Saturday, 4 January 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 04.01.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 January-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی‘  اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ جنوری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے بینکوںسے کہا ہیکہ وہ مہاتما جیوتی رائو پھلے کسان قرض معافی اسکیم کے فائدے کسانوں کو وقت پر پہنچانے کیلئے ضروری معلومات فوراً فراہم کریں۔ ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کی کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ ہوئی، جس میں کسان قرض معافی اسکیم پر مؤثر عمل آوری سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ آنے والے خریف کے موسم میں قرض حاصل کرنے کیلئے کسان کا اہل قرار دیا جانا ضروری ہے اور اسی لیے کسان قرض معافی اسکیم میں بینکوں کا تعاون ضروری ہے۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے بینکوں سے یہ بھی کہا کہ 30/ ستمبر 2019ء کے بعد سے دو لاکھ روپئوں تک کے قرض پر سود کی رقم وصول نہ کی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے صفائی سروے 2020ء کے تحت کل ریاست کی میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنرس اور نگر پالیکائوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران کے ساتھ کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے رابطہ قائم کیا۔ انھوںنے افسران سے کہا کہ وہ ٹھوس کچرے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق لائحہ عمل تیار کریں۔
***** ***** *****
شہریت ترمیمی قانون‘ CAA کیلئے عوام کی حمایت حاصل کرنے کے مقصد سے بی جے پی نے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت کل سے دس دِنوں تک بی جے پی تین کروڑ خاندانوں سے رابطہ قائم کرے گی۔ 
اس دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل راجستھان کے جودھپور میں شہریت ترمیمی قانون اور NPR کے بارے میں عوامی بیداری مہم شروع کی۔ جودھپور میں‘ پاکستان سے بھارت میں آکر شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند پناہ گزینوں کی بڑی آبادی ہے۔ ان سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن چاہے جتنا بھی ہنگامہ کرلے لیکن بی جے پی‘ شہریت ترمیمی قانون سے ایک اِنچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد ضلع پریشد صدر کیلئے جاری انتخابی عمل گذشتہ کل منسوخ کرنا پڑا۔ یہ انتخاب آج مکمل ہوگا۔ شیوسینا کی موجودہ ضلع پریشد صدر دیویانی ڈونگائونکر کی جانب سے بغاوت اور آزاد امیدوار کے طور پر درخواست داخل کرنے کے بعد اس انتخاب میں کانٹے کی ٹکر ہوگئی تھی۔ اسکے بعد بی جے پی امیدوار کی جانب سے پیچھے ہٹنے کے بعدکانگریس کی مینا شیڑکے اور شیوسینا کی باغی امیدوار دیویانی ڈونگائونکر کے بیچ سیدھا مقابلہ ہوا۔ تاہم ایک ممبر کی جانب سے دونوں امیدواروں کو ووٹ دینے کے بعد قانونی پیچیدگی پیدا ہوگئی اور ایوا ن میں زبردست ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ شور و غل کے بعدایوان کی کاروائی منسوخ کردی گئی۔ اس معاملے پر آج فیصلہ ہوگا۔
***** ***** ***** 
بیڑ ضلع پریشد کے صدرکیلئے آج انتخابات ہورہے ہیں۔ کُل 60/ اراکین والی بیڑ ضلع پریشد میں دو سیٹیں خالی ہیں، جبکہ 6/ اراکین کے حقِ رائے دہی پر عدالت نے روک لگا رکھی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ آج ہونے والے انتخابات کے نتیجے 13/ جنوری تک ظاہر نہ کیے جائیں۔
دوسری جانب جلگائوں ضلع پریشد کے صدر کے عہدہ پر بی جے پی کی رنجنا پاٹل منتخب ہوئی ہیں۔ وہیں جلگائوں ضلعے کے 15/ پنچایت سمیتیوں کے سبھا پتی کے عہدوںکیلئے کل ہوئے انتخابات میں بی جے پی نے سب سے زیادہ 8/سیٹیں جیتی ہیں۔ شیوسینا نے 5/ اور این سی پی نے 2/سیٹوںپر کامیابی حاصل کی ہے۔
***** ***** ***** 
خواتین کی تعلیم کیلئے جدوجہد کرنے والی ساوتری بائی پھلے کی جینتی کے موقعے پر کل انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ، ناندیڑ‘ پربھنی‘ لاتور سمیت مراٹھواڑہ میں مختلف تنظیموں نے کل ساوتری بائی پھلے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خواتین اور لڑکیوں میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد کے تحت پولس کی جانب سے سائبر سیف وومن مہم بھی شروع کی گئی۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد پولس کمشنریٹ کی جانب سے ’’سائبر سیف وومن‘‘ عنوان کے تحت کل ایک ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ جس میں اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل نے رہنمائی کی۔ انھوںنے کہا کہ انٹرنیٹ کے خطرات سے بچنے کیلئے ٹکنالوجی کے استعمال کے دوران احتیاط برتنا بے حد ضروری ہے۔
***** ***** ***** 
لاتور میں بھی کل اس مہم کے تحت ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس دوران ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹ سچن سانگلے نے کہا کہ خواتین کا محض خواندہ ہونا کافی نہیں ہے بلکہ ان کا سائبر خواندہ ہونا بھی ضروری ہے۔
***** ***** ***** 
لاتور سے تروپتی اور اجمیرجانے کیلئے ہفتہ واری ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ سینٹرل ریلوے کی زونل صلاح کار کمیٹی کے رُکن نظام شیخ نے کیا ہے۔ لاتور میں کل سینٹرل ریلوے کی زونل صلاح کار کمیٹی کی جنرل مینیجر سنجیو متل کی صدارت میں میٹنگ ہوئی، جہاں نظام شیخ نے یہ مطالبہ کیا۔ اس دوران لاتور۔ پونے ٹرین شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ 
اس بیچ ناندیڑ۔ امرتسر سچکھنڈ ایکسپریس آج منسوخ کردی گئی ہے۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ دفتر نے یہ 
اطلاع دی۔
***** ***** ***** 

No comments: