Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍جون ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
.::::: سرخیاں::::::
٭ مرکزی کابینہ نے فصل قرض کی ادائیگی کی مدت میں کی 31/ اگست تک توسیع؛ خریف کی سترہ فصلوںکی بنیادی قیمتوں میں بھی کیا اضافہ۔
٭ مہاراشٹر کے سبھی اسکولوں میں آئندہ تعلیمی سال سے مراٹھی ہوگا لازمی مضمون؛ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی منظوری ہوگی ردّ۔
٭ بحرِ عرب سے اُٹھے سمندری طوفان ’’نِسرگ‘‘ کے آج مہاراشٹر اور گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان۔
٭ اور۔۔۔۔ اورنگ آبادمیں کل کورونا سے ہوئی چھ لوگوں کی موت؛ دیگر شہروںمیں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
مرکزی حکومت نے فصل قرض لوٹانے کی مدت میں بھی 31/ اگست تک توسیع دینے کا کل اعلان کیا۔ اس کے علاوہ مقررہ وقت میں فصل قرض کی ادائیگی کرنے والے کسانوںکو سود میں تین فیصد تک رعایت دی جائیگی‘ ساتھ ہی تین لاکھ روپئوں تک کے قلیل مدتی قرض کی وقت پر ادائیگی کرنے والے کسانوں کا بھی دو فیصد سود معاف کیا جائیگا۔
مرکزی حکومت نے خریف کے موسم کیلئے 17/ فصلوں کی بنیادی قیمتوں میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل ہوئے کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اسکے مطابق ان فصلوں کی بنیادی قیمتوں میں پچاس سے 83/ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ 83% فیصد کا اضافہ باجرے کی بنیادی قیمت میں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تور کیلئے 58% اور مکئی کیلئے 53% فی کوئنٹل کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔ وہیں دیگر 13/ اناجوں کی بنیادی قیمتوں میں بھی پچاس فیصد کا اضافہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ مرکزی کابینہ نے پھیری والوں کیلئے ’’PMسونیدھی‘‘ نام سے قرض منصوبہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پھیری والوں کو دس ہزار روپئوں ت کا قرض فراہم کیا جائیگا۔ یہ قرض سات فیصد شرح سود کے ساتھ ایک سال میں لوٹایا جاسکے گا۔ مرکزی کابینہ نے چھوٹے کاروباریوں یعنی MSME کی اصطلاح میں بھی تبدیلی کی ہے اور چھوٹے کاروباریوں کیلئے مقرر کردہ معیار میں بھی توسیع کی ہے۔ نئی اصطلاح کے مطابق دس کروڑ کی سرمایہ کاری اور پچاس کروڑ تک کے Turn Over والے کاروبار کو چھوٹا کاروبار مانا جائیگا۔ ساتھ ہی پچاس کروڑ کی سرمایہ کاری اور 250/ کروڑ روپئوں تک کے Turn Overوالے کاروبار کو درمیانی درجے کے کاروبار سمجھا جائیگا۔
***** ***** *****
آئندہ تعلیمی سال سے مہاراشٹر کے سبھی اسکولوں میں مراٹھی کو لازمی مضمون قرار دیا گیا ہے۔ اسکولی تعلیم کے محکمے نے کل اس بارے میں سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ اس کے مطابق جو اسکول مراٹھی کو لازمی مضمون کے طور پر نہیں پڑھائیں گے ان کی تسلیم شدہ حیثیت ختم کردی جائیگی۔ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں مراٹھی کو لازمی زبان کے طورپر پڑھائے جانے کا بل منظور کیا گیا تھا۔
CBSE‘ ICSE‘ انٹرنیشنل بیکلوریٹ یعنی IB اور کیمبرج جیسے بین الاقوامی تعلیمی بورڈس سے جڑے اسکولوں کو بھی مراٹھی کو لازمی زبان کے طور پر پڑھانا ہوگا۔ اس سال پہلی سے چھٹی جماعت تک کیلئے اس قانون کا اطلاق ہوگا۔
***** ***** *****
مانسون بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ پہنچ گیاہے۔ محکمۂ موسمیات نے بتایاکہ مانسون کیرالہ کے بیشتر حصے پر چھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ اس مرتبہ مانسون اپنے مقررہ وقت پر پہنچا ہے‘ لہٰذا اوسط بارش کا تناسب 102% فیصد تک ہوسکتا ہے۔ اس بیچ بحرِ عرب میں بنے کم دبائو کے پٹے نے تیرہ کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آگے بڑھنا شروع کیا ہے اور آج اس کے طوفان میں بدلنے کا امکان ہے۔ اس طوفان کو ’’نِسرگ‘‘ نام دیا گیا ہے اور اس کے کل مہاراشٹر اور گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کی اُمید ہے۔ اس دوران اگلے دو دِنوں میں مہاراشٹر کے مغربی ساحل پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ نِسرگ طوفان سے ممبئی کو بھی زبردست نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ قریب 125/ کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار والا یہ طوفان‘ مہاراشٹر کے ساحل سے دَمَن کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ ریاست کے دیگر ضلعوںمیں بھی نِسرگ طوفان کی وجہ سے درمیانی درجے سے لیکر موسلا دھاربارش ہوسکتی ہے۔
اس بیچ اَمت شاہ نے کل نئی دِلّی میں NDRF اور محکمہ موسمیات کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور نِسرگ طوفان سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ طوفان کے رتناگری ضلعے کے ساحل سے ٹکرانے کے اندازے کے بعد NDRF کی ایک ٹیم رتناگری پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کو چپلُن میں تعینات کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت میں کووِڈ 19- سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 90/ ہزار 535/ ہوگئی ہے۔ اس میں سے 91/ ہزار 819/ افراد ٹھیک ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں 93/ ہزار 322/ لوگوں کا علاج جاری ہے۔ اس طرح کووِڈ 19- سے صحت یاب ہونے والوں کا تناسب 48% ہوگیا ہے۔ ملک بھر میں اب تک پانچ ہزار 394/ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوا چکے ہیں۔ وزارتِ صحت نے بتایا کہ بھارت میںکورونا وائرس سے مرنے والوں کی شرحِ اموات قریب تین فیصد ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد ستّر ہزار کے پار ہوچکی ہے۔ کل ریاست بھر میں کورونا کے دو ہزار 369/ نئے معاملے سامنے آئے جس کے بعد ریاست بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد ستّر ہزار تیرہ تک جاپہنچی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کل مہاراشٹر میں 76/ لوگوں کی موت ہوگئی‘ جس کے بعد ریاست میں مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 362/ ہوگئی ہے۔وہیں 779/ لوگوں کو کل اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ اس طرح مہاراشٹر میں اب تک تیس ہزار 108/ لوگ کورونا سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ مہاراشٹر میں کورونا متاثرین کے ٹھیک ہونے کی شرح میں ساڑھے تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ انھوںنے کہا کہ کورونا سے ٹھیک ہونے والوں کی شرح بڑھ کر 43% ہوگئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ تین مہینوں کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ مریض ٹھیک ہوئے ہیں اور ریاست میں مریضوں کے دوگنا ہونے کا گیارہ دِنوں کا وقفہ بھی بڑھ کر اب قریب اٹھارہ دِن ہوگیا ہے۔ ٹوپے نے بتایا کہ یہ سب ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جارہے اقدامات‘ لاک ڈائون پر عمل آوری اور ڈاکٹروںاور صحت ملازمین کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ٹوپے نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی کورونا مریضوں کو ڈسچارج کرنے کی نئی پالیسی کی بدولت بھی ٹھیک ہوکر گھر جانے والوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ اورنگ آباد میں کل چھ کورونا مریضوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ان میں بائجی پورہ علاقے کا 60/ سالہ شخص اور باری کالونی کا 63/ سالہ شخص بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایکناتھ نگر میں رہائش پذیر 66/ سالہ خاتون اور بیگم پورہ کی ساکن 64/ سالہ خاتون کی بھی کل کورونا سے موت ہوگئی۔ وہیں بھاگیہ نگر کے 80/ سالہ بزرگ اور سمتا نگر کے 72/ سالہ مریض کی بھی کورونا سے کل موت واقع ہوگئی۔ ان اموات کے بعد اورنگ آباد شہر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 78/ ہوگئی ہے۔
دریں اثناء اورنگ آباد ضلعے میں کل کورونا وائرس کے 44/ نئے پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ان میں اعظم کالونی اور بھوانی نگر سے چار۔ چار اور پرانا مونڈھا اور شیوشنکر کالونی سے تین۔ تین مریض شامل ہیں۔ جبکہ اہنسا نگر‘ اُلکا نگری‘ چشتیہ کالونی‘ سڈکو N-8 اور N-6 اورمکند واڑی اور نارے گائوں سے دو۔ دو مریض پائے گئے۔ دیگر مریضوں کا تعلق اورنگ آباد کے عثمان پورہ، کیلاش نگر‘ پنڈلک نگر‘ سنجے ‘ یونس کالونی‘ شاہ بازار‘ MGM ہاسپٹل علاقے‘ ٹائون ہال‘ مل کارنر‘ مسار واڑی اورہرسول سے ہے۔ اورنگ آباد کے تعلقے ویجاپور میں بھی کل دو کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا ہے۔ اِن انکشافات کے بعد اورنگ آباد ضلعے میںکورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 1587/ ہوگئی ہے۔ ان میں سے ایک ہزار 49/مریض ٹھیک ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔ کل بھی پندرہ لوگوں کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے دوسرے ضلعوں میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عثمان آباد ضلعے میں کل چار لوگوں کی رپورٹ پازیٹیو موصول ہوئی۔ جس کے بعد ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی تعداد 77/ ہوگئی ہے۔ عثمان آباد میں تین لوگوں کی موت بھی ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر اور اس کے تعلقے عنبڑ میں کل ایک۔ ایک کورونا پازیٹیو مریض پایا گیا۔ اسکے بعد جالنہ ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 128/ ہوگئی ہے۔ جالنہ شہر کے مودی خانہ علاقے کی 36/ سالہ خاتون میں کل کورونا کی تصدیق ہوئی‘ جبکہ ممبئی سے لوٹی عنبڑ کی 21/ سالہ حاملہ خاتون کورونا کی تصدیق کے بعد عنبڑ نہ جاتے ہوئے جالنہ ضلع اسپتال میں بھرتی کرلی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں بھی کل چار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں تین افراد کا تعلق مانوت تعلقے سے ہے‘ جبکہ ایک مریض جنتور تعلقے کے ڈونگرتلا کا رہنے والا ہے۔ پربھنی ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی تعداد 86/ تک جاپہنچی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں بھی کل کورونا وائرس کے تین نئے معاملے سامنے آئے۔ جس کے بعد ناندیڑ میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 149/ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سولہ لوگوں کو ٹھیک ہونے کے بعد کل اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ناندیڑ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک آٹھ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مرکزی کابینہ نے فصل قرض کی ادائیگی کی مدت میں کی 31/ اگست تک توسیع؛ خریف کی سترہ فصلوںکی بنیادی قیمتوں میں بھی کیا اضافہ۔
٭ مہاراشٹر کے سبھی اسکولوں میں آئندہ تعلیمی سال سے مراٹھی ہوگا لازمی مضمون؛ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی منظوری ہوگی ردّ۔
٭ بحرِ عرب سے اُٹھے سمندری طوفان ’’نِسرگ‘‘ کے آج مہاراشٹر اور گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان۔
٭ اور۔۔۔۔ اورنگ آبادمیں کل کورونا سے ہوئی چھ لوگوں کی موت؛ دیگر شہروںمیں بھی مریضوں کی تعداد میں ہورہا ہے اضافہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment