Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۷؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23978046 اور 1075 یا ریاستی امدادی مرکز کیلئے 020- 26127394 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ ریاست میں 5 زمروں میں میں تقسیم کی بنیاد پر لاک ڈائون میں رعایت؛مکمل رعایت ہنوز نہیں: وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے۔
٭ اورنگ آباد شہر‘ جالنہ، ناندیڑ او رلاتور پہلے زمرے میں‘ دیہی اورنگ آباد‘ پربھنی‘ بیڑ‘ عثمان آباد اور ہنگولی تیسرے درجے میں شامل۔
٭ ریاست میں 12 ہزار 557 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 35 مریضوںکی موت۔
٭ بیڑ میں مراٹھا مورچہ نکالنے کی پاداش میں شیوسنگرام پارٹی کے سربراہ رُکنِ اسمبلی ونایک میٹے اورسابق ایم ایل اے نریندر پاٹل
سمیت 2 ہزار 703 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔
اور۔۔٭ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی ریاست کے مختلف مقامات پر بارش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ر یاست میں بریک دی چین کے تحت لاک ڈائون میں سرِدست مکمل رعایت نہیں دی جارہی ہے۔ آج سے ریاست میں پانچ درجوں میں دی جانے والی رعایت کے سلسلے میں انھوں نے کہا کہ مختلف اضلاع اور شہروں کے مختلف زمرو ںمیں کی گئی تقسیم کے مطابق مقامی انتظامیہ لاک ڈائون میں ہونے والی رعایتوں سے متعلق فیصلہ کریں گی۔ اگر کورونا کے پھیلائو سے متعلق خدشات ہوں تو کسی بھی دبائو میں نہ آتے ہوئے کام کاج پر پابندیاں لگانے کی ہدایت انھوںنے مقامی انتظامیہ کو دی۔ کسی بھی تقریب میں ہجوم اکٹھا نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کا حکم بھی وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کاروباری طبقے اور فلمی صنعت کے نمائندوں سے بھی کل تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تلقین کی کہ مستقبل میں مزید پابندیوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
***** ***** *****
کووِڈ کے پیشِ نظر عائد پابندیوں میں رعایت سے متعلق طئے کردہ حکمت ِ عملی کے مطابق اورنگ آباد ضلع میں اورنگ آباد شہر پہلے درجے میں جبکہ بقیہ ضلع تیسرے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ اورنگ آباد شہر میں فی الحال کورونا کی شرح دو اعشاریہ دو چار فیصد اور زیرِ استعمال آکسیجن بیڈ 22 اعشاریہ ایک نو فیصد ہے۔ بقیہ ضلع کی شرح پانچ اعشاریہ چار چھ اور آکسیجن بیڈ کی شرح 20 اعشاریہ تین چار فیصد ہے۔ ا س لیے اورنگ آباد ضلع کے دیہی علاقوں میں روزانہ شام 5 بجے سے کرفیو نافذ رہے گا۔ ضروری اشیاء کی دُکانیں صبح سات بجے سے سہ پہر چار بجے تک کھلی رہیں گی۔ تاہم اورنگ آباد شہر میں ضروری خدمات کے علاوہ سینما گھروں‘ ہوٹلوں‘ حجامت کی دُکانوں اور دیگر کاروبارکے علاوہ تقاریب کے انعقاد‘ اجتماعات‘ کھیلوں کے مقابلوں‘ سماجی پروگراموں اور دیگر پروگرامس کو بھی احتیاطی اقدامات کے ساتھ مکمل طور پر اجازت دے دی گئی ہے۔سرکاری اور خانگی دفاتر میں بھی صد فیصد حاضری کے ساتھ کام کریں گے۔ اسی دوران اورنگ آباد شہر کے تاجر طبقے اور ان کے پاس کام کرنے والے ملازمین کو RT-PCR جانچ کرنا لازمی ہوگا۔ ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے بتایا کہ اس جانچ کیلئے انھیں7 دِن کا وقت دیا جائیگا۔
جالنہ، ناندیڑ اور لاتور اضلاع کا شمار پہلے درجے میں ہورہا ہے، اس لیے ان اضلاع میں تمام کاروباری ادارے، دُکانیں، ریسٹورنٹس‘ سرکاری دفاتر‘ باغات‘ تفریحی مقامات اور کھیلوں کے میدان کھول دئیے جائیں گے۔ شادی بیاہ کی تقاریب میں 100 افراد اور آخری رسومات میں 50 افراد کی شمولیت کی اجازت ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ عوامی مقامات پر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔
پربھنی‘ بیڑ اور عثمان آباد اضلاع کو بریک دی چین کی تقسیم کیلئے کی گئی درجہ بندی کے تیسرے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس لیے ان اضلاع میں کاروبار سہ پہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ سرکاری دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم سینما گھروں‘ ڈرامہ ہال اور مالز بندرہیں گے۔ شادی بیاہ کیلئے صرف 50 افراد اور آخری رسومات میں 20 افراد ہی شرکت کرسکیں گے۔
ہنگولی ضلع کا شمار تیسرے زمرے میں کیا گیا ہے۔ وہاں صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک حکمِ امتناع اور شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہیگا۔ ضروری اشیاء کی دُکانیں صبح 9 تا دوپہر 4 بجے تک اور دیگر دُکانیں کل 8 جون سے ایک دِن ناغے کے ساتھ صبح 9 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک کھلیں گی۔ ہوٹلوں میں 50 فیصد گاہکوں کو اجازت ہوگی، جبکہ شام 4 بجے سے 7 بجے تک صرف پارسل خدمات کی اجازت ہوگی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے پہلے چار زمروں میں شامل اضلاع میں سفر کرنے کیلئے ای۔ پاس کی شرط ختم کردی ہے۔ اس لیے آج سے ریاست بھر میں اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں شروع دوبارہ ہوجائیں گی۔ بسوںمیں مسافر صرف نشستوں پر بیٹھ کر سفر کرسکیں گے۔
***** ***** *****
12تا 18 سا ل کی عمر کے بچو ںمیں کووِڈ ٹیکہ اندازی کے نتائج جانچنے کیلئے کل سے ناگپور میں تجرباتی مشق کا آغاز ہوا۔ بھارت بائیو ٹیک کے کوویکسین ٹیکوں کی جانچ کیلئے 12 تا 18 برس کی عمر کے 50 بچوں کو پہلا ٹیکہ دیا گیا۔ انہیں 28 دِنوں کے فاصلے سے دوسری خوراک دی جائیگی۔ جس کے بعد اینٹی باڈیز کی جانچ آئندہ 208 دِنوں میں کی جائیگی۔ یہ تفصیلات ناگپور کے محقق اور ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر وسنت کھڑتکر نے دی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 12 ہزار 557 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کووِڈ مریضوں کی کُل تعداد 58 لاکھ 31 ہزار 781 ہوگئی ہے۔ کل 233 افراد کی د ورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ ریاست میں اب تک اس وباء کے باعث ایک لاکھ 130 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں ایک لاکھ 85 ہزار 527 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 742 افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ جبکہ 35 افراد دورانِ علاج چل بسے۔ جن میں لاتور ضلع کے 15‘ اورنگ آباد 11‘ بیڑ 5‘ جالنہ 2‘ اور پربھنی و عثمان آباد ضلع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ کل بیڑ ضلع میں کورونا کے 181 اور اورنگ آباد ضلع میں 139 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
کورونا وباء کے پیشِ نظر عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے کی پاداش میں شیوسنگرام پارٹی کے سربراہ ونایک میٹے اور سابق رکنِ اسمبلی نریندر پاٹل سمیت 2 ہزار 703 افرا دکے خلاف بیڑ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مراٹھا سماج کو ریزرویشن ملنے تک خصوصی رعایتوں کے مطالبے پر ان افراد نے گذشتہ 5 تاریخ کو بیڑ شہر میں جلوس نکالا تھا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ‘ مراٹھا ریزرویشن کمیٹی کے چیف کنوینر پردیپ سالونکے نے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھا سماج کو دیگر پسماندہ طبقات OBC میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ اس مطالبے کو منوانے کیلئے کمیٹی نے شیوراجیہ ابھیشیک دِن سے اپنی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کی رسمِ تاجپوشی کی 348 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کل شیو سوراج دِن ریاست بھر میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے عوام کو نیک خواہشات پیش کیں۔ اس وقت کے سوراجیہ کی دارالحکومت سمجھے جانے والے رائے گڑھ قلعے میں یہ دِن روایتی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
موسمی بارش مانسون کا سلسلہ بحیرۂ عرب کے وسط او ردیگر علاقوں میں فعال ہوگیا ہے۔ جس کے باعث مہاراشٹر کے بیشتر مقامات پر کل زوردار بارش ہوئی۔ اورنگ آباد شہر میں کل شام موسلا دھار بارش ہوئی۔ سلوڑ تعلقے کے اوپڑی مقام پر ایک 25 سالہ شخص بجلی گرنے سے ہلاک ہوگیا۔ جالنہ میں بھی کل تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ بیڑ ضلع کے کیج، دھارور، گیورائی، ماجلگائوں اور بیڑ تعلقے میں بارش ہوئی۔ پربھنی ضلع کے سون پیٹھ میں بجلی گرنے سے ایک 70 سالہ بزرگ کی موت واقع ہوگئی۔
اسی دوران آج اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ،عثمان آباد اور لاتور اضلاع میں گھن گرج اور تیز ہوائوں کے ساتھ زوردار بارش کی پیش گوئی محکمۂ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپور یشن کی جانب سے بے گھر اور معذور افراد کے لیے کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی مہم شروع کی جارہی ہے۔ آج سے شہر کے 9 مراکز پر یہ ٹیکہ اندازی عمل میں آئیگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاست میں 5 زمروں میں میں تقسیم کی بنیاد پر لاک ڈائون میں رعایت؛مکمل رعایت ہنوز نہیں: وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے۔
٭ اورنگ آباد شہر‘ جالنہ، ناندیڑ او رلاتور پہلے زمرے میں‘ دیہی اورنگ آباد‘ پربھنی‘ بیڑ‘ عثمان آباد اور ہنگولی تیسرے درجے میں۔
٭ ریاست میں 12 ہزار 557 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 35 مریضوںکی موت۔
٭ بیڑ میں مراٹھا مورچہ نکالنے کی پاداش میں شیوسنگرام پارٹی کے سربراہ رُکنِ اسمبلی ونایک میٹے سمیت سمیت 2 ہزار 703 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔
اور۔۔ ٭ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی ریاست کے مختلف مقامات پر بارش۔
***** ***** *****
ان خبروں کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب کے چینل اورنگ آباد NEWS AIR پر کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment