Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date : 26 October 2020
Time: 09 : 00 to 09: 10 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۶ٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗٗ ؍ اکتوبر ۲۰۲۰ئ
وَقت: صبح ۰۰۔۹ سے ۱۰۔۹؍ بجے
پہلے خاص خبروں کی سر خیاں...
٭
خریدی کرتے وقت دیسی مصنوعات کو تر جیح دیں ‘ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوام سے اپیل
٭
کورونا وائرس کی وباء کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست بھر میں سادگی سے منا یا گیا دسہرہ کا تہوار
٭
ریاست بھر میں مزید6؍ ہزار59؍ افراد کورونا وائرس سے متا ثر ‘
112؍ مریض علاج کے دوران چل بسے
اور
٭
مراٹھواڑے میں 4؍ کورونا مریضوں کی موت ‘ جبکہ مزید531؍ مریضوں کا اندراج
اب خبریں تفصیل سے....
تہواروں کے موقعے پر خریدی کر تے وقت عوام دیسی مصنوعات کو تر جیح دیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ اپیل کی ہے۔ وہ کل آکاشوانی سے نشر ہو ئے پروگرام من کی بات میں قوم سے مخا طب تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ کئی بھارتی مصنوعات کی دنیا بھر میں مانگ ہے اور ایسی کئی مصنوعات ہیںجن کی دنیا بھر میں مانگ ہو سکتی ہے۔ جس کی بہترین مثال کھا دی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کھا دی سادگی کی علا مت ہے اور اب اِسے ایسے لباس کے طور پر دیکھا جا رہاہے جسے ہر موسم میں استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ اسی لیے بیرون ممالک میں کھا دی کی مانگ میں اضا فہ ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تہوار وں کے لیے خریدی کر تے وقت ہمیں دیسی مصنوعات کو ذہن میں رکھنا چا ہیے۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے سپاہیوں کے اعزاز میں اپنے اپنے گھروں میں ایک چراغ روشن کرنے کی بھی اپیل کی۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے اہل وطن کو آنے والے تہواروں کی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیا طی تدابیر پر سنجید گی سے عمل کرنے کی بھی یاد دہا نی کر وائی۔
اُنھوں نے کہا
’’ آنے اولے تہواروں کی آپ کو اور آپ کے پورے پریوار کو بہت بہت بدھائی ہو۔ لیکن ایک بات یاد رکھیے اور تہواروں میں ذرا وِشیش روپ سے یاد رکھیے ماسک پہننا ہے‘ ہاتھ صابن سے دھو تے رہنا ہے ‘ دو گز کی دوری بنائے رکھنی ہے‘‘
***** ***** *****
کورونا وائرس کی وباء کو مدِ نظررکھتے ہوئے ریاست بھر میں کَل دسہرہ عقیدت اور سادگی سے منا یا گیا۔ تاہم بازار میں کاروبار دھیرے دھیرے بحال ہوتا دیکھا گیا۔جس سے قیاس ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیوالی سے قبل کاروبار میں مزید بہتری آنے کی امید ہے۔دسہرہ کے موقعے پر کَل کئی دکانوں میں گاہکوں کا ہجوم نظر آیا تا ہم کپڑے ‘ مٹھائی‘ سجاوٹ کا ساز و سا مان ‘ زیورات اور الیکٹرانک اشیاء کی دکا نوں میں گاہکوں کا منا سب ہجوم دیکھا گیا۔
***** ***** *****
ہر سال دسہرہ کے موقعے پر منعقد کئے جا نے والے کثیر ہجوم والے پروگرام اِس سال منعقد نہیں کئے جا سکے۔ سر کاری اور سما جی تنظیموں نے اپنی اپنی سالا نہ تقاریب کا آن لائن اہتمام کیا۔
ممبئی میںشیو سینا کی دسہرہ تقریب آن لائن منعقد کی گئی ۔ اِس تقریب میں اظہار خیال کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے نے کہا کہ اشیاء اور خد مات ٹیکس نظام نا کام ہو گیا ہے۔اُنھوں نے اِس سے پہلے کا ٹیکس نظام لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔اُنھوں نے جی ایس ٹی ٹیکس نظام کو منسوخ کر وانے کے لیے تمام ریاستوں کے وز راء اعلیٰ کو متحد ہونے کی اپیل کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اشیاء اور خد مات ٹیکس کی مد میں ریاست کے حق کے بقیہ 38؍ ہزار کروڑ روپئے مرکزی حکو مت کی جانب سے نہیں ملے ہیں۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے حزب اختلاف پر شدید نکتہ چینی کی ۔اُنھوں نے حزبِ اختلاف کو ریاست کی مہا وِکھاس آگھاڑی حکو مت گرا کر دکھا نے کا چیلنج کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے ریاست میں اتحاد کو نقصان پہنچے ۔ اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ نے قبائیلوں ‘ دھنگر سماج ‘ دیگر پسماندہ طبقات اور مراٹھا سماج کو انصاف دینے کا تیقن بھی دیا۔
***** ***** *****
بی جے پی کی قومی سیکریٹری پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ بھاری بارش کی وجہ سے نقصان اُٹھا رہے کاشتکاروں کے لیے ریاستی حکو مت کی جانب سے جاری کیا گیا 10؍ ہزار کروڑ روپئے کا پیکیج نا کا فی ہے
۔اُنھوں نے کہا کہ حکو مت کو مزید فراخ دلی کا مظاہرہ کر نا چا ہیے۔وہ کَل بیڑ ضلعے کے سا ور گائوں میں ایک تقریب میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ اِس موقعے اُنھوں نے پو چھا کہ گناّ توڑ نے والے مزدورں کے کار پوریشن قیام کب ہو گا۔ اپنے آن لائن خطاب میں پنکجا منڈے نے حزب اختلاف پر شدید نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
پر بھنی ضلعے میں دسہرہ کا تہوار نہا یت سادگی سے منا یا گیا ۔ مذہبی مقامات میں تقاریب کااہتمام کرنے کی اجازت نہ ہو نے کی وجہ سے عوام نے گھروں میں رہ کر ہی ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔
***** ***** *****
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
ریاست بھر میں گزشتہ روز مزید6؍ ہزار59؍افراد کورونا وائر س سے متاثر پائے گئے۔ جس کے ساتھ ہی ریاست میں اب تک پائے گئے کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 16؍ لاکھ 45؍ ہزار20؍ تک جا پہنچی ہے۔ ریاست بھر میں گزشتہ روز112؍ کورونا مریض علاج کے دوران چل بسے ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست میں اب تک 43؍ ہزار264؍ اموات ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب علاج کے بعد کَل5؍ ہزار648؍ افراد کورونا وائرس سے نجات پا کر صحت یاب ہو گئے جھنیں دوا خانے سے رخصت دیدی گئی ۔ ریاست میں اب تک 14؍ لاکھ60؍ ہزار755؍ کورونا متاثرین علاج کے بعد شفا یاب ہو چکے ہیں اور فی الحال ایک لاکھ40؍ ہزار486؍ کورونا مریض زیر علاج ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑے میں کَل 4؍کورونا مریض علاج کے دوران انتقال کر گئے ۔ جبکہ مزید531؍ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔
اورنگ آ باد ضلعے میںگزشتہ کَل2؍ مریضوں کی موت واقع ہو گئی ۔ جبکہ مزید105؍ افراد کورونا وائر س کی زد میں آ گئے ۔ ناندیڑ اور بیر ضلعے میں ایک ایک مریض علاج کے دوران فوت ہو گیا۔ جبکہ ناندیڑ ضلعے میں مزید101؍ اور بیڑ ضلعے میں مزید 80 ؍ کورونا مریض پائے گئے ۔ جالنہ ضلعے میں کَل96؍ لاتور ضلعے میں
82؍ عثمان آ باد ضلعے میں46؍ پر بھنی ضلعے میں12؍ اور ہنگولی ضلعے میں مزید9؍ کورونا مریض پائے گئے ۔
***** ***** *****
64؍ واں دھم چکر پَر وَرتن دن کل ناگپورکی دِکشا بھو می پر سادگی سے منا یا گیا۔ کورونا وائرس کی وباء کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر با با صاحیب امبیڈکر میمو ریل کمیٹی نے سبھی عوامی پروگرام منسوخ کر کے دھم پیروکاروں کو اپنے گھروں میں ہی رہ کر ڈاکٹر با با صا حیب امبیڈکر اور گوتم بدھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اپیل کی۔
لاتور میں بھی64؍ واں اَنو پَر وَر تن دِن سادگی سے منا یا گا۔ اورنگ آ باد میں بھی بُدھ غاروں میں کَل صرف بھیکو سنگھ کی موجودگی میں ہی دھم پر چم کُشائی کی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر کے شری نگر علاقے میں کَل زلزلے کے 2؍ ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ اِن جھٹکوں کی شدت زلزلہ پیما پر 0.60؍ فیصد درج ہوئی۔
***** ***** *****
پر بھنی شہر میں سمبھا جی گریگیڈ سماجی تنظیم کی جانب سے راستوں کی مر مت کے لیے کَل ہوم ہوَن کر کے احتجاج کیا گیا۔ احتجا جیوں کا کہنا ہے کہ تعلقے میں دیو گائوں پھا ٹا سے جنتور اور اَونڈھا ریاستی شاہراہ پر سڑک کی ٹو ٹ پھوٹ کی وجہ سے مسلسل حادثات پیش آ رہے ہیں لہذااُس کی مرمت کر نے کی ضرورت ہے۔ اِس موقعے پر تنظیم کی جانب سے الزام لگا یا گیا کہ شعبہ تعمیرات عامہ کا ضمنی شعبہ اور دیگر متعلقہ شعبے کی جانب سے اِس کام میں ٹال مٹول کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن میں واقع ناتھ ساگر ڈیم کے6؍ در وازوں سے پانی کا اخراج کم کر دیا گیا ہے ۔ فی الحال ڈیم سے 3؍ ہزار144؍ گھن فٹ فی سیکینڈ کی رفتار سے پانی ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے
٭
خریدی کرتے وقت دیسی مصنوعات کو تر جیح دیں ‘ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوام سے اپیل
٭
کورونا وائرس کی وباء کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست بھر میں سادگی سے منا یا گیا دسہرہ کا تہوار
٭
ریاست بھر میں مزید6؍ ہزار59؍ افراد کورونا وائرس سے متا ثر ‘
112؍ مریض علاج کے دوران چل بسے
اور
٭
مراٹھواڑے میں 4؍ کورونا مریضوں کی موت ‘ جبکہ مزید531؍ مریضوں کا اندراج
علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
٭٭٭٭٭
No comments:
Post a Comment