Date: 10 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۰؍ جنوری ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46 یا 1075 پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کووِڈ 19- سے شدید متاثرہ علاقوں میں احتیاط اور سخت پابندیاں برقرار رکھنے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔
٭ کورونا مدافعتی ٹیکہ اندازی کے بوسٹر ڈوز دینے کا آج سے آغاز۔
٭ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جاری کردہ پابندیوں پر عمل درآمد شروع؛ جِم اور بیوٹی پارلر 50 فیصد استعداد کے
ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت۔
٭ ریاست میں اومائیکرون سے متاثرہ 207 اور کورونا کے 44 ہزار 388 نئے مریض۔
٭ پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کے 2022-23 کے مالی منصوبوں کو منظوری۔
اور۔۔٭ امبا جوگائی سے قریب ایس ٹی بس اور ٹرک کے تصا دم میں 4 افراد جاں بحق۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کووِڈ سے شدید متاثرہ علاقوں میں سخت پابندیاں و احتیاط جاری رکھنے اور جن ریاستوں میں زیادہ مریض ہیں انھیں تکنیکی امداد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ملک میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کل ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا اس ضمن میں ریاستی سطح پر حالات کا جائزہ لینے کیلئے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس طلب کیا جائے‘ جس میں بہتر اقدامات اور عوام کے ردّ عمل پر گفتگو کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کورونا سے مقابلے کے دوران دیگر طبّی خدمات پر بھی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ورچول اجلاس میں مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ، وزیر برائے صحت ِ عامہ من سکھ مانڈویا اور اعلیٰ افسران شریک تھے۔ من سکھ مانڈویا آج تمام ریاستوں کے وزرائے صحت سے گفت و شنید کریں گے۔
***** ***** *****
ملک میں جاری کورونا مدافعتی ٹیکہ اندازی مہم کے تحت وائرس کے خاتمے کیلئے مؤثر سمجھے جانے والے بوسٹر ڈوز دینے کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ طبّی ملازمین‘ مریضوں کے راست رابطے میں آنے والے اہلکاروں اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو یہ بوسٹر ڈوز دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جن افراد کو ٹیکوں کی دونوں خوراکیں لے کر 9 ماہ یا 39 ہفتے کا وقت گذر چکا ہے وہی بوسٹر ڈوز کے اہل ہوں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ اس اضافی خوراک لینے کیلئے تازہ رجسٹریشن کروانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ قبل ازیں شہری جو ٹیکے لے چکے ہیں وہی خوراک بوسٹر ڈوز کی شکل میں دی جارہی ہے۔ بوسٹر ڈوز کے اہل قرار پانے والے شہری کسی بھی ٹیکہ اندازی مرکز پر یہ خوراک لے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر بے پناہ اضافے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت کی جانب سے آج سے نافذ کی گئی پابندیوں میں جزوی ترامیم کی گئی ہیں۔ ریاست میں اب جِم اور بیوٹی پارلر و سلون 50 فیصد استعداد کے ساتھ کھلے رکھے جاسکیں گے۔ علاوہ ازیں حجامت کی دُکانوں‘ مالز‘ تجارتی مراکز اور دیگر بڑے کمرشیل اداروں کو 50 فیصد حاضرری کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت پہلے ہی دی جاچکی ہے۔ تاہم اس کیلئے ہر ایک کو حکومت کے احتیاطی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ سوئمنگ پول، انٹرٹینمنٹ پارکس‘ چڑیا گھر‘ میوزیم نیز تمام سیاحتی مراکز پوری طرح بند رہیں گے۔ صبح پانچ تا رات گیارہ بجے تک پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ رات کے گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک ضروری خدمات کے سوا کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شادی بیاہ کی تقاریب میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد اور آخری رسومات میں صرف 20 افراد شرکت کرسکیں گے‘ تمام اسکول اور کالج 15 فروری تک بند رہیں گے۔
***** ***** *****
ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے معذور ملازمین اور حاملہ خواتین کو دفتروں میں حاضر رہ کر کام کرنے سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ وزیرِ اعظم دفتر کے مملکتی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اب معذور افراد اور خواتین گھر پر رہ کر ہی اپنے دفتری کام کاج انجام دے سکیں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون سے متاثرہ 207 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ جن میں مراٹھواڑہ کے عثمان آباد ضلع کے 5 اور اورنگ آباد، جالنہ اور لاتور ضلع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں میں سانگلی کے 5‘ ممبئی کے 40‘ پونا کے 22‘ ناگپور کے 21‘ پمپری چنچوڑ 15‘ تھانہ 12‘ کولہاپور 8‘ امراوتی 6‘ بلڈانہ اور اکولہ ضلع کے 4-4‘ گوندیا 3‘ نندوربار‘ ساتارا‘ گڈچرولی ضلع کے 2-2‘ اور میرا بھائندر علاقے کا ایک مریض شامل ہے۔ اس کے بعد ریاست کے اومائیکرون سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد ایک ہزار 216 ہوگئی، جن میں سے 454 مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ 44 ہزار 388 نئے مریض پائے گئے، جس کے بعد یاست میں اب تک اس وباء سے متاثر ہونے والے مریضوں کی کُل تعداد 69 لاکھ 20 ہزار 44 ہوگئی ۔ کل 12 افراد دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ اس طرح کورونا کے باعث فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 639 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 2 لاکھ 2 ہزار 259 افراد زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ میں کل 629 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ لاتور میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 234 نئے مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ ناندیڑ میں 147‘ لاتور میں 108‘ پربھنی 46‘ جالنہ 35‘ بیڑ 32‘ عثمان آباد 23 اور ہنگولی ضلع میں 4 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اورنگ آباد ضلع میں ہونے والے ہجوم کو قابو میں رکھنے کی غرض سے 9 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے بتایا کہ ضلع کے ہر تعلقے میں ایک خصوصی اسکواڈ ہوگا۔ یہ ٹیمیں ہجوم کے مقامات پر عکس بندی کریں گے اور رہنماء اُصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
میڈیکل پوسٹ گریجویشن نصابوں میں داخلے کے عمل کونسلنگ کا بدھ سے آغاز ہورہا ہے۔ مرکزی وزیرِ صحت من سکھ مانڈویا نے کل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک پیغام میں یہ اطلاع دی۔ اس خصوص میں عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے دئیے گئے فیصلے کے بعد اس عمل کا آغاز ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ا س فیصلے کے باعث اقامتی ڈاکٹروں پر سے اضافی بوجھ کم ہوگا اور مریضوں کے علاج میں سہولت ہوسکے گی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے اقتصادی اُمور ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ امدادِ باہمی بینکوں کے استحکام کی مرکزی حکومت پابند ہے۔ کل پونا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی سطح پر امدادِ باہمی وزارت قائم کی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں بینکوں کے طرزِ کار میں انقلابی تبدیلی رونماء ہوئی ہے اور اب ڈیجیٹل کاروبار کو فوقیت دی جارہی ہے‘ جس سے بینکنگ کاروبار میں شفافیت آئیگی اور بدعنوانیوں کا سدِ باب ہوسکے گا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے 2022-23 کے مالی منصوبے کے تحت مختلف اسکیموں کیلئے 288 کروڑ روپئے کے بجٹ کو کل منظوری دے دی گئی۔ رابطہ وزیر نواب ملک کی زیرِ صدارت ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع کی منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں یہ منظوری دی گئی۔
ناندیڑ ضلع کے سال 2022-23 کے 512 کروڑ روپئے کے بجٹ کو بھی کل منظوری دی گئی۔ رابطہ وزیر اشوک چوہان کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں یہ بجٹ منظورکیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے امبا جوگائی تعلقے میں بردا پور پھاٹے کے قریب کل ایک ایس ٹی بس اور ٹرک کے مابین راست تصادم میں 4 افراد جائے حادثے پر ہی جاں بحق ہوگئے‘ جبکہ دیگر 13 افراد شدید زخمی ہوئے۔ کل صبح ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں ایک دوسرے میں پھنس گئیں اور دونوں کو کرین کی مدد سے الگ کرکے زخمیوں کو باہر نکالا گیا۔ حادثے کا شکار بس لاتور سے اورنگ آباد آرہی تھی۔ جاں بحق ہونے وا لوں میں اورنگ آباد کے عادل شیخ اور لاتور کے محمد صادق کے علاوہ اورنگ آباد کی نلینی دیشمکھ اور بس ڈرائیور شامل ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ کووِڈ 19- سے شدید متاثرہ علاقوں میں احتیاط اور سخت پابندیاں برقرار رکھنے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔
٭ کورونا مدافعتی ٹیکہ اندازی کے بوسٹر ڈوز دینے کا آج سے آغاز۔
٭ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جاری کردہ پابندیوں پر عمل درآمد شروع؛ جِم اور بیوٹی پارلر 50 فیصد استعداد کے
ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت۔
٭ ریاست میں اومائیکرون سے متاثرہ 207 اور کورونا کے 44 ہزار 388 نئے مریض۔
٭ پربھنی اور ناندیڑ اضلاع کے 2022-23 کے مالی منصوبوں کو منظوری۔
اور۔۔٭ امبا جوگائی سے قریب ایس ٹی بس اور ٹرک کے تصا دم میں 4 افراد جاں بحق۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment