Wednesday, 26 May 2021

 Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 26.05.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 26 May-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲۶؍ مئی  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہری‘ دوسری خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ دیہی علاقوںمیں کورونا وباء کی زنجیر توڑنے کیلئے ہوم کورنٹائن کی بجائے کووِڈ مراکز پر علیحدگی اختیار کرنے پر زور دیا جائے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کا حکم۔
٭ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی اشیاء کو ضروری خدمات کی فہرست میں شامل کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں 24 ہزار 136 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 83  افراد کا دو رانِ علاج انتقال۔
اور۔۔٭ عہدوںمیں ترقی کیلئے ریزرویشن جاری رکھنے کے مؤقف پر کانگریس قائم؛ ریاستی حکومت کے فیصلے پر حکمِ التواء جاری کرنے سے
ممبئی عدالت ِ عالیہ کا انکار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ریاست میں دیہی علاقوں میں کورونا وباء کی زنجیر توڑنے کیلئے کووِڈ متاثرین کو اپنے گھرو ںمیں ہی علیحدگی اختیار کرنے کی بجائے کووِڈ مراکز میں کورنٹائن کرنے پر زور دیا جائے۔ ریاست میں کووِڈ او رمیوکر مائیکوسس کی صورتحال سے متعلق کل نائب وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ جن دیہی علاقوں میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہے وہاں کورونا جانچ میں اضافہ کیا جائے۔ خریف ہنگام کے پیشِ نظر کھاد، تخم اور زرعی اشیاء کی دُکانیں کاشتکاروں کی سہولت کے مطابق کھولی جائیں۔ ریاست کے اسپتالو ںمیں آکسیجن، الیکٹرک و فائر آڈٹ فوری طور پر کرنے کی ہدایت بھی نائب وزیرِ اعلیٰ نے دی۔ اس کے علاوہ مہاتما جیوتی با پھلے صحت ِ عامہ اسکیم کے تحت میوکر مائیکوسس کا مفت علاج کرنے والے 131  اسپتالوں کی فہرست جاری کرنے کا بھی انھوں نے حکم دیا۔
***** ***** *****
میوکرمائیکوسس کے علاج میں معاون ایمفوٹریسین۔بی انجکشن کے 60 ہزار نسخے جون کے پہلے ہفتے میں بین الاقوامی بازاروں سے براہِ راست مہاراشٹر میں پہنچیں گے۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ مہاراشٹر میں فی الحال میوکر مائیکوسس کے 2ہزار 245 مریض ہیں۔ اس مرض سے متاثرہ افراد کے علاج کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ایمفوٹریسین انجکشن کی تقسیم پر کنٹرول رکھا گیا ہے، اس لیے مہاراشٹر نے براہِ راست عالمی سطح پر انجکشن خریدنے کیلئے ٹینڈر جاری کیے تھے۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے مرکزی حکومت سے دریافت کیا ہے کہ ناقابلِ استعمال وینٹی لیٹرز کو تبدیل کرنے کیلئے کیا پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ ناقص درجے کے وینٹی لیٹرز سے متعلق ذرائع ابلاغ کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت کی جانب سے داخل کردہ از خود عرضداشت پر کل سماعت ہوئی۔ مرکزی حکومت کی نمائندگی کرنے پر اسسٹنٹ سالسٹر جنرل اجئے تلہار کو جمعہ تک اس خصوص میں تفصیلات پیش کرنے کا حکم عدالت نے دیا۔ عدالت ِ  عالیہ نے سیاسی رہنمائوں کو بھی تلقین کی کہ مرکزی حکومت کے فراہم کردہ ناقص وینٹی لیٹرز کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 24 ہزار 136 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کووِڈ متاثرین کی کُل تعداد 56 لاکھ 26 ہزار 155 ہوگئی ہے۔ کل 601  افراد کی دورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ اس وباء کے باعث ریاست میں اب تک ہونے والی اموات کی کُل تعداد 90 ہزار 349 ہوگئی ہے۔ فی الحال مختلف اسپتالوں میں 3لاکھ 14 ہزار 368 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 2 ہزار 727  افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 83  افراد انتقال کرگئے۔ جن میں لاتور ضلع کے 22‘ بیڑ 18‘ اورنگ آباد 14‘ جالنہ 13‘ عثمان آباد 8‘ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے 3-3 اور پربھنی ضلع کے 2  افراد شامل ہیں۔ کل بیڑ ضلع میں 749  اور اورنگ آباد ضلع میں 396 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
تعمیراتی کاموں کیلئے ضروری اشیاء کو ضروری خدمات کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ 15  تا 20 مئی کے دوران آئے سائیکلون سے متاثرہ تعمیرات اور موسمِ برسات کے دوران متاثر ہونے والے کاموں کے تحفظ کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس خصوص میں جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ تعمیرات کے شعبے کو ضروری خدمات میں شامل کیا گیا ہے تاہم اس تجارت میں شامل تمام افراد کو کورونا سے متعلق رہنماء خطوط پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر 10ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ملازمین کے عہدوں میں ترقی کیلئے ریزرویشن جاری رکھنے کے اپنے مؤقف پر کانگریس بدستور قائم ہے اور اس موضوع پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائیگی۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ عہدوںمیں ترقی پر ریزرویشن ختم کرنے کے 7 مئی کے حکومتی فیصلے کو منسوخ کرانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ پٹولے نے کل اس ضمن میں ریاست بھر کی افسران و ملازمین کی تنظیموں‘ مختلف سماجی تنظیموںاور عوامی نمائندوں سے آن لائن گفتگو کی۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عہدوں میں ترقی کیلئے ریزرویشن برقرار رکھنے کے موضوع پر وہ وزیرِ اعلیٰ کو ایک خط ارسال کریں گے۔
دریں اثناء ملازمتوں میں ترقی کیلئے ریزرویشن ختم کرکے یہ کوٹہ کھلے زمرے میں شامل کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے سے ممبئی عدالت ِ عالیہ نے انکار کردیا ہے۔ اس خصوص میں ایک عرضداشت پر سماعت کے دوران عدالت نے حکمِ التواء جاری کرنے سے بھی انکار کردیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اعلان کیا ہے کہ حال ہی میں آئے سائیکلون تائوتے کے متاثرین کو بھی نِسرگ طوفان کے متاثرین کے مساوی امداد دی جائیگی۔ 21 مئی کو وزیرِ اعلیٰ نے کوکن علاقے کا دورہ کرکے تائوتے سائیکلون کی تباہ کاریوںکا معائنہ کیا تھا۔ اس وقت وزیرِ اعلیٰ نے عبوری امداد کا اعلان نہ کرتے ہوئے مکمل جائزہ لیکر معقول امداد کرنے اور کسی کو بھی محروم نہ رکھنے کا تیقن دیا تھا۔ اسی پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے کل یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
بودھ پورنیما آج منائی جارہی ہے۔ اس ضمن میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے عوام کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ ہم دُعا گو ہیں کہ ملک کورونا کے قہر سے جلد نجات پائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھگوان بدھ کی زندگی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے رہنمائی کرتی ہے۔ موجودہ حالات میں مہاتما بدھ کی تعلیمات مزید اہمیت اختیار کرگئی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے کہا ہے کہ عدالت ِ عظمیٰ کے فیصلے کے بعد ملازمتو ںمیں بھرتی کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کیلئے تجاویز فی الفور کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی چیف سیکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے۔ کل ممبئی میں اس کمیٹی کا اجلاس اشوک چوہان کی زیرِ صدارت منعقدہوا۔ جس میں مراٹھا سماج کیلئے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مراٹھا ریزرویشن کی تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء کو ایس ٹی کارپوریشن میں ملازمت دینے کا عمل 15 جون تک مکمل کیا جائے۔
***** ***** *****
رُکنِ پارلیمنٹ چھترپتی سنبھاجی راجے نے کل عثمان آباد، ناندیڑ اور جالنہ میں مراٹھا سماج کے نمائندوں سے ملاقات کرکے ریزرویشن کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس خصوص میں حکومت سے بات چیت کرکے مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ٹھوس مؤقف اختیار کیا جائیگا اور مستقبل میں مورچے نکالنے کی بجائے ماہرینِ قانون کی ایک ٹیم تیار کرکے عدالت ِ عظمیٰ کے ذریعے ریزرویشن حاصل کیا جائیگا۔
دریں اثناء شیوسنگرام تنظیم کے صدر ونایک میٹے نے ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ میں ایک عرضداشت جمع کروائی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کھلے زمرے کے معاشی طور پر پسماندہ افراد کو دیا جانے والا ریزرویشن مراٹھا سماج کو بھی دیا جائے۔ مرکزی حکومت نے آئینی ترمیم 103 کے ذریعے کھلے زمرے کے معاشی طورپر پسماندہ افراد کیلئے 10 فیصد ریزرویشن کوٹہ مقرر کررکھا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ دیہی علاقوںمیں کورونا وباء کی زنجیر توڑنے کیلئے ہوم کورنٹائن کی بجائے کووِڈ مراکز پر علیحدگی اختیار کرنے پر زور دیا جائے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کا حکم۔
٭ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی اشیاء کو ضروری خدمات کی فہرست میں شامل کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں 24 ہزار 136 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 83  افراد کا دو رانِ علاج انتقال۔
اور۔۔٭ عہدوںمیں ترقی کیلئے ریزرویشن جاری رکھنے کے مؤقف پر کانگریس قائم؛ ریاستی حکومت کے فیصلے پر حکمِ التواء جاری کرنے سے
ممبئی عدالت ِ عالیہ کا انکار۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔

No comments: