Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم؍ مئی ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر آج منارہی اپنا 61 واں یومِ تاسیس؛ سبھی تقریبات نہایت سادگی سے منانے کی ہدایت۔
٭ 18 سال سے 44 سال تک کے شہریوں کی ٹیکہ اندازی مہم کا تیسرا مرحلہ آج سے ہورہا ہے شروع؛ وزیرِ اعلیٰ نے نوجوانوں سے ٹیکہ اندازی
مرکز پر بھیڑ نہ کرنے کی اپیل کی۔
٭ بھارت کے سابق سالسٹر جنرل‘ سولی سوراب جی اور ہندی صحافی روہت سردانہ چل بسے۔ اہم شخصیات کا اظہارِ افسوس۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 155 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد ضلعے میں پائے گئے 1266 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاست ِ مہاراشٹر آج اپنا 61 واں یومِ تاسیس منارہی ہے۔ مہاراشٹر دِن گذشتہ سال کی طرح سادگی سے منانے کی ہدایت پر مبنی حکمنامہ عام انتظامیہ محکمہ نے جاری کیا ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر دِن کی تقریب کے دوران ماسک لگاکر شرکت کرنا ضروری ہوگا۔ اورنگ آباد میں بھی مرکزی تقریب ڈویژنل کمشنر دفتر پر ہوگی‘ جہاں صبح آٹھ بجے سرکاری پرچم کشائی ہوگی۔ ڈویژنل کمشنر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے صحافیوں کو بھی پرچم کشائی کی تقریب میں داخلہ نہیں دیا جائیگا۔
***** ***** *****
آج سے 18 سال سے 44 سال تک کے شہریوں کیلئے ٹیکہ اندازی مہم کا تیسرا مرحلہ شروع ہورہا ہے۔ مہاراشٹر میں بھی آج سے چھوٹے پیمانے پر علامتی ٹیکہ اندازی مہم شروع ہوگی۔ ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا مخالف ٹیکوں کی معقول مقدار میں فراہمی ہونے کے بعد ٹیکہ اندازی مہم حسب ِ معمول شروع ہوگی۔ ٹوپے نے کل ممبئی میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال ٹیکوں کی قلّت ہونے سے خانگی ٹیکہ اندازی مراکز پر ٹیکے نہیں دئیے جاسکیں گے۔ دریں اثناء ٹوپے نے کہا کہ پہلا ٹیکہ لے چکے افراد کیلئے دوسرا ٹیکہ لینا ضروری ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے شہریوں سے خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہیکہ وہ ٹیکہ اندازی مراکز پر بھیڑ نہ کریں۔ واضح ہو کہ آج سے 18 سال سے 44 سال تک کے شہریو ںکی ٹیکہ اندازی مہم شروع ہورہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل سوشل میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا مخالف ٹیکوں کی فراہمی کے مطابق ٹیکے دئیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ 18 سال سے 44 سال کے زمرے میں 6 کروڑ لوگ آتے ہیں، جن کیلئے ریاستی حکومت 12 کروڑ ٹیکے خریدے گی۔
اس دوران وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاراشٹر کو ٹیکوں کی معقول مقدار فراہم کرے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کورونا ٹیکے لگوانے کیلئے ہر ریاست کیلئے الگ الگ اَیپ تیار کیے جائیں اور انہیں مرکزی اَیپ سے جوڑا جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے لوگوں سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں، کیونکہ اس وقت محدود پیمانے پر ہی ٹیکہ اندازی جاری ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ جولائی سے ٹیکہ اندازی مہم حسب ِ معمول جاری رہنے کا امکان ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے آج منائے جارہے مہاراشٹر دِن کے موقعے پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کے تین طبّی مراکز او رضلعے کے کچھ طبّی مراکز پر آج سے ٹیکے لگانے کی شروعات ہورہی ہے۔ مکند واڑی کے طبّی مرکز پر آج دوپہر 2 بجے اہم شخصیات کی موجودگی میں ٹیکہ اندازی مہم کا افتتاح ہوگا۔ ٹیکے لگوانے کے خواہشمند افراد کو آن لائن رجسٹریشن کرنا ضروری ہے۔ ہر مرکز پر ہر دِن رجسٹریشن کے ذریعے آنے والے 100 لوگوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دوسرے لوگ ٹیکہ اندازی مراکز پر جمع نہ ہوں۔ کارپوریشن کے ٹیکہ اندازی مراکز دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہیکہ کل اتوار کے دِن ٹیکے نہیں دئیے جائیں گے‘ ساتھ ہی جن مراکز پر 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکے دئیے جارہے تھے وہ مراکز بھی ٹیکے نہ ہونے سے فی الحال بند رہیں گے۔
***** ***** *****
پربھنی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آج شہر کے 4 طبّی مراکز پر 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے دئیے جانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان میں جائیکواڑی طبّی مرکز‘ خانا پور‘ عنایت نگر اور کھنڈوبا بازار کا طبّی مرکز شامل ہے۔ میونسپل کمشنر دیوی داس پوار نے بتایا کہ ان مراکزکے علاوہ دوسرے طبّی مراکز پر ٹیکے نہیں دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں پیر سے 5 مقامات پر 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکے دئیے جائیں گے۔ اس کے تحت عثمان آباد ضلع اسپتال اور تلجا پور‘ عمرگہ، کلمب اور پرانڈا کے اسپتالوں میں پیر سے ہر روز 200 لوگوںکو کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ آن لائن رجسٹریشن کرنے والے افراد کو ہی ٹیکے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
بھارت کے سابق سالسٹر جنرل اور پدم وبھوشن انعام یافتہ سولی سوراب جی کل چل بسے۔ وہ 91 برس کے تھے۔ سولی سوراب جی گذشتہ کئی دِنوں سے کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ انھوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی اداروں میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دئیے۔ سال 2002 میں انہیں پدم وِبھوشن انعام سے نوازا گیا تھا۔
***** ***** *****
ہندی نیوز چینل ’’آج تک‘‘ کے سینئر صحافی اور نیوز ریڈر روہت سردانہ کی بھی کل دِل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ وہ 42 برس کے تھے۔ روہت سردانہ کو 24 اپریل کو کورونا پازیٹیو پایا گیا تھا۔ سردانہ کو صحافتی شعبے کے گنیش شنکر وِدیارتھی انعام سے نوازا گیا تھا۔ صدرِ جمہوریہ جناب رام ناتھ کووِند‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے سولی سوراب جی اور روہت سردانہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
مسٹر انڈیا خطاب جیت چکے پہلوان جگدیش لاڈ کل بڑودہ میں چل بسے۔ وہ محض 34 برس کے تھے۔ جگدیش لاڈ کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ سانگلی ضلعے کے کنڈل کے رہنے والے جگدیش لاڈ حال ہی میں نئی ممبئی سے بڑودہ منتقل ہوئے تھے۔ ممبئی باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن اور مہاراشٹر باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نے لاڈ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 62,911 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 46 لاکھ 2 ہزار 472 ہوگئی ہے۔اس بیچ ریاست میں کل 828 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے اب تک جان گنوانے والوںکی مجموعی تعداد 68 ہزار 813 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات دیڑھ فیصد ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کل ریاست بھر میں 69,710 افرادکو کوروناوائرس سے صحت یاب قراردیکر اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں 38 لاکھ 68 ہزار 976 کورونا مریض اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔
کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قریب 85% ہوگیاہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 6لاکھ 62 ہزار 640 ہے، جن کا ریاست کے مختلف اسپتالو ںمیں علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 7197 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا، جبکہ 155 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوںکی سب سے بڑی تعداد لاتور میں رہی، جہاں 30 مریض ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد میں 28‘ بیڑ میں 25‘ اور ناندیڑ میں 21 کورونا مریض دورانِ علاج چل بسے۔ عثمان آبادمیں 19‘ پربھنی میں 17 اور جالنہ میں 10کورونا مریض دَم توڑ گئے۔ ہنگولی ضلعے میں 5 مریضوںکی موت کا اندراج ہوا ہے۔
اس دوران کل اورنگ آباد ضلعے میں 1266 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ بیڑ میں 1520‘ لاتور میں 958‘ اور پربھنی میں 928 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ عثمان آباد میں 900‘ جالنہ میں 683 اور ناندیڑ میں 665 لوگو ںمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ہنگولی ضلعے میں کل 277 افراد کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
بیڑکے ضلع کلکٹر رویندر جگتاپ نے کہا ہیکہ بیڑ ضلع طبّی آکسیجن فراہمی کے معاملے میں خود کفیل ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیڑ ضلع اسپتال اور امبہ جوگائی کا سوامی راما نند تیرتھ دیہی اسپتال میں آکسیجن پلانٹ شروع ہوچکے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ بیڑ ضلعے کے تعلقوں میں بھی آکسیجن پلانٹ کے قیام کاکام جاری ہے۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ریاست میں کورونا مریضوں کے علاج کیلئے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں دو کروڑ روپئو ںکی مدد دی ہے۔ پارٹی ٹرسٹ کے رُکن اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بتایا کہ نیشنلسٹ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ایک کروڑ اور ریاست کے سبھی اراکینِ اسمبلی کی ایک مہینے کی تنخواہ اس طرح 2 کروڑ روپئے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں دئیے جارہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کو دئیے گئے مکتوب میں کہا گیا ہیکہ ہر آفت کے دوران NCP‘ ریاست کی مدد کے اپنے عہد کی پابند ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن کے سبھی کانگریس کارپوریٹروں نے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ پارٹی کے سپرد کی ہے۔ اس رقم سے لاتور کے سرکاری اور خانگی اسپتالوں میں علاج کروارہے کورونا مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو کھانا فراہم کیا جائیگا۔ لاتور ضلع کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ کرن جادھو نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع کانگریس نے ضلعے میں ایک ہزار بیڈز والا جمبو کووِڈسینٹر شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع صدر دھیرج پاٹل کی قیادت میں ایک وفد نے کل عثمان آباد ضلع کلکٹر سے ملاقات کی۔ وفدکی جانب سے کہا گیا کہ عثمان آباد ضلعے میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے آکسیجن‘ ریمڈی سیور اور دوسرے ضروری انجکشنوں کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر آج منارہی اپنا 61 واں یومِ تاسیس؛ سبھی تقریبات نہایت سادگی سے منانے کی ہدایت۔
٭ 18 سال سے 44 سال تک کے شہریوں کی ٹیکہ اندازی مہم کا تیسرا مرحلہ آج سے ہورہا ہے شروع؛ وزیرِ اعلیٰ نے نوجوانوں سے ٹیکہ اندازی
مرکز پر بھیڑ نہ کرنے کی اپیل کی۔
٭ بھارت کے سابق سالسٹر جنرل‘ سولی سوراب جی اور ہندی صحافی روہت سردانہ چل بسے۔ اہم شخصیات کا اظہارِ افسوس۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 155 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد ضلعے میں پائے گئے 1266 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment