Thursday, 11 July 2024

Text- آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 جولائی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۱۱/ جولائی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    مسلم خواتین کو بھی نان و نفقہ لینے کا حق؛ عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
    ٭    نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ مہاراشٹرکے دو روزہ دورے پر؛ اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے آج خطاب۔
    ٭    ماحولیات کے تحفظ میں مہاراشٹر کو برتری: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا استدلال؛ ریاست کو 15 واں زرعی قیادت کمیٹی کا ایوارڈ۔
    ٭    چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے بائیو مائننگ پروجیکٹ کا اندرون ایک ماہ ورک آرڈر جاری ہوگا: وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا تیقن۔
اور۔۔۔٭    تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی زمبابوے کیخلاف 23 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     عدالت ِ عظمیٰ نے فیصلہ دیا ہے کہ مسلم خواتین کو بھی شوہر سے نان و نفقہ حاصل کرنے کا حق ہے۔ جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بینچ نے کل ایک عذرداری کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ دیا۔ بینچ نے مطلقہ خاتون کو نان و نفقے کے ادائیگی کی مخالفت کرنے والی ایک درخواست مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ مسلم خواتین کو یہ حق حاصل ہے اور مسلم خواتین آرڈیننس 1986 سیکولر قوانین سے بالا نہیں ہیں۔
***** ***** *****
    نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ اسمبلی کے دوانوں ایوانوں سے وہ آج خطاب کریں گے۔ اپنے دورے کے دوسرے دِن وہ ممبئی کے نرسی مونجی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز کے طلباء سے خطاب کریں گے۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر زرعی انقلا کی بانی ریاست ہے۔ 15 ویں زرعی قیادت کمیٹی کا 2024 کا بہترین زرعی ریاست کا ایوارڈ کل نئی دہلی میں وزیرِ اعلیٰ کو تفویض کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 21 لاکھ ہیکٹر پر درخت لگانے اور پانچ فیصد بائیوماس کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ماحولیات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ لاتور ضلع میں مائیکرو ملیٹ کلسٹر پروجیکٹ اور بانس کی کاشت کو فروغ دینے کے اپنے فیصلے کا بھی وزیرِ اعلیٰ نے اپنے خطاب میں ذکر کیا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں معیشت دانوں سے گفت و شنید کریں گے۔ آئندہ مالی بجٹ کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم ماہرین ِ معاشیات کے خیالات معلوم کریں گے۔ اس اجلاس میں نیتی آیوگ کے نائب سربراہ سومن بیری اور دیگر ارکان شرکت کریں گے۔ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 22 تاریخ سے شروع ہورہا ہے۔ 23 جولائی کو مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن 2024-25 کا سالانہ مالی بجٹ پیش کریں گی۔
***** ***** *****
    مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن کے موضوع پر ہنگامہ آرائی کے بعد کل اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ قانون ساز اسمبلی میں اس موضوع پر برسرِ اقتدار اور حزبِ اختلاف دونوں ہی ارکان نے زوردار نعرے بازی کی۔ شور و غل میں مسلسل اضافے کے بعد صبح کے اجلاس میں کام کاج چار مرتبہ ملتوی کرنا پڑا۔ ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے سپلیمنٹری ڈیمانڈز ایوان کی منظوری کیلئے پیش کردیں اور انھیں بغیر کسی مباحثے کے منظور کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹیکس سے متعلق ترمیمی بل‘ مہاراشٹر املاک امتناعی بل اور مہاراشٹر مسابقتی امتحانات بدعنوانی تدارک بل اسمبلی میں منظور کرلیے گئے۔ قانون ساز کونسل میں بھی حزبِ اختلاف کے ارکان کی اجلاس میں عدم شرکت پرہنگامہ آرائی ہوئی، جس کے بعد ایوان کی کاروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
    قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے الزام عائد کیا کہ ایوان میں برسرِ اقتدار محاذ کے ارکان اور ڈپٹی چیئرمن نے ملی بھگت سے کارروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کروائی۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے انتباہ دیا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ وہ کل اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
    ریاست کے بڑے شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں مختلف امراض کی جانچ کے آلات اور جنریٹر کے انتظامات جیسے موضوعات کا جائزہ لیا جائیگا اور ان میں اگر نقائص پائے جاتے ہیں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ یہ انتباہ وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے دیا۔ رکنِ اسمبلی رمیش کورگاؤنکر کی توجہ دلاؤ نوٹس کا وہ جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی معرفت شہر میں جمع ہونے والے کچرے کو ضائع کرنے کیلئے بائیو مائننگ پروجیکٹ شروع کیا جائیگا۔ اس منصوبے کیلئے ٹینڈر جاری کردئیے گئے ہیں اور اس کے ورک آرڈر اندرونِ ایک ماہ جاری کردئیے جائیں گے۔ یہ اطلاع وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے دی۔ اس ضمن میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے سوال اٹھایا تھا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس خصوص میں مرکزی حکومت کے جاری کردہ رہنماء خطوط کی روشنی میں میونسپل کارپوریشن نے ٹینڈر میں شرائط شامل کی ہیں۔ جس کے تحت اہل قراردئیے جانے والے گتہ داروں کو اندرونِ ایک ماہ ورک آرڈر جاری کردیا جائیگا۔
***** ***** *****
    ریاستی حکومت نے ریاستی سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتے میں چار فیصد اضافہ کردیا ہے۔ اس کے بعد مہنگائی بھتہ مجموعی طور پر 50 فیصد ہوگیا۔ اس برس یکم جنوری سے اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ مہنگائی بھتے میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق عام وظیفہ خواروں اور فیملی پنشن حاصل کرنے والوں کیلئے بھی ہوگا۔
***** ***** *****
    مراٹھواڑہ اور ودربھ کے چند ایک اضلاع میں کل صبح آئے زلزلے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والی مشنریوں کو مستعد رہنے کا حکم دیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل اسمبلی کو بتایاکہ اس زلزلے سے کہیں بھی کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
    مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، ہنگولی، پربھنی‘ چھترپتی سمبھاجی نگر اور واشم اضلاع میں بھی کل صبح سوا سات بجے کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما پر اس کی شدت چار اعشاریہ پانچ ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے کے رامیشور تانڈہ اور بسمت تعلقے کے پانگرہ شندے موضع کے درمیان تھا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ زلزلے سے ہنگولی ضلع کے پیٹھ پڑ گاؤں کے تاریخی قلعہ کے برج کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔ ناندیڑ شہر اور چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے کئی مقامات پر اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر کے قلعہ ارک علاقے میں واقع ہوسٹل کی مرمت کا مسئلہ قانون ساز کونسل میں رکنِ اسمبلی وِکرم کاڑے نے اُٹھایا۔ جواب میں متعلقہ وزیر گلاب راؤ پاٹل نے بتایا کہ اس مرمت کیلئے رقم مختص کی جاچکی ہے یاور بہت جلد یہ کام مکمل کرلیا جائیگا۔
***** ***** *****
    ورلی میں ہٹ اینڈرَن حادثے میں جان گنوانے والے کاویری ناکھوا کے افرادِ خاندان کو 10 لاکھ روپئے کی خصوصی مالی امداد کا اعلان کل وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس حادثے میں ناکھوا خاندان کو ہونے والے نقصان کی تلافی تو کسی صورت بھی ممکن نہیں، لیکن صرف انسانیت کے ناطے یہ مدد جاری کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
    سرحدی حفاظتی دستے میں نائیک کے عہدے پر تعینات کامیش وِٹھل راؤ کدم ہریانہ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران قلبی حملے میں پرسوں چل بسے۔ کدم ناندیڑ کے رہائشی تھے۔ آج ان کی آخری رسومات ناندیڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
    بھارت اور زمبابوے کے مابین جاری ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں کل بھارت نے 23 رنوں سے فتح حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی اس سیریز میں بھارت نے 2-1 کی برتری حاصل کرچکا ہے۔ کل ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20  اوور میں چار وِکٹ کے نقصان پر 182 رن بنائے۔ جواب میں میزبان ٹیم مقررہ 20  اوور میں چھ وِکٹ پر 159 رن ہی بناسکی۔ سیریز کا چوتھا میچ ہفتے کو کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
    مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ CBSE نے جماعت ِ سوم اور جماعت ششم کے نصابی کتب میں ردّ و بدل کیا۔ بقیہ تمام جماعتوں کی کتابیں جوں کی توں رکھی گئی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ جماعت ِ سوم و ششم کے سوا بقیہ تمام جماعتوں کیلے اسکولز سابقہ کتب کا استعمال کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
    پونہ شہر میں دو حاملہ خواتین اور ایک نوجوان لڑکے زیکا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے بعد پونہ شہر میں زیکا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    مسلم خواتین کو بھی نان و نفقہ لینے کا حق؛ عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
    ٭    نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ مہاراشٹرکے دو روزہ دورے پر؛ اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے آج خطاب۔
    ٭    ماحولیات کے تحفظ میں مہاراشٹر کو برتری: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا استدلال؛ ریاست کو 15 واں زرعی قیادت کمیٹی کا ایوارڈ۔
    ٭    چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے بائیو مائننگ پروجیکٹ کا اندرون ایک ماہ ورک آرڈر جاری ہوگا: وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا تیقن۔
اور۔۔۔٭    تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی زمبابوے کیخلاف 23 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 26.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 26 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...