Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 13 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/ جولائی ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قانون ساز کونسل انتخابات میں مہایوتی کے 9‘ جبکہ مہاوِکاس آگھاڑی کے دو اُمیدوار کامیاب۔
٭ اسمبلی کے مانسون اجلاس کا اختتام؛ ریاست کے ہر تعلقے میں سنودھان بھون کی تعمیر کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا اعلان۔
٭ اسکول اور کالج کے احاطے میں فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کا دائرہ بڑھایا جائیگا: حکومت کا تیقن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہیرٹیج واک تحریک کے روحِ رواں اور تاریخ داں رفعت قریشی کی وفات۔
اور۔۔ ٭ ”مکھیہ منتری لاڈکی بہین“ اسکیم پر شفاف اور تیز رفتاری سے عمل درآمد کیلئے علاقائی کمشنر دلیپ گاؤڑے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
قانون ساز کونسل انتخابات میں مہایوتی کے تمام 9 امیدوار اور مہا وِکاس آگھاڑی کے تین میں سے دو امیدواروں نے جیت درج کی ہے۔ بی جے پی کی پنکجا منڈے‘ پرینئے پھکے‘ سدابھاؤ کھوت‘ یوگیش ٹڑیکر اور امت گورکھ، جبکہ راشٹروادی کانگریس کے راجیش وِٹیکر‘ شیواجی راؤ گرجے، شیوسیناکے کرپال تمانے‘ بھاؤنا گولی، کانگریس کی پرگیا ساتو اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے ملند نارویکر کامیاب قرار دئیے گئے۔ تاہم شیتکری کامگار پارٹی کے جینت پاٹل‘ جنہیں راشٹروادی کانگریس کی حمایت حاصل تھی کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
پنکجا منڈے کی جیت کے بعد پرلی میں، جبکہ راجیش وِٹیکر کی کامیابی پر پربھنی میں اُن کے حامیوں نے جشن منایا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس کل ختم ہوگیا۔ اس اجلاس کے دوران کونسل میں 9 بل منظور کیے گئے۔ 55 مخصوص اور 180 عام سوالات کے جوابات دئیے گئے، جبکہ 33 تجاویز پر بحث کی گئی۔ یہ اطلاع کونسل کی ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر نیلم گورہے نے دی۔ اسی طرح قانون ساز اسمبلی میں کل 10 بل منظور کیے گئے اور 55 تجاویز پر بحث کی گئی۔ اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے یہ اطلاع دی، جس کے بعد 14 ویں مانسون اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کے ہر تعلقے میں بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سماجی انصاف بھون کی طرز پر ”سنودھان بھون“ کی تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے مخالف جماعتوں کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور مراٹھا ریزرویشن پر اپوزیشن کے دوہرے رویے کا الزام عائد کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ وہ کسانوں‘ محنت کشوں‘ خواتین‘ نوجوانوں اور بزرگوں کو فلاحی اسکیمات میں شامل کرکے ان کے دُکھوں کو کم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
وہیں قانون ساز کونسل میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے حزبِ اختلاف کی تجویز پر بحث کا جواب دیا۔ اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنماء وِجئے وڑیٹیوار نے مختلف مسائل سمیت مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن‘ صنعتوں کا اخراج اور منشیات سے متعلق مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہیں کونسل میں مخالف جماعتوں کے قائد امباداس دانوے نے حکومت پر عوام کا پیسہ ضائع کرنے کا الزام عائد کیا اور تنقید کی کہ حکومت ریاست کو زوال کی جانب لے جارہی ہے۔ دانوے نے کہا کہ ”لاڈکی بہین“ اسکیم کے تحت خواتین کو 1500 روپئے ماہانہ دینے والی حکومت ان کی حفاظت میں ناکام رہی ہے۔ ایوان کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے امباداس دانوے نے کہا کہ حکومت نے کئی نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے جبکہ ریاست مالی مشکلات میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اس بات کی وضاحت نہیں کرپائی کہ ان اسکیمات کیلئے فنڈ کہاں سے آئے گا۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کیلئے اراضی کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کیلئے مثبت رویہ رکھتی ہے۔ وزیرِ موصوف کل قانون ساز اسمبلی میں توجہ مبذول کرانے والی ایک تجویز کا جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
15 برس سے کم پرانی گاڑیوں کی اہلیت کے صداقت ناموں کی تجدید کیلئے وصول کی جانے والی 50 روپئے یومیہ لیٹ فیس اب معاف کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع اسمبلی میں دی گئی۔
***** ***** *****
ریاست کے اسکولوں اور کالجوں میں فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کا دائرہ بڑھایا جائیگا اور اس مقصد کے حصول کیلئے اناج و ادویہ محکمے کے تمام افسران میٹنگ کا انعقاد کرکے جائزہ لیں گے۔ مذکورہ محکمے کے ریاستی وزیر دھرم راؤ بابا آترام نے یہ اعلان کیا۔ وزیرِ موصوف کل قانون ساز کونسل میں رکن ستیہ جیت تامبے کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ تامبے نے کافین کی زائد مقدار والے ٹھنڈے مشروب کی فروخت کا مسئلہ اُٹھایا تھا۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات OBC زمرے کے شہریان کی سالانہ آمدنی کی حد 15 لاکھ روپئے کرنے سے متعلق تجویز مرکز کو روانہ کی گئی ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں کل بہوجنوں کی بہبود کے وزیر اتل ساوے نے یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف ایک توجہ طلب تجویز کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سالانہ آمدنی کی حد طئے کرتے ہوئے کھیتی سے ہونے والی آمدنی کو شامل نہ کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ممبئی کے دورے پر آرہے ہیں۔ اس دوران وہ 52 ہزار 300 کروڑ روپؤں سے زائد کے خرچ والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور چند کو عوام کے نام وقف کریں گے۔
***** ***** *****
صنعت کے وزیر اُدئے سامنت نے حال ہی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع ایرک سٹی علاقے میں ایتھرا اینرجی نامی بجلی سے چلنے والی دو پہیہ گاڑیوں کے منصوبے کے قیام کیلےء 100 ایکڑ زمین Allot کی ہے۔ موصولہ خبرمیں بتایا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کے ذریعے دو ہزار کروڑ وپؤں کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس سے چار ہزار ملازمتیں دستیاب ہوں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہیریٹیج واک تحریک کے روحِ رواں اور سینئر تاریخ داں رفعت قریشی کا کل کینڈا میں انتقال ہوگیا۔ وہ 78 برس کے تھے۔ ”تذکرے اُجالوں کے“ اور ”ملک ِ خدا تنگ نیست“ ان کی شائع کی گئی کتابیں ہیں۔ مرحوم‘ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی کے شعبہئ سیاحت کی سابقہ سربراہ ڈاکٹر دُلاری قریشی کے شوہر تھے۔ ڈاکٹر دُلاری قریشی کے ساتھ انھوں نے مراٹھی میں ”اورنگ آباد نامہ“ اور انگریزی میں ”The Glorious Aurangabad“ نامی کتابوں کی مشترکہ تصنیف کی۔ مرحوم نے تاریخی عمارتوں کو ہیریٹیج میں شامل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے انتقال پر سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہاہے۔
***** ***** *****
علاقائی کمشنر دلیپ گاؤڑے نے ”وزیرِ اعلیٰ لاڈکی بہین“ اسکیم شفاف اور تیز رفتار نفاذ کیلئے متعلقہ محکمے کو ہدایات دی ہیں۔ گاؤڑے کل ڈویژنل کمشنر دفتر میں اس اسکیم کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے ہدایت دی کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ خواتین کیلئے کوئی بھی وجہ اسکیم کے نفاذ کیلئے رُکاوٹ نہ بنے۔ اس اسکیم کے تحت دھارا شیو ضلع میں 11جولائی تک دیہی اور شہری علاقوں کی کُل 75 ہزار 702 خواتین نے اور پربھنی ضلع میں 19 ہزار 530 خواتین نے درخواستیں دی ہیں۔
جالنہ ضلع میں جن آنگن واڑی کارکنان اور ملازمین نے اس اسکیم کے تحت سب سے زیادہ درخواستیں درج کی ہیں، ان کی 15 اگست کے دِن کلکٹر دفتر کی جانب سے عزت افزائی کی جائیگی۔ اسی دوران بیڑ ضلع میں کلکٹر اویناش پاٹھک نے لاڈکی بہین اسکیم کی درخواستیں درج کرنے کیلئے آج اور کل خصوصی کیمپ کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے قائد منوج جرانگے پاٹل کی رہنمائی میں آج ایک ’امن ریلی‘ کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ ریلی شہر کے سڈکو علاقے میں واقع وسنت راؤ نائیک چوک سے کرانتی چوک تک نکالی جائیگی۔ اس ریلی کے پیشِ نظر شہر کے تمام پرائمری‘ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی بیچ کل جالنہ شہر میں مراٹھا ریزرویشن بیداری کی خاطر امن ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں مراٹھا سماج کے شہریان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس ریلی کا اختتام جالنہ شہر کے چھترپتی شیواجی مہاراج مجسّمے کے قریب ایک جلسہئ عام میں تبدیل ہونے کے بعد ہوا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں کل ایک تیز رفتار ٹرک اور دو پہیہ گاڑی کے درمیان تصادم کے سبب دو پہیہ گاڑی پر سوار دو افراد کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور ٹرک سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا یکہ اس حادثے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں بجلی کی خدمات کو بہتر بنانے کی خاطر ایک ہزار 250 کروڑ روپؤں کے منصوبے کا خاکہ منظوری کیلئے حکومت کو بھیجا گیا ہے۔ مہاوِترن کی جانب سے کل ناندیڑ میں یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ قانون ساز کونسل انتخابات میں مہایوتی کے 9‘ جبکہ مہاوِکاس آگھاڑی کے دو اُمیدوار کامیاب۔
٭ اسمبلی کے مانسون اجلاس کا اختتام؛ ریاست کے ہر تعلقے میں سنودھان بھون کی تعمیر کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا اعلان۔
٭ اسکول اور کالج کے احاطے میں فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کا دائرہ بڑھایا جائیگا: حکومت کا تیقن۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہیرٹیج واک تحریک کے روحِ رواں اور تاریخ داں رفعت قریشی کی وفات۔
اور۔۔ ٭ ”مکھیہ منتری لاڈکی بہین“ اسکیم پر شفاف اور تیز رفتاری سے عمل درآمد کیلئے علاقائی کمشنر دلیپ گاؤڑے کی ہدایت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment