Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 24 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/دسمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سرکاری دفاتر اور محکموں میں مقرر ہونے والے 71ہزار سے زائد امیدواروں کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں تقرر نامے تفویض۔
٭ وزیرِ اعظم کے ذریعے ملک میں ندی جوڑ منصوبے کا کل ہوگا افتتاح؛ پردھان منتری آواس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو اضافی 13 لاکھ مکانات ملیں گے۔
٭ لوک سبھا کے قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے متوفی سومناتھ سوریہ ونشی کے انتقال سے متعلق مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
٭ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں سیاست نہ کریں؛ سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ پاکستان کا UAE میں بھارت کے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سرکاری دفاتر اور محکموں میں منتخب کیے گئے 71 ہزار سے زائد امیدواروں کو وزیرِ اعظم نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہونے والے روزگار میلے میں تقرر نامے تفویض کیے۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ روزگار میلے نوجوانو ں کو بااختیار بنا رہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا حکومت کی ترجیح ہے۔ یہ روزگار میلے ریاست کے ناگپور اور پونے میں منعقد ہوئے۔ ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری نے 257 افراد کو تقرر نامے دئیے، جبکہ پونے میں مرکزی وزیر ِ مملکت مرلی دھر موہوڑ نے 500 افراد کو تقرر نامے دئیے۔
***** ***** *****
ملک میں ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کا افتتاح کل 25 تاریخ کو وزیرِ اعظم کے ہاتھوں ہوگا۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل پونے میں یہ اطلاع فراہم کی۔ وہ گوکھلے انسٹیٹیوٹ آف پالیٹیکل سائنس اینڈ اکنامکس میں ایگریکلچر اکنامک ریسرچ سینٹر کے امرت مہوتسو کے موقع پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ چوہان نے کیڑے مار ادویات کے بے قابو استعمال کو کم کرنے اور قدرتی کاشتکاری پر زور دینے کی اپیل کی۔
دریں اثناء پردھان منتری آواس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو اس سال اضافی 13 لاکھ مکانات دئیے جائیں گے۔ مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ گھر اگلے ایک سال میں مکمل ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا:
”مہاراشٹر سرکار کو چھ لاکھ سینتیس ہزار نواسی مکان پہلے ملے‘ اور آج تیرہ لاکھ 29ہزار 678 مکان دینے کا کام کیا جارہا ہے‘ تو کُل ملاکے ایک ہی سال میں اُنیس لاکھ چھیاسٹھ ہزار 67 مکان مہاراشٹر کو مل رہے ہیں۔ آج تک اتنی بڑی سنکھیا میں کبھی کسی پردیش کو غریبوں کیلئے اتنے مکان نہیں ملے ہیں۔“
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سمیت کئی معززین موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پردھان منتری آواس اسکیم کے تحت ملنے والے یہ اضافی مکانات مہاراشٹر کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے کل پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی۔ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مطالبہ کیا کہ جن لوگوں نے یہ حرکت کی ہے انھیں سخت سزا دی جانی چاہیے۔
دریں اثناء‘ راہل گاندھی نے امبیڈکری تحریک کے رہنماء وجئے واکوڑے کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی۔
***** ***** *****
ریاست کے سماجی انصاف کے وزیر سنجئے شرساٹ نے کل بیڑ ضلع کے مسّا جوگ میں سنتوش دیشمکھ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی۔ اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شرساٹ نے کہا کہ قتل میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنا حکومت کا کام ہے۔
وزیرِ صنعت اُدئے سامنت اور ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر نے بھی کل دیشمکھ خاندان سے ملاقات کی۔ بورڈیکر نے کل پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی اور وجئے واکوڑے کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی۔
دریں اثناء‘ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ سنتوش دیشمکھ کے قاتلوں کی گرفتاری اور سزائے موت دینے کے مطالبے کیلئے مورچے کی منصوبہ بندی کیلئے کل منعقدہ میٹنگ میں جرائم اور ذات پات کو ختم کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی، جبکہ 28 دسمبر کو بیڑ میں احتجاج کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پانچویں اور ساتویں جماعت میں ناکام ہونے والے طلبہ کو اگلی جماعت میں منتقل کرنے کی پالیسی کو منسوخ کردیا ہے۔ اب ان طلبہ کو مرکزی نتیجے کے دو مہینے بعد سپلیمنٹری امتحان دینا ہوگا‘ اگر وہ اس میں بھی ناکام ہوئے تو انھیں اگلے سال اُسی جماعت میں پڑھنا ہوگا۔ تعلیمی سیکریٹری سنجئے کمار نے کہا کہ کسی بھی طالب ِ علم کی ابتدائی تعلیم مکمل ہونے تک اسے اسکول سے نکالا نہیں جائے گا۔ انھوں نے کہا:
”ہم لوگوں نے یہ نرنئے لیا ہے کہ پانچویں میں اور آٹھویں میں ہر پریاس کرنے کے پشچات ری ڈٹینشن کرنے کی آوشکتا پڑے تو رٹین کیا جائے‘ لیکن اس میں یہ بھی پراؤدھان کیا گیا ہے کہ آٹھویں ککشا تک کسی بھی بچے کو ہمارے اسکولوں سے نشکاست نہیں کیا جائے‘ جس سے ہمارے سبھی بچوں کو بہتر بنا پانے میں ہم سپھل ہوپائیں۔“
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
معروف فلم ہدایت کار شیام بینیگل گذشتہ روز انتقال کرگئے۔ انکی عمر 90 برس تھی۔ متوازی فلموں کیلئے مشہور بینیگل نے ٹیلی ویژن سیریز بھارت ایک کھوج اور یاترا کی بھی ہدایت کاری کی‘ جن میں انکور‘ منتھن‘ بھومیکا‘ منڈی‘ سورج کا ساتواں گھوڑا‘ سرداری بیگم‘ زبیدہ‘ نیتاجی سبھاش چندر بوس‘ ویلڈن ابا‘ ویلکم ٹو سجن پور شامل ہیں۔ پانچ بار نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ بینیگل کو پدم شری‘ پدم بھوشن جیسے اعزازات سمیت فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ بینیگل کے انتقال ر گورنر سی پی رادھا کرشنن نے غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور پاکستان کے مابین آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے مقابلے متحدہ عرب امارات (UAE) میں ہوں گے۔ بھارت نے حفاظتی وجوہات کی بناء پر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (ICC) نے بھارت کے فیصلے کو تسلیم کرلیا اور پاکستان نے مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ آئی سی سی کیلئے اس ٹورنامنٹ کا نظام الاوقات طئے کرنے کا راستہ اب صاف ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے دھارور تعلقے کے دیودہی پھڑ میں کل کشتی کے مقابلے ہوئے۔ اس میں مہاراشٹر کیسری سکندر شیخ اور پنجاب کیسری بھولا ٹھاکر کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ اس مقابلے میں سکندر شیخ نے بھولا کو صرف ساڑھے تین منٹ میں شکست سے دوچار کیا اور پانچ لاکھ روپئے کا انعام حاصل کیا۔ پہلوان سورج شیخ نے چاندی کی گدا حاصل کی۔ مقابلوں کے تمام فاتح امیدواروں کو ایک ایک لاکھ روپئے کا انعام دیا گیا۔
***** ***** *****
قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ”ون نیشن ون اسٹوڈنٹ آئی ڈی“ (اَپار) اسکیم روبہ عمل لائی جارہی ہے۔ ہنگولی ضلع میں اب تک تقریباً 75 فیصد سے زائد طلبہ کے اندراج مکمل ہوچکے ہیں۔ ہنگولی ضلع میں اب تک 75.63 فیصد طلبہ کے رجسٹریشن کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ آٹومیٹیڈ پرسننٹ اکیڈمی اکاؤنٹ رجسٹری آئی ڈی یعنی اَپار کارڈ پہلی سے بارہویں تک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو دیا جائے گا۔ اَپار کارڈ طلبہ کیلئے ایک نیا شناختی نظام ہے۔ اس میں طلبہ کو 12ہندسوں کا کارڈ دیا جائے گا۔ اَپار کارڈ سسٹم لاکر (Locker) جیسا ہے، جس میں طلبہ کی تعلیمی معلومات ایک جگہ دستیاب ہوگی۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کے یوم پیدائش کے موقع پر دھاراشیو لوک سیوا سمیتی کی جانب سے ”عوامی خدمت ایوارڈز“ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایوارڈ یافتگان میں بیڑ کے پسائے دان سیوا پروجیکٹ کے گووردھن دراڑے، جالنہ کے پریرنا دائی تعلیمی کمپلیکس کے رام کسن سولنکے اور دھاراشیو کی میراتائی موٹے شامل ہیں۔ دھاراشیو کے پرمود مہاجن اجلاس ہال میں کل صبح گیارہ بجے ایک تقریب میں یہ ایوارڈپیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
حکومت نے چھوٹے بچوں کے آدھار رجسٹریشن کی ذمہ داری ریل ٹیل کارپوریشن آف انڈیا کو سونپی ہے۔ بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کی نائب سی ای او سُورنا جادھو نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے چھوٹے بچوں کے سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام آنگن واڑیوں میں اپنے بچوں کا آدھار کارڈ رجسٹریشن کروا لیں۔
***** ***** *****
اجمیر کے مشہور صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے عرس مبارک کے موقع پر جنوب وسطی ریلوے کی جانب سے تین خصوصی ٹرینیں چلائے جائیں گی۔ ان میں ناندیڑ- اجمیر -ناندیڑ، حیدرآباد- اجمیر- حیدرآباد اور کاچی گوڈا -اجمیر- کاچی گوڈا ریلوے گاڑیاں شامل ہیں۔ مسافرین سے اس کی جانب توجہ دینے کی درخواست ریلوے انتظامیہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سرکاری دفاتر اور محکموں میں مقرر ہونے والے 71ہزار سے زائد امیدواروں کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں تقرر نامے تفویض۔
٭ وزیرِ اعظم کے ذریعے ملک میں ندی جوڑ منصوبے کا کل ہوگا افتتاح؛ پردھان منتری آواس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو اضافی 13 لاکھ مکانات ملیں گے۔
٭ لوک سبھا کے قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے متوفی سومناتھ سوریہ ونشی کے انتقال سے متعلق مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
٭ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں سیاست نہ کریں؛ سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ پاکستان کا UAE میں بھارت کے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment