Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳۰؍ مئی ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہری‘ دوسری خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23978046 اور 1075 یا ریاستی امدادی مرکز کیلئے 020- 26127394 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ ریاست میں مانسون سے قبل زوردار بارش؛ بجلی گرنے سے 5 افراد کی موت۔
٭ کووِڈ کے باعث یتیم ہونے والے بچوںکو سینٹرل اسکول مفت تعلیم اور مرکزی حکومت عمر کے 23 ویں برس میں 10 لاکھ روپئے دیگی۔
٭ موسمِ برسات میں کووِڈ میں اضافے کے خطرے کے پیشِ نظر کورونا علامات کی شناخت کرکے فوری علاج کرنے وزیرِ اعلیٰ کی ڈاکٹروں کو ہدایت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 20 ہزار 295 نئے مریض؛ مرٹھواڑہ میں 66 افراد کی موت۔
اور۔۔٭ اقلیتی فرقے کے طلبہ کو ہوسٹل میں مفت داخلے کیلئے خاندانی آمدنی کی حد 8 لاکھ روپئے کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر علاقوں میں مانسون کی آمد سے قبل ہی کل زوردار بارش ہوئی۔ گھن گرج کے ساتھ ہوئی اس زوردار بارش کے دوران احمد نگر، ناسک اور لاتور اضلاع میں بجلی گرنے سے 5 افراد کی موت واقع ہوگئی۔ تیز ہوائوں کے سبب کئی مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں اور بجلی کے تار و کھمبے اُکھڑ کر گر پڑے‘ کئی مقامات پر ندی و نالوں میں طغیانی کے باعث آمد و رفت میں رخنہ پڑا۔ ودربھ کے واشم‘ بلڈانہ، ناگپور، وردھا اور جلگائوں اضلاع میں بھی تیز آندھی کے ساتھ زوردار بارش کی اطلاعات ہمارے نامہ نگاروں نے دی ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل اورنگ آباد‘ پربھنی‘ لاتور‘ عثمان آباد‘ ناندیڑ اور ہنگولی میں تیز بارش ہوئی۔ لاتور ضلع کے نلنگا تعلقے کے پیروپٹیل واڑی میں ایک کھیت میں درخت کے نیچے کھڑی ایک معمر خاتون اور اس کی پوتی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے۔ ضلع میں نلنگا،دیونی‘ یروڑ اور دیگر مقامات پر بھی بارش ہوئی۔ ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ میں تقریباً 50 مکانوں کے چھت تیز آندھی میں اُڑ گئے اور بجلی کے تار وکھمبے ٹوٹ گئے۔ اس کے علاوہ ضلع کے کلمنوری تعلقے کے مختلف دیہاتوں میں زوردار بارش ہوئی۔
اورنگ آباد ضلع میں جلگائوں شاہراہ پر گوڑے گائوں سے قریب ایک عارضی پُل بارش میں بہہ گیا۔ جس کے سبب ٹریفک متاثر ہوا۔ اورنگ آباد شہر کے پڑے گائوں میں دھولیہ۔ شولاپور شاہراہ پر گیس لے جانے والے ایک ٹینکر پر برگد کا درخت گر پڑا، جس سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت کچھ وقت کیلئے معطل رہی۔
دریں اثناء آئندہ 4 دِنوں میں مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں گھن گرج کے اور تیز ہوائوںکے ساتھ زوردار بارش کی پیش گوئی وسنت رائو نائیک زرعی یونیورسٹی نے کی ہے۔
***** ***** *****
کووِڈ کے باعث اپنے سرپرستوں سے محروم ہونے والے بچوں کو سینٹرل اسکول میں مفت تعلیم اور مرکزی حکومت کی جانب سے عمر کے 23 ویں برس میں 10 لاکھ روپئے دئیے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل یہ اعلان کیا۔ اس خصوص میں وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں۔ اس لیے ان کا مستقبل تابناک اور انہیں ایک اچھا شہری بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان متاثرہ بچوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپئے کا طبّی بیمہ بھی دیا جائیگا۔
***** ***** *****
تحفظِ حقوقِ اطفال کے قومی کمیشن نے ریاستی حکومتوں سے کہا ہیکہ کوروناکے باعث والدین یا دونوں میں سے کسی ایک سے محروم ہونے والے بچوں کی تفصیلات ’’بال سوراج‘‘ پورٹل پر اَپلوڈ کریں۔ جن بچوں کے تحفظ اور پرورش کی ضرورت ہے اُن کا پتہ لگانے کیلئے کمیشن نے اس پورٹل پر ایک لنک مہیا کی ہے۔ اس لنک پر متعلقہ افسران متاثرہ بچوں کی تفصیلات پُر کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ مستقبلِ قریب میں موسمِ برسات میں کورونا کے مزید پھیلائو کا خدشہ ہے۔ اس پس منظر میں انھوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کی علامات کی شناخت کرکے مریضوں کا علاج کریں۔ وہ کل مہاراشٹر میڈیکل کونسل کے کووِڈ سے متعلق دو روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ انھوں نے عوام کو تلقین کی کہ کورونا کو نظر انداز نہ کریں اور فوری علاج کروائیں۔ اس آن لائن ورکشاپ میں تقریباً 21 ہزار 500 ڈاکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزیدکہا کہ اس وباء کی دوسری لہر نے نوجوانوںکو متاثر کیا ہے اور تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ کووِڈ 19- کے دوران ڈاکٹروں کی جانب سے کی گئی گرانقدر خدمات پر وزیرِ اعلیٰ نے اظہارِ تشکر کیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے ریاستی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ کورونا مرض کے پھیلائو کی صورتحال سے نمٹنے میں ریاستی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ بلڈانہ ضلع کے چکھلی تعلقے میں رُکنِ اسمبلی شویتا مہالے کی کوششوں سے قائم کیے گئے کووِڈ مرکز کی افتتاحی تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 20 ہزار 295 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست بھر میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 57 لاکھ 13 ہزار 295 ہوگئی ہے۔ کل 443 افراد دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جس کے بعد ریاست اس مہلک وباء کے باعث جان گنوانے والے افراد کی تعداد 94 ہزار 30 ہوگئی ہے۔ سرِدست ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 2 لاکھ 76 ہزار 573 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل ایک ہزار 599 افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 66 افراد کی موت واقع ہوئی۔ جن میں لاتور ضلع کے 24‘ اورنگ آباد کے 23‘ عثمان آباد 8‘ ناندیڑ 5‘ جالنہ 4‘ اور پربھنی و ہنگولی ضلع کا ایک۔ ایک شخص شامل ہے۔
***** ***** *****
دیہی ڈاک سیوک بھرتی کیلئے آن لائن درخواست دہی کی مدت میں 10 جون 2021 تک توسیع کردی گئی ہے۔ کووِڈ اور تائوتے سائیکلون کے پیشِ نظر درخواست دہی کے عمل کی معیاد میں 15 دِن کی توسیع کی گذارش چیف پوسٹ ماسٹر جنرل ہریش اگروال نے کی تھی۔
***** ***** *****
اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اقامت گاہوں میں مفت داخلے کیلئے خاندان کی سالانہ آمدنی کی حد 8 لاکھ روپئے کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ اقلیتی اُمور کے وزیر نواب ملک نے کل یہ اطلاع دی۔ مسلم‘ عیسائی‘ بودھ‘ جین‘ سکھ اور یہودی مذہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اب ہوسٹلز میں مفت داخلے کیلئے ان کے خاندان کی آمدنی کی حد ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ روپئے کردی گئی ہے۔ اس خصوص میں سرکاری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کووِڈ متاثرین کے علاج کیلئے روٹری کلب لاتور کی جانب سے عطیہ کیے گئے 25 آکسیجن کونسنٹریٹرز کل رابطہ وزیر امت دیشمکھ کے ہاتھوں اسپتالوں کو تفویض کیے گئے۔ اس موقع پر اَمیت دیشمکھ نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا اور جب تک ویکسینیشن مکمل نہیں ہوجاتا تب تک شہریوں کو رہنما ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے 950 دیہاتوں میں بی جے پی حکومت کے 7 برس مکمل ہونے کے حوالے سے بی جے پی کارکنوں کی جانب سے فلاحی کام انجام دئیے جائیں گے۔ یہ اطلاع ضلع صدر وجئے اوتاڑے نے دی۔ جس میں ماسک اور سینیٹائزر کی تقسیم‘ عطیۂ خون کیمپ اور کووِڈ بہادروں کا استقبال کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں آج 94 مراکز پر کووِڈ ٹیکہ اندازی ہوگی۔ یہ اطلاع محکمۂ صحت کے ذرائع نے دی۔ تاہم پربھنی شہر میں آج ٹیکہ اندازی نہیں ہوگی۔ یہ اطلاع میونسپل کمشنر دیوی داس پوار نے دی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج آکاشوانی کے من کی بات پروگرام میں ملک کی عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کے دوسرے مرحلے کا 24 واں پروگرام ہوگا۔ صبح 11 بجے آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز اسے نشر کریں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاست میں مانسون سے قبل زوردار بارش؛ بجلی گرنے سے 5 افراد کی موت۔
٭ کووِڈ کے باعث یتیم ہونے والے بچوںکو سینٹرل اسکول مفت تعلیم اور مرکزی حکومت عمر کے 23 ویں برس میں 10 لاکھ روپئے دیگی۔
٭ موسمِ برسات میں کووِڈ میں اضافے کے خطرے کے پیشِ نظر کورونا علامات کی شناخت کرکے فوری علاج کرنے وزیرِ اعلیٰ کی ڈاکٹروں کو ہدایت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 20 ہزار 295 نئے مریض؛ مرٹھواڑہ میں 66 افراد کی موت۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔
No comments:
Post a Comment