Sunday, 23 May 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 23.May.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 23 May-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲۳؍ مئی  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہری‘ دوسری خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ میوکر مائیکوسس عارضے کے تدارک کی تیاری کا جائزہ لینے مرکز کی ریاستی حکومتوں کو ہدایت۔
٭ ملازمت کے مقام پر ملازمین کے ساتھ ان کے لواحقین بھی اب ویکسین لے سکیں گے۔
٭ کووِڈ تدارک کی خوراک لینے والے شہریوں کو بین الاقوامی سفر میں کوئی دشواری نہیں: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 26 ہزار 133 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 97 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ مقبول و معروف موسیقار وجئے پاٹل عرف لکشمن چل بسے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
میوکر مائیکوسس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر مرکزی وزارتِ صحت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو اس مرض کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کیے جارہے انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ مرکزی سیکریٹری برائے محکمۂ صحت نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو اس خصوص میں ایک مکتوب ارسال کیا ۔ جس میں تلقین کی گئی ہے کہ اس کیلئے ایک طبّی کنٹرول کمیٹی قائم کرکے ایک کنٹرول افسر متعین کیا جائے۔ وزارتِ صحت نے تیقن دیا ہے کہ ان اقدامات کیلئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوںکو ہر قسم کا تعاون دیا جائیگا۔
***** ***** *****
کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی ہیکہ میوکر مائیکوسس کو آیوشمان بھارت اور طبّی بیمہ اسکیم میں شامل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نام ارسال کردہ ایک مکتوب میں سونیا گاندھی نے کہا کہ اس مرض کو وباء قرار دیا جاچکا ہے۔ اس لیے میوکر مائیکوسس کے علاج کیلئے ضروری ادویات کی تیاری اور ترسیل پر خصوصی توجہ دی جائے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے وضاحت کی ہیکہ کوویکسین اور کووی شیلڈ کی خوراک لینے والے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کیلئے کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے اس خصوص میں جاری گمراہ کُن اطلاعات پر یہ وضاحت کی۔ ایک غیر مصدقہ خبر گردش میں تھی کہ کووِی شیلڈ اور کوویکسین کو WHO کی منظوری نہ ہونے کے باعث یہ ویکسین لینے والے افراد بین الاقوامی سفر نہیں کرسکیں گے۔ تاہم وزیرِ موصوف نے اسے غلط قرار د یتے ہوئے یہ وضاحت جاری کی۔
اسی دوران کانگریس رہنما کمل ناتھ کی جانب سے کورونا کے نئے وائرس کو ہندوستانی قسم قرار دئیے جانے پر پرکاش جائوڑیکر نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ انھو ںنے کہا کہ یہ ملک کی بے توقیری اور وباء کیخلاف جاری جدوجہد پر نکتہ چینی کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی طبّی تنظیم نے کورونا کی کسی بھی قسم کو کسی بھی ملک کے نام سے موسوم نہیں کیا ۔
***** ***** *****
ملازمت کے مقامات پر ٹیکہ اندازی کی سہولت کا فائدہ وہاں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ساتھ ان کے افرادِ خانہ او رلواحقین بھی کرسکتے ہیں۔ اس خصوص میں مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو بذریعۂ مکتوب ہدایات جاری کی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ صنعتوں اور اداروں میں ویکسینیشن کیلئے جن اسپتالوں سے معاہدہ ہوا ہے وہی اسپتال خوراک خریدیں گے۔ تاہم 45 برس سے زائد عمر کے افراد کو یہ ٹیکے مفت دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
کورونا وباء کے پیشِ نظر ریاست کی طبّی آکسیجن کی ضرورت پوری کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے مشن آکسیجن خود کفالت اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت آکسیجن بنانے والی صنعتوں کو خصوصی امداد دی جائیگی۔ وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی نے بتایا کہ اس اعلان کے بعد متعدد صنعتکاروں نے اربابِ مجاز سے رابطہ کیا اور اس میدان میں مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کرنے پر خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں کل 26 ہزار 133 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 55 لاکھ 53 ہزار 225 ہوگئی ہے۔ کل 682 مریض دورانِ علاج فوت ہوگئے۔ اب تک یہ مہلک وباء ریاست میں 87 ہزار 300 جانیں لے چکی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالو ںمیں 3لاکھ 52 ہزار 247 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ میں کل 2 ہزار 876  افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی، جبکہ 97  افراد انتقال کرگئے۔ جن میں لاتور ضلع کے 26‘ اورنگ آباد ضلع کے 24‘ بیڑ 14‘ عثمان آباد 11‘ پربھنی 8‘ ناندیڑ 7‘ ہنگولی 6‘ اور جالنہ ضلع کے 3  افراد شامل ہیں۔ بیڑ ضلع میں کل 779  اور اورنگ آباد میں 429 نئے کورونا مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
پیوپلز ریپبلکن پارٹی نے کہا ہے کہ عہدو ںمیں ترقی دینا ریاستی حکومت کے دائرۂ اختیار میں ہے او رمطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں 7 مئی کو جاری کردہ سرکاری حکمنامہ منسوخ کیا جائے۔ پارٹی صدر پروفیسر جوگندر کواڑے نے کل ناگپور میں اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر یہ مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا تو پسماندہ طبقات کی ملازمین تنظیموں کے ساتھ وہ 15 جون کو ریاست گیر تحریک چلائیں گے۔
***** ***** *****
ڈپٹی ڈائریکٹر برائے تعلیم نے وضاحت کی ہے کہ 2020-21 کیلئے گیارہویں جماعت میں داخلے کے عمل سے متعلق کسی بھی طریقۂ کار کو ہنوز قطعیت نہیں دی گئی ۔ اس خصوص میں سرکاری احکامات ملنے کے بعد ہی داخلے سے متعلق حتمی اعلان کیا جائیگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی جی جگتاپ نے کل جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ وضاحت کی۔ انھوں نے تلقین کی کہ اس حتمی اعلان سے قبل کوئی بھی جونیئر کالج اپنے طور پر داخلے کا عمل شروع نہ کرے۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ CBSE کے بارہویں کے امتحانات کے انعقاد سے متعلق تجاویز پر تبادلۂ خیال کیلئے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کی زیرِ صدارت مجوزہ اس اجلاس میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے وزرائے تعلیم‘ سیکریٹریز اور ریاستی امتحانی بورڈز کے سربراہان شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر کی قومی سہولت این ای ایف ٹی خدمات آج دوپہر 2 بجے تک بند رہیں گی۔ یہ اطلاع ریزرو بینک ذرائع نے دی۔ چند تکنیکی ترامیم کیلئے یہ خدمات کل شب سے 14 گھنٹوں کیلئے تمام بینکوں نے بند رکھی ہیں۔ تاہم اس عرصے میں RTGS خدمات جاری رہیں گی۔
***** ***** *****
مقبول و معروف موسیقار وجئے پاٹل عرف لکشمن کل ناگپور میں ایک قلبی حملے میں چل بسے۔ وہ 79 برس کے تھے۔ اپنے رفیقِ کار سریندر ہندرے عرف رام کے ساتھ انھوں نے 1970 سے موسیقی کی ہدایت کا کام شروع کیا اور فلم پانڈو حوالدار سے موسیقار کی حیثیت سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس جوڑی نے رام لکشمن کے نام سے تقریباً 75ہندی و مراٹھی فلموں کیلئے موسیقار کی حیثیت سے کام کیا۔ رام کے انتقال کے بعد بھی وجئے پاٹل نے رام لکشمن کے نام سے ہی اپنا کام جاری رکھا۔ انھوں نے ’’میں نے پیا رکیا‘‘ ’’پتھر کے پھول‘‘ ’’ہنڈریڈ ڈیز‘‘ ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ جیسی سپرہٹ فلموں کیلئے میوزک دیا۔ میں نے پیار کیا فلم کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ 2018 میں انہیں ریاستی حکومت کا لتا منگیشکر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ثقافتی امور کے وزیر امیت دیشمکھ نے لکشمن کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا کی تیسری لہر ماہ جولائی کے اواخر میں آنے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس لہر میں بچوں کے زیادہ متاثر ہونے کا احتمال ہے۔ اس سلسلے میں اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے کورونا سے متاثرہ بچوں کے فوری علاج کیلئے مختلف اسپتالوں میں 736 پلنگوں کا انتظام کیا ہے۔ کارپوریشن کی ہیلتھ افسر ڈاکٹر نیتا پاڈلکر نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں خبروں کی سرخیاں ایک بار پھرسن لیجیے۔۔
٭ میوکر مائیکوسس عارضے کے تدارک کی تیاری کا جائزہ لینے مرکز کی ریاستی حکومتوں کو ہدایت۔
٭ کام کے مقام پر ملازمین کے ساتھ ان کے لواحقین بھی اب ویکسین لے سکیں گے۔
٭ کووِڈ تدارک کی خوراک لینے والے شہریوں کو بین الاقوامی سفر میں کوئی دشواری نہیں: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاست میں کورونا کے 26 ہزار 133 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 97 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ مقبول و معروف موسیقار وجئے پاٹل عرف لکشمن چل بسے۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔

No comments: