Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۲؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کی تیاریاں مکمل کرنے اور گائووں سے کورونا کو دور رکھنے کیلئے
کوشش کرنے کی سرپنچوں سے اپیل۔ کہا عوامی بیداری کے ذریعے لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے واقف کروائیں۔
٭ مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضو ںکی تعداد اور اموات کے بارے میں برتی جارہی ہے مکمل شفافیت؛ ریاستی محکمۂ صحت کی وضاحت۔
٭ لاک ڈائون کے دوران دئیے گئے بجلی بل نہیں کیے جائیں گے معاف۔ ریاستی وزیرِ توانائی کی وضاحت۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 29 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 113 کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کی پیشگی تیاریاں مکمل کرنے اور اپنے اپنے گاوئوں کو کورونا وائرس سے بچائے رکھنے کی اپیل سرپنچوں سے کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اورنگ آباد‘ امراوتی اور ناگپور ان تین ڈویژنوں کے 19 ضلعوں کے سرپنچوں سے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ اس دوران وزیرِ اعلیٰ نے احتیاط برتنے اور چوکس رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ گائوں میں کی جانے والی منادی کے ذریعے کورونا وائرس کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کی جائے۔ بات چیت کے دوران مختلف گاوئوں کے سرپنچوں نے بھی اپنی رائے پیش کی۔ اس دوران اورنگ آبادکے قریب واقع کمبھے پھل کی خاتون سرپنچ کانتا بائی مُڑے نے اپنے گائوں کو کورونا سے پاک رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے بتایا کہ کمبھے پھل میں 45 سال سے زیادہ عمر کے سو فیصد لوگوں کی ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی محکمۂ صحت نے واضح کیا ہیکہ مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد اور اموات کے بارے میں اعداد و شمار بالکل نہیں چھپائے جارہے ہیں۔ محکمۂ صحت نے کہا ہیکہ کورونا مریضوں کی تعداد‘ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد اور جان گنوانے والوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور اس بارے میں اعداد و شمار چھپانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم محکمۂ صحت نے یہ بھی وضاحت کی کہ بعض اوقات تکنیکی دشواریو ںکی وجہ سے کچھ معلومات زیرِ التواء رہتی ہیں، جنھیں بعد میں شامل کرنے کیلئے محکمۂ صحت لگاتار ضلع انتظامیہ اور علاقائی خودمختار اداروں کے رابطے میں رہتا ہے۔
***** ***** *****
گذشتہ سال کی طرح اِس سال بھی آشاڑھی اکادشی یاترا کیلئے صرف 10 پالکیوں کو بس میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ 10 پالکیاں 20 بسوں کے ذریعے پنڈھر پور پہنچیں گی جن میں ہر پالکی میں 40 وارکری سوار ہوسکتے ہیں۔ اجیت پوار نے مزید کہا کہ اس سال بھی آشاڑھی اکادشی یاترا کیلئے پیدل جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ توانائی نتن رائوت نے وضاحت کی ہیکہ مراٹھواڑہ اور ودربھ کی صنعتوں کو بجلی بلوں میں دی جانے والی سبسڈی بند نہیں کی گئی ہے۔ رائوت کے ہاتھوں اورنگ آباد ضلع کے پھلمبری تعلقے کے ندھونہ سب سینٹر کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح عمل میں آیا۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رائوت نے بتایا کہ ریاست میں 17 ہزار میگا ویٹ کے شمسی توانائی پلانٹ قائم کرنے کے کام کی شروعات ہوچکی ہے۔ بجلی بلوں کو معاف کیے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے رائوت نے کہا کہ کئی تنظیموں نے لاک ڈائون کے بعد بجلی بل معاف کرنے کے مطالبات کیے ہیں لیکن بجلی بل معاف نہیں کیے جاسکتے۔ رائوت نے اورنگ آباد کے قریب والوج صنعتی علاقے میں 33 کلو ویٹ کے سب سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع انتظامیہ کو کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کا سامنا کرنے کیلئے اپنی تیاریاں تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت رابطہ وزیر سبھاش دیسائی نے دی ہے۔ رابطہ وزیر دیسائی‘ کل اورنگ آباد ضلع کلکٹر دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بول رہے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے چھوٹے بچوں کیلئے کیے گئے طبّی انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ دیسائی نے اورنگ آباد دیہی پولس کو ملی گاڑیوں کی نقب کشائی بھی کی اور کھام ندی پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کی مہا وِکاس آگھاڑی حکومت نے کسانو ںکی بجائے بیمہ کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے والے فیصلے لیے ہیں۔ ریاست کے سابق وزیرِ زراعت انیل بونڈے نے یہ الزام لگایا ہے۔ وہ کل اورنگ آباد میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں بول رہے تھے۔ بونڈے نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کسانو ںکو تو بیمے کا فائدہ نہیں ملا لیکن بیمہ کمپنیوں کا ضرور فائدہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
بریک دی چین کے نئے معیار کے مطابق پربھنی ضلعے کو لیول وَن اور ہنگولی ضلعے کو لیول 2 میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس بارے میں پربھنی کے ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر کی جانب سے کل شام سرکاری حکمنامہ جاری کیے جانے کے بعد 14 جون سے پابندیو ںمیں نرمی کی جائیگی۔ سماجی‘ ثقافتی اور تفریحی تقریبات حسبِ معمول منعقد ہوسکتی ہیں‘ ساتھ ہی کھیلوں کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جاسکتا ہے۔ اسکے علاوہ شادیو ںمیں 100 افراد کو اور جنازوں میں 50 افراد کو شرکت کی اجازت رہے گی۔
***** ***** *****
ہنگولی کے ضلع کلکٹر رُچیش جئے ونشی نے بھی اسی طرح کا سرکاری حکمنامہ جاری کیا ہے۔ ہنگولی ضلعے میں سبھی دُکانیں آج سے صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ تاہم مذہبی مقامات اور عبادت گاہیں بدستور بند رہیں گی۔ ہنگولی ضلعے میں یاترا‘ جترا اور عرس تقریبات اور جلوسو ںپر اگلے احکامات تک عائد پابندی برقرار رہے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 12,207 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد اب تک ریاست میں کورونا پازیٹیو پائے گئے مریضوں کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 76 ہزار 87 ہوگئی ہے۔ وہیں کل ریاست بھر میں 393 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اِن اموات کو ملا کر اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے جان گنوانے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 748 تک جاپہنچی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 1.77% رہی۔
***** ***** *****
دوسری جانب کل ریاست بھر کے مختلف اسپتالوں سے 11 ہزار 449 افراد کو کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے کے بعد گھر بھیجا گیا۔ مہاراشٹر میں اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک کُل 56 لاکھ 8ہزار 753 کورونا مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 95% فیصد رہا۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد ایک لاکھ 60ہزار 693 ہے اور ان سبھی کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں گذشتہ روز 29 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی جبکہ 562 نئے معاملے منظرِ عام پر آئے۔ مرنے والوں میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق لاتور سے رہا‘ جہاں 10 مریضوں نے کل دَم توڑ دیا۔ اورنگ آباد ضلعے میں 9 مریضوں کی موت کا کل اندراج ہوا۔ اسی طرح پربھنی میں 3‘ بیڑ اور جالنہ ضلعوں میں 2-2 اور عثمان آباد اور ہنگولی ضلعوں میں ایک۔ ایک مریض کی موت ہوگئی۔ ناندیڑ ضلعے میں بھی کل ایک مریض کی موت درج کی گئی۔
دوسری جانب مراٹھواڑہ کے ضلعوں میں کورونا پازیٹیو مریض پائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اس تعداد میں کافی کمی آرہی ہے۔ بیڑ ضلعے میں کل 130 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ عثمان آباد میں 123 اور لاتور میں 63 افراد میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسی طرح اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 113 کورونا پازیٹیو مریض منظرِ عام پر آئے۔ اس تعداد میں 19مریض اورنگ آباد کے شہری علاقے سے ہیں جبکہ 94 مریضوں کا تعلق اورنگ آباد کے دیہی علاقوں سے ہے۔ اسی طرح جالنہ میں 45‘ ناندیڑ میں 44 اور پربھنی میں 33 لوگوں کے کل کورونا پازیٹیو ہونے کا کل پتہ چلا۔ ہنگولی ضلعے میں گذشتہ روز 11 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے شیواجی نگر علاقے میں اپنے گھر کے احاطے میں موجود پیڑوں کو بناء اجازت کاٹنے کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن نے متعلقہ شہری پر ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ اس معاملے میں پیڑ کاٹنے والو ںکی مدد کرنے پر کارپوریشن کے عارضی ملازم پر بھی 10ہزار روپئوں کا جرمانہ لگایا گیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے مُرُڈ کے مجاہدِ آزادی اور امدادِ باہمی تحریک کے سرگرم رُکن تکارام ناڑے ضعیف العمری کے باعث چل بسے۔ وہ 96 برس کے تھے۔ تکارام ناڑے نے لاتور۔ عثمان آباد ضلع امدادِ باہمی بینک کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا۔ ان کی پہل پر مُرُڈ میں دیہی ترقیات کے کئی منصوبوں پر عمل آوری کی گئی۔ تکارام ناڑے کی آخری رسومات آج صبح 10 بجے ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
محکمۂ زراعت کے افسران اور ملازمین سے کسانوں کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار رہنے کی ہدایت محکمے کے پرنسپل سیکریٹری ایکناتھ ڈَولے نے دی ہے۔ وہ کل ناندیڑ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ ڈَولے نے ضلعے کے قندھار تعلقے کے عثمان نگر کا بھی دورہ کیا اور کسانوں سے بات چیت کر اُن کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کی رُکنِ اسمبلی میگھنا بورڈیکر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ کپاس‘ گیہوں‘ تور اور دیگر فصلوں کی خریداری کیلئے فعال ڈھانچہ کھڑا کرے۔ بورڈیکر نے کہا کہ گذشتہ سال خریداری مراکز کے وقت پر شروع نہ ہونے سے کسانوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپنے تحریری بیان میں میگھنا بورڈیکر نے کہا کہ وہ اس سال حکومت سے وقت پر خریداری مراکز شروع کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرمودی آج اور کل ورچوئل طریقے سے G-7 سربراہ میٹنگ کے Outreach اجلاس میں حصہ لیں گے۔ میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ برطانیہ فی الحال G-7 کا صدر ہے اور G-7 سربراہ میٹنگ کیلئے مہمان ملک کے طور پر جنوبی کوریا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ دوسرا موقع ہوگا جب وزیرِ اعظم مودی G-7 میں حصہ لیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کی تیاریاں مکمل کرنے اور گائووں سے کورونا کو دور رکھنے کیلئے
کوشش کرنے کی سرپنچوں سے اپیل۔ کہا عوامی بیداری کے ذریعے لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے واقف کروائیں۔
٭ مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضو ںکی تعداد اور اموات کے بارے میں برتی جارہی ہے مکمل شفافیت؛ ریاستی محکمۂ صحت کی وضاحت۔
٭ لاک ڈائون کے دوران دئیے گئے بجلی بل نہیں کیے جائیں گے معاف۔ ریاستی وزیرِ توانائی کی وضاحت۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 29 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 113 کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد یا NEWS AURANGABD AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment