Monday, 8 July 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 جولائی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 08 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۸/ جولائی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    NEET-UG سے متعلق دوبارہ امتحانات کے مطالبے سمیت 26 متعلقہ درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت۔
    ٭    بجلی محکمے کی تینوں کمپنیوں کے افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں اور بھتے میں اضافہ۔
    ٭    موسلادھار بارش کے باعث ممبئی سمیت کوکن ڈویژن میں معمولاتِ زندگی مفلوج۔
اور۔۔۔٭    زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی 100 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     نیٹ- یوجی کے امتحانات دوبارہ منعقد کروانے کا مطالبہ کرنے والی درخواست سمیت متعلقہ 26 درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڈ اور دیگر دو ججوں پر مشتمل ڈویژن بینچ یہ سماعت کرے گی۔ نیٹ یوجی امتحانات کے دوران ہوئی بدعنوانیوں کے پیشِ نظر یہ امتحانات ازسرِنو کروانے کامطالبہ چند طلبہ نے عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کردہ درخواست میں کیا ہے۔ تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے داخل کردہ حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ان امتحانات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کے کوئی ثبوت نہیں ہیں، اس لیے امتحانات دوبارہ کروانے کی کوئی ضرورت نہیں۔
***** ***** *****
    ریاستی محکمہئ توانائی کے تحت بجلی کی پیداوار‘ تقسیم اور ترسیل کی ذمہ دار کمپنیوں میں برسرِکار افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 19 فیصد اور تمام بھتوں میں 25 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ کل ممبئی میں ان تینوں بجلی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہوں کو دوبارہ طئے کرنے سے متعلق نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ صدارت ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد انھوں نے اعلان کیا کہ ان کمپنیوں میں کام کرنے والے معاونین کو طئے شدہ عارضی مدت کیلئے دیا جانے والا پروبیشنری بھتہ 500 سے بڑھا کر ایک ہزار روپئے کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ممبئی کے ورلی میں پیش آئے ہٹ اینڈ رَن سڑک حادثے میں کسی کی بھی طرفداری نہیں کی جائیگی۔ وہ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ کل صبح ورلی میں ایک تیز رفتار فوروہیلر نے ایک میاں بیوی کو کچل دیا‘ جس کے باعث خاتون ہلاک اور مرد شدید زخمی ہوگیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے اور اس سلسلے میں قانون کے مطابق ضروری کارروائی کی جائیگی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ قانون ساز کونسل انتخابات میں مہایوتی 9 کی 9 نشستیں جیتے گی۔
***** ***** *****
    شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ٓائندہ اسمبلی انتخابات مہاراشٹر کی شناخت کی لڑائی ہوں گے۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیوسنکلپ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے سوال کیا کہ گذشتہ دس برسوں میں مرکزی حکومت نے جن اسکیموں کا اعلان کیا‘ ان میں سے کتنی اسکیموں پر عمل آوری کی گئی ہے۔ اس موقع پر انھوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے بجلی بل بشمول بقایہ جات معاف کیے جائیں۔ اُدّھو ٹھاکرے نے ترغیب دی کہ ایک دوسرے سے لڑنے میں اپنی توانائی صرف کرنے کی بجائے پوری طرح اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے اپنے مطالبات منوائے جائیں۔ بی جے پی کے سابق ڈپٹی میئر راجو شندے نے اس پروگرام میں بی جے پی چھوڑ کر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
***** ***** *****
    پنڈھرپور میں اشاڑھی ایکادشی اور زائرین کے متوقع ہجوم کو مدِنظر رکھتے ہوئے وِٹھل درشن 24 گھنٹے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مندر انتظامیہ کے معاون سربراہ گہینی ناتھ مہاراج اوسیکر نے بتایا ہے کہ اب معتقدین 26 جولائی تک وِٹھل رُکمنی کے 24 گھنٹے درشن اور 22 گھنٹے اور 15 منٹ قدم بوسی درشن کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ زائرین کیلئے درشن کی قطاروں میں بیریکیڈ اور اضافی شیڈ اور دیگر سہولیات کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
    ممبئی سمیت مغربی مہاراشٹر اور کوکن میں بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ مسلسل تیز بارش کے باعث کسارہ سے ممبئی تک ریلوے آمد و رفت شدید متاثرہوئی ہے اور ناسک سے ممبئی جانے والی پنچوٹی ایکسپریس سمیت کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ نئی ممبئی میں کل صبح سے زوردار بارش کے باعث ریلوے لائنوں پر پانی بھرا ہونے سے کوکن کی سمت جانے والی ریل گاڑیوں کی آمد و رفت میں رُکاوٹ پیدا ہوئی۔ پال گھر ضلع کے اُس گاؤں میں پانی میں پھنسے 16  افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
    ناسک ضلع اور شہرمیں کل صبح ہی سے بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ سورگانا تعلقے کے سون گیر میں ایک خاتون نالے میں بہہ گئی۔ سندھو دُرگ ضلع میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نرملا ندی میں طغیانی کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔ اس کے علاوہ تیرے کھول ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ کڈاڑ تعلقے کے مان گاؤں میں کئی پل زیرِ آب آگئے۔ کڈاڑ سے قریب ہی پاوشی میں قومی شاہراہ زیرِ آب آجانے سے گذشتہ 12 گھنٹوں سے ممبئی- گوا شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہے۔ ضلع کے تمام ہی ندی نالے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔ کولہاپور اور رتناگری ضلع میں بھی کل موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں ان اضلاع کے تقریباً تمام ندی تالاب اور پشتے لبریز ہوگئے ہیں‘ کئی ایک تالابوں سے پانی باہر آگیا ہے۔
***** ***** *****
    مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل کی قیادت میں کل پربھنی میں امن مذاکراتی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر جرانگے نے انتباہ دیا کہ اگر 16 جولائی تک حکومت معقول فیصلہ نہیں کرتی تو اسمبلی انتخابات میں اُمیدوار کھڑا کرنے یا سرکار کے امیدواروں کو شکست سے دوچار کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔ اسی دوران آج جرانگے کی قیادت میں ناندیڑ میں مراٹھا ریزرویشن امن ریلی نکالی جائیگی۔ اس ریلی کے پیشِ نظر ناندیڑ شہر کے ٹریفک نظام میں ردّ و بدل کیا گیا ہے اورشہر کے تمام ثانوی اور پرائمری اسکولوں کو ایک دِن کی چھٹی دے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
    جالنہ ضلعے کی دھولیہ- شولاپور قومی شاہراہ پر لیمبھے واڑی سے قریب ٹرک حادثے میں ایک میاں بیوی کی موت واقع ہوگئی۔ کل شام پیش آئے اس حادثے میں ایک تیز رفتار کار بے قابوہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد مخالف سمت سے آنے والی اسکوٹی سے ٹکراگئی۔ جس کے باعث عنبڑ تعلقے کے پاتھروالا کا ساکن یہ جوڑا ہلاک ہوگیا۔
***** ***** *****
    بیڑ میں پولس بھرتی کے تحریری امتحانات کے بندوبست کیلئے جانے والے پولس سب انسپکٹر کی نیکنور سے قریب ایک سڑک حادثے میں موت واقع ہوگئی۔ پی ایس آئی مچھندر ننورے اور پی ایس آئی ناگرگوجے موٹر سائیکل پر بیڑ کی سمت رواں تھے کہ نیکنور سے قریب ایک فور وہیلر نے انھیں کچل دیا، جس میں ننورے جائے حادثے پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حادثے کے بعد فور وہیلر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
***** ***** *****
    جموں و کشمیر کے کُلگام ضلع میں مسلح افواج کے جوانوں اور انتہاء پسندوں کے مابین مقابلہ آرائی میں دو فوجیوں نے ملک کیلئے اپنی جان نچھاور کردی۔ ان میں آکولہ ضلع کے پروین جنجاڑ شامل ہیں۔ ان کی آخری رسومات آکولہ میں اُن کے آبائی گاؤں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔
***** ***** *****
    ہرارے میں کل کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے زمبابوے کو 100 رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم نے مقررہ اووروں میں دو وِکٹ کے نقصان پر 234 رن بنائے۔ بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 47 گیندوں میں سنچری اسکور کی۔ اُن کے علاوہ رُتو راج گائیکواڑ نے غیر مفتوح 77 اوررِنکو سنگھ نے غیر مفتوح 48 رن بنائے۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 134 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ سیریز کا تیسرا میچ بدھ یعنی 10 تاریخ کو کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
    خواتین کرکٹ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین کل چنئی میں کھیلا گیا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 20  اوور میں 177 رن بنائے تھے‘ تاہم اس کے بعد بارش کے باعث میچ ردّ کرنا پڑا۔ تین میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے ایک صفر کی برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
    بلیئرڈ ایشیائی چمپئن شپ میں بھارت کے دُھروسِت والا نے چمپئن شپ جیت لی ہے۔ کل ہوئے فائنل میں انھوں نے بھارت کے ہی پنکج اڈوانی کو پانچ دو سے شکست دے دی۔ اس شکست کے باعث اڈوانی کا مسلسل تیسری مرتبہ چمپئن شپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
     ٭    NEET-UG سے متعلق دوبارہ امتحانات کے مطالبے سمیت 26 متعلقہ درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت۔
    ٭    بجلی محکمے کی تینوں کمپنیوں کے افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں اور بھتے میں اضافہ۔
    ٭    موسلادھار بارش کے باعث ممبئی سمیت کوکن ڈویژن میں معمولاتِ زندگی مفلوج۔
اور۔۔۔٭    زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی 100 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 23.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 23 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...