Saturday, 3 August 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اگست 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 03 August-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ اگست ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلیٰ ماجھی لاڑکی بہن اسکیم کے تحت خواتین کے کھاتے میں رکشا بندھن سے قبل دوماہ کی رقم جمع ہوگی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو ناموں کی تبدیلی کو چیلنج کرنے والی درخواست عدالت ِ عظمیٰ نے مسترد کردی۔
٭ جنوری تا مئی کے دوران غیر موسمی بارش کے باعث کسانوں کی فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی مد میں 596 کروڑ روپئے کی امداد منظور۔
٭ پیرس اولمپک میں 25 میٹر ریپڈ پستول زمرے میں نشانہ باز منوبھاکر آخری راؤنڈ میں؛ بیڈ منٹن کے مردوں کے زمرے میں لکشیہ سین سیمی فائنل میں داخل۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور سری لنکا کے مابین ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ٹائی۔
***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ رکشا بندھن کے تہوار سے قبل ہی مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن اسکیم کے تحت خواتین کے کھاتوں میں دو ماہ کی رقم جمع ہوجائیگی۔ کل سلوڑ میں اس اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین میں صداقت ناموں کی علامتی تقسیم وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر دِیویا رام داس سپکاڑ نامی خاتون کی درخواست خود وزیرِ اعلیٰ نے پُر کی اور اس پر خاتون کے دستخط لیکر ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کے حوالے کی۔ مارکیٹنگ اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے رابطہ وزیر عبدالستار سمیت کئی اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مخالفین نے اس اسکیم پر عمل آوری کی راہ میں رُکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں اعتماد ہے کہ عدلیہ اُن کی بہنوں کا ساتھ دے گی۔ انھوں نے تیقن دیا کہ خواتین کو اقتصادی‘ سماجی‘ سیاسی اور تعلیمی نکتہئ نظر سے استحکام بخشنے کیلئے یہ حکومت پُرعزم ہے۔ یہ اسکیم خواتین کیلئے مائیکے کا تحفہ ہے اور مستقل طور پر اسکیم جاری رہے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے ترغیب دی کہ حزب ِ اختلاف کے جھوٹے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ وزیرِ اعلیٰ یوا ایپرنٹس شپ اسکیم‘ مرٹھواڑہ کی خشک سالی سے نمٹنے کیلئے ندیوں کو باہم جوڑنے کا منصوبہ، واٹر گرڈ منصوبے کا احیاء، مختلف صنعتوں کی تعمیر اور دیگر موضوعات پر بھی وزیرِ اعلیٰ نے اظہارِ خیال کیا۔ اس پروگرام سے قبل سلوڑ شہر میں وزیرِ اعلیٰ کا جلوس نکالا گیا۔ ہزاروں شہریوں نے اس جلوس میں شرکت کی‘ کئی خواتین نے اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ کو راکھی باندھی۔
***** ***** *****
سابق رُکنِ پارلیمان سیّد امتیاز جلیل نے آدرش ناگری کریڈٹ سوسائٹی کے ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ طیران گاہ پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی اور ڈپازیٹرس کی رقم واپس دلانے کیلئے ان سے گفت و شنید کی، جس کے بعد پیر سے ان ڈپازیٹرس کی رقم لوٹانے کا حکم وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔
***** ***** *****
خواتین اور بہبودِ اطفال کی وزیر آدیتی تٹکرے نے وضاحت کی ہے کہ مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن اسکیم کیلئے مراٹھی زبان میں دی گئی درخواست قبول کی جائیگی، جو درخواست گذار مراٹھی میں درخواست دے چکے ہیں انھیں دوبارہ انگریزی زبان میں درخواست دہی کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے ترغیب دی کہ اس ضمن میں درخواست گذار کسی بھی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو اضلاع کی تبدیلیئ نام کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ شہروں کے ناموں کی تبدیلی کا اختیار قانون کے مطابق ریاستی حکومت کا استحقاق ہے۔ نیز اس ضمن میں ممبئی عدالت ِ عالیہ نے درخواست گذاروں کے مؤقف کی سماعت کے بعد ہی تفصیلی فیصلہ دیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف علاقوں میں ماہِ جنوری تا مئی کے دوران غیر موسمی بارش کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی مد میں کسانوں میں 596 کروڑ 21 لاکھ 95 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کرنے کو ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ یہ امدادی رقم نقصانات کے معاوضے کے طور پر متعلقہ کاشتکاروں کے کھاتوں میں راست طور پر جمع کی جائیگی۔
***** ***** *****
پیرس میں جاری اولمپک کھیلوں میں بھارت کی نشانہ باز منوبھاکر 25 میٹر ریپڈ پستول کے زمرے میں آخری راؤنڈ میں داخل ہوگئی ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں انھوں نے 590 نشانات حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ منوبھاکر ان کھیلوں میں اب تک دو کانسے کے تمغے جیت چکی ہیں۔
بیڈمنٹن مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں کل لکشیہ سین نے اپنے مدِمقابل کو شکست دیکر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ پہلا گیم 19-21 سے ہارنے کے بعد لکشیہ سین نے زوردار مقابلہ کرتے ہوئے دوسرے دو گیم 21-15 اور 21-12 سے جیت کرسیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ اولمپک کھیلوں کی تاریخ میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے یہ دونوں پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں۔ ہاکی مقابلوں میں کل بھارت کی ٹیم نے آسٹریلیاء کو تین-دو سے شکست دے دی۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دو اور ابھیشیک نے بھارت کی جانب سے ایک گول اسکور کیا۔ آج ان کھیلوں میں نشانہ بازی، تیر اندازی، گولف، کشتی رانی اور دیگر مقابلوں میں بھارتی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ٹائی ہوگیا۔ کل ٹاس جیت کر میزبان سری لنکا نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں آٹھ وِکٹ کے نقصان پر 230 رن بنائے۔ جواب میں بھارت کی پوری ٹیم بھی 48 ویں اوور میں 230 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں کل دو ٹووہیلر سوار کینال میں گرکر ہلاک ہوگئے۔ آکھاڑا باڑاپور میں پیش آئے اس حادثے میں ایک ٹووہیلر بے قابو ہوکر کینال کے کنارے بنے جنگلے سے ٹکراگئی اور دونوں سوار کینال میں گرکر ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن اسکیم کے تحت پربھنی ضلع میں اب تک دو لاکھ 47 ہزار 846 آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ہر گاؤں اور شہری علاقوں میں درخواست دہی مراکز قائم کرنے سے خواتین کو اس اسکیم کیلئے درخواست دینے میں زیادہ سہولت میسر ہوئی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع انتظامیہ نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ زرعی ترقیاتی اسکیموں سے بآسانی مستفید ہونے کیلئے اہل کاشتکار اپنے موبائل ایپ میں فصلوں کا صحیح اندراج کریں۔ اس کے علاوہ ترغیب دی گئی ہے کہ تمام کسان ان سہولیات سے استفادہ کریں۔
***** ***** *****
بیڑ میں کل خودروزگار میلے کا انعقاد عمل میں آیا۔ راشٹروادی کانگریس کے بیڑ ضلعے کے رہنماء یوگیش شرساگر نے اس پروگرام کی صدارت کی۔ انھوں نے کہا کہ اس میلے کے ذریعے بیڑ حلقہئ انتخاب کے سینکڑوں بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کل شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے احاطوں میں پندرہ روزہ خصوصی صفائی مہم کے تحت صفائی کی گئی۔ جس میں متعلقہ اداروں کے طلباء نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن نے املاک ٹیکس میں ماہِ اگست کیلئے پانچ فیصد رعایت کی اسکیم شروع کی ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے ترغیب دی گئی ہے کہ تمام افراد اس اسکیم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ادا کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل کووِڈ سے متاثرہ نئے پانچ مریض پائے گئے۔ فی الحال شہر میں 13 کووِڈ مریض ہیں۔ یہ تمام مریض اپنے گھروں پر ہی علاج کروارہے ہیں۔ صرف ایک مریض کو اپنے گھر میں کورنٹائن کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعلیٰ ماجھی لاڑکی بہن اسکیم کے تحت خواتین کے کھاتے میں رکشا بندھن سے قبل دوماہ کی رقم جمع ہوگی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو ناموں کی تبدیلی کو چیلنج کرنے والی درخواست عدالت ِ عظمیٰ نے مسترد کردی۔
٭ جنوری تا مئی کے دوران غیر موسمی بارش کے باعث کسانوں کی فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی مد میں 596 کروڑ روپئے کی امداد منظور۔
٭ پیرس اولمپک میں 25 میٹر ریپڈ پستول زمرے میں نشانہ باز منوبھاکر آخری راؤنڈ میں؛ بیڈ منٹن کے مردوں کے زمرے میں لکشیہ سین سیمی فائنل میں داخل۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور سری لنکا کے مابین ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ٹائی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 18.06.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 18 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...