8 مارچ کو مہا وِکاس آگھاڑی حکومت کا دوسرا بجٹ پیش کریں گے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پس منظر میں اس مرتبہ اجلاس کی معیاد 10 دِن کردی گئی ہے۔ ایوان میں اراکینِ اسمبلی کی نشستوںکے درمیان ضروری جسمانی دوری بنائے رکھنے کے مطابق بیٹھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
اجلاس سے پہلے منعقدہ اخباری کانفرنس میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو خارج کردیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دیویندر پھڑنویس کا الزام ہیکہ کورونا وائرس کے عرصے کے دوران بدعنوانی ہوئی ہے، لیکن اس طرح کا الزام لگاکر وہ کورونا جانبازوں کا مذاق کررہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مز ید کہا کہ وہ اپوزیشن رہنمائوں کے رویّوں سے سخت مایوس ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کورنا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے اور اس بات پر بھرپور توجہ دی جارہی ہیکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں اضافہ نہ ہو۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مہاراشٹر میں جہاں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے وہاں ہر سہولت مہیا کروائی جارہی ہے۔
اس بیچ بیڑ ضلعے کی پوجا چوہان کی موت کے معاملے میں جنگلات کے وزیر سنجے راٹھوڑ کا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ پوجا چوہان کی موت افسوسناک ہے اور اس معاملے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کی جارہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پوجا چوہان کے والدین نے اُن سے ملاقات کی لیکن سنجے راٹھوڑ کے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔ تاہم راٹھوڑ نے اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دیا۔
دوسری جانب سنجے راٹھوڑ نے استعفیٰ دینے کے بعد کہا کہ وہ وزیر کے عہدے سے علیحدہ ہونے کے بعد بھی اس تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ جانچ مکمل ہونے سے پہلے ہی اپوزیشن انہیں بدنام کررہی ہے جبکہ پولس تحقیقات جاری ہے، جس میں سچ سامنے آہی جائیگا۔ واضح ہو کہ پوجا چوہان اور سنجے راٹھوڑ کی تصویریں اور آڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے ہی BJP راٹھوڑ کے استعفے کا لگاتار مطالبہ کررہی تھی۔
***** ***** *****
اس دوران ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے الزام لگایا ہیکہ مہاراشٹر کی معاشی ترقی تھم گئی ہے اور امن و قانون کی صورتحال بھی سنگین ہوچکی ہے۔ آج سے شروع ہورہے بجٹ اجلاس کے تناظر میں ممبئی میں کل بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکینِ اسمبلی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں ریت کی چوری‘ پولس اہلکاروں کے تبادلے اور کورونا وائرس کے دوران بڑے پیمانے پر ہورہی مبینہ بے ضابطگیوں جیسے معاملوں کو وہ اجلاس کے دوران اُٹھائیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں آج سے کورونا مخالف ٹیکہ اندوزی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہورہا ہے۔ ریاست کے ٹیکہ اندازی افسر DN پاٹل نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں کورونا سے بچائو کا ٹیکہ مفت دیا جائیگا جبکہ خانگی اسپتال میں 250 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگ اور 45 سال سے زیادہ عمر والے ایسے افراد جو دیگر بیماریو ں میں مبتلا ہیں وہ آج سے ٹیکہ لگوانے کیلئے ’’کووِن‘‘ اَیپ پر اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیدھے اسپتال پہنچ کر بھی ٹیکہ لگوایا جاسکتا ہے۔ ٹیکہ اندازی افسر نے بتایا کہ جلد ہی ٹیکہ اندازی کرنے والے اسپتالوں کی فہرست جاری کردی جائیگی۔
اورنگ آباد شہرمیں بھی تین طبّی مراکز پر معمر افراد کیلئے کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگوانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان میں اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کا بنسی لال نگر دواخانہ، N-11 اور N-8 کے طبّی مراکز شامل ہیں۔ ان مراکز پر صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک ٹیکے لگوائے جاسکتے ہیں۔ کارپوریشن کی ہیلتھ افسر نیتا پاڈلکر نے یہ جانکاری دی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں مدت ختم کرچکے علاقائی خود مختار اداروں پر تعینات ایڈمنسٹریٹرس کی معیاد 30 اپریل تک بڑھا دی ہے۔ کل ہوئے کابینی اجلاس میں اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔ریاستی انتخابی کمیشن نے ریاستی حکومت کو بتایا کہ کورونا وائرس کا زور بڑھ گیا ہے اور ان حالات میں چنائو کروانا ممکن نہیں ہے۔ انتخابی کمیشن نے ایڈمنسٹریٹرس کی مدت میں توسیع کیے جانے کی سفارش کی تھی‘ جسے ریاستی حکومت نے قبول کرلیا۔ اس فیصلے کے بعد اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بھی ملتوی ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے چیف سیکر یٹری کے طور پر سیتا رام کُنٹے نے کل اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے کُنٹے کا خیر مقدم کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آج صبح کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ لگوایا۔ انھوں نے نئی دلّی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیز ’’ایمس‘‘ میں یہ ٹیکہ لیا۔ مودی کو بھارت بائیو ٹیک کمپنی کے تیار کردہ ’’کوویکسین‘‘ کی پہلی ڈوز دی گئی۔ اس دوران مودی نے ملک کے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی تعریف کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی باری آنے پر ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں گذشتہ روز 8293 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 21 لاکھ 55 ہزار 70 تک جاپہنچی ہے۔ ریاست میں کل 62 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کُل تعداد 52 ہزار 154 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب ڈھائی فیصد ہے۔
دوسری جانب کل ریاست بھر کے مختلف اسپتالوں سے 3753 لوگوںکو کورونا سے صحت یاب قرار دیکر گھر بھیج دیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں 20 لاکھ 24 ہزار 704 افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 77 ہزار 8 ہے جو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 639 نئے کورونا پازیٹیو مریضوںکا انکشاف ہوا‘ جبکہ 6 مریضوں کی موت ہوگئی۔ جان گنوانے والوں میں اورنگ آباد اور جالنہ ضلعوں سے 2-2 اور بیڑ اور پربھنی ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 256 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ وہیں ناندیڑ میں 90 مریض پائے گئے۔ لاتور میں 86 مریضوں کا اضافہ ہوا، جبکہ جالنہ میں 79 مریض منظرِ عام پر آئے۔ بیڑ میں 43‘ پربھنی میں 33‘ ہنگولی میں 51 اور عثمان آباد میں 20 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میںکورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کو دیکھتے ہوئے ضلعے میں آج سے 7 دِنوںتک کرفیو لگادیا گیا ہے۔ہنگولی ضلع کلکٹر رُچیش جئے وَنشی نے کل اس بارے میں حکمنامہ جاری کیا۔ دوسری جانب آج سے نافذ کیے جارہے کرفیو کے مدِنظر کل ہنگولی کے بازاروں میں بھیڑ اُمڈ پڑی اور لوگ ضروری چیزیں خریدنے کیلئے ٹوٹ پڑے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں سنیچر اور اتوار کے روز کرفیو نافذ رہا۔ ضلعے میں کل نافذ کردہ کرفیو کا ملا جلا ردّ عمل رہا۔ دوپہر کے بعد کئی دُکانیں کھل گئیں اور لوگ کثیر تعداد میں سڑکوں پر نظر آئے۔
***** ***** *****
پربھنی میں کورونا وائرس کے دوران بیوپاریوں اور کاروباری افرادکی صحت کی جانچ کیلئے خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس مہم کے تحت پربھنی کے ویشنوی منگل کاریالیہ، کارپوریشن کے اسپتال اور جونا پیڑ گائوںروڈ پر واقع ہیلتھ سینٹر پر RT-PCR اور اینٹی جن ٹسٹ کیمپ رکھے گئے ہیں۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے تاجروں اور کاروباری افراد سے اپیل کی ہیکہ وہ ان مراکز پر جاکر اپنی طبّی جانچ ضرور کروائیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں ماسک کے بغیر گھومنے والوں سے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے کل جرمانے وصول کیے۔ کاروائی کے دوران کارپوریشن کے عملے نے 91 افراد سے فی کس 500 روپئوں کے حساب سے جملہ 45,500 روپیوں کا جرمانہ وصول کیا۔
***** ***** *****
ریاستی محکمہ صحت کے گروپ C عہدوں کی بھرتی کیلئے کل ریاست بھر میں امتحانات منعقد ہوئے۔ سوالیہ پرچہ ایک گھنٹہ دیر سے ملنے پر اورنگ آباد کے کچھ امتحانی مراکز پر امیدواروں نے ہنگامہ آرائی کی۔ اس بیچ چکل تھانہ پولس نے امتحان دے رہے امیدواروں کو موبائل فون پر جوابات فراہم کرنے والے کنٹرول روم پر چھاپہ مارا اور اس ریکٹ میں شامل 5 لوگوں کو گرفتار کرلیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر میں اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی آج سے ہورہی ہے شروعات؛ اجلاس سے پہلے اپوزیشن اور حکومت نے ایک دوسرے پر لگائے الزامات۔
٭ پوجا چوہان معاملے میں وزیرِ جنگلات سنجے راٹھوڑ کا استعفیٰ ہوا منظور۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی اطلاع۔
٭ مہاراشٹر حکومت کے ریاست کے علاقائی خود مختار اداروں پر نامزد ایڈمنسٹریٹرس کی مدت 30 اپریل تک بڑھائی۔
اور
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لگوایا کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ۔ لوگوں سے کہا اپنی باری آنے پر ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment