Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۰؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
ریاست میں کورونا کے سلسلے میں عائد پابندیوں میں رعایت دئیے جانے باوجود احتیاط لازمی ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی خوراک بھی ضرور لیںاورحکومت وانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23978046 اور 1075 یا ریاستی امدادی مرکز کیلئے 020- 26127394 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ خریف کی فصلوں کیلئے کم از کم ضمانتی نرخ میں اضافے کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا بل آئندہ مانسون اجلاس میں منظور کیا جائیگا: وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات۔
٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر زوردار بارش۔ ممبئی کے ملاڈ میں دو منزلہ عمارت منہدم‘ 11 افراد کی موت۔
٭ ریاست میں 10 ہزار 989 کورونا کے نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 36 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ ہنگولی ضلع پریشد کی تعلیمی کمیٹی کے سربراہ کیخلاف تحریک ِ عدم اعتماد منظور۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مرکزی کابینی کمیٹی برائے اقتصادی اُمور نے خریف کی تمام فصلوں کے کم از کم ضمانتی نرخ میں اضافے کو منظوری دے دی ہے۔ کل اس کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ زراعت نریندر سنگھ تومر نے یہ اطلاع دی۔ گذشتہ برس کی بہ نسبت اس برس سب سے زیادہ 452 روپئے فی کوئنٹل اضافہ تل کی فصل کیلئے کیا گیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ 2018-19 کے مالیاتی بجٹ میں عزم کیا گیا تھا کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کیلئے ہونے والی لاگت کی کم از کم دیڑھ گنا ضمانتی نرخ ملنا چاہیے اور اب ان ہی خطوط پر ایم ایس پی میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے کہا ہیکہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا زرعی ترمیمی بل اسمبلی کے آئندہ مانسون اجلاس میں منظور کیا جائیگا۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جو زرعی ترمیمی قوانین وضع کیے ہیں وہ تینوں قوانین کسان مخالف اور سرمایہ دارانہ ذہنیت کی حمایت کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل باڑا صاحب تھورات نے امدادِ باہمی کے وزیر باڑا صاحب پاٹل، وزیرِ زراعت دادا بھوسے اور مملکتی وزیر وشوجیت کدم کے ہمراہ راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار سے اس زرعی ترمیمی بل پر مشاورت کی۔
***** ***** *****
ممبئی سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر کل زوردار بارش ہوئی۔ ممبئی اور ساحلی اضلاع میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ ممبئی کے مضافاتی علاقے ملاڈ کے مالون میں ایک دو منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ جس کے باعث 11 افراد ہلاک اور دیگر 6 شدید زخمی ہوگئے۔ جائے حادثہ پر راحت اور بچائو کے امدادی کام جاری ہیں۔ اب بھی کچھ افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کل ممبئی میونسپل کارپوریشن کنٹرول روم اور رائے گڑھ، رتنا گیری، سندھو دُرگ و پال گھر کے ضلع کلکٹرز سے گفتگو کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ممبئی اور ساحلی اضلاع کی عوام کو تکلیف سے بچانے کیلئے انتظامیہ فوری اقدامات کرے۔ کووِڈ اور دیگر طبّی امداد کی فراہمی میں کوئی رُکاوٹ نہ ہو، اس بات کا خاص خیال رکھا جائے۔ انھوں نے حکم دیا کہ ممبئی میں پمپنگ اسٹیشن کو فعال رکھنے اور جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں بارش کے باعث ٹریفک میں خلل پڑے تو پولس اور دیگر اداروں کو فوری کاروائی کرکے رُکاوٹیں دور کرنے کا حکم بھی انھوں نے دیا۔
***** ***** *****
نئی ممبئی میں صبح سے ہی بارش جاری ہے۔ شہر کے زیریں علاقوں واشی اور سانپاڑہ میں بار ش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔ کوکن ڈویژنل کمشنر کے دفتر میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ رائے گڑھ ضلع میں کل سے جاری زوردار بارش کے سبب تمام ندیوںمیں طغیانی کی صورتحال ہے۔ ضلع میں کل 58 اعشاریہ 99 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناء محکمۂ موسمیات نے ممبئی میں خطرے کا اشارہ دیتے ہوئے آئندہ چار دِنوں میں مزید زوردار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مانسون پورے کوکن‘ مغربی مہاراشٹر‘ شمالی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں ناگپور تک داخل ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں گنگاپور، پھلمبری، سلوڑ اور ویجاپور تعلقے میں کل دوپہر ڈھائی بجے کے قریب موسلا دھار بارش ہوئی۔ سلوڑ تعلقے میں طوفانی بارش کے باعث سلوڑ۔ جلگائوں شاہراہ پر تیار کردہ ایک متبادل پُل بہہ گیا۔ جس کے سبب کچھ وقفے کیلئے ٹریفک متاثر ہوا۔ اورنگ آباد شہر میں بھی کل شام بارش ہوئی۔ پھلمبری کے بابھڑ گائوں میں بجلی گرنے سے ایک 18 سالہ دوشیزہ کی موت واقع ہوگئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے بیشتر مقامات پر کل صبح سے ہی بارش شروع ہوگئی تھی۔ بجلی کی چمک اور گھن گرج کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث شہرکے زیریں علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
بیڑ ضلع کے پرلی تعلقے میں واقع کنہیر واڑی اور نندا اگوڑ میں طوفانی بارش ہوئی۔ پرلی۔ امبا جوگائی شاہراہ پر کنہیر واڑی سے قریب ایک متبادل سڑک اور پُل بہہ جانے سے اس راستے پر ٹریفک متاثر ہوا۔ ہنگولی تعلقے کے بسمت‘ آسے گائوں میں ندی کا پانی پُلوں کے اوپر سے بہہ رہا ہے، اس لیے ضلع انتظامیہ نے شہریوں کو ٹریفک کیلئے دوسرا راستہ اختیار کرنے کی صلاح دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 10 ہزار 989 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کووِڈ متاثرین کی کُل تعداد 58 لاکھ 63 ہزار 880 ہوگئی ہے۔ کل 269 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح ریاست بھر میں اب تک اس عارضے کے باعث ایک لاکھ ایک ہزار 833 اموات ہوچکی ہیں۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 61 ہزار 864 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 679 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی، جبکہ 36 مریض انتقال کرگئے۔ جن میں لاتور ضلع کے 12‘ اورنگ آباد 8‘ بیڑ 7‘ جالنہ 4‘ عثمان آباد اور ہنگولی 2-2 اور ناندیڑ ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ کل بیڑ ضلع میں 146 اور اورنگ آباد ضلع میں 144 نئے کورونا مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع پریشد کی تعلیمی کمیٹی کی سربراہ کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد صفرکے مقابلے میں 35 ووٹوں سے منظور کرلی گئی۔ ہنگولی ضلع پریشد میں راشٹروادی کانگریس‘ شیوسینا اور کانگریس کا اقتدار ہے۔ تعلیمی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر راشٹروادی کانگریس کی رتن مالا چوہان فائز تھیں۔ کل اس تحریکِ اعتماد پر مباحثے میں شامل تمام 35 ارکان نے تحریک کی حمایت میں ووٹ دیا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی چوہان پر دیگر ارکان کو اعتماد میں نہ لیتے ہوئے کام کرنے کا الزام عائد کیا جاتا رہا تھا۔ جس کے بعد راشٹروادی کانگریس ارکان نے ہی ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کی تھی۔
***** ***** *****
وزیر برائے بقائے آب جینت پاٹل نے کہا ہے کہ جائیکواڑی ڈیم کی بائیں کینال کی درستی کیلئے 650 کروڑ روپئے کی لاگت سے ہونے والے کام کا تخمینہ تیار کیا جائیگا اور اس درستی کے کام کو مکمل کیا جائیگا۔ پربھنی کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر راہل پاٹل سمیت شیوسینا کے ایک نمائندہ وفد نے کل وزیرِ موصوف سے ملاقات کی۔ جینت پاٹل نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس کام کیلئے عالمی بینک سے قرض حاصل کیا جائیگا۔ اس کینال سے پانی کی پوری قوت سے ترسیل ممکن نہ ہونے کے سبب پربھنی ضلع کے 50 فیصد دیہات پانی سے محروم ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے مطالبہ کیا ہیکہ درجِ فہرست ذاتوں او رقبائل کے خلاف مظالم کی انسداد سے متعلق ایٹراسٹی قانون کے تحت متاثرہ افراد کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد فوری دی جائے۔ اس خصوص میں انھوں نے اورنگ آباد ضلع کلکٹر سنیل چوہان اور سماجی بہبود محکمے کے معاون کمشنر کو ایک مکتوب ارسال کیا ۔ ایٹراسٹی قانون کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد متاثرہ افراد کو سماجی بہبود محکمے کی جانب سے فوری 25 فیصد رقم دی جاتی ہے۔ عدالت میں چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد 50 فیصد اور شکایت کنندہ کے حق میں فیصلہ ہونے کے بعد بقیہ 25 فیصد رقم ادا کی جاتی ہے۔ تاہم گذشتہ دیڑھ برس سے یہ امداد حکومت کے ذمہ واجب الادا ہے۔ اپنے مکتوب میں امتیاز جلیل نے یہ واجب الادا رقم فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
گذشتہ برس موسمِ خریف میں کسانو ںکو معاوضہ ادا نہ کرنے والی بیمہ کمپنیوں کیخلاف عثمان آباد کے رکنِ پارلیمنٹ اوم پرکاش راجے نمبالکر اور رکنِ اسمبلی گھاڈگے پاٹل نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس حکومت کی جانب سے پنچنامہ کیے گئے اور حکومت نے معاوضہ جاری بھی کردیا تھا۔ تاہم ان کمپنیوں نے 72 گھنٹوں کے اندر شکایت نہ کرنے کا بہانہ بناکر معاوضہ ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ خریف کی فصلوں کیلئے کم از کم ضمانتی نرخ میں اضافے کو مرکزی حکومت کی منظوری۔
٭ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا بل آئندہ مانسون اجلاس میں منظور کیا جائیگا: وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات۔
٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر زوردار بارش۔ ممبئی کے ملاڈ میں دو منزلہ عمارت منہدم‘ 11 افراد کی موت۔
***** ***** *****
ان خبروں کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب کے چینل اورنگ آباد NEWS AIR پر کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کریں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ منہ پر ماسک ضرور لگائیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ‘اور سنتے رہیں آکاشوانی۔
No comments:
Post a Comment