Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲؍ دسمبر ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ناگپور- ممبئی سمردّھی ایکسپریس وے سے روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کو اعتماد۔
٭ ناگپور کے میہان میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈکل سائنسیز کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا عدالت ِ عظمیٰ کے جج مقرر۔
٭ ہماچل پردیش کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے سکھویندر سنہہ سُکّھو کا انتخاب؛ بھوپیندر پٹیل آج گجرات کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔
اور۔۔٭ آسٹریلیاء کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کی سوپر اوور میں فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یقین کا اظہار کیا ہے کہ ہندو رِدئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے ناگپور- ممبئی سمردّھی ایکسپریس وے سے زرعی‘ صنعتی‘ سیاحتی اور مختلف اقسام کی مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ نیز علاقے کی ترقی میں تیزی ٓائیگی۔ باڑا صاحب ٹھاکرے ناگپور- ممبئی ایکسپریس وے کے ناگپور تا شرڈی پہلے مرحلے کا افتتاح کل وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ 2017 میں ڈبل انجن کی سرکار برسرِاقتدار آنے کے بعد اس شاہراہ کی بنیاد رکھی گئی تھی اور آج یہ کام مکمل ہوگیا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر وہ اپنی تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ملک بھر میں طبّی شعبے میں بہتری لانے پر زور دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج اسپتال شروع کیا جائیگا۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم نے سمردّھی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کے زیرو میل پوائنٹ سے 10 کلو میٹر طویل سفر کیا۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ مرکزی وزیر برائے شاہراہ نتن گڈکری‘ مرکزی وزیرِ مملکت رائو صاحب دانوے‘ مملکتی وزیر برائے صحت ِ عامہ ڈاکٹر بھارتی پوار‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور رکنِ اسمبلی چندر شیکھر باون کڑے اس موقع پر موجود تھے۔
ناگپور میں وزیرِ اعظم نے بذریعہ میٹرو فریڈم پارک تک کھاپری میٹرو اسٹیشن کا سفر بھی کیا۔ اس سفر کے دوران انھوں نے ایمس ناگپور کے طلبہ سے گفت و شنید بھی کی۔ ناگپور کی ’’میٹرو2-‘‘ کا سنگ ِ بنیاد بھی انھوں نے رکھا۔ ملک میں تیار کردہ وندے بھارت ریل گاڑی کو بھی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہری جھنڈی دکھائی۔ اس ایکسپریس ٹرین کے ذریعے مہاراشٹر کے ذیلی دارالحکومت ناگپور کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور سے اور بلاسپور سے جوڑا جارہا ہے۔
دریں اثناء اس افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شدے نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ شاہراہ ریاست کی ترقی کی لائف لائن ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ اس سوپر ہائی وے پر 13 لاکھ درخت لگائے جاچکے ہیں اور مزید 35 لاکھ درخت لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ شاہراہ مکمل طور پر ماحول دوست ہے اور جنگلی جانوروں کو سڑک عبور کرنے کیلئے علیحدہ سہولت رکھی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سوپر ہائی وے سے زرعی اور صنعتی شعبوں میں نئی روح پیدا ہوگی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ معینہ مدت میں یہ پروجیکٹ مکمل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے پاس فنڈز کی عدم موجودگی میں سڈکو اور مہاڈا کی طرح کے اداروں سے قرض لیکر ریکارڈ 9 مہینے میں زمینیں ایکوائر کی گئیں اور اس کے خلاف ایک بھی شکایت یا درخواست موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ریاست میں مزید 6 قومی شاہراہیں تعمیر کی جائیں گی۔ ان میں اورنگ آباد- پونہ شاہراہ کا کام بھی عنقریب شروع کیا جائیگا۔
ناگپور کے میہان علاقے میں تعمیر کردہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیز- ایمس‘ کا افتتاح کل وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس ادارے کا سنگ ِ بنیاد مودی ہی نے 2017 میں رکھا تھا۔ ایمس ناگپور مہاراشٹر کا پہلا ادارہ ہے اور اسے پردھان منتری سواستھ سرکشا اسکیم کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔ جس پر ایک ہزار 575 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کل چندر پور کے CIPET اور دیگر دو اداروں کا بھی افتتاح کیا۔
سمردّھی ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب کو اورنگ آباد کے مالی واڑہ انٹرچینج‘ جالنہ ضلع کے ندھونہ انٹرچینج اور شرڈی میں راست طور پر نشر کیا گیا۔
***** ***** *****
دہلی- ممبئی ایکسپریس وے کا پہلا مرحلہ جلد ہی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں ہریانہ کے گروگرام‘ راجستھان کے الور دوسر تک کا راستہ اس میں شامل ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی نے کہا ہے کہ اس شاہراہ پر سی سی ٹی وی کے ذریعے ہر گاڑی پر نظر رکھی جائیگی۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا کو عدالت ِ عظمیٰ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف کرن رِجیجو نے بذریعۂ ٹوئیٹر یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ریاست کے گُرَو سماج کیلئے سنت کاشی با وِکاس یوجنا کا کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا۔ انھوں نے کل شولاپور میں اس سماج کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور کانگریس کے بزرگ رہنماء سشیل کمار شندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
ہماچل پردیش کے 15 ویں وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے کانگریس رہنماء سکھویندر سنگھ سکھو نے کل حلف اٹھایا۔ ہماچل پردیش کے گورنر راجندر آرلیکر نے شملہ میں سکھو کو وزیرِ اعلیٰ اور مکیش اگنی ہوتری کو نائب وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف دلایا۔ اس حلف برداری تقریب میں کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے‘ رکنِ پارلیمان راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔
***** ***** *****
گجرات کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے بھوپیندر پٹیل آج حلف لیں گے۔ گاندھی نگر میں آج دوپہر مجوزہ ایک تقریب میں گورنر آچاریہ دیو ورت انھیں عہدے اور رازداری کا حلف دیں گے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی زیرِ اقتدار تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
شیوسینا سربراہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ آئندہ 17 تاریخ کو نکلنے والا جلوس مہاراشٹر کی مسلسل تضحیک کے خلاف نکالا جارہا ہے۔ کل ممبئی میں متعدد کارکنوں نے شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر اُدّھو ٹھاکرے صحیفہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی سے متعلق قابلِ اعتراض بیانات دینے والے گورنر وزیرِ اعظم کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔ اکل کوٹ اور شولاپور سے متعلق قابلِ اعتراض بیان دینے والے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ کو مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ کوئی جواب نہیں دیتے۔
***** ***** *****
بی جے پی کے رہنماء چندر کانت پاٹل پر پمپری چنچوڑ میں سیاہی پھینکنے کے واقعے کے بعد موقع پر موجود 10 پولس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم چندرکانت پاٹل نے وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ ان پولس والوں کو معطل نہ کرتے ہوئے صرف ان کا تبادلہ کیا جائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے چیتے گائوں میں کل تبلیغی جماعت کا اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کا اختتام خصوصی دُعا پر ہوا، جس میں دنیا بھر کو وبائوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی اللہ تعالیٰ کے حضور دُعا کی گئی۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کی خواتین ٹیموں کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے کل ممبئی میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں بھارت نے آسٹریلیاء کو شکست دے دی۔ میچ کا فیصلہ سوپر اوور میں ہوا جس میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے 4 رَنوں سے فتح حاصل کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ناگپور- ممبئی سمردّھی ایکسپریس وے سے روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کو اعتماد۔
٭ ناگپور کے میہان میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈکل سائنسیز کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا عدالت ِ عظمیٰ کے جج کی حیثیت سے نامزد۔
٭ ہماچل پردیش کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے سکھویندر سنہہ سُکّھو کا انتخاب؛ بھوپیندر پٹیل آج گجرات کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔
اور۔۔٭ آسٹریلیاء کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کی سوپر اوور میں فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment