Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۵؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہری‘ دوسری خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23978046 اور 1075 یا ریاستی امدادی مرکز کیلئے 020- 26127394 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ ریاست میں بریک دی چین کے تحت نافذ العمل پابندیوںمیں پیر سے رعایت کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔ کووِڈ کے پھیلائو کی شرح اور آکسیجن کی دستیابی کی بنیاد پر ضلعوں کی 5 زمروں میں تقسیم۔
٭ میوکر مائیکوسس کے خانگی اسپتالوں میں علاج کیلئے فیس کی شرح کا تعین۔
٭ ریاست میں کورونا کے 14 ہزار 152 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 52 مریضوںکی موت۔
٭ CBSE کے بارہویں کے طلبہ کے نشانات کی پالیسی طئے کرنے کیلئے 12 رُکنی کمیٹی کا قیام۔
٭ عثمان آباد شہر میں نابالغ لڑکی کی شادی روکنے میں بہبودِ اطفال محکمے کو کامیابی۔
اور۔۔ ٭ آج عالمی یومِ ماحولیات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست میں بریک دی چین کے تحت سرِدست نافذالعمل پابندیوں میں پیر سے رعایت دینے سے متعلق حکمنامہ ریاستی حکومت نے کل جاری کیا۔ کووِڈ پھیلائو کی شرح اور زیرِ استعمال آکسیجن بیڈ کی بنیاد پر اضلاع کو 5 زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پرسوں 7 جون سے ریاست بھر میں یہ ضوابط نافذ ہوں گے۔ جن اضلاع میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے کم اور آکسیجن بیڈ 25 فیصد سے کم زیرِ استعمال ہوں وہ پہلے درجے میں آئیں گے اور اس طرح کے تمام اضلاع میں تمام کام کاج معمول کے مطابق شروع کردئیے جائیں گے۔
کورونا کے پھیلائو کی شرح 5 فیصد اور زیرِ استعمال آکسیجن بیڈ 25 تا 40 فیصد کے درمیان رہنے والے اضلاع دوسرے درجے میں آئیں گے۔ ان اضلاع میں تعمیراتی کام اور زرعی خدمات پوری طرح کھول دی جائیں گی۔ ریسٹورنٹس، مالس، سینما گھر، جِم، سلون 50 فیصد کھول دئیے جائیں گے۔
جن اضلاع میں کورونا کی شرح 5 تا 10 فیصد اور آکسیجن بیڈ کا استعمال 40 فیصد سے زیادہ ہو وہاں ضروری خدمات سمیت دیگردُکانیں دوپہر 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ ہفتے اور اتوار کو صرف ضروری خدمات ہی کھلی رہیں گی۔
کورونا کی شرح 10 تا 20 فیصد اور آکسیجن لیس پلنگوں کا استعمال 60 فیصد سے زائد والے اضلاع چوتھے درجے میں آئیں گے۔ ان اضلاع میں صرف ضروری خدمات سہ پہر چار بجے تک کھلی رہیں گی اور دیگر کام کاج پوری طرح بند رہیں گے۔
جن اضلاع میں کورونا کے پھیلائو کی شرح 20 فیصد سے زائد ہوگی وہاں ضروری خدمات پیر تا جمعہ سہ پہر 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ ہفتے اور اتوار کو طبّی خدمات کے سوا بقیہ تمام کام کاج بند رہیں گے۔ پہلے درجے میں مراٹھواڑہ کے ہنگولی، جالنہ، ناندیڑ، لاتور شامل ہیں۔ اورنگ آباد ضلع دوسرے درجے میں ہے، جبکہ بیڑ، عثمان آباد اور پربھنی تیسرے درجے میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں میوکرمائیکوسس عارضے کی خانگی اسپتالوں میں فیس کی شرح کا تعین کردیا گیا ہے۔ اس خصوص میں شعبۂ صحت کی سفارشات کو وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے منظوری دے دی۔ شرح کے تعین کیلئے شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ خانگی اسپتال فیس کی متعین کردہ اس شرح سے زائد فیس وصول نہیں کرسکیں گے۔ میوکر مائیکوسس کا علاج مہنگا ہونے کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 14 ہزار 152 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب اس وباء سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 58 لاکھ 5 ہزار 565 ہوگئی ہے۔ کل 289 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح ر یاست میں اب کورونا کے باعث 98 ہزار 771 افرادکی موت واقع ہوچکی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں ایک لاکھ 96 ہزار 894 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 984 مریضوںکی کورونا جانچ مثبت پائی گئی اور 52 مریض انتقال کرگئے۔ جن میں لاتور ضلع کے 20‘ اورنگ آباد 12‘ بیڑ 10‘ پربھنی 4‘ اور جالنہ، ہنگولی اور عثمان آباد کے 2۔ 2 مریض شامل ہیں۔ کل بیڑ ضلع میں 265 اور اورنگ آباد ضلع میں 193 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے 540 دیہات مکمل طور پر کورونا سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ورشا ٹھاکر گھگے نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ‘ ضلع پریشد، محکمہ صحت کی آنگن واڑی کارکن سے لیکر ضلع طبّی افسر تک ہر ایک کی انتھک محنت کے نتیجے میں یہ کامیابی ممکن ہوسکی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق سفارشات کیلئے قائم کردہ ماہرینِ قانون کی کمیٹی نے عدالت ِ عظمیٰ کے فیصلے کیخلاف نظرِ ثانی درخواست داخل کرنے کی سفارش کی ہے۔ الٰہ آباد عدالت ِ عالیہ کے سبکدوش چیف جسٹس دلیپ بھونسلے کی زیرِ صدارت اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو پیش کی۔ مراٹھا ریزرویشن کی کابینی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے بتایا کہ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں 40 سے زائد قانونی نکات کو بنیاد بناکر یہ نظرِ ثانی درخواست داخل کرنے کی سفارش کی ہے۔
***** ***** *****
جنگلات‘ ماحولیات اور موسمیاتی تغیر کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے کہا ہے کہ پانی استعمال کرنے کے عادات و اطوار تبدیل کرکے پانی کی بچت کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوںنے آبپاشی کے مختلف طریقے اختیار کرکے آبی ذخائر کی منصوبہ بندی اور گھریلو استعمال کی بہتر منصوبہ بندی پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****
ریاست میں محکمہ ڈاک کی جانب سے ملازمین کیلئے ایمبولنس خدمات مہیا کی گئی ہیں۔ مال برداری کرنے والی گاڑیوںکو محکمے کی جانب سے ایمبولنس میں تبدیل کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں میں طبّی سہولیات اور آکسیجن سلنڈر رکھے گئے ہیں۔ پونا، اورنگ آباد، ناگپور اور کولہا پور کے محکمہ ڈاک کے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے یہ خدمات دستیاب ہوں گی۔
***** ***** *****
مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE کے بارہویں کے طلبہ کے نشانات کے تخمینے کیلئے پالیسی طئے کرنے کی غرض سے ایک 12 رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی اندرونِ 10 یوم اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ مرکزی وزارتِ تعلیم کے اضافی سیکریٹری وِپن کمار کی زیرِ صدارت یہ کمیٹی کام کرے گی۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا نے اپنی دو ماہی کریڈٹ پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ RBI گورنر شکتی کانت داس نے بتایا کہ ریپو ریٹ اور ریورس ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ریپوریٹ 4 فیصد اور ریورس ریپو ریٹ 3 اعشاریہ تین پانچ فیصد برقرار رکھا گیا ۔
کووِڈ 19- کے باعث متاثر ہونے والے شعبۂ جات کی خصوصی امداد کا فیصلہ بھی RBI نے کیا ہے۔ جس کے تحت ہوٹل، سیاحت، آٹو موبائل درستی، ایونٹ مینجمنٹ گروپس، سلون و بیوٹی پارلر چلانے والے افراد اس سے مستفید ہوسکیں گے۔ ان شعبۂ جات کو قرض کی فراہمی کیلئے 15 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ تین سال کیلئے دیا جانے والا یہ قرض صرف 4 فیصد شرح سود پر دیا جائیگا۔
***** ***** *****
بجلی ترسیل کار کمپنی کے سربراہ اور مینیجنگ ڈائریکٹر وجئے سنگھل نے علاقائی دفاتر کو حکم دیا ہے کہ موسمِ باراں میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوتی ہے تو جنگی پیمانے پر کام کرکے اسے درست کیا جائے۔ انھو ںنے کہا ہے کہ مانسون سے قبل ہونے والے مینٹیننس کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
آج عالمی یومِ ماحولیات منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں اورنگ آباد شہر میں گوگا بابا ٹیکڑی پر دیسی اقسام کے 6 ہزار 250 پودے ضلع انتظامیہ کی جانب سے لگائے جائیں گے۔ ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے بتایا کہ اس کے علاوہ شولاپور کے کاس پٹھارا کے خطوط پر مختلف پھولوں کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے کھام ندی کے اطراف اور N-6 کے بالا صاحب ٹھاکرے میموریل گارڈن میں شجر کاری کی جائیگی۔
***** ***** *****
گیس ایجنسی دلانے کے نام پر جعلسازی کرنے والے ایک شخص کو اورنگ آباد سائبر پولس نے گرفتار کرلیا ۔ نتیش کمار جتندر پرساد نامی یہ شخص بہار کا ساکن ہے۔ خود کو بھارت پٹرولیم کا افسر ظاہر کرکے اُس نے مہاراشٹر کے علاوہ دہلی، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے مختلف افراد سے 56 لاکھ 61 ہزار روپئے کی دھوکہ دہی کی۔ کل اسے عدالت نے 7 دِن پولس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ۔
***** ***** *****
عثمان آباد شہر میں خواتین او ربہبودِ اطفال محکمے نے نابالغ لڑکی کی شادی روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ شہر کے شیونیری علاقے میں ایک نابالغ لڑکی کی شادی ہونے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ افسران نے موقع پر پہنچ کر یہ شادی رُکوائی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاست میں بریک دی چین کے تحت نافذ العمل پابندیوںمیں پیر سے رعایت کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ میوکر مائیکوسس کے خانگی اسپتالوں میں علاج کیلئے فیس کی شرح کا تعین۔
٭ ریاست میں کورونا کے 14 ہزار 152 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 52 مریضوںکی موت۔
٭ CBSE کے بارہویں کے طلبہ کے نشانات کی پالیسی طئے کرنے کیلئے 12 رُکنی کمیٹی کا قیام۔
اور۔۔ ٭ آج عالمی یومِ ماحولیات۔
***** ***** *****
ان خبروں کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب کے چینل اورنگ آباد AIR پر کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment