Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 06.06.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍جون ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
شروع میںچند اہم خبروںکی سرخیاں:
٭ سرکاری افسران و ملازمین کی ہفتے میں ایک دِن دفاتر میں حاضری لازمی۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ملازمین کیلئے رہنماء خطوط جاری۔
٭ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات 4/ اکتوبر کو۔ گذشتہ برس کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویو 20/ جولائی سے۔
٭ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 80/ ہزار سے متجاوز۔
٭ اورنگ آباد میں مریضوں کی تعداد ایک ہزار 846۔
٭ اور۔۔۔۔عالمی یومِ ماحولیات پر کل متعدد مقامات پر شجرکاری کے پروگرام۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
ریاستی حکومت کے تمام افسران و ملازمین کی پیر سے ہفتے میں کم از کم ایک دِن دفاتر میں حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جو ملازمین اس دِن دفتر میں حاضر نہیں ہوتے ان کی ہفتے بھر کی رخصت شمار کی جائیگی یا انہیں اس ہفتے کی تنخواہ نہیں ملے گی۔اس خصوص میں ریاستی حکومت نے کل تحریری احکامات جاری کیے۔
ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن‘ پونا‘ شولا پور‘ اورنگ آباد‘ مالیگائوں‘ ناسک‘ دھولیہ، جلگائوں‘ آکولہ، امراوتی اور ناگپور میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے سرکاری دفاتر میں 15/ فیصد ملازمین کو حاضر رہنے کا حکم ریاستی حکومت نے دیا ہے۔ یہ حاضری گردشی بنیاد پر ہوگی‘ جبکہ دیگر مقامات پر تمام ملازمین کو دفاتر میں حاضر رہنا ضروری ہوگا۔
دریں اثناء ریاستی سرکار نے ملازمین کو ای میل۔ وہاٹس اَیپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس خصوص میں حکمنامہ بھی کل جاری کیا گیا۔ ان ذرائع سے زیادہ سے زیادہ کام مکمل کرنے کا مشورہ بھی ملازمین کو ریاستی حکومت نے دیا ہے۔
***** ***** *****
نِسرگ سائیکلون کے باعث رائے گڑھ ضلع میں ہوئے نقصانات کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے کل 100/ کروڑ روپئے کی عبوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ علی باغ اور تھڑ میں سائیکلون کے باعث ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے رائے گڑھ ضلع کلکٹر دفتر میں ایک اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروںسے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ امداد صرف عبوری ہے۔ مرکزی حکومت نے بھی سائیکلون متاثرین کی امداد کا تیقن دیا ہے۔ انھوںنے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں پنچ ناموں کا کام جاری ہے اور یہ کام مکمل ہونے کے بعد ہی نقصانات کا تخمینہ لگایا جاسکتا ہے جس کے بعد ہی دوبارہ امدادی فنڈ کا اعلان کیا جائیگا۔
رتناگری ضلع میں بھی حال ہی میں آئے سائیکلون کے سبب بجلی تقسیم کار کمپنی کو 25/ کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کل رتناگری میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے سرکاری دفاتر اور دیگر مقامات پر احتیاط سے متعلق رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ دفاتر میں داخل ہونے سے قبل سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کرنے اور ہر اہلکار کی تھرمل اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیاہے۔ ممنوعہ علاقوںمیں رہائش پذیر ملازمین دفاتر نہیں آسکیں گے۔ ان افراد کو اپنے گھروں سے ہی کام کرنے کی اجازت دی جائیگی اور اس عرصے کیلئے ان کی فرائض سے رخصت شمار نہیں کی جائیگی۔ اس کے علاوہ ہدایت کی گئی ہیکہ ڈائننگ ہال‘ پارکنگ کی جگہوںاورلفٹ میں ہجوم نہ ہونے کویقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں ضروری کاموں سے آنے والے افراد کو سینئر افسران کی اجازت سے ہی دفاتر میں داخلہ دیا جائیگا۔ دفاتر میںموجود ملازمین کو کورونا سے متاثر ہونے پر کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے متعلق بھی علیحدہ رہنماء اُصول مرکزی حکومت نے متعارف کروائے ہیں۔ کورونا کی علامات دفاتر میں ظاہر ہونے پر اس طرح کے افراد کو ڈاکٹر کے آنے تک علیحدہ کمرے میں منتقل کیا جائے۔ ان افراد کو قریبی اسپتال لے جایا جائے یا ہیلپ لائن نمبر پر فون کیا جائے۔ جس مبینہ مریض میں کم علامات پائی جائیں اُسے گھر ہی میں کورنٹائن کیا جائے اور اس میں کورونا کی تصدیق ہوجانے پر دفتر میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کرکے ڈِس انفیکٹ کیا جائے اور اس کے بعد 48/ گھنٹوں تک دفتر کو بند رکھا جائے۔
***** ***** *****
پبلک سروس کمیشن کے تحریری امتحانات آئندہ 4/ اکتوبر کو ہوں گے۔ یہ اعلان کل کمیشن کی جانب سے کیا گیا۔ اس سے پہلے یہ امتحانات 31/ مئی کو ہونے والے تھے، تاہم کورونا وباء کے پیشِ نظر اسے مؤخر کرنے کا فیصلہ پبلک سروس کمیشن نے کیا تھا۔ اسی دوران گذشتہ برس کامیاب ہونے والے طلبہ کے انٹرویوز 20/ جولائی سے شروع ہوں گے۔ یہ اطلاع خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے دی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کے صحت یاب ہونے کی شرح 48.27 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 2/لاکھ 26/ ہزار 770/ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 9/ ہزار 462/ بعد از علاج شفاء یاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میںکورونا مریضوں کی تعداد 80/ ہزار سے تجاوز کرگئی۔ کل مزید 2/ ہزار 436/ متاثرہ مریض سامنے آنے کے بعد ریاست میں ان مریضوں کی کُل تعداد 80/ ہزار 229/ ہوگئی۔ اس مہلک مرض کے باعث کل 39/ افرادکی موت واقع ہوئی۔ ریاست میں اب تک 2/ ہزار 849/ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کل ایک ہزار 475/ مریضوںکو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ ریاست میں اب تک 35/ ہزار 156/ مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں اور فی الحال 42/ ہزار 224/ مریضوںکا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے باعث 3/ افراد فوت ہوئے۔ ان میں کٹ کٹ گیٹ کی صدف کالونی علاقے کی ایک 30/ سالہ خاتون شامل ہے۔ اس خاتون کو 28/ مئی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اُسی دِن اس خاتون ک زچگی ہوئی۔ رحمانیہ کالونی کی ایک 34/ سالہ خاتون اور تکششیلا نگر کے ایک 48/ سالہ شخص کی بھی کل دورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ اورنگ آباد ضلع میں اب تک اس مرض سے جان گنوانے والے افرادکی تعداد 95/ ہوگئی ہے۔
اسی دوران ضلع میں کل مزید 77/ نئے مریض سامنے آئے۔ اس طرح ضلع میں مریضوں کی کُل تعداد ایک ہزار 846/ ہوگئی ۔ جن میں سے ایک ہزار 154/ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس طرح ضلع میں اب 597/ مریضوں کا علاج جاری ہے۔ کل پائے گئے نئے مریضوں میں سڈکو این 7 میں واقع ایودھیا نگر میں 7/ سڈکو این تھری میں 6/ سمتا نگر میں 5/گار کھیڑہ وجئے نگر ‘ جواہر کالونی، بڈی لین، مل کارنر اور رحمانیہ کالونی میں 3-3/ یونس کالونی‘ اورنگ پورہ اور مغل پورہ میں 2-2 / مریض پائے گئے۔ جبکہ بھارت ماتا نگر‘ اندرا نگر‘ روشن گیٹ‘ بھائو سنگھ پورہ، تریمورتی چوک، بیگم پورہ، چشتیہ کالونی، فاضل پورہ، گاندھی نگر، قدیم مونڈھا، شبھ شری کالونی، سنت گیانیشور کالونی ، میور نگر، سعیدہ کالونی ، گنیش کالونی، ایس ٹی کالونی، نیشنل کالونی، باری کالونی، ودِیا نکیتن کالونی، دیوڑھی بازار، سڈکو این 7‘ سڈکو این 12‘ آزاد چوک‘ ٹی وی سینٹر‘ کیلاش نگر‘ بھوئی واڑہ، چکل تھانہ، مہاڈا کالونی، روشن گیٹ، روضہ باغ اور قلعہ ارک میں ایک ۔ ایک نیامریض پایا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں کل نئے 7/ مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ عثمان آباد میں 12/ ہنگولی ضلع میں 6/ بیڑ ضلع کے امبہ جوگائی میں ایک اور لاتور ضلع میں 3/ افراد کو کورونا سے متاثرپایا گیا۔ اس طرح ناندیڑ ضلع میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 189/ عثمان آباد ضلع میں 116/ ہنگولی میں 192/ بیڑ میں 37/ اور لاتور ضلع میں 142/ ہوچکی ہے۔ اسی دوران لاتور ضلع میں کل لیبر کالونی علاقے میں واقع پہلے کنٹینمنٹ زون کو کھول دیا گیا ہے۔ میئر وکرانت گوج منگلوڑے نے اس علاقے کے ساکنین سے ملاقات کرکے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ محکمۂ صحت کی ہدایات پر شہریوںکو مکمل صبر و تحمل کے ساتھ عمل کرنے کا مشورہ بھی اس موقع پر میئرنے دیا۔ گذشتہ 14/ دِنوں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
آشا گروپ پروموٹر اور جُزوقتی نرسوں کو فی کس ایک ہزار روپئے اضافی ترغیبی اُجرت دینے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ کورونا بحران کے دوران ان افراد کے تعاون کے عوض یہ امداد دی جارہی ہے۔ ریاست میں کُل 13/ ہزار 500/ گروپ پروموٹروں اور جُز وقتی نرسوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف نے کل یہ اعلان کیا۔ انھوںنے کہا کہ ضلع پریشدوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسی ماہ کے دوران یہ ترغیبی رقوم تقسیم کی جائیں۔
***** ***** *****
یومِ ماحولیات کی مناسبت سے کل ریاست بھر میں شجرکاری کے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون علاقے میں شجرکاری کی۔ اس موقع پر انھوں نے ترغیب دی کہ ماحولیات کی بقاء کیلئے ہر شخص کو ایک پودا لگاکر اس کی نگہداشت کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں کل اکولہ میں سیڈ بال تیار کرنے کی تربیت دی گئی۔ بھارت کرشک کرانتی کے رہنماء شن مُگ گوپال کی جانب سے ہر برس یہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔
پربھنی میں وسنت رائو نائیک زرعی یونیورسٹی کے علاقے میں کل وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک دھون کے ہاتھوں شجر کاری کی گئی۔ اس موقع پر انھوںنے کہا کہ ماحولیات کے توازن کے حوالے سے ہم تاریخی موڑ پر ہیں اور اس توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ایک کو تعاون کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے گنگا پور تعلقے کے پال کھیڑ میں عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے سرپنچ ورشا جادھو کی موجودگی میں شجر کاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اورنگ آباد ضلع میں کرماڑ پولس اسٹیشن کے افسران و ملازمین نے کل سٹانا میں 16/ پودے لگائے۔ ایک ماہ قبل اسی علاقے میں ٹرین کی زد میں آکر 16/ محنت کش افراد اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ سرکاری افسران و ملازمین کی ہفتے میں ایک دِن دفاتر میں حاضری لازمی۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی ملازمین کیلئے رہنماء خطوط جاری۔
٭ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات 4/ اکتوبر کو۔ گذشتہ برس کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویو 20/ جولائی سے۔
٭ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 80/ ہزار سے متجاوز۔
٭ اورنگ آباد میں مریضوں کی تعداد ایک ہزار 846۔
٭ اور۔۔۔۔عالمی یومِ ماحولیات پر کل متعدد مقامات پر شجرکاری کے پروگرام۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment