Wednesday, 25 December 2019




Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 25.12.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 25 December-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲۵؍ دسمبر  ۲۰۱۹؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
کابینہ نے کل اٹل بھوجل یوجنا کو منظوری دے دی ہے جو ایک مرکزی شعبے کی اسکیم ہے اور جس پر مجموعی طورپر چھ ہزار کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جائوڑیکر نے کہا کہ اسکیم پر عمل درآمد‘ پانچ سال کی مدت میں کیا جائیگا۔ یہ عمل درآمد گجرات‘ ہریانہ، کرناٹک‘ مدھیہ پردیش‘ مہاراشٹر‘ راجستھان اور اُتر پردیش میں کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ اس اسکیم سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نئی دلّی میں آج اس اسکیم کا آغاز کریں گے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ اٹل بھوجل یوجنا سے پنچایت کی قیادت والے زیرِ زمین پانی کے بندوبست کو فروغ حاصل ہوگا۔ 
کابینہ نے 2021 میں 8/ ہزار 754/ کروڑ روپئے کی لاگت سے بھارت کی مردم شماری کرائے جانے اور 3/ ہزار 941/ روپئے کی لاگت سے آبادی کا نیا قومی رجسٹر NPR تیارکیے جانے کی تجویز کو بھی منظوری دی۔ اعداد و شمار یکجا کرنے کیلئے پہلی مرتبہ موبائل ایپ استعمال کیا جائیگا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جائوڑیکر نے یقین دلایا کہ NPR کے عمل کے دوران لوگوں سے کوئی ثبوت‘ دستاویز یا بایو میٹرک نہیں لیا جائیگا۔ انھوںنے کہا کہ NDA سرکار لوگوں پر اعتبار کرتی ہے کہ اور لوگ جوبھی کہیں گے‘ حکومت اسے مان لے گی۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی کہا کہ سبھی ریاستوںنے NPR کرانا منظورکرلیا ہے اور ان کے افسروں کو تربیت دی جارہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل کہا کہ آبادی کے قومی رجسٹر NPR اور شہریوں کے قومی رجسٹر NRC کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔ کل شام ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کہ NPR کا کوئی ڈیٹا NRC میں استعمال نہیں کیاجاسکتا ہے۔ انھوںنے کہا کہ جو لوگ NPR کے بارے میں افواہیں پھیلارہے ہیں وہ دراصل غریب اوراقلیتوں کے مفادات میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔ شاہ نے کہا کہ اگر اس طرح کا سروے نہیں ہوا ہوتا تو رسوئی گیس غریبوں کے گھروں میں نہیں پہنچتی۔ انھوںنے کہا کہ اس طرح کا سروے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کیلئے بنیادہے۔ شاہ نے کہا کہ مردم شماری ہر دس سال میں کرائی جاتی ہے ‘ NPR اور UPA سرکار نے شروع کیا تھا اور حکومت اسے آگے بڑھا رہی ہے‘ کیونکہ یہ ایک اچھی کارروائی ہے۔
***** ***** *****
مہاتما جیوتی رائو پھلے کسان قرض معافی اسکیم کے خاکے کوکل ہوئی کابینی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ ناگپور کے سرمائی اجلاس میںوزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اس اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ 30/ ستمبر 2019ء تک بقایہ جات کے دو لاکھ روپیوں تک کے قلیل مدتی فصل قرض اس اسکیم کے تحت معاف کیے جائیں گے۔ ریاست کے غریب اور مستحق عوام کو صرف دس روپئے میں شیو بھوجن فراہم کرنے کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔ ریاست کے ہر ضلع کے صدر مقام پر کم از کم ایک طعام گاہ شروع کیا جائیگا۔ ہر روز پانچ سو تھالی اس طعام گاہ میں دینے کا حکومت کا ارادہ ہے۔
***** ***** ***** 
شہریت ترمیمی بل کی حمایت میں کل مراٹھواڑہ میں کئی مقامات پر مورچے اورپیدل ریلیاں نکالی گئیں۔ لاتور میں مختلف سماجی اسی طرح کاروباری تنظیموں کی جانب سے پیدل یاترا نکالی گئی۔ 
عثمان آباد میں 45/ مختلف تنظیموں اور اداروں نے مشترکہ طورپر اس بل کی حمایت میں کل سندیش ریلی نکالی۔ ہنگولی میں بھی اس بل کی حمایت میں عظیم مورچہ نکالا گیا اور ضلع کلکٹر کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
آکاشوانی کے سالانہ ایوارڈس کل نئی دلّی میں اطلاعات و نشریات وزیر پرکاش جائوڑیکر کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ آکاشوانی پونا مرکز کے علاقائی نیوز اکائی کو 2017ء کا بہترین علاقائی نیوز یونٹ ایوارڈ دیا گیا۔ یونٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نتن کیڑکر نے یہ ایوارڈ قبول کیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد سے مکھیڑ کی جانب جانے والی بس اور کیج سے بیڑ کی جانب مرغیاں لے جارہے ٹیمپو کے درمیان ہوئے حادثے میں بس میںسوار چار مسافر ہلاک ہوگئے اور 15/ مسافر زخمی ہوگئے۔ بیڑ ضلع کے کیج سے قریب چندن ساور گائوں پر کل دوپہر کو یہ حادثہ پیش آیا۔
***** ***** *****
اناصاحب پاٹل معاشی ترقیاتی کارپوریشن کی توسط سے مراٹھا سماج کے 50/ ہزار نوجوانوںکو صنعت اور تجارت کیلئے قرض فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اب تک ریاست میں گیارہ ہزار نوجوانوں کو 550/ کروڑ روپئوں کا قرض دے کر ان کا کاروبار شروع کردیا گیا ۔ کارپوریشن کے صدر نریندر پاٹل نے کل جالنہ میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران اس کی اطلاع دی۔
***** ***** *****

No comments: