Monday, 24 May 2021

آکاشوانی اَورنگ آباد علاقائی خبریں تاریخ: ۲۴ ؍ مئی ۲۰۲۱ئ؁ وَقت: صبح ۰۰۔۹ سے ۱۰۔۹؍ بجے

  Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date : 24 May 2021

Time:  09 : 00 to 09: 10 AM

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۴ ؍  مئی  ۲۰۲۱ئ؁

وَقت: صبح  ۰۰۔۹  سے  ۱۰۔۹؍ بجے 


سب سے پہلے اِس وقت کی سر خیاں...

٭ بارہویں جماعت کے  امتحانات کے انعقادکے بارے میں ایک جون تک ہو گی تصویر واضح‘ تاہم دسویں جماعت کے امتحا نات منعقد نہ کرنے کے فیصلے پر ریاستی حکو مت قائم

٭ مہاراشٹر کے15 ؍ ضلعوں میں لاک ڈائون مزید سخت کرنے کاریاستی وزیر صحت کا اشارہ‘  کہاکورونا متاثرین کی بڑھتی تعداداور شرح اموات میں اضا فے کو روکنے کے لیے مزید پا بندیا ں ضروری

٭ بچوں کے کورونا پازیٹیو پائے جانے پر سر پرستوں سے اُنھیں گھر پر خود سے کوئی دوا  نہ  دینے کی وزیر اعلیٰ کی اپیل‘ کہا ماہر ڈاکٹروں کی نگرا نی میں ہی ہو علاج

اور

٭ مانسون کے 10؍ جون تک مہاراشٹر میں داخل ہونے کا امکان‘ مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں بڑھ گیا ہے سمندری طوفان ’’  یاس  ‘‘  کا خطرہ

   

اب خبریں تفصیل سے....

بارہویں جماعت کے امتحا نات منعقد کرنے کے بارے میں ایک جون تک صورتحال واضح ہو گی۔ مرکزی وزیر دِفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں کَلCBSE سمیت مختلف ریاستوں کے تعلیمی بورڈس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران بارہویں جماعت سمیت مختلف پیشہ وارانہ کورسیزمیں داخلوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا ۔

اِس بارے میں ریاستوں سے کَل منگل تک اپنی رائے دینے کو کہاگیا ہے۔ ریاستوں سے موصول ہونے والی رائے پر غور کر نے کے بعد ایک جون تک کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نِشنک ‘ اطلاعات و نشر یات کے مرکزی وزیر پر کاش جائوڑیکر ‘ خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور مختلف ریاستوں کے وزرائے تعلیم کے علا وہ محکمہ تعلیم کے سیکریٹری بھی موجود تھے۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کر تے ہوئے مہاراشٹر کی وزیر تعلیم وَرشا گائیکوار نے بتا یا کہ کسی بھی حال میں طلباء کا تعلیمی نقصان نہیں ہونے دیا جا ئے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ طلباء کی حفاظت اور اُن کے مفادات کو اوّلین ترجیح دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے سے تبادلۂ خیال کے بعد اگلے دو -تین دنوں میں بارہویں جماعت کے امتحا نات کے انعقاد کے بارے میں آخری فیصلہ کر لیا جا ئے گا۔ اِس بیچ وَرشا گائیکواڑ نے واضح کر دیا کہ دسویں جماعت کے امتحا نات منعقد نہ کر نے کے بارے میں ریاستی حکو مت کا موقف بالکل واضح ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحا نات آف لائن منعقد کرنا ممکن نہیں ہے اور اِس بارے میں ممبئی ہائی کورٹ میں حلف نا مہ داخل کیا جائے گا۔

***** ***** ***** 

مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹو پے نے ریاست کے36؍ میں سے15؍ضلعوں میں سخت لاک ڈائون نافد کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ اِن ضلعوںمیں مراٹھواڑہ کے عثمان آباد  اور  بیڑ سمیت وِدربھ کے ایوت محل ‘ بلڈھا نہ ‘ اکو لہ‘ واشِم‘ امراوتی  اور  گڈ چِرولی  اضلاع شامل ہیں۔ اِس کے علا وہ مغربی مہاراشٹر کے کولہا پور ‘ سانگلی ‘ ساتارہ ‘ احمد نگر ‘ شولا پور  اور  کوکن کے رتنا گیری اورسِندھو دُرگ ضلعوں میں بھی سخت لاک ڈائون نافذ کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ ٹو پے نے کہا کہ اِن سبھی ضلعوں میں کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد اور شرح اموات میں اضا فے کو دیکھتے ہوئے سخت لاک ڈائون لگا نا ضروری ہے۔ تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کا سلسلہ ٹوٹ سکے۔ٹو پے نے مزید کہا کہ ممبئی سمیت ریاست کے دوسرے حصوں میں کورونا متاثرین کی تعداد گھٹ رہی ہے جو اطمینان بخش صورتحال ہے۔ ٹو پے نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے سلسلے کوروکنے کے لیے ممبئی کے طریقہ ٔ کا ر کو اپنا نے کی ہدایت دی۔

***** ***** ***** 

بچوں کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جا نے پر سر پرست انھیں گھر پر کوئی دوا نہ دیں اور ماہر ڈاکٹروں سے رابط قائم کریں۔ یہ اپیل مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھا کرے نے کی ہے۔ کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کے دوران بچوں کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے خطرے کے پس منظر میں قائم کی گئی ٹاسک فورس سے کَل وزر اعلیٰ نے آن لائن تبادلۂ خیال کیا۔ اِس ٹاسک فورس میں ریاست بھر کے بچوں کے ماہر ڈاکٹر س کو شامل کیا گیاہے۔ 

وزیر اعلیٰ ٹھاکرے نے کہا کہ سر پرستوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو  کورونا پازیٹیو پائے جانے پر نہ گھبرائیں اور نہ ہی غیر ضروری دوائیوں کا بھر مار کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اِس صورتحال میں بچوں کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرس سے رابطہ قائم کر کے رہنما ئی حاصل کی جا ئے۔ ٹھاکرے نے بتا یا کہ ممکنہ تیسری لہر سے نمٹنے کی سبھی تیاریاں جاری ہیں اور کسی بھی حال میں وسائل کی کمی نہیں ہونے دی جا ئے گی۔ میٹنگ کے دوران ریاستی ٹاسک فورس کے ڈاکٹروں نے  ریاست بھر کے 6؍ہزار بچوں کے ڈاکٹروں سے بات چیت کی۔ اِس دوران بچوں میں انفکشن کی پہچان کرنے اور دوسری بیماریوں میں مبتلاء بچوں میں بیماری کا پتہ لگا نے کے بارے میں رہنما ئی کی گئی۔ اِس دوران بچوں کا سیدھے CT  اسکین نہ کرنے پر زور دیا گیا۔

***** ***** ***** 

بھارتی بحر یہ کا جہاز INS  تری کھنڈ 40؍ میٹرک ٹن آکسیجن لے کر خلیجی ملک قطر سے کَل ممبئی پہنچا ۔ دوسری جانب عالمی اِدارۂ صحت WHO  اب تک بھارت کو170؍ میٹرک ٹن طبی ساز و سامان فراہم کر چکا ہے۔ اِن میں Testing Kit  ‘ PPE Kit  ‘ مریضوں کے لیے بیڈز  اور Oxygen Concentrator شامل ہیں۔


***** ***** ***** 

 یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں

***** ***** ***** 


مہاراشٹر میں کَل ایک دِن میں26,672؍ کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اِس اضا فے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر55؍ لاکھ79؍ہزار897؍ ہو گئی ہے۔ وہیں کَل دِن بھر میں ریاست میں594؍ کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا ۔ اِن اموات کو ملا کر اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے جان گنوا نے والوں کی مجموعی تعداد 88؍ہزار620؍ ہو گئی ہے۔ ریا ستی شرح اموات ایک عشا ریہ پانچ  نو  فیصدر ہی۔

دوسری جانب کَل ایک دِن میں مہاراشٹر میں29,177؍ لوگوں نے کورونا وائر س سے نجات پائی۔ اِس طرح ریاست میں اِس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک کُل40,272؍لوگ ٹھیک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائر س سے صحت یابی کا ریاستی تنا سب قریب92؍ فیصد رہا۔ اِس وقت مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 3؍ لاکھ48؍ہزار395؍ ہے جن کا علاج کیا جا رہاہے۔ 

***** ***** ***** 

مراٹھواڑہ میں کَل ایک دِن میں3,196؍ نئے کورونا پازیٹیو مریضو کا اضا فہ ہوا۔ جبکہ 102؍ مریضوں کی موت ہوگئی۔ مر نے والوں کی سب سے بڑی تعداد لاتور ضلعے میں رہی جہاں 24؍ مریضوں نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ اورنگ آ باد میں23؍ کورونا مریضوں کی موت کا کَل اندراج ہوا۔ اِسی طرح بیڑ میں23؍ عثمان آ باد میں12؍ پر بھنی میں8؍ اور  ناندیڑ میں7؍ کورونا مریض کَل فوت ہو گئے۔ وہیں جالنہ میں4؍ اور ہنگولی ضلعے میں ایک مریض کی موت درج کی گئی۔

دریں اثناء مراٹھواڑہ میں نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے حا لانکہ اِس میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔ بیڑ ضلعے میں کَل 962؍لوگوں کو  کورونا پازیٹیو پا یا گیا۔ پر بھنی میں450؍ جالنہ میں417؍ اور عثمان آ باد میں 392؍ افراد میں کَل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اورنگ آباد ضلعے میں گزشتہ روز377؍ نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ لاتور میں324؍ ناندیڑ میں103؍ اور ہنگولی ضلعے میں 81؍ لوگوں کو کَل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔

***** ***** ***** 

مراٹھا ریزر ویشن کے مطالبے پر بیڑ میں  5؍ جون کو مورچہ نکا لا جا ئے گا۔ مراٹھا کرانتی سنگھرش مورچہ کے

 کو آرڈینیٹر او ر  رکن اسمبلی ونائک میٹے نے کَل بیڑ میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ میٹے نے مہاراشٹر حکو مت پر تنقید کرتے ہوئے اُسے مراٹھا ریزر ویشن ردّ ہونے کے لیے ذمہ دار قرار دیا۔ اُنھوں نے کہا کہ اب تک مراٹھوں نے خاموش جلوسوں کے ذریعے ریزر ویشن کی لڑائی لڑی لیکن اِس سے کچھ ہاتھ نہ آیا جس کے بعد اب آندو لن شروع کیا جا ئے گا۔ میٹے نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے حا لات کے مد نظر مورچے کے دوران 100؍ فیصد احتیاط برتی جا ئے گی۔

***** ***** ***** 

اورنگ آباد شہر کے گھاٹی اسپتال میں کئی سالوں سے خد مات انجام دے رہے عارضی ملازمین کو مستقل طور پر سر کاری خد مات میں ضم کرنے کا مطالبہ کامگار تنظیم آئیٹک نے کیا ہے۔ اِس ضمن میں کَل رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل ‘ رکن کائونسل ستیش چو ہان  اور  رکن اسمبلی سنجئے شِرساٹھ کو محضر پیش کئے گئے۔ محضر میں کہا گیا ہے کہ اورنگ آباد سمیت مراٹھواڑہ کے دوسرے سبھی ضلعوں میں کورونا وائرس کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر طبی ملازمین کام کر رہے ہیں اور اِن پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

***** ***** ***** 

آکاشوانی اورنگ آ باد کے شعبہ ٔ  موسیقی کے سابق سر براہ اور جئے پور گھرا نے کے معروف گلو کار پنڈت یشونت شر ساگر چل بسے۔ وہ89؍ برس کے تھے۔ پنڈت یشونت شر ساگر نے اورنگ آ باد آکاشوانی کے علا وہ پونے اور سانگلی کے مراکز پر بھی خد مات انجام دیں۔ گلو کاری کے ساتھ ساتھ وہ موسیقی کے بارے میں اپنی تحریروں کے لیے بھی جانے جاتے تھے۔ پنڈت یشونت شر سا گر نے پنڈت جسراج سے گلو کاری کی تعلیم حاصل کی تھی۔

***** ***** ***** 

بیڑ ضلع کے ماجل گائوں تعلقے کے کٹّی آڑ گائوں میں کَل صبح شارٹ سر کٹ سے آگ لگنے کے واقعے میں ایک ماں اور بچی کی موت ہو گئی۔ حادثہ اُس وقت پیش آ یا جب گھر میں استعمال ہو رہے بجلی کے آ لات سے ٹین شیڈ میں کرنٹ اُتر گیا جس کے بعد چھوٹی بچی نے اُسے چھو لیا۔ بچی کو ٹین شیڈ سے الگ کر نے کی کوشش میں ماں کو بھی بجلی کا زبر دست جھٹکا لگا اور گھر کو آگ لگ گئی جس میں ماں بیٹی دو نوں کی موت ہو گئی۔

***** ***** ***** 

انڈو مان  -  نِکو بار جزائر میں داخل ہوا مانسون اب خلیج بنگال میں آگے بڑھ رہاہے۔ جنوبی ریاست کیرا لہ میں قبل از مانسون بارش کی شروعات ہو چکی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بتا یا کہ مانسون کے پہنچنے تک کیرا لہ میں بارش جا ری رہے گی۔ ریاستی محکمۂ موسمیات کے مطا بق مہاراشٹر میں10؍ جون تک مانسون کے پہنچنے کا امکان ہے جس کے بعد وہ پوری ریاست میں فعال ہو جائے گا۔

دوسری جانب بحر بنگال پر تیار ہو ئی کم دباء کی پٹی کی وجہ سے مغربی بنگال اور اوڈیشہ ریاستوں میں  ’’  یاس  ‘‘ نامی سمندری طوفان کے آ نے کا خد شہ بڑھ گیا ہے۔ اِس پس منظر میں جنوبی وسطی ریلوے نے ناندیڑ سنترا گاچھی -    ناندیڑ ایکسپریس ٹرین کو کَل24؍ مئی اور واپسی کے لیے 26 ؍  مئی کو ردّ کر دیا ہے۔

***** ***** ***** 

ساتاراضلعے میں کوئنا ڈیم سے 10؍ کلو میٹر کے اطراف کے علاقے میں کل صبح سوّا نو بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریختر اسکیل پر اِن کی شدت3.3؍ ریختر اسکیل درج کی گئی۔ اِن جھٹکوں سے کسی طرح کے جانی یا ما لی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ گزشتہ 2؍ مہینوں کے دوران کوئنا ڈیم کے علاقے میں آیا  یا یہ تیسرا زلزلہ ہے۔

***** ***** ***** 


اور آخر میں  اہم خبریں ایک بارپھر سن لیجیے ...

٭ بارہویں جماعت کے  امتحانات کے انعقادکے بارے میں ایک جون تک ہو گی تصویر واضح‘ تاہم دسویں جماعت کے امتحا نات منعقد نہ کرنے کے فیصلے پر ریاستی حکو مت قائم

٭ مہاراشٹر کے15 ؍ ضلعوں میں لاک ڈائون مزید سخت کرنے کاریاستی وزیر صحت کا اشارہ‘  کہاکورونا متاثرین کی بڑھتی تعداداور شرح اموات میں اضا فے کو روکنے کے لیے مزید پا بندیا ں ضروری

٭ بچوں کے کورونا پازیٹیو پائے جانے پر سر پرستوں سے اُنھیں گھر پر خود سے کوئی دوا  نہ  دینے کی وزیر اعلیٰ کی اپیل‘ کہا ماہر ڈاکٹروں کی نگرا نی میں ہی ہو علاج

اور

٭ مانسون کے 10؍ جون تک مہاراشٹر میں داخل ہونے کا امکان‘ مغربی بنگال اور

اوڈیشہ میںبڑھ گیا ہے سمندری طوفان ’’  یاس  ‘‘  کا خطرہ


اِس کے ساتھ ہی آکاشوانی اورنگ آ باد سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

٭٭٭٭٭


No comments: