Friday, 12 July 2024

آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر علاقائی خبریں تاریخ : 12 ؍جولائی 2024 ء وقت : صبح 09.00 سے 09.10 بجے

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date : 12 July 2024

Time : 09.00 to 09.10 AM

آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ  :  ۱۲ ؍جولائی  ۲۰۲۴؁ ء

وقت  :  صبح  ۹.۰۰   سے  ۹.۱۰   بجے 


پہلے خاص خبروں کی سر خیاں  ... 

٭ جمہوریت کے تینوں ستونوں کو اتحاد  و  اتفاق سے کام کرنا چا ہیے  ‘ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڈ 

٭ قانون ساز کونسل کی 11؍ نشستوں کے لیے آج رائے دہی  ‘  شام میں کی جائے گی رائے شماری

٭ نیٹ سوالیہ پر چہ افشا معاملے کی سماعت 18؍ تاریخ کو 

اور

٭ سینٹرل فورسیز کی بھر تی میں سابق اگنی ویروں کے لیے  10؍ فیصد اسامیاں مختص کرنے کا

وزارتِ داخلہ کا فیصلہ 



اب خبریں تفصیل سے...

جمہوریت کے تینوں ستونوں کو اتحاد  و  اتفاق سے کام کرنا چاہیے ۔ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڈ نے یہ بات کہی ہے ۔ قانون ساز کونسل کے صد سالہ جشن میں وہ کل ریاستی مقننہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اِس موقعے پر انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے  پارلیمنٹ  اور  مقننہ میں کُل جماعتی تبادلہ خیال کی ضرورت کا اظہار کرتے ہوئے  ایوان میں ہنگامہ آرائی کی حوصلہ شکنی کرنے   اور  نظم  وضبط کا پاس و لحاظ رکھنے کی اپیل کی ۔اِس کے لیے انھوں نے چھتر پتی شیواجی مہا راج کی طرز حکمرانی کی مثال دی ۔جناب دھنکھڈ نے کہا کہ ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں مہاراشٹر کا بڑا تعاون ہے ۔ 

***** ***** ***** 

قانون ساز کونسل کی  11؍ نشستوں کے لیے آج رائے دہی کی جائے گی ۔  رائے دہی کے لیے صبح  9؍  بجے  سے  سہ پہر  4؍ بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ رائے شماری آج شام میں ہی کی جا ئے گی ۔ اِس چُنائو میں بی جے پی کی جانب سے  پنکجا مُنڈے  ‘  پری نئے پھو کے  ‘  سدا بھائو کھوت  ‘  یو گیش ٹیڑے کر  اور  امِت گورکھے   اِسی طرح راشٹر وادی کانگریس پارٹی کی جانب سے راجیش وِٹیکر  اور  شیواجی رائو گر جے  ‘  شیو سینا کی جانب سے سابق رکن پارلیمان  کر پال تو ما نے  اور  بھاو نا گو لی   ‘  کانگریس پارٹی کی جانب سے پر گیا ساتو  ‘  شیو سینا اُدھو باڑا صاحیب ٹھاکرے پارٹی جانب سے ملند نار ویکر  اور  راشٹر وادی کانگریس شرد چندر پوار  پارٹی کی حمایت سےشیتکری  کامگار پارٹی کے جینت پاٹل انتخاب لڑ رہے ہیں ۔

***** ***** ***** 

عدالتِ عالیہ نے نیٹ امتحان دھاندلی معاملے کی سماعت  18؍ جو لائی تک ملتوی کر دی ہے ۔اِسی دوران  نیٹ  یو  جی مشاورت کا عمل 4؍ پھیر یوں میں کیا جائے گا ۔مرکزی حکو مت نے کل عدالت کو بتا یا کہ اِس مہینے کے تیسرے ہفتے سے اِس عمل کا آغاز کیا جائے گا ۔ نیٹ یو جی امتحان سوالیہ پرچہ افشا معاملے میں مرکزی تحقیقاتی اِدارے  سی  بی  آئی نے  اپنی رپورٹ مہر بند لفا فے میں کل  عدالتِ عالیہ کو پیش کی۔

اِسی دوران  سی بی  آئی  نے  نیٹ سوالیہ پرچہ افشا معاملے کےسر غنہ ملزم راکیش رنجن  عرف  راکی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ اِس معاملے میں سی بی آئی کے زیر حراست ملزم  گنگا دھر کی سی بی آئی تحویل کی مدت میں عدالتِ عالیہ نے مزید 4؍ دن کا اضا فہ کر دیا ہے ۔سی بی آئی نے عدالت کو بتا یا کہ گنگا دھر کے موبائل سے نیٹ سوالیہ پرچہ افشا معاملے میں  600؍ افراد کے ساتھ رابطہ کیاگیا ہے ۔

***** ***** ***** 

مرکزی وزارت ِ داخلہ نے  سینٹرل فورسیز کی بھر تی میں سابق اگنی ویروں کے لیے   10؍فیصد اسامیاںمختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیوریٹی فورس  ‘  سینٹرل ریزرو پولس فورس  اور  بارڈر سیکیو ریٹی فورس میں سابق اگنی ویروں کے لیے  10؍ فیصد اسامیاں مختص کی جا ئیں گی ۔  ساتھ ہی داخلہ کے لیے عمر کی حد کی شرط میں بھی نر می کی گئی ہے ۔

***** ***** ***** 

سال2025؁ٍء  تک ملک کو تپ دِق کے مرض سے پاک کرنےکے لیے ریاست میں 18؍ سال سے زیادہ عمر کے سبھی افراد کو تپ دِق سے حفاطت کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔وزیر برائے صحت عامہ  تا نا جی ساونت نے کل اسمبلی میں یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتا یا کہ گنجان آبادی والے علاقوں میں اِس مرض کا تنا سب زیادہ ہو تا ہے اسی لیے اِس خصوص میں تشکیل دی گئی کمیٹی ممبئی میں مطالعہ کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

***** ***** ***** 

خواتین  و  بہبود اطفال کی وزیر  ادیتی تٹ کرے نے کہا ہے کہ ریاست میں آنگن واڑیاں قائم کرنے  یا  اُن کی اصلاح کرنے کی غرض سے ریاستی بجٹ میں گنجائش پیدا کرنےکے لیے تجویز پیش کی جائے گی ۔ انھوں نے بتا یا کہ سبھی آنگن واڑیوں کو اسمارٹ کرنے کا کام جاری ہے ۔

وزیر موصوفہ نے بتا یا کہ مالیاتی کمیشن  ‘  ضلع پریشدکا فنڈ  اور  ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے توسط سے آنگن واڑیوں کی مُرمت  اور  نئے تعمیری کام کیے جا رہے ہیں۔


***** ***** ***** ***** ***** ***** 

یہ خبریں آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں

***** ***** ***** ***** ***** ***** 


ممبئی کی اِندو مِل میں بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحیب امبیڈکر کی یادگار کا تعمیر ی کام تیزی سے جاری ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑ نویس نے بتا یا کہ اُن کا مجسمہ تیار کرنے کے لیے در کار وقت کو چھوڑ کر  بقیہ کام  اگلے سال تک مکمل ہو جائے گا ۔ وہ کل اسمبلی میں بول رہے تھے ۔

***** ***** ***** 

چھتر پتی شیواجی مہاراج کے شیر کے ناخون آئندہ   19؍ تاریخ سے  ساتارا کے سرکاری عجائب گھر میں رکھے جا ئیں گے ۔  وزیر برائے ثقافتی امور  سُدھیر مُنگنٹی وار نے کل اسمبلی میں یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتا یا کہ مذکورہ شیر کے نا خون  3؍ سال تک ریاست میں رکھے جا ئیںگے ۔ انھوں نے واضح کیا کہ اِس کے لیے کسی بھی قسم کا کرایہ نہیں دیاگیا ۔مُنگنٹی وار نے بتا یا کہ ریاست میں اور بھی اِس طرح کے شیر کے نا خون ہیں  لیکن وہ شیواجی مہاراج نے استعمال کیے ہیں ایسا دعویٰ کسی نے بھی نہیں کیا ہے۔

***** ***** ***** 

بیڑ میں کل مراٹھا ریزر ویشن کے قائد منوج جرانگے پاٹل کی قیادت میں عوامی بیداری امن ریلی نکالی گئی تھی ۔ ساتھ ہی جلسہ عام کا بھی اہتمام کیاگیا تھا ۔اِس موقعے پر  جرانگے پاٹل نے تقاضہ کرنے والوں کو کُنبی سر  ٹیفکیٹ دینے کا مطالبہ کیا ۔انھوں نے کہا کہ مراٹھا سماج کو  او  بی  سی  سے ریزر ویشن ملنے تک  وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔

اِسی دوران آج جالنہ میں منوج جرانگے پاٹل کی قیادت میں عوامی بیداری امن ریلی نکالی جائے گی ۔ جالنہ کے چھتر پتی سنبھا جی مہا راج چوک سے اب سے ایک گھنٹہ بعد  یعنی  10؍ بجے سے اِس ریلی کا آغاز ہو گا ۔

***** ***** ***** 

چھتر پتی سنبھا جی نگر پیٹرولیم ڈیلرس ایسوسی ایشن کے مختلف مطالبات کی تکمیل کے لیے آئندہ  15؍  تاریخ سے خاموش آندو لن کیا جائے گا ۔ ایسو سی ایشن کے صدر نشین عقیل عباس نے کل صحافیوں کو یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتا یا کہ کمیشن میں اضا فہ  ‘  ایندھن میں ایتھینال کے استعمال سے متعلق عوامی آگہی  وغیرہ مطالبات کے لیے  15؍ جولائی سے  15؍  اگست  تک آندو لن کیا جائے گا ۔ تاہم اُنھوں نے تیقن دیا  کہ اِس آندو لن کا اثر گاڑی مالکان پر نہیں پڑ ے گا۔

***** ***** ***** 

معذور  ملازمین کی ریاستی تنظیم نے بیڑ ضلع پریشد کے شعبہ تعلیم میں مختلف عہدوں پر سِنیریٹی کے اعتبار سے فہرست اِسی طرح عہدوں میں تر قی دینے کا عمل مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اِن مطالبات کے علا وہ دیگر مطالبات پر مبنی ایک محضر بھی بیڑ ضلع پریشد کے خصوصی کار گذار افسر کو پیش کیاگیا ہے ۔ ساتھ ہی مطالبات پورے نہ کیے جانے کی صورت میں آئندہ  22؍ تاریخ  سے بے مدت بھوک ہڑتال کرنے کا اشارہ بھی دیاگیا ہے ۔

***** ***** ***** 

دھارا شیو ضلعے کے تلجا پور میں واقع  جواہر  نو اُدئے وِدیالیہ میں کل عالمی یوم آبادی کی منا سبت سے عوامی بیداری کا پروگرام رکھا گیا تھا ۔ اِس موقعے پر انچارج پرنسپال  چکر پانی گومارے  نے بڑھتی آبادی کےباعث پیدا ہو رہے مسائل پر روشنی ڈالی ۔اِس موقعے پر چھٹی  سے  آٹھویں جماعت کے طلباء کا سلو گن مقابلہ بھی رکھا گیا تھا ۔

***** ***** *****

عالمی یوم آبادی کے موقعے پر کل ہنگولی ضلعے میں کلمنوری  اور  بسمت کے سرکاری  ہسپتالوں  اِسی طرح  اکھاڑا  بالا پورکے دیہی ہسپتال میںخاندانی بہووکا خصوصی آپریشن کیمپ رکھا گیا تھا ۔  اِس کیمپ میں 26؍ خواتین کا فیمیلی ویلفیئر آپریشن کیاگیا ۔

***** ***** *****

وزیر اعلیٰ میری لاڈ لی بہن  یو جنا کے لیے ناندیڑ ضلعے کے سبھی دیہاتوں میں مستحق خواتین کی جانب سے  آن لائن  اور  آف لائن طریقے سے در خواستیں لی جا رہی ہیں ۔  اِس خصوص میں  ضلع پریشد کے منتظم  نیز  خصوصی کار گذار افسر  مینل کرن وال نے کاسار کھیڈا کا اچانک دورہ کر کے اِس کا م کا معائنہ کی۔ 

***** ***** *****

چھتر پتی سنبھا جی نگر شہر میں بھی وزیر اعلیٰ میری لاڈلی بہن یو جنا کے لیے خواتین سے در خواستیں لینے کا کام شروع ہو چکا ہے ۔ عام خواتین تک اِس یو جنا کی معلومات پہنچانے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اعلانات  اور  معلومات پر مبنی پرچے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

***** ***** *****

آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے  ...

٭ جمہوریت کے تینوں ستونوں کو اتحاد  و  اتفاق سے کام کرنا چا ہیے  ‘ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڈ 

٭ قانون ساز کونسل کی 11؍ نشستوں کے لیے آج رائے دہی  ‘  شام میں کی جائے گی رائے شماری

٭ نیٹ سوالیہ پر چہ افشا معاملے کی سماعت 18؍ تاریخ کو 

اور

٭ سینٹرل فورسیز کی بھر تی میں سابق اگنی ویروں کے لیے  10؍ فیصد اسامیاں مختص کرنے کا

وزارتِ داخلہ کا فیصلہ 


علاقائی خبریں ختم ہوئیں

آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل AIR چھتر پتی سنبھا جی نگر پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔

٭٭٭




No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 27.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 27 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...