Saturday, 2 March 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 مارچ 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 March-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲/ مارچ  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    پانچ ٹریلین ڈالر کی قومی معیشت کے خواب کی تکمیل کیلئے مہاراشٹر ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی شکل میں تعاون کرے گا: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
    ٭    ریاستی اسمبلی کا ہنگامی بجٹ اجلاس ملتوی؛ مقننہ کا آئندہ اجلاس 10 جون سے ممبئی میں۔
    ٭    ریاست میں سرکاری ملازمین کیلئے نظرِ ثانی شدہ قومی پنشن اسکیم کے نفاذ کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
    ٭    آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کیلئے رہنماء خطوط جاری۔
اور۔۔۔    ٭    کل قومی سطح پر پلس پولیو مہم۔

***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کو پانچ ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خواب کو پایہئ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مہاراشٹر ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی شکل میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ وہ کل ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی جانب سے امن ِ عامہ، صنعتی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری، کسانوں کے مسائل جیسے موضوعات پر اُٹھائے گئے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ریاست میں جاری بنیادی سہولیات کے منصوبوں اور ریاست گیر صفائی مہم کا جائزہ بھی لیا۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت نے کسانوں کے مفادات میں کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کے تحت کسانوں کے کھاتوں میں اب تک 35 ہزار کروڑ روپئے جمع کیے جاچکے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مراٹھواڑہ واٹر گرِڈ پروجیکٹ کو حکومت نے دوبارہ فعال بنایا ہے؛ نیز گرین ہائیڈروجن کو فروغ دینے والی مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔
    اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد سیکریٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بجٹ اجلاس کی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مراٹھا برادری کو دیا گیا ریزرویشن عدلیہ کے سامنے بھی برقرار رہے گا۔
***** ***** *****
    قانون ساز کونسل میں حکمراں اور حزبِ اختلاف ارکان کی جانب سے دفعہ 260 کے تحت پیش کردہ آزاد تجاویز پر نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مشترکہ جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ کروڑ روپئے سے زائد راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے اور مہاراشٹر ایک بار پھر اس معاملے میں ملک میں سرِفہرست ہے۔
***** ***** *****
    قانون ساز اسمبلی میں کل حزبِ اختلاف کی غیر موجودگی میں ہنگامی بجٹ منظور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بجٹ پر مباحثے کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے جواب دیا۔ ان کے جواب سے غیر مطمئن حزبِ اختلاف ارکان نے اس ہنگامی بجٹ میں عوام کو انصاف نہ ملنے کا الزام لگاتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
***** ***** *****
    اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف وجئے وڑیٹیوار نے کہا ہے کہ اس بار کا عبوری بجٹ ریاستی عوام کیلئے دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ کیلئے نہایت اہم وَین گنگا اور نڑگنگا منصوبوں کیلئے وافر فنڈز مہیا کیے جائیں۔
    قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی ترقی کے مفاد کو نظر انداز کرکے حکمراں جماعت نے سیاست کرنے کیلئے اس اجلاس کا استعمال کیا۔
***** ***** *****
    ریاستی اسمبلی کا ہنگامی بجٹ اجلاس کل ملتوی کردیا گیا۔ اسمبلی کا آئندہ اجلاس 10 جون سے ممبئی میں ہوگا۔ اس سے قبل مہاراشٹر میونسپل ترمیمی بل کو دونوں ایوانوں نے منظور کیا۔ اس بل میں ممبئی کے سوا ریاست کے کارپوریشن‘ میونسپلٹیوں اور پنچایت سمیتیوں میں چار یا پانچ ارکان پر مشتمل زون کے قیام کی تجویز ہے۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 9 بل منظور کیے گئے اور چھ بل مشترکہ کمیٹی کو بھیج دئیے گئے۔
***** ***** *****
    ریاستی سرکاری ملازمین کیلئے ترمیم شدہ قومی پنشن اسکیم لاگو کرنے کے فیصلے کا کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مقننہ کے دونوں ایوانوں میں اعلان کیا۔ یکم نومبر 2005 کے بعد رجوع بہ کار ہونے والے افسران و ملازمین پر اس اسکیم کا اطلاق ہوگا۔ اسکیم کے مطابق اگر ملازمین کو ترمیم شدہ پنشن کا متبادل دیا جاتا ہے تو انھیں آخری تنخواہ کا 50 فیصد وظیفہ اور اس پر مہنگائی بھتہ؛نیز وظیفے کا 60 فیصد بطور فیملی پنشن اور اس پر اضافی مہنگائی بھتہ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
    شیوسینا ارکانِ اسمبلی کی نااہلی سے متعلق اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر عدالت ِ عظمیٰ میں آئندہ 7 مارچ کو سماعت ہوگی۔ شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے گروپ کی جانب سے داخل کردہ اس پٹیشن پر کل چیف جسٹس دھننجئے چندر چوڑ کی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر ٹھاکرے گروپ کے وکیل کپل سبل کی جانب سے فوری سماعت کی درخواست پر عدالت نے یہ حکم جاری کیا۔
***** ***** *****
    ریاستی حکومت کی جانب سے مراٹھا برادری کو دئیے گئے ریزرویشن کو ماہرِ قانون گُن رَتن سداورتے نے ممبئی عدالت ِ عالیہ میں چیلنج کیا ہے۔ اس عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو عبور کرنا غیر آئینی ہے۔ جسٹس سنیل شُکرے کو کمیشن برائے پسماندہ طبقات کے سربراہ کی حیثیت سے نامزدگی کو بھی انھوں نے چیلنج کیا۔
***** ***** *****
    آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیشِ نظر انتخابی کمیشن نے سیاسی جماعتوں کیلئے رہنماء خطوط جاری کردئیے ہیں۔ کمیشن نے ہدایت کی کہ انتخابی تشہیری مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کو قواعد اور ضوابط پر عمل کرنا چاہیے۔ نیز انتباہ دیا کہ ضابطہئ اخلاق کی بالواسطہ یا بلاواسطہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انتخابی کمیشن نے وضاحت کی کہ شخصی آزادی کی اہمیت کو مدِنظر رکھ کر ہی تشہیری مہم پوری ذمہ داری سے چلائی جانی چاہیے۔
***** ***** *****
    ریاست میں کل تین مارچ کو محکمہئ صحت ِ عامہ کی جانب سے قومی پلس پولیو خوراک مہم چلائی جائیگی۔ اس سلسلے میں شہریوں کو اپنے صفر تا پانچ برس کے بچوں کو خوراک پلانے کی تلقین وزیرِ صحت ڈاکٹر تاناجی ساونت نے کی ہے۔
    چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے تحت دو لاکھ بچوں کو پولیو کی خوراک پلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کیلئے 689 پولیو بوتھ بنائے گئے ہیں۔ دھارا شیو ضلع کے شہری علاقوں میں کل ایک ہزار 341 پولیو مراکز بنائے گئے ہیں۔ ناندیڑ ضلع میں تین لاکھ 99 ہزار 698 بچوں کیلئے دو ہزار 737 مراکز بنائے گئے ہیں۔
***** ***** *****
    ریاستی تعلیمی بورڈ کے سربراہ شرد گوساوی نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں جماعت ِ دہم اور بارہویں کے نتائج کا اعلان بروقت کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں انتخابات کے پیشِ نظر‘ اساتذہ کو انتخابی ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔ تاہم امتحانی کاموں اور جوابی بیاضوں کی جانچ پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
***** ***** *****
    ونچیت بہوجن آگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے کہا ہے کہ اگر ان کی پارٹی تنہا ہی الیکشن لڑتی ہے تو لوک سبھا میں چھ نشستیں جیت سکتی ہے۔ کل ناگپور ضلع کے رام ٹیک میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہاوِکاس آگھاڑی میں لوک سبھا انتخابات کیلئے 15 فیصد OBC امیدوار اور کم از کم تین امیدوار اقلیتوں کے ہونے چاہیے۔
***** ***** *****
    امراوتی میں تحفظ ِ آب و مٹی محکمے کے امتحانات کے سوالنامے افشاء ہونے کے معاملے میں تین ملازمین سمیت 11  افراد کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ 21 فروری کو منعقدہ ان امتحانات میں بدعنوانیاں سامنے آئی تھیں۔ اسی دوران یوتھ کانگریس کی جانب سے کل ضلع کلکٹر دفترکے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور اس معاملے میں امتحانات کالعدم قرار دیکر از سرِ نو امتحانات کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔
***** ***** *****
    بیڑ ضلعے کے امبا جوگائی میں 39 لاکھ روپئے غبن کے معاملے میں کل بیڑ پولس کی کرائم برانچ نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضے سے نو لاکھ روپئے برآمد کرلیے گئے ہیں۔ شہر کے راجشری شاہو شہری امدادِ باہمی کریڈٹ سوسائٹی کے 39 لاکھ 16 ہزار 160 روپئے نقد لیکر جانے والے ملازمین کا تعاقب کرکے راہزن فرار ہوگئے تھے۔
***** ***** *****
    لاتور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کل اودگیر میں مہاسنسکرتی مہوتسو کا کھیلوں اور نوجوانوں کے اُمور کے وزیر سنجئے بنسوڑے کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر ”مراٹھی بانا“ پروگرام کو شائقین نے بہت پسند کیا۔
***** ***** *****
    پربھنی میں پانچ مارچ کو ضلع سطحی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے کی زیرِ صدارت اس کانفرنس کے ذریعے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں اور کاروباری اکائیوں کو مشترکہ پلیٹ فارم ملے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    پانچ ٹریلین ڈالر کی قومی معیشت کے خواب کی تکمیل کیلئے مہاراشٹر ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت کی شکل میں تعاون کرے گا: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا عندیہ۔
    ٭    ریاستی اسمبلی کا ہنگامی بجٹ اجلاس ملتوی؛ مقننہ کا آئندہ اجلاس 10 جون سے ممبئی میں۔
    ٭    ریاست میں سرکاری ملازمین کیلئے نظرِ ثانی شدہ قومی پنشن اسکیم کے نفاذ کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
    ٭    آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کیلئے رہنماء خطوط جاری۔
اور۔۔۔    ٭    کل قومی سطح پر پلس پولیو مہم۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 06.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 06 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...