Thursday, 13 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہلی دھماکہ معاملے میں NIA کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے ماری؛ مرکزی کابینہ نے ہم وطنوں کی حفاظت کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا کیا اعادہ۔
٭ ریاستی حکومت نے جواہرات اور زیورات کے شعبے کیلئے نئی پالیسی کا کیا اعلان۔
٭ جالنہ میونسپل کارپوریشن کے سلم پی آر کارڈ سروے کام کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ساہتیہ اکیڈمی کے بچوں کے ادبی ایوارڈ کی تقریب کل؛ ناندیڑ کے سریش ساونت کو ان کے شعری مجموعے ”آبھاڑ مایا“ کیلئے ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اسکول کے 10 طلبہ اِسرو کے دورے کیلئے منتخب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دہلی دھماکے میں جانچ ایجنسیوں نے کل ملک بھر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ این آئی اے اور سیکوریٹی ایجنسیوں نے پلوامہ اور گلگام سمیت این سی آر اور جموں وکشمیر کے کئی مقامات پر چھاپے مار کر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ضبط کیا ہے، جبکہ ڈاکٹر تجامل ملک کو سری نگر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ کل پولس نے فریدآباد سے ایک کار بھی ضبط کی تھی۔ قیاس کیا جارہا کہ اس کار تعلق دہلی دھماکہ کیس کے مرکزی ملزم سے ہوسکتا ہے۔
دریں اثناء‘ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہلی دھماکے میں استعمال ہونے والی کار فرید آباد کی الفلاح یونیورسٹی کی پارکنگ میں گذشتہ 10 سے 12 دنوں سے کھڑی تھی۔ تفتیشی افسران نے کیس کی مکمل تفتیش شروع کردی ہے۔ دھماکے کی CCTV فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ یہ کار امت نامی ڈیلر سے خریدی گئی تھی‘ جسے پولس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اُترپردیش اے ٹی ایس نے اس معاملے میں مشکوک ڈاکٹر شاہین شاہد کے بھائی پرویز انصاری کے گھر لکھنؤ میں چھاپہ مارا ہے اور وہاں سے موبائل فون اور دیگر سامان ضبط کیا ہے۔
مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ممبرا سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے پاس سے کئی الیکٹرانک اور ڈیجیٹل سامان بھی ضبط کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ پولس نے جموں کشمیر کے کلگام اور سوپور سے مبینہ دہشت گرد تنظیم جماعت ِ اسلامی سے منسلک 25مقامات پر چھاپے مارے۔ پولس نے کہا ہے کہ انھوں نے دستاویزات‘ ڈیجیٹل آلات اور دیگر مواد ضبط کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی جو ابھی بھوٹان کے دورے سے واپس آئے‘ کل دہلی پہنچنے کے فوراً بعد ہوائی اڈے سے سیدھے جئے پرکاش نارائن اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے اس معاملے کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔
***** ***** *****
کل مرکزی کابینہ کے اجلاس میں دھماکے کی شدید مذ مت کی گئی۔ کابینہ نے حادثے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مرکزی اطلاعات و نشریات وزیر اشوینی ویشنو نے کہا کہ کابینہ نے قومی سلامتی کے تئیں حکومت کے عزم اور شہریوں کے تحفظ کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے جواہرات اور زیورات کے شعبے کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ سے منظور شدہ اس پالیسی سے متعلق حکومتی فیصلہ کل جاری کیا گیا۔ حکومت نے اگلے پانچ سالوں میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ اس شعبے میں پانچ لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے انتظامی افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے کام کریں۔ بھارتی انتظامی خدمات 2024 بیچ کے آٹھ پروبیشنری افسران نے کل وزیرِ اعلیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ معاشرے کے آخری طبقے کی فلاح و بہبود کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی طاقات رکھتی ہے۔
***** ***** *****
کل نمونیا بیماری کا عالمی دن منایا گیا۔ مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ حکومت ہر بچے کو نمونیا سے بچانے کیلئے پُرعزم ہے۔ نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے صحت کے مضبوط نظام‘ عوامی بیداری اور عملی اقدام کے ذریعے بچپن کے نمونیا سے نمٹنے کیلئے ایک مؤثر طریقہئ کار اپنایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کل عوامی نشریات خدمات دن منایا گیا۔ اس دن بابائے قوم مہاتما گاندھی نے آل انڈیا ریڈیو کے ذریعے سن 1947 میں تقسیمِ ہند کے بعد ہندوستان آنے والے بے گھر لوگوں سے خطاب کیا تھا۔ اس تاریخی تقریر کی یاد میں 12 نومبر عوامی نشریات خدمات دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پرسار بھارتی کے چیئرمین نونیت کمار سہگل، آکاشوانی کے ڈائریکٹر جنرل راجیو کمار جین اور دوردرشن کے ڈائریکٹر جنرل کے ستیش نمبودری پاد نے دہلی کے آل انڈیا ریڈیو مرکز کے احاطے میں گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ اب شیوسینا اورراشٹر وادی کانگریس پارٹی کے نام اور انتخابی نشان سے متعلق معاملے کی ماعت آئندہ 21 جنوری کو کرے گی۔ اس سلسلے میں سماعت 2 دسمبر کو ہونی تھی لیکن بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر اُدّ ٹھاکرے اور شرد پوار کی جماعتوں نے سماعت جلد کرنے کی درخواست کی تھی۔ جج نے کہا کہ کل سماعت ہوئی تھی اور اگلی سماعت 21جنوری کو ہوگی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی عوام پر مبنی اسکیموں کو نافذ کرکے ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔ وہ کل پربھنی میں شیوسینا کی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔حکومت کی مختلف اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے شندے نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی۔ دریں اثناء‘ جالنہ میونسپل کارپوریشن کے تحت 42 کچی آبادیوں کے مالکان کو دئیے جانے والے پراپرٹی کارڈ سروے کے کام کا کل شندے نے افتتاح کیا۔
***** ***** *****
بچوں کے ادب کے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈز کل 14 تاریخ کو نئی دہلی میں یومِ اطفال کے موقعے پر دئیے جائیں گے۔ ایوارڈ پچاس ہزار روپئے نقد اور ایک تانبے کی تختی پر مشتمل ہے۔ ہندی زبان کے ایوارڈ کیلئے سشیل شکلا کی کتاب ”ایک بٹے بارہ“ کو منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ مراٹھی زبان کیلئے سریش ساونت کے آبھاڑ مایا اس نظموں کے مجموعے کو منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے آکھاڑا بالاپور کے سماجی خدمت گار اور چھترپتی شاہو تعلیمی ادارے کے صدر ڈاکٹر کرشن راؤ پاٹل جروڑیکر کو اس سال کا ”سنت نامدیو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ پیش کیا گیا۔ جروڑیکر کو سچکھنڈ گرودوارہ، ناندیڑ کے سنت بابا بلوندر سنگھ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ تفویض کیا گیا۔ یہ ایوارڈ نانک - سائی فاؤنڈیشن، ناندیڑ کی طرف سے دیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اسکول کے 10 طلباء کو انڈین اسپیس ریسرچ سینٹر(اِسرو) کے وکرم سارا بھائی خلائی مرکز کے دورے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت کے تصور پر ساتویں جماعت میں زیرِ تعلیم گیارہ سو طلبہ کا امتحان لیا گیا تھا اور ان میں سے ان 10 طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔ یہ طلبہ آج بذریعہ طیارہ کیرالہ کیلئے روانہ ہوں گے، کمشنر نے ان طلبہ سے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
نگر پریشد اور نگر پنچایت انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے کنڑ اور پیٹھن سے فی کس ایک ایک اور ویجاپور نگر پریشد کیلئے کل دو پرچہ نامزدگی داخل کیے گئے۔
***** ***** *****
لاتور کے شری کشن سومانی اسکول کے دسویں جماعت کے طالب علم شریش شیلکے کو قومی جوڈو چمپئن شپ کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔ شریش نے حال ہی میں پونے کے بالے واڑی میں منعقدہ ریاستی سطح کے اسکول جوڈو چمپئن شپ ٹورنامنٹ کے انڈر 17 کے 73 کلوگرام وزن کے زمرے میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔
***** ***** *****
ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر کل لاتور شہر میں ایک پیدل ریلی نکالی گئی۔ضلع اسپورٹس کمپلیکس سے ڈپٹی کلکٹر سائیلی ٹھاکر نے جھنڈی دکھا کر اس ریلی کا آغاز کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت کل جلگاؤں میں 9 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ گوندیا، ایوت محل اور ناسک میں تقریباً ساڑھے دس ڈگری سیلسیس درجہ حرارت کا اندراج ہوا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 11 اعشاریہ پانچ ڈگری، دھاراشیو میں 13 ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں 13 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء‘ ماہرین موسمیات چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت آٹھ ڈگری سیلسیس تک گر جانے کی پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دہلی دھماکہ معاملے میں NIA کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے ماری؛ مرکزی کابینہ نے ہم وطنوں کی حفاظت کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا کیا اعادہ۔
٭ ریاستی حکومت نے جواہرات اور زیورات کے شعبے کیلئے نئی پالیسی کا کیا اعلان۔
٭ جالنہ میونسپل کارپوریشن کے سلم پی آر کارڈ سروے کام کا نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ساہتیہ اکیڈمی کے بچوں کے ادبی ایوارڈ کی تقریب کل؛ ناندیڑ کے سریش ساونت کو ان کے شعری مجموعے آبھاڑ مایا کیلئے ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اسکول کے 10 طلبہ اِسرو کے دورے کیلئے منتخب۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 30.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...