Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date : 22 May 2021
Time: 09 : 00 to 09: 10 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲ٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗ ؍ مئی ۲۰۲۱ئ
وَقت: صبح ۰۰۔۹ سے ۱۰۔۹؍ بجے
سامعین کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست ہے۔کووِڈ ویکسین کا پہلا ڈوز لے چکے شہر یان دوسرا ڈوز بھی ضرور لیں۔
تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ‘ناک اور منہ پر ماسک پہنیں ‘ سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھیں ‘ وقفے وقفے سے صابن سے ہاتھ دھوئیں اور محتاط رہیں۔
اب خاص خبروں کی سر خیاں...
٭ جہاں بیمار وہیں اُپچار کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں وزیر اعظم کا نیا منتر
٭ تائوتے طوفان کے سبب ہوئے نقصانات کی بھر پائی سے متعلق فیصلہ 2؍ دنوں میں ‘ وزیر اعلیٰ کاتیقن
٭ ریاست میں کَل مزید29؍ہزار644؍ کورونا مریض پائے گئے ‘ مراٹھواڑے میں101؍ مریض چل بسے جبکہ مزید 3؍ہزار208؍ مریضوں کا اندراج
اور
٭ پر بھنی ضلعے میں آج اور کَل مکمل لاک ڈائون ‘ عثمان آ باد ضلعے میں پیر کے روز سے یکم جون تک لاک ڈائون میں کسی حد تک ہو گی نر می
اب خبریں تفصیل سے....
وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں ’’ جہاں بیمار وہیں اپچار ‘‘ کا نیا منتر دیا ہے
وہ کَل اُتر پر دیش کے وارانسی میں ڈاکٹرس ‘ پیرا میڈیکل اسٹاف اور صف ِ اوّل کے کارکنان سے مخاطب تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کو اِس بیماری سے بچا نا ہے اور اِس مصیبت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے تیار رہنا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس مسلسل اپنی شکل تبدیل کر رہا ہے اِس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں کمر بستہ رہنے کی ضرورت ہے ۔مودی نے کہا کہ اِس لڑائی میں کووِڈ19؍ سے بچائو کے ٹیکے لگوانا نہایت اہمیت کا حامل ہے اور یہ ٹیکے لگانا ہم سبھی کی ذمہ داری ہے ۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے نے کہا ہے کہ تائوتے طوفان کے سبب ہوئے نقصان کے پنچ نا مے تیار کرنے کا کام آخری مرحلے میں ہے ۔ وہ کَل رتنا گیری میں نقصانات کا معائنہ کرنے اور جائزہ لینے کے بعد مخا طب تھے۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے تیقن دیا کہ نقصان بھر پائی کرنے کا فیصلہ2؍ دنوں میں کر لیا جا ئے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نقصان بھر پائی کے criteria میں تبدیلی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ criteria میں تبدیلی کر کے کوکن باسیوں کو راحت پہنچائی جا ئے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ پنچ نامے تیار ہو تے ہی امداد فراہم کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جا ئے گا۔
اِسی طرح وزیر اعلیٰ نے کَل سِندھو دُرگ ضلعے کا بھی دورہ کر کے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اِس دوران انھوں نے کہا کہ ایسے طوفان ہر سال آتے ہیں اِسی لیے بجلی کی انڈر گرائونڈ لائنیں اور زمین کی جھیج روکنے کے لیے مستقل نوعیت کے کام ہونالازمی ہے۔ اُنھوں نے بتا یا کہ اِس کے لیے درکار فنڈ ریاستی حکو مت فراہم کرے گی ۔
***** ***** *****
شیو بھو جن تھالی مُفت دینے کی اسکیم کو آئندہ14؍ جون تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ ریاست بھر میں 15؍ اپریل 2021ء سے اب تک48؍ لاکھ44؍ہزار709؍مستحقین مفت شیو بھو جن تھالی سے مستفیض ہو چکے ہیں ۔ خیال رہے کہ پوری ریاست میں کُل950؍ مراکز پر شیو بھوجن دستیاب ہے۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں گزشتہ روز مزید29؍ ہزار644؍افراد کورونا وائر س سے متاثر پائے گئے ۔ اِس اضافے کے ساتھ ہی ریاست میں اب تک پائے گئے کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد55؍ لاکھ27؍ہزار92؍ ہو چکی ہے۔ جبکہ کَل 555؍ مریض علاج کے دوران چل بسے ۔
دوسری جانب 44؍ہزار493؍مریض علاج معالجے کے بعد کَل شفا یاب ہو گئے ۔ اِس طرح ریاست میں اب تک 50؍ لاکھ70؍ہزار801؍ کورونا متاثرین علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ریاست میں صحت یابی کی شرح 91؍ عشاریہ سات چار فیصد ہو چکی ہے ۔ فی الحال ریاست میں 3؍ لاکھ67؍ہزار121؍ مریض زیر علاج ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑے میں گزشتہ روز مزید3؍ہزار208؍ کورونا مریضوں کا اندراج ہوا۔جبکہ 101؍ مریض علاج کے دوران انتقال کر گئے۔فوت ہونے والوں میں لاتور ضلعے کے29؍ اورنگ آباد کے23؍
بیڑ کے13؍ جالنہ کے11؍ پر بھنی اور عثمان آ باد ضلعے کے فی کس 8-8؍ مریض ناندیڑ کے5؍ اور ہنگولی ضلعے کے 4 ؍ مریضوں کا شمار ہے۔
دوسری جانب بیڑ ضلعے میں کَل مزید720؍ کورونا متاثرین پائے گئے۔ اِسی طرح لاتور ضلعے میں531؍ عثمان آ باد میں514؍ اورنگ آباد میں462؍ پر بھنی میں408؍ جالنہ میں382؍ ہنگولی میں100؍ اور ناندیڑ ضلعے میں گزشتہ روز91؍ افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
سابق وزیر اعظم آنجہا نی راجیو گاندھی کو کَل اُنکی30؍ ویں برسی کے موقعے پر ملک بھر میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ممبئی میںمنترالیہ میں وزیر صنعت سبھاش دیسائی اور ثقافتی امور کے وزیر امِت دیشمکھ نے راجیو گاندھی کی تصویر کو پھولوں کا ہار پہناکر خراج تحسین پیش کیا۔
اورنگ آباد‘ عثمان آباد‘ پر بھنی اور ناندیڑ سمیت پورے مراٹھواڑے میں سابق وزیر اعظم آنجہا نی راجیو گاندھی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اورنگ آباد میں کانگریس پارٹی کی جانب سے راجیو گاندھی کی یاد میں کَل گھاٹی ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے رشتہ داروں میں کھا نا تقسیم کیا گیا۔
***** ***** *****
پر بھنی ضلعے میں یکم جون تک نافذ لاک ڈائون کے دوران صبح 7؍ بجے سے 11؍ بجے تک دی جا نے والی چھوٹ آج اور آئندہ کَل کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔ لہذا ضلعے میں آج اور کَل مکمل لاک ڈائون رہے گا ۔ اِن 2؍ دنوں میں پر بھنی میں کرانہ دکانیں نیز پھل اور سبزی تر کاری کا کاروبار بھی بند رہے گا۔اسی طرح طبی سہو لیات اور زرعی خد مات فراہم کرنے والے اداروں کو چھوڑ کر دیگر سبھی ادارے بھی بند رہیں گے۔ ضلع کلکٹر دیپک مُگلیکر کی جانب سے کَل جاری کئے گئے حکم نا مے میں یہ وضاحت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں آئندہ پیر کے روز سے یکم جون کے دوران تمام کرانہ دکانیں ‘ پھل اور سبزی کی خرید وفروخت اور دودھ جمع کرنے والے مراکز اِسی طرح تمام پیٹرول پمپس صبح7؍ بجے سے11؍ بجے تک کُھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ضلع کلکٹر کَوستُبھ دیویے گائونکر نے کَل اِس خصوص میں حکم نا مہ جاری کیا۔ اِس کے مطا بق ریستوراں اور ہوٹلس کو پیر کے روز سے ہوم ڈِلیوری سروِس دینے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
یووا سینا کے سر براہ اور وزیر ماحو لیات آدِتیہ ٹھاکرے کے توسل سے کَل اورنگ آباد میں سر کاری میڈیکل کالج اور ہسپتال - گھاٹی کو شیو سینا کی اورنگ آ باد شاخ کی جانب سے نہایت اعلیٰ معیار کے 10؍ وینٹی لیٹر کا عطیہ دیا گیا۔روز گار ضمانت اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے ‘ رکن اسمبلی اور شیو سینا کے تر جمان امبا داس دانوے کی موجودگی میں یہ وینٹی لیٹرز ضلع کلکٹر سنیل چوہان کے سپرد کئے گئے۔
***** ***** *****
کیمیائی کھاد‘ پیٹرول اور گیس سلینڈر کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کَل راشٹر وادی کانگریس پارٹی کی جانب سے ناندیڑ میں ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ اِس موقعے پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپِن اِٹنکر کو محضر بھی پیش کیا گیا۔ اِس موقعے پر راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے ضلع صدر ہری ہر رائو بھوسی کر اور خواتین شاخ کی سربراہ کلپنا ڈونگلی کرسمیت متعدد کارکنان بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے کووِڈ 19؍ کے سبب نافذ کر فیو کے عرصے میں آٹو رکشہ اور دیگر مسافر گاڑیوں کے واجب الادا قرض کی وصولی پر فوراً پا بندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اِس خصوص میں اُنھوں نے ضلع کلکٹر سنیل چوہان اور پولس کمشنر نِکھِل گپتا کو مکتوب اِرسال کیا ہے۔ اِس میں اُنھوں نے لکھا ہے کہ نجی بینکس اور فائنانس کمپنی کے Recovery officer غنڈہ گر دی اور مجرمامہ بیک گرائونڈ کے ہیں اور وہ صبح اور آدھی رات کو مقروض کے پاس پہنچ کر ڈرا دھمکا رہے ہیں ۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں لاک ڈائون کی پا بندیو ں کی خلاف ورزی کرنے پر کَل24 ؍ دکانوں اور کاروباری اِداروں کے خلاف کاروائی کی گئی ۔ ضلع کلکٹر سنیل چو ہان کی موجودگی میں میونسپل کارپوریشن اور پولس کی جانب سے یہ دکانیں سیل کی گئی۔
***** ***** *****
آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے ...
٭ جہاں بیمار وہیں اُپچار کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں وزیر اعظم کا نیا منتر
٭ تائوتے طوفان کے سبب ہوئے نقصانات کی بھر پائی سے متعلق فیصلہ 2؍ دنوں میں ‘ وزیر اعلیٰ کا تیقن
٭ ریاست میں کَل مزید29؍ہزار644؍ کورونا مریض پائے گئے ‘ مراٹھواڑے میں101؍ مریض چل بسے جبکہ مزید 3؍ہزار208؍ مریضوں کا اندراج
اور
٭ پر بھنی ضلعے میں آج اور کَل مکمل لاک ڈائون ‘ عثمان آ باد ضلعے میں پیر کے روز سے یکم جون تک لاک ڈائون میں کسی حد تک ہو گی نر می
علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
٭٭٭٭٭
No comments:
Post a Comment