Wednesday, 14 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 14 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۴؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کے مختلف مقامات پر 70 ہزار کروڑ روپئے کے سرمایہ کاری منصوبوں کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ دیہی علاقوںمیں اراضی تنازعات نمٹانے کیلئے مفاہمتی اسکیم شروع کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے کے سلسلے میں آج مرکزی وزیرِ داخلہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کریں گے۔
٭ ریاست میں بین المذاہب شادیوں کیلئے رابطہ کمیٹی کا قیام۔
اور۔۔٭ بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا کرکٹ ٹیسٹ آج سے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے مختلف علاقوں میں 70 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی زیرِ صدارت گذشتہ روز منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس سے ودربھ‘ مراٹھواڑہ‘ ناسک اور پونا کے علاقوںمیں 55 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان منصوبوں میں 10ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری مہندرا الیکٹرک وہیکل آٹو موبائل کا پونا پروجیکٹ‘ چندر پور ضلع میں 20 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے ماحول دوست ٹیکنالوجی پر مبنی نیو ایرا کلین ٹیک سلیوشنز کا کول گیسی فیکشن نیز گڈچرولی ضلع کے دو منصوبے بھی شامل ہیں۔ اورنگ آباد میں کاسمو فرسٹ لمیٹڈ اور پیرامل فارما کمپنیوں کو فی کس 500 کروڑ روپئے اور کاسمو فلمس کی 900 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری بھی اس میں شامل ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے اسکولوں کو امداد دینے اور اس کیلئے 11 سو کروڑ روپئے کے فنڈز کو بھی کابینہ نے منظوری دے دی۔ 6ہزار 10 ابتدائی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی اسکولوں کو یہ فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔ اس فیصلے کا فائدہ ریاست کے 63 ہزار 338  اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کو ہوگا۔ ریاست میں جل یکت شیوار ابھیان کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ بھی اس کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ اس سے قبل یہ ابھیان 2015 تا 2019 کے دوران چلایا گیا تھا۔ اب اس مہم کے دوسرے مرحلے میں 5ہزار دیہاتوں کو شامل کیا جائیگا۔ 
ریاست کے دیہی علاقوں میں کھیتی کی زمینوں سے متعلق ہونے والے تنازعات کو نمٹانے کیلئے مفاہمتی اسکیم شروع کرنے کو بھی کابینہ نے منظور کیا۔ اس سلسلے میں سہولتی رجسٹری فیس برائے نام ایک ہزار روپئے اور اندراج فیس 100 روپئے رکھی جائیگی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے مراٹھواڑہ میں کسانوں کی خودکشیوں کے واقعات میں اضافے کا مسئلہ کل لوک سبھا میں اٹھایا۔ ضمنی مطالبات پر مباحثے کے دوران اس موضوع پر انھوں نے سخت تنقید کی۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ ایک جانب حکومت کسانوں کی بہبود کیلئے کام کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن دوسری جانب درحقیقت مراٹھواڑہ میں کسانوں کی خودکشی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے قوانین امیروں کیلئے الگ اور غریبوں کیلئے الگ ہیں۔
***** ***** *****
باڑا صاحب کی شیوسینا پارٹی کے لوک سبھا میں گروپ لیڈر راہل شیواڑے نے کل صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو سے ملاقات کرکے مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعہ کے سلسلے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔ اس سلسلے میں انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ تنازعہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن بیلگائوں کی کچھ تنظیمیں اور قائدین جان بوجھ کر اس معاملے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعہ پر آج نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھرنویس اور کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ بسوراج بومئی کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ میٹنگ شام کے وقت ہونے کا امکان ہے۔ دریں اثناء راشٹروادی کانگریس کے رکنِ اسمبلی روہت پوار نے کل اچانک بیلگائوں کا دورہ کیا اور بعد ازاں سوال اُٹھایا کہ مَیں بیلگائوں جاسکتا ہوں تو ہماری ریاست کے وزیر کیوں نہیں جاسکتے؟ روہت پوار نے کہا کہ متعلقہ رہنمائوں سے گفتگو کے بعد پتہ چلا ہے کہ اس معاملے میں سیاسی کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شرد پوار کے بیان کے بعد یہ ماحول تبدیل ہوگیا۔
***** ***** *****
ریاست میں اقتدار کی رسّہ کشی سے متعلق عدالت ِ عظمیٰ میں اب 10 جنوری کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔ اس معاملے کی سماعت سرِدست چیف جسٹس دھننجے چندر چوڑ کی زیرِ قیادت پانچ رُکنی آئینی بینچ کررہی ہے۔ تاہم کل کی سماعت میں ٹھاکرے گروپ کے وکیل کپل سبل نے یہ معاملہ سات رُکنی آئینی بینچ کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر چیف جسٹس نے فریقین کو اس سلسلے میں اپنا مختصر تحریری مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی۔ شندے گروپ کے وکیل اور مہاراشٹر کے سالیسٹر جنرل نے سبل کے مطالبے پر اپنا تحریری مؤقف پیش کرنے پر اتفاق کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات کے انعقاد اور دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن سے متعلق تمام درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ آئندہ 17 جنوری کو فیصلہ دے گی۔ کل اس سلسلے میں ہوئی شنوائی میں چیف جسٹس دھننجے چندر چوڑ نے 17 جنوری تک معاملات جوں کا توں رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
***** ***** *****
ریاست میں بین المذاہب شادیوں کیلئے ایک رابطہ کمیٹی نامزد کی گئی ہے۔ شردھا والکر قتل جیسی وارداتوں کے اعادے سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ خواتین و بہبودِ اطفال کے وزیر منگل پربھات لوڈھا کی زیرِ صدارت یہ کمیٹی بین المذاہب اور بین الریاستی شادیاں کرنے والی لڑکیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی معلومات حاصل کرکے ان سے رابطہ رکھے گی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کو ایک نامعلوم شخص نے فون پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ شرد پوار کی رہائش گاہ کے لینڈ لائن فون پر 2 دسمبر تا 9 دسمبر کے دوران مسلسل دھمکیاں موصول ہوتی رہیں۔ یہ شکایت ٹیلی فون آپریٹر نے کی ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھمکیاں بہار سے دی جارہی ہیں اور دھمکی دینے والاشخص ہندی بول رہا تھا۔ اس سلسلے میں ممبئی کے گائو دیوی پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرلی گئی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد-احمد نگر - پونہ ایکسپریس وے کیلئے اراضی ایکوائر کرنے کی غرض سے حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔ اورنگ آباد تعلقے کے 7  اور پیٹھن تعلقے کے 17 گائوں سے گذر کر یہ شاہراہ جائیگی۔ یہ سڑک نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے ذریعے تعمیر کی جائیگی۔
***** ***** *****
بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ اب سے کچھ دیر قبل چٹاگانگ میں شروع ہوا۔ اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا ہے اور آخری اطلاعات آنے تک بھارت نے بغیر کسی وکٹ کھوئے چار رَن بنالیے تھے۔
***** ***** *****
قطر میں جاری فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا کی ٹیم فائنل میں داخل ہوگئی ہے۔ کل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے کروشیا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ آج ہوگا۔ آج شب دوسرا سیمی فائنل مراقش اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
آٹھواں اجنتا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول آئندہ 11 تا 15 جنوری کے دوران اورنگ آباد میں منعقد کیا جائیگا۔ ناتھ گروپ‘ مہاتما گاندھی مشن اور یشونت رائو چوہان ٹرسٹ اورنگ آباد کے اشتراک سے یہ فلم فیسٹیول شہر کے پروزون مال میں موجود سینما گھر میں منعقد کیا جائیگا۔ اس فلم فیسٹیول میں دنیا بھر کی 40 فلمیں دکھائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مختلف سیمینار اور سمپوزیم کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کے مختلف مقامات پر 70 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری منصوبوں کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ دیہی علاقوںمیں اراضی تنازعات نمٹانے کیلئے مفاہمتی اسکیم شروع کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ ۔
٭ مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے کے سلسلے میں آج مرکزی وزیرِ داخلہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کریں گے۔
٭ ریاست میں بین المذاہب شادیوں کیلئے رابطہ کمیٹی کا قیام۔
اور۔۔٭ بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا کرکٹ ٹیسٹ آج سے۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 30.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...