Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 05 August-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ اگست ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ممبئی‘ پونہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری؛ انتظامیہ کو مستعد رہنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے شراون مہینے میں خصوصی مذہبی سیاحتی مہم۔
٭ بیڑ ضلعے میں دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی؛ نقلی دودھ تیار کرنے کیلئے استعمال ہونے والا 13 ہزار 368 کلو کیمیاوی سفوف ضبط۔
اور۔۔۔٭ پیرس اولمپک میں آج بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین کانسے کے تمغے کیلئے مقابلہ کریں گے؛ ایتھلیٹکس مقابلوں کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ممبئی سمیت ریاست بھر میں کل بارش کا زور قائم رہا۔ جس کے سبب کئی پشتوں سے پانی کا اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پونہ ضلع کے کھڑک واسلہ ڈیم سے مُٹھا ندی میں 35 ہزار دو مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتارسے پانی چھوڑا جارہاہے۔ پان شیت‘ وَرَس گاؤں اور ٹیم گھر پشتوں کے کیچمنٹ علاقوں میں اور ماوَڑ‘ مُڑشی‘ ویلہے اور جُنّر تعلقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ پونہ ضلع سے کوکن کی سمت جانے والے گھاٹ کی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ پوَنا‘ اِندراینی اور مُڑا ندیوں کی سطح آب میں اضافہ ہورہا ہے۔
دریں اثناء‘ پونہ میں آفت ِ باراں کا اشارہ دے دیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ساکنان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے نیز انھیں ہر طرح کی سہولتیں بہم پہنچانے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دی ہے۔ ان علاقوں میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے برّی فوج کے 105 فوجی تعینات کردئیے گئے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور پونہ ضلع کے رابطہ وزیر اجیت پوار نے بھی پونہ اور پمپری چنچوڑ شہر کی سیلاب کی صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی انتظامی مشنری کو مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ موصوف نے ان علاقوں کے ساکنان کی حفاظت کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کا حکم انتظامیہ کو دیا ہے۔ محکمہئ موسمیات نے پونہ اور ساتارا اضلاع کیلئے آج آرینج الرٹ جاری کررکھا ہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے میں کل دِن بھر ہوئی موسلادھار بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا۔ ضلع کے کئی ایک پشتوں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ فی الحال گنگاپور بند سے آٹھ ہزار 100‘ دارنا بند سے 22 ہزار 383 اور ناندور- مدھمیشور ڈیم سے 45 ہزار 233 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔
اسی دوران ناسک شہر میں گوداوری ندی میں آئی طغیانی میں ایک شخص بہہ گیا۔ بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوِترن میں انجینئر کی حیثیت سے کام کرنے والا یگنیش پوار، رام کُنڈ کے قریب پوجا کررہا تھا کہ اس کا پاؤں پھسلنے سے وہ ندی میں جاگرا اور تیز بہاؤ کے باعث بہہ گیا۔ کل دیر گئے تک اُسے تلاش نہیں کی جاسکی۔ مالیگاؤں تعلقے کی مالدھے گرنا ندی میں ماہی گیری کیلئے جانے والے دو افراد سیلاب کے باعث سطح ِ آب میں اچانک اضافے کے سبب ایک ٹیکڑی پر پھنس گئے ہیں۔ ان کو بچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
***** ***** *****
احمدنگر ضلعے کے بھنڈاردرا اور نلوانڈے پشتوں کی سطح ِ آب میں موسلادھار بارشوں کے باعث تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ بھنڈاردرا ڈیم سے 27 ہزار اور نلوانڈے بند سے سات ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ اس برس پہلی بار احمدنگر ضلع کے پشتوں سے جائیکواڑی کیلئے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ گذشتہ تین دِنوں میں جائیکواڑی آبی منصوبے میں چھ ٹی ایم سی پانی داخل ہوچکا ہے اور جائیکواڑی ڈیم کے ذخیرے میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن یعنی ایس ٹی کی جانب سے شراون مہینے میں مذہبی سیاحت کے عنوان سے مہم چلائی جائیگی۔ اس مہم کے تحت ایس ٹی کے ہر ڈپو سے شراون مہینے میں ایک روزہ یا کسی ایک مخصوص مقام کیلئے مذہبی سیر منعقد کی جائیگی۔ جس میں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ ایس ٹی کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مادھو کُوسیکر نے عقیدت مندوں کو اس مہم سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی ہے۔
***** ***** *****
پردھان منتری سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم میں ریاست نے 100 میگاواٹ کا مرحلہ عبور کرلیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں اب تک 25 ہزار 86 صارفین نے اپنے مکانات کی چھتوں پر شمسی توانائی نظام نصب کیا ہے، جس میں 101 اعشاریہ ایک آٹھ میگاواٹ بجلی کے پینل نصب کیے گئے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ توانائی دیویندر پھڑنویس نے بجلی تقسیم کار کمپنی کو تلقین کی ہے کہ اس اسکیم پر زیادہ زور دیا جائے۔
***** ***** *****
98 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن دہلی میں منعقد کیاجائیگا۔ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ مہا منڈل کے کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ دہلی میں واقع سرحد ادارے میں یہ سمّیلن ہوگا۔ کارپوریشن کی صدر پروفیسر اوشا تامبے کی جانب سے جاری کردہ ایک مکتوب میں یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں آشٹی تعلقے کے کڑا میں کل اغذیہ و ادویہ انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی میں ملاوٹ شدہ دودھ تیار کرنے کیلئے استعمال ہونے والا 11 لاکھ 85 ہزار 68 روپئے مالیت کا 13 ہزار 368 کلو کیمیاوی سفوف ضبط کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں بیڑ، احمد نگر اور دھاراشیو میں کل اسی محکمے کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں چھ لاکھ 87 ہزار 672 روپئے مالیت کی چھ ہزار 942 کلو ملاوٹ شدہ اشیاء ضبط کی گئیں۔
***** ***** *****
پیرس اولمپک کھیلوں میں ہاکی کے مقابلوں میں مردوں کی بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کوارٹر فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے دی۔ میچ کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں ایک ایک گول سے برابری پر تھیں۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بھارت کے گول کیپر پی آر شری جیش نے دو گول بچائے۔ بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ، سکھ جیت سنگھ، للت اُپادھیائے اور راجکمار پال نے گول کیے۔
بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین آج کانسے کے تمغے کیلئے مقابلہ کریں گے۔ کل سیمی فائنل مقابلے میں انھیں ڈنمارک کے وِکٹر ایکسیلسن نے شکست دی تھی۔ خواتین کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں منیکا بترا، شریجا اکولا اور ارچنا کامتھ کوارٹر فائنل میں داخلے کو یقینی بنانے کیلئے مقابلہ کریں گی۔
ایتھلیٹکس مقابلوں کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے بیڑ کے اویناش سابڑے 300 میٹر اسٹیپل چیس زمرے میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔
***** ***** *****
بھارت اور سری لنکا کے مابین رواں سیریز کے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں سری لنکا نے بھارت کو 32 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 50 اوور میں 240 رن بنائے۔ جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 43 ویں اوور میں 208 رنوں پر آؤٹ ہوگئی۔ تین میچوں کی اس سیریز میں سری لنکا نے ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ ٹائی ہوا تھا۔
***** ***** *****
شراون مہینے کا آج سے آغاز ہورہاہے۔ آج شراون سوموار کی مناسبت سے مہادیو مندروں میں عقیدت مندوں کا ہجوم ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ایلورہ کے شری گھرشنیشور مندر میں آنے والے عقیدتمندوں کیلئے تمام سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ اور بیڑ ضلعے کے پرلی کے ویجناتھ مندر میں زائرین کے متوقع ہجوم کے پیشِ نظر ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اسی دوران ایلورہ کے گھرشنیشور مندر سمیت خلدآباد کے بھدرا ماروتی مندر میں زائرین کے ہجوم اور کاوڑ یاترا کے باعث دھولیہ-شولاپور قومی شاہراہ پر ٹریفک کے نظام میں ردّ و بدل کیا گیاہے۔ آئندہ 2 ستمبر تک آنے والے تمام جمعہ کی شب آٹھ بجے سے منگل کی صبح آٹھ بجے تک اس تبدیلی کے نفاذ کا حکم پولس سپرنٹنڈنٹ منیش کلوانیا نے دیاہے۔
***** ***** *****
لاتور میں کل سہیادری دیورائی ٹرسٹ کی جانب سے شجرکاری اور درختوں کے تحفظ کی مہم کا افتتاح فلمی اداکار سیاجی شندے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ شجرکاری اور درختوں کے تحفظ کی رغبت اسکولی طلبہ میں پیدا کرنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ممبئی‘ پونہ سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری؛ انتظامیہ کو مستعد رہنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے شراون مہینے میں خصوصی مذہبی سیاحتی مہم۔
٭ بیڑ ضلعے میں دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی؛ نقلی دودھ تیار کرنے کیلئے استعمال ہونے والا 13 ہزار 368 کلو کیمیاوی سفوف ضبط۔
اور۔۔۔٭ پیرس اولمپک میں آج بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین کانسے کے تمغے کیلئے مقابلہ کریں گے؛ ایتھلیٹکس مقابلوں کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment