Friday, 5 June 2020

Regional Urdu Text and Audio Bulletin, Aurangabad, Date : 05.06.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۵؍جون  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
شروع میںچند اہم خبروںکی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر میں لاک ڈئون کھولنے کے دوسرے مرحلے کی آج سے ہورہی ہے شروعات؛ سڑک کی ایک جانب کی دُکانیں صبح سات
بجے سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔
٭ سمندری طوفان ’’نِسرگ‘‘ سے ہوئے نقصان کی رپورٹ دو دِنوں میں پیش کرنے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے امتحانات کا ہوگا 15/ جولائی سے آغاز۔ گورنر نے دی منظوری۔
٭ مرکزی حکومت نے 960/ غیر ملکیوں کے بھارت سفر پر لگائی دس سال کی پابندی۔
٭ اور۔۔۔۔جانے مانے فلمساز باسو چٹرجی چل بسے۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
مہاراشٹر میں لاک ڈائون میں نرمی کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے۔ اس کے مطابق سبھی طرح کی دُکانیں ایک دِن کے وقفے سے کھلیں گی۔ اس کے علاوہ سڑک کے ایک طرف کی دُکانیں صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ وہیں ٹیکسی‘ کیب اور رکشہ جیسے ٹرانسپورٹ سہولیات بھی آج سے شروع ہورہی ہیں۔
اورنگ آباد میں بھی آج سے تجارتی ادارے کھلیں گے اور محدود معاشی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب اورنگ آباد کے تاجروں کی تنظیم ویاپاری مہاسنگھ نے لاک ڈائون میں مرحلہ وار نرمی کے ذریعے تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی مخالفت کی ہے۔ ویاپاری مہاسنگھ کا کہنا ہے کہ اورنگ آباد شہر کے تجارتی علاقے ممبئی‘ پونے، ناگپور اور ناسک کی طرح منصوبہ بند طرز پر نہیں بنے ہیں لہٰذا گاہکوں کیلئے یہ سمجھنا مشکل ہوگا کہ کس دِن کس طرف کی دُکانیں کھلیں گی۔ ویاپاری مہاسنگھ نے انتباہ دیا کہ انتظامیہ کی جانب سے اگر فیصلے نافذ کرنے کی زبردستی کی جاتی ہے تو ضرورت پڑنے پر آندولن کیا جائیگا۔
اس دوران لاک ڈائون کو مرحلے وار طریقے سے ختم کرنے سے متعلق اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں اورنگ آباد کے پولس کمشنر چرنجیو پرساد نے کل شہر کے پنڈلک نگر اور جواہر کالونی علاقوں کے تاجروں کی میٹنگ لی۔ میٹنگ کے دوران پولس کمشنر نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی شرائط و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ہی اپنی دُکانیں شروع کریں۔
***** ***** *****
سمندری طوفان ’’نِسرگ‘‘ کمزور پڑگیا ہے اور یہ مہاراشٹر سے مدھیہ پردیش کی جانب بڑھ گیا ہے۔ یہ طوفان کل مدھیہ پردیش کے جنوبی حصے میں پہنچا جس سے اس علاقے میں اور مہاراشٹر کے ودربھ میں بارش ہورہی ہے۔ اس بیچ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہیکہ نِسرگ طوفان سے ہوئے نقصان کے پنچنامے دو دِنوں میں مکمل کرکے پیش کیے جائیں تاکہ کسانوں اور دیہی علاقوں کے لوگوں کی فوری مدد کی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے طوفان سے ہوئے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اس دوران انھوں نے یہ ہدایت دی۔ دوسری جانب رائے گڑھ ضلعے میں طوفان کی وجہ سے بجلی کے کھمبے بڑے پیمانے پر اُکھڑ گئے ہیں جنہیں درست کرنے اور بجلی فراہمی بحال کرنے کیلئے وزیرِ اعلیٰ نے دوسرے مقامات سے افرادی قوت اور تکنیکی سازو سامان حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ آکاشوانی کے نمائندے نے بتایا کہ نِسرگ طوفان کی وجہ سے رائے گڑھ ضلعے کے شری وردھن اور ہری ہریشور علاقوں میں آم کے باغات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ وہیں ضلعے کی رابطہ وزیر آدِتی تٹکرے نے ضلعے کیلئے خصوصی اقتصادی پیکیج کی مانگ کی ہے۔
سندھو دُرگ ضلعے کے مالوَن تعلقے میں بھی سمندری طوفان سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ جگہ جگہ بجلی کے کھمبے اُکھڑ گئے ہیں، جنہیں درست کرکے بجلی فراہمی بحال کرنے کی مہاوِترن کی کوششیں جاری ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کی جانب سے لیے جانے والے میڈیکل امتحانات 15/ جولائی سے ہوں گے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے اس بارے میں پیش کیے گئے خاکے کو منظوری دے دی ہے۔ اس سے پہلے طبّی تعلیم کے وزیر اَمت دیشمکھ نے کل گورنر سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی امتحانات منعقد کروانے کیلئے تیار ہے۔ دیشمکھ نے بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے امتحانات کا ٹائم ٹیبل جلد ہی جاری کردیا جائیگا۔
مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کی جانب سے MS, MD  پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل کورسیز‘ آیوروید‘ ہومیو پیتھی‘ نرسنگ اور اس کے مساوی گریجویٹ میڈیکل کورسیز کے امتحانات لیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ صحت نے کووِڈ 19- کے پھیلائو کے پسِ منظر میں ناک‘ کان اور گلے کے ڈاکٹروں یعنی ENT کیلئے رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ کل جاری کیے گئے اِن رہنماء خطوط کا مقصد ENT بیماریوں کی تشخیص کے دوران کووِڈ19- کے ممکنہ پھیلائو کو روکنا ہے۔ اسکے تحت کووِڈ19- کی علامتوں والے مریض کا کووِڈ کیلئے بنی OPD میں ہی علاج کیا جائیگا۔ ENT‘ OPD میں نہیں۔
***** ***** *****
بھارت میں کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والوں کا تناسب بڑھ کر 48% ہوگیا ہے۔ ملک بھر میں جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 16/ ہزار 919/ ہوئی ہے تو وہیں ایک لاکھ چار ہزار 107/ مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک ملک بھر میں چھ ہزار 75/ افراد جان گنوا چکے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل کورونا وائرس کے دوہزار 933/ پازیٹیو معاملوں کا اندراج ہوا، جس کے بعد ریاست میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 77/ ہزار 793/ ہوگئی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے کل ریاست میں 123/ لوگوں کی موت بھی ہوئی۔ اس طرح مہاراشٹر میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر دو ہزار 710/ ہوگئی ہے۔ وہیں پوری ریاست میں کل ایک ہزار 352/ مریضوں کو کورونا سے ٹھیک ہونے کے بعداسپتال سے چھٹی دے دی گئی ۔
دریںاثنائ‘ ممبئی میں کل ایک دِن میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 442/ نئے معاملے سامنے آئے اور 48/ لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ اسی طرح پونے میں کل 243/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا، جبکہ 13/ لوگوںنے بیماری سے لڑتے ہوئے دَم توڑ دیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں کل چار لوگوں کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔ اِن میں روشن گیٹ کے 85/ سالہ بزرگ اور پچاس سالہ خاتون شامل ہیں۔ جبکہ سمتا نگر میں 43/ سالہ شخص اور قیصر کالونی کے ساکن 64/ سالہ شخص کی بھی کل کورونا سے موت ہوگئی۔ آج ایک مریض نے دورانِ علاج دَم توڑ دیا۔ان اموات کے بعد اورنگ آباد میںکورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 93/ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب اورنگ آباد ضلعے میں کل دِن بھر میں 59/ نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس طرح متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1828/ ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں کل کورونا وائرس کے 16/ نئے مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ان میں منٹھا تعلقے کے نانشی سے 8/ کیندھلی سے 2/ اور ویدیہ وڈ گائوں سے ایک مریض شامل ہے۔ جبکہ جالنہ شہر کے مودی خانہ علاقے سے4/ خانگی اسپتال سے ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ جالنہ ضلع میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 175/ ہوگئی ہے۔
اس بیچ ضلعے میں ایک خاتون کی کل کورونا سے موت ہوگئی۔ 60/ سالہ مریضہ جالنہ شہر کے لکشمی نارائن پورہ کی رہنے والی تھیں۔ ضلعے میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3/ ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے دوسرے ضلعے عثمان آباد میں بھی کورونا وائرس کے معاملوںمیں اضافہ ہورہا ہے۔ ضلعے میں 10/ نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا، جسکے بعد پازیٹیو مریضوں کی تعداد 104/ ہوگئی ہے۔ کل سامنے آئے 10/ مریضوں میں کاکا نگر سے 7/ کلمب تعلقے کے سِراڈُن سے 2/ اور بھوم تعلقے کے سونے واڑی کا ایک مریض شامل ہے۔ عثمان آباد ضلعے میں اب تک 3/ لوگوں کی کورونا سے موت ہوچکی ہے جبکہ 46/ افراد ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں کل سات نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ اس کے بعد ضلعے میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 182/ ہوگئی ہے۔ ناندیڑ میں اب تک 8/ لوگوں کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے، جبکہ 126/ افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے رُخصت دے دی گئی۔ اس طرح ناندیڑ ضلعے میں 48/ مریضوںکا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں بھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔ پربھنی میں کل 3/ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مریضوںکی کُل تعداد 89/ ہوگئی ہے۔ اس دوران پربھنی ضلع انتظامیہ نے رام پوری اور کھپاٹ پمپری اِن دونو ںگرام پنچایتوں کی حدود کو ممنوعہ علاقے یعنی Containment Zone قرار دیا ہے۔
***** ***** *****
تعمیراتِ عامہ کے وزیر اشوک چوہان کو کورونا سے ٹھیک ہونے کے بعد کل اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ اشوک چوہان‘ کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سے ممبئی کے ایک خانگی اسپتال میں بھرتی تھے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے بلیک لسٹ کیے گئے 960/ غیر ملکی شہریوںکے اگلے دس سال تک بھارت کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ان غیر ملکیوں کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی شہریوں کے بھارت کا سفر کرنے پر پابندی لگائی گئی ہو۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے اپریل کے مہینے میں ان افراد کو بلیک لسٹ کردیا تھا اور ان کے ویزے منسوخ کردئیے تھے، جس کے بعد اب ان پر دس سال کی پابندی لگا دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ستّر کی دہائی میں اپنی منفرد کہانیوں کیلئے مشہور جانے مانے فلمساز باسو چٹرجی کل ممبئی میں چل بسے۔ 93/ سالہ باسو چٹرجی‘ گذشتہ کئی دِنوں سے بیمار تھے۔ کل علی الصبح نیند میں ہی وہ انتقال کرگئے۔ اُن کی آخری رسومات سانتا کروز میں واقع شمشان بھومی میں ادا کی گئیں۔ باسو چٹرجی نے عام لوگوں کی زندگی کی جدوجہد کو اپنی فلموں میں جگہ دی تھی اور عام آدمی اُن کی فلمی کہانیوں کا ہمیشہ مرکزی کردار رہا۔ انھوں نے ایک اخبار میں کارٹونسٹ کے طور پر اپنی شروعات کی تھی۔ اس کے بعد انہیں راج کپور اور وحیدہ رحمان کی اداکاری والی فلم ’’تیسری قسم‘‘ میں بطورِ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرنے کا موقع ملا۔ باسو چٹرجی کی بنائی فلمیں جیسے چت چور‘ ایک چھوٹی سی بات‘ پیا کا گھر‘ باتوں باتوں میں اور کھٹا میٹھا آج بھی فلمی شائقین کو محظوظ کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان فلموں کے گیت بھی کافی مشہور ہوئے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر سمیت کئی سرکردہ ہستیوں نے باسو چٹرجی کی موت پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں اگلے کچھ دِنو ںتک پانی فراہمی نہیں ہوگی۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ طوفانی ہوائوں کی وجہ سے تکنیکی آلات میں خرابی پیدا ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے پانی فراہمی پر اثر پڑا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ مہاراشٹر میں لاک ڈئون کھولنے کے دوسرے مرحلے کی آج سے ہورہی ہے شروعات؛ سڑک کی ایک جانب کی دُکانیں صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔
٭ سمندری طوفان ’’نِسرگ‘‘ سے ہوئے نقصان کی رپورٹ دو دِنوں میں پیش کرنے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے امتحانات کا ہوگا 15/ جولائی سے آغاز۔ گورنر نے دی منظوری۔
٭ مرکزی حکومت نے 960/ غیر ملکیوں کے بھارت سفر پر لگائی دس سال کی پابندی۔
٭ اور۔۔۔۔جانے مانے فلمساز باسو چٹرجی چل بسے۔
***** ***** *****

No comments: