Monday, 1 January 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سنبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جنوری 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 January-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  یکم جنوری  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
ہمارے تمام سامعین کو نئے سال کی پُرخلوص مبارکباد۔
    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    نئے سال 2024 کا ملک بھر میں جوش وخروش سے استقبال۔
    ٭    ”ملک پہلے“ اس نعرے کی بنیاد پر ملک کو ترقی یافتہ اور خود مختار بنانے کا وزیرِ اعظم کا ”من کی بات“ پروگرام میں اظہارِ خیال۔
    ٭    سولہویں فائنانس کمیشن کا مرکزی حکومت کی جانب سے قیام۔
    ٭    ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا آئندہ نسل کو بھی ترقی کا راستہ دکھائیگی۔ مرکزی وزیر بھوپیندر یادو۔
اور۔۔    ٭    والوج صنعتی علاقے کے حادثے میں مہلوکین کے افرادِ خاندان کو وزیرِ اعلیٰ امداد فنڈ سے فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
    نئے سال کا ملک بھر میں جوش و خروش سے استقبال کیا گیا۔ دُعاؤں اور مختلف پروگراموں کے ذریعے نئے سال کا استقبال کرنے کیلئے مذہبی مقامات پر لوگوں کا ہجوم دیکھا گیا۔
    صدرِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے ملک کی عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سال خوشیاں‘ امن اور ترقی لائے اور عوام ملک کی ترقی کیلئے تعاون دیں۔
    نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ‘ گورنر رمیش بئیس نے بھی عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل رات تھانہ میں عطیہئ خون کیمپ میں شریک رہ کر نئے سال کی مبارکباد دی۔
    نئے سال کے استقبال کیلئے کل ریاست کے سیاحتی مقامات اور مالس میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ الوداعی سال کے غروبِ آفتاب کے نظارے کیلئے ریاست کے مختلف سمندری کناروں پر بھی جوان اور بوڑھے کثیر تعداد میں موجود تھے۔ نئے سال کے استقبال کیلئے سپت شُرنگی دیوی کے مندر اور شرڈی کے سائی بابا مندر درشن کیلئے رات بھر کھلے رکھے گئے تھے۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آکاشوانی کے ”من کی بات“پروگرام سے ملک کی عوام سے خطاب میں کہا کہ ”ملک پہلے“ اس نعرے کی بنیاد پر ہم ملک کو ترقی یافتہ اور خود مختار بنائیں گے۔ یہ اس سلسلے کا 108 واں حصہ تھا۔ الوداعی ال میں ملک نے نمایاں کارکردگی کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اہلِ وطن کو نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔ انھوں نے ناری شکتی وَندن قانون‘ G-20 اجلاس کا کامیاب انعقاد‘ بھارت دنیا بھر میں پانچویں سب سے بڑی معیشت ہونا‘ چندریان 3- مہم کی کامیابی‘ کھیل شعبے میں بہتر کارکردگی وغیرہ باتوں کا ذکر کیا۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے جسمانی اور ذہنی صحت کی اہمیت بھی بتلائی۔
    دھاراشیو ضلعے کے تلجاپور تعلقے کے اَندور میں ”من کی بات“پروگرام کو بی جے پی کے مقامی کارکنان نے گنّے کے کھیت میں جاکر مزدوروں کے ساتھ سُنا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ آلودگی کم کرنے کیلئے بنیادی سہولیات کو ترقی کے ساتھ ماحول کے تحفظ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ کل ممبئی میں ”صاف میرا مہاراشٹر“ اس صفائی مہم کی شروعات کرنے کے موقعے پر مخاطب تھے۔ ممبئی شہر میں عمل میں لائی جارہی یہ صفائی مہم اب تمام ریاست میں عمل میں لائے جانے کی اطلاع انھوں نے دی۔
***** ***** *****
    پارلیمانی اُمور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ ساڑھے بارہ کروڑ آبادی والے مہاراشٹر میں ڈیٹا جمع کرنے میں کافی وقت لگے گا، جس کی وجہ مراٹھا ریزرویشن کیلئے ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔ وہ کل شولاپور ضلعے کے پنڈھر پور میں ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ 2014 تا 2019 اس مدت میں اس مسئلے کو حل کیا تھا اُس وقت پسماندہ طبقات کمیشن کو رپورٹ دینے میں ایک سال لگا تھا۔
***** ***** *****
    مرکزی مملکتی وزیرِ صحت ڈاکٹر بھارتی پوار نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کیلئے ٹیکہ لیے ہوئے افراد میں کورونا کے خلاف لڑنے کی طاقت پیدا ہوچکی ہے۔ جس کی وجہ سے جے این وَن ویئرینٹ سے نہ گھبرائیں‘ لیکن احتیاط برتیں۔ وہ کل ناگپور میں ایمس ہاسپٹل کا دورہ کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔
***** ***** *****
    ریاست کے چیف سیکریٹری عہدہ پر ڈاکٹر نِتن کریر کا تقرر عمل میں آیا ہے۔ کریر نے کل منوج سَونِک سے اس عہدے کا چارج حاصل کیا۔ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس رَجنِیش شیٹھ بھی کل سبکدوش ہوگئے اور ان کا چارج ممبئی کے پولس کمشنر ویویک پھنساڑکر کو دیا گیا۔
***** ***** *****
    مرکزی حکومت نے سولہویں مالیاتی کمیشن کا قیام کیا ہے۔ آیوگ کے سابق وائس چیئرمین ڈاکٹر اروند پانگڑھیا اس کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔ مالیاتی کمیشن‘ مرکز اور ریاستوں کے درمیان ٹیکس محصول کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پنچایت اداروں کی آمدنی کے ذرائع سے متعلق سفارشات پیش کرے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں
***** ***** *****
    مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا اگلی نسل کو بھی ترقی کا راستہ دکھائے گی۔ ہنگولی ضلعے کے اونڈھا ناگناتھ اور کلمنوری تعلقے کے سیل سورا گاؤں میں کل ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا پہنچی۔ اس موقعے پر وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا:
یوجنائیں جب سو فیصد زمین پر پہنچیں گی تو اس کے بعد ہم کو وِکست بھارت کا سنکلپ بھی ساتھ ہی ساتھ کرنا چاہیے۔ آج میں جتنے بھی لوگوں سے ملا ہوں پردھان منتری آواس یوجنا‘ کسان سمان ندھی کا پیسہ اپنے اکاؤنٹ میں‘ ہمارے وِکلانگ بھائی کا پیسہ اُن کے اکاؤنٹ میں۔ یہ جو جن دھن اکاؤنٹ ہے یہ دیش کی اکانومی کا سب سے بڑا مادھیم بنا ہے۔ اس سب کو دیکھ کر دیش کی آرتھک طاقت کو جوڑنے کا کام ایک پردھان منتری جی نے کیا ہے۔
    اس موقعے پر مختلف سرکاری اسکیموں کے 170 مستفیدین کو معزز شخصیات کے ہاتھوں فائدوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ رکنِ پارلیمنٹ ہیمنت پاٹل‘ رکنِ اسمبلی سنتوش بانگر‘ تاناجی مُٹکڑے موجود تھے۔
    ناندیڑ میں ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کے تحت میونسپل کارپوریشن حدود میں 24دسمبر تا 30 دسمبر اس مدت میں 13 مقامات پر پانچ ہزار 744 افراد کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ پہنچایا گیا۔ ناندیڑ میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے کہا کہ اس یاترا کو بہترین پذیرائی مل رہی ہے۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر کے والوج صنعتی علاقے کی ایک کمپنی میں پیش آئے حادثے سے متعلق وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے غم کا اظہار کیا ہے۔ شائین انٹرپرائزیس اس کمپنی میں پیش آئے حادثے میں چھ مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مہلوکین کے افرادِ خاندان کو وزیرِ اعلیٰ امداد فنڈ سے فی کس پانچ لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ زخمی مزدوروں کا سرکاری خرچ سے فوری علاج فراہم کرنے کے احکامات دئیے۔
    دریں اثناء پولس کمشنر منوج لوہیا نے کل صبح جائے حادثے کا دورہ کرکے پنچنامہ کیا۔ رابطہ وزیر سندیپان بھومرے‘ قانون ساز کونسل کے حزبِ اختلاف قائد امباداس دانوے‘ نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر میں دوسرے پھلے- شاہو - امبیڈکری ساہتیہ سمّیلن کا افتتاح مشہور شاعر ایف ایم شندے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ سینئر مفکر لکشمن مانے کی صدارت میں شروع ہوئے اس سمّیلن میں مختلف موضوعات پر سیمینار‘ شعری محفل اور انٹرویو منعقد ہوئے۔ آج اس سمّیلن کا اختتام ہوگا۔
***** ***** *****
    پرکاش تریبھون کی تصنیف ”یہ امبیڈکر ہمارے نہیں“ کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں بزرگ ادیب ڈاکٹر پرلہاد لولیکر کے ذریعے شائع کیا گیا۔ ڈاکٹر امبیڈکر لاء کالج کے آڈیٹوریم میں یہ پروگرام منعقد ہوا۔ صدر سابق پرنسپل پربھاکر شیروڑے موجود تھے۔
***** ***** *****
    ایودھیا کے رام مندر افتتاح کے موقعے پر ایودھیا سے آئے اَکشتا کلش کی کل ہنگولی شہر میں شوبھا یاترا نکالی گئی۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی تاناجی مُٹکُرے‘ سابق رکنِ اسمبلی گجانن گھوگے سمیت عوام کثیر تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    نئے سال 2024 کا ملک بھر میں جوش وخروش سے استقبال۔
    ٭    ”ملک پہلے“ اس نعرے کی بنیاد پر ملک کو ترقی یافتہ اور خود مختار بنانے کا وزیرِ اعظم کا ”من کی بات“ پروگرام میں اظہارِ خیال۔
    ٭    سولہویں فائنانس کمیشن کا مرکزی حکومت کی جانب سے قیام۔
    ٭    ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا آئندہ نسل کو بھی ترقی کا راستہ دکھائیگی۔ مرکزی وزیر بھوپیندر یادو۔
اور۔۔    ٭    والوج صنعتی علاقے کے حادثے میں مہلوکین کے افرادِ خاندان کو وزیرِ اعلیٰ امداد فنڈ سے فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان۔
***** ***** *****
    اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
     ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments: