Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 24 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک بھر میں آج 18 واں روزگار میلہ؛ 61 ہزار نوجوانوں میں تقرر ناموں کی تقسیم۔
٭ پی ایم سونِدھی کریڈٹ کارڈ اسکیم کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مرکزی حکومت کا آفاتِ سماوی انتظامی ایوارڈ لیفٹیننٹ کرنل سیتا شیڑکے کو دینے کا اعلان۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے ”ہندو رِدَئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے ایس ٹی سنگے تیرتھاٹن اسکیم۔“
اور۔۔۔٭ گروتیغ بہادر کی یاد میں ناندیڑ میں آج سے ست سنگ تقاریب کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ملک بھر میں آج 18 ویں روزگار میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی ٹیلی ویژن خطاب کے ذریعے 5 4مقامات پر اس حوالے سے منعقد ہونے والے پروگراموں سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم مختلف سرکاری محکموں کیلئے 61 ہزار سے زائد نوجوانوں میں تقرر نامے تقسیم کریں گے۔
اسی دوران وزیرِ اعظم نے کل کیرالا کے ترواننت پورم میں پی ایم سوندھی کریڈٹ کارڈ اسکیم یعنی وزیرِ اعظم اسٹریٹ وینڈرس سیلف ریلائنس فنڈ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس پروگرام میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے منتخبہ افسران و ملازمین اور استفادہ کنندگان نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر کے 532 خوانچہ فروشوں اور سڑک پر مال فروخت کرنے والوں میں قرض تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
نیتاجی سبھاش چندربوس کو کل ان کے 129 ویں یومِ پیدائش پر ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مرکزی حکومت نے نیتاجی سبھاش چندر بوس آفاتِ سماوی انتظامی انفرادی ایوارڈز کا کل اعلان کیا۔ اس سال یہ ایوارڈ اہلیانگر ضلع سے تعلق رکھنے والی لیفٹیننٹ کرنل سیتا اشوک شیڑکے کو دیا جائے گا۔ کیرالہ کے وائناڑ میں 2024 میں مٹی کے تودے گرنے کے سانحے کے دوران امدادی کاموں میں سیتا شیڑکے نے بے مثال خدمات انجام دی تھیں۔ یہ ایوارڈ پانچ لاکھ روپئے نقد اور توصیفی سند پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا سپریمو باڑا صاحب ٹھاکرے کے صد سالہ یومِ پیدائش کی مناسبت سے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے کل سے ”ہندو رِدَئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے- ایس ٹی سنگے تیرتھاٹن“ کا آغاز کیا ہے۔ ریاست کے 251 ڈپوؤں میں بہ یک وقت چلائی جانے والی یہ اسکیم ”سستی اور محفوظ“ کے نصب العین پر مبنی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمن پرتاپ سرنائیک نے یہ بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد کم سے کم مصارف میں مذہبی سیاحت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
***** ***** *****
باڑا صاحب ٹھاکرے کی یومِ پیدائش کے موقع پر کل انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے باڑا صاحب ٹھاکرے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے باڑا صاحب ٹھاکرے کی صد سالہ یومِ پیدائش کی تقاریب کے سلسلے میں کئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشن کو تین کروڑ روپئے اور 394 میونسپل کونسلوں کو اس ذیل میں ایک کروڑ روپئے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن اور کونسلز کی طرز پر اب ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں میں بھی کوآپٹ ممبر نامزد کرنے کی تجویز وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو پیش کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس تجویز پر وزیرِ اعلیٰ نے مثبت ردّعمل دیا ہے۔ باون کُڑے نے مزید بتایا کہ ریاست میں میئر ریزرویشن کیلئے قرعہ اندازی کا عمل نہایت ہی شفاف طریقے سے کیمروں کی نگرانی میں انجام پایا ہے اور قرعہ اندازی کے اس عمل پر اعتراض کرنا مناسب نہیں ہے۔
***** ***** *****
داؤوس میں منعقدہ عالمی اقتصادی کانفرنس کے دوران کیے گئے معاہدوں کے ذریعے مہاراشٹر میں 40سے 42 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ یہ اطلاع وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل ممبئی میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس عالمی اقتصادی فورم میں ریاستی حکومت نے مجموعی طور پر 37 لاکھ روپئے کی سرمایہ کاری کے 51 معاہدے کیے ہیں۔
***** ***** *****
نئی دہلی کے مہاراشٹر سدن سے متعلق مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں ممبئی کی پی ایم ایل اے عدالت نے وزیر چھگن بھجبل کو باعزت بری کردیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان پر تعمیراتی لاگت چار گنا بڑھانے اورٹھیکیدار سے رشوت لینے کا الزام عائد کیا تھا۔ یہ معاملہ جون 2005کا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے موقع پر نئی دہلی میں ہونے والی خصوصی پریڈ میں اس سال مہاراشٹر کی جھانکی ”گنیش اُتسو- خود کفالت کی علامت“ کے موضوع پر پیش کی جائیگی۔ کل یومِ جمہوریہ پریڈ کی ڈریسڈ ریہرسل ہوئی۔ 26 سے 31 جنوری کے دوران لال قلعہ کے احاطے میں منعقد ہونے والے ”بھارت پَرو“ میں مہاراشٹر کی ثقافتی وراثت اور خود کفالت کے سفرکو پیش کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کل آکاشوانی پر ”من کی بات پروگرام“ کے تحت ملک اور بیرون ملک کے سامعین سے خطاب کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 130 ویں قسط ہے۔ آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز اسے صبح گیارہ بجے نشر کریں گے۔
***** ***** *****
ہند دی چادر شری گروتیغ بہادر کے 350 ویں شہادت ست سنگ برس کے موقع پر آج ناندیڑ میں دو روزہ خصوصی تقریب منعقد کی گئی ہے۔ وہاں کے مودی میدان میں آج اور کل یہ تقریب منعقد ہوگی۔ جس میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔
اس موقعے پر ناندیڑ تعلقے کے تمام اسکولوں میں آج 24 تاریخ کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے اور ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے عوام سے بڑے پیمانے پر اس پروگرام میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء‘ اس تقریب کے پیشِ نظر ریلوے انتظامیہ نے آج ممبئی‘ چندی گڑھ اور دہلی کے حضرت نظام الدین اسٹیشن سے خصوصی ریل گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ تقریب گاہ تک مفت ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کل ناندیڑ کے سچکھنڈ گردوارے میں خصوصی کیرتن کا انعقاد ہوا۔ جہاں 350 اسکولی طلبہ نے ایک آواز میں شری گرو تیغ بہادر کی شبد گربانی کی گائیکی کی‘ جو تقریب میں توجہ کا مرکز بنی۔ اس تاریخی اور روحانی تقریب میں عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین جاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں کل رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو سات وِکٹوں سے شکست دیکر دوسرا میچ جیت لیا۔ نیوزی لینڈ نے کل پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 208 رن بنائے۔ جواب میں بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے 32 گیندوں میں 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 76 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ کپتان سوریہ کمار یادو کے غیر مفتوح 82 رن اور شیوم دوبے کے غیر مفتوح 36 رنوں کی بدولت بھارت نے 16 ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ ایشان کشن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا تیسرامیچ کل گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
عمان کے مسقط میں منعقدہ عالمی ٹیبل ٹینس کنٹینڈر ٹورنامنٹ میں بھارت کے مانوش شاہ اور دیا چتڑے کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیت لیا۔ کل کھیلے گئے فائنل یں چتڑے-شاہ کی جوڑی نے چین کی جوڑی کو دو کے مقابلے تین گیمز سے شکست دی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع پریشد کے 55 حلقوں کیلئے موصولہ 967 درخواستوں میں 938 درخواستیں درست قرار دی گئی ہیں‘ دو درخواستوں پر اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔ جن پر سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ درست قرار دئیے گئے کاغذات میں سے 13 امیدواروں نے اپنے پرچہئ نامزدگی واپس لیے ہیں۔ پنچایت سمیتی کے 110 حلقوں کیلئے 1360 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 1321 درست پائی گئیں۔ ان میں سے 12 امیدواروں نے کل اپنے کاغذات واپس لے لیے جبکہ ایک درخواست پر اعتراض زیرِ غور ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ملک بھر میں آج 18 واں روزگار میلہ؛ 61 ہزار نوجوانوں میں تقرر ناموں کی تقسیم۔
٭ پی ایم سونِدھی کریڈٹ کارڈ اسکیم کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مرکزی حکومت کا آفاتِ سماوی انتظامی ایوارڈ لیفٹیننٹ کرنل سیتا شیڑکے کو دینے کا اعلان۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے ”ہندو رِدَئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے ایس ٹی سنگے تیرتھاٹن اسکیم۔“
اور۔۔۔٭ گروتیغ بہادر کی یاد میں ناندیڑ میں آج سے ست سنگ تقاریب کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment