Date: 04 February-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/فروری ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت ادبی اداروں کے ساتھ ہر وقت کھڑی ہے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
”ایک راشٹر‘ ایک بھاشا“ کا نعرہ مکمل طور پر نامنظور: کُل ہند ساہتیہ سمّیلن کے صدر جسٹس نریندر چپلگاؤنکر کی وضاحت۔
٭ قانون ساز کونسل کے امراوتی گریجویٹس حلقے کے انتخاب میں مہا وِکاس آگھاڑی کے دھیرج لنگاڑے فاتح۔
٭ قانون ساز اسمبلی کے قصبہ اور چنچوڑ نشستوں کے ضمنی انتخابات مہا وِکاس آگھاڑی متحدہ طور پر لڑے گی۔جینت پاٹل
٭ بی جے پی اور باڑا صاحب کی شیوسینا پارٹی قانون ساز کونسل انتخابات میں شکست کے اسباب کا جائزہ لے گی۔
٭ اقتصادی طور پر پسماندہ زمرے سے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ مہا راشٹر ایڈمنسٹریٹیو ٹریبیونل نے کالعدم قرار دیا۔
اور۔۔ ٭ جالنہ میں ورچول کرنسی کے فراڈ کے معاملے میں 4 مشتبہ افراد گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ہمیشہ ادبی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ وہ کل وردھا میں منعقدہ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ ادبی شخصیات اپنی تحریروں میں معاشرے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کریں گے۔ اس موقع پر مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے صدر ریٹائرڈ جسٹس نریندر چپلگاؤنکر بھی موجود تھے۔ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اگر حکومت غلط کام کرے تو ادب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اُن کا کان پکڑنے کا حق ہے۔ ریاستی حکومت کو عوامی مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے اور جب حکومت کوئی درست فیصلہ کرتی ہے تو اسے پذیرائی ملتی ہے‘ اور اگر یہ پذیرائی ادبی حلقوں سے آتی ہے تو ہمیں مزید توانائی اور حوصلہ ملتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے صدر کو ”ریاستی مہمان“ کا درجہ دینے کا مطالبہ تسلیم کرلیا گیاہے۔ سمّیلن کے صدر نریندر چپلگاؤنکر نے کہا کہ ”ایک راشٹر ایک بھاشا“ کا نعرہ ہمیں بالکل بھی قبول نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک راشٹر نام پر قومی اتحاد سے ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن علاقائی زبانوں اور لسانی ثقافت سے قومی یکجہتی حاصل کی جاسکتی ہے۔ آئین کے مطابق ہندی زبان کو ملک کے کاروبارِ مملکت کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس مہاراشٹر میں مراٹھی کو نظرانداز کرکے ہندی کو استعمال نہیں کیا جاسکتا‘ کیونکہ ہندی واحد قومی زبان نہیں ہے بلکہ بیشتر علاقائی زبانوں کو بھی قومی زبان کا درجہ حاصل ہے۔ چپلگاؤنکر نے لکشمن شاستری جوشی کا حوالہ دتے ہوئے کہا کہ کس طرح مضبوط قوم پرستی کے حصول کیلئے علاقائی مادری زبانوں میں تخلیق کردہ ادب کو فروغ دیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے امراوتی گریجویٹس حلقے میں مہاوِکاس آگھاڑی کے اُمیدوار دھیرج لنگاڑے نے 3 ہزار 382 ووٹوں سے فتح حاصل کی ہے۔ اس الیکشن میں لنگاڑے کے حق میں 46 ہزار 344 ووٹ پڑے، جبکہ ان کے حریف بی جے پی اُمیدوار ڈاکٹر رنجیت پاٹل نے 42 ہزار 962 ووٹ حاصل کیے۔ فاتح قرار دینے کیلئے کوٹہ مکمل کرنے کی غرض سے 30 گھنٹے تک ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری رہا۔ ریاست کی قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں میں سے 3 میں مہا وِکاس آگھاڑی اور ایک پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی، جبکہ ایک حلقے سے آزاد اُمیدوار کامیاب ہوا۔
دریں اثناء اورنگ آباد اساتذہ حلقہ انتخاب سے مسلسل چوتھی مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والے مہا وِکاس آگھاڑی کے اُمیدوار رُکنِ اسمبلی وکرم کاڑے نے کل اورنگ آباد کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا‘ انھوں نے اساتذہ سے بات چیت میں انتخابات میں حمایت کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تیقن دیا کہ وہ اساتذہ کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
***** ***** *****
مہا وِکاس آگھاڑی نے اعلان کیا ہے کہ قصبہ اور چنچوڑ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات متحدہ طور پر لڑے گی۔ راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے بتایا کہ آگھاڑی کی کونسی جماعت کس حلقے سے الیکشن لڑے گی اس کا اعلان آج کیا جائیگا۔ وہ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اتحاد کی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کرکے حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ کسان مزدور پارٹی‘ سماج وادی پارٹی اور مہا وِکاس آگھاڑی کے دیگر رہنماؤں سے بھی اس سلسلے میں گفت و شنید کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں ارکانِ اسمبلی کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر حزبِ اختلاف اپنے امیدوار کھڑے کرچکی ہے‘ اس لیے اب ان نشستوں کے بلامقابلہ انتخاب کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اس دوران بی جے پی رہنماء رکنِ اسمبلی چندر کانت پاٹل نے کہا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی ضمنی انتخابات کیلئے پارٹی اُمیدواروں کے نام کا فیصلہ کریگی اور اس کے بعد ہی قصبہ اور چنچوڑ حلقوں میں کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اُن کی پارٹی ضمنی انتخابات میں امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کی خواہاں ہے۔ اس خصوص میں حزبِ اختلاف کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ قانون ساز کونسل انتخابات میں جن حلقوں میں بی جے پی اور باڑا صاحب کی شیوسینا اتحاد کو شکست ہوئی وہاں شکست کے اسباب کا جائزہ لیا جائیگا اور خود احتسابی کرکے خامیوں کو دور کیا جائیگا۔ کل وردھا میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سابقہ پنشن اسکیم دوبارہ لاگو کرنے پر غور کررہی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا سماج کے نوجوانوں کو مالی طور پر کمزور زمرے ای ڈبلیو ایس کے تحت ملازمین کی بھرتی میں فراہم کردہ خصوصی رعایت اور اس سلسلے میں جاری کردہ تمام سرکاری فیصلے مہاراشٹر ایڈمنسٹریٹیو ٹریبیونل ”میٹ“ نے کالعدم قرار دئیے ہیں۔ اس طرح اب سرکاری احکامات کے تحت سرکاری ملازمین کی بھرتی بھی منسوخ سمجھی جائیگی۔ اس کے علاوہ گذشتہ برس حکومت کی جانب سے جاری کردہ اُمیدواروں کو قطعی فہرست بھی ٹریبیونل نے کالعدم قرار دی ہے۔ ٹریبیونل نے مہاراشٹر لوک سیوا آیوگ کو حکم دیا ہے کہ آئندہ 4ہفتوں میں مالی طور پر پسماندہ افراد کے امیدواروں کی قطعی فہرست تیار کرے اور دیگر زمروں کے امیدواروں کی فہرست جوں کی توں برقرار رکھی جائے۔
***** ***** *****
آئندہ مارچ میں ہونے والے جماعت دہم کے امتحانات کیلئے ہال ٹکٹ ویب سائٹ مہا ایچ ایس ایس سی بورڈ ڈاٹ اِن سے اسکول کے لاگ اِن کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکیں گے۔ مہاراشٹر ثانوی و اعلیٰ ثانوی بورڈ نے ایک مکتوب کے ذریعے بتایا ہے کہ 6 فروری کو دوپہر تین بجے کے بعد سے یہ ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کیے جاسکیں گے۔ اس کیلئے اسکول طلبہ سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کرسکے گا‘ ہال ٹکٹ میں اگر کوئی ترمیم ہوتو اسے بورڈ سے رابطہ کرکے کیا جاسکتا ہے۔ اسکولوں کو اس ہال ٹکٹ کی ایک نقل بورڈ میں بھی جمع کروانا ہوگی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں کرپٹو کرنسی کے جی ڈی سی کوائن فراڈ معاملے میں جالنہ کی مالی جرائم پولس کے اسکواڈ نے کل 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان افراد کو پونا سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 4 گاڑیاں‘ 3 مہنگے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر اور 9مہنگے موبائل ضبط کیے گئے۔ ان کے قبضے سے ضبط شدہ اشیاء کی قیمت 44 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے جی ڈی سی کوائن میں سرمایہ کاری کیلئے ان ملزمین نے متعدد افراد کے ساتھ جعلسازی کی تھی۔
***** ***** *****
مدھیہ پردیش میں جاری ”کھیلو انڈیا“ جونیئر مقابلوں میں مہاراشٹر تمغوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہے۔ اب تک مہاراشٹر کے کھلاڑی 13 طلائی‘ 17 نقرئی اور 12 کانسے کے تمغے حاصل کرچکے ہیں۔ اس طرح اب تک مہاراشٹر کو کُل 43 تمغے ملے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی حکومت ادبی اداروں کے ساتھ ہر وقت کھڑی ہے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
”ایک راشٹر‘ ایک بھاشا“ کا نعرہ مکمل طور پر نامنظور: کُل ہند ساہتیہ سمّیلن کے صدر جسٹس نریندر چپلگاؤنکر کی وضاحت۔
٭ قانون ساز کونسل کے امراوتی گریجویٹس حلقے کے انتخاب میں مہا وِکاس آگھاڑی کے دھیرج لنگاڑے فاتح۔
٭ قانون ساز اسمبلی کے قصبہ اور چنچوڑ نشستوں کے ضمنی انتخابات مہا وِکاس آگھاڑی متحدہ طور پر لڑے گی۔جینت پاٹل
٭ بی جے پی اور باڑا صاحب کی شیوسینا پارٹی قانون ساز کونسل انتخابات میں شکست کے اسباب کا جائزہ لے گی۔
٭ اقتصادی طور پر پسماندہ زمرے سے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ مہا راشٹر ایڈمنسٹریٹیو ٹریبیونل نے کالعدم قرار دیا۔
اور۔۔ ٭ جالنہ میں ورچول کرنسی کے فراڈ کے معاملے میں 4 مشتبہ افراد گرفتار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment