Thursday, 13 January 2022

text - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 13.January.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 13 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳؍ جنوری  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک میں کورونا اور اومیکرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندر مودی آج تمام ریاستوں کے
وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کریں گے۔
٭ ریاست میں عائد پابندیوں میں ماہِ فروری تک رعایت کے امکان نہیں: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ کووِڈ کے بڑھتے پھیلائو کو دیکھتے ہوئے ریاست میں تمام سرکاری مشنری اور شہری غیر محتاط نہ ہوں: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی تلقین۔
٭ ریاست میں اومیکرون کے 86  اور کورونا کے 46 ہزار 723 نئے مریض۔
٭ اب ریاست کی تمام دُکانوں کے سائن بورڈ مراٹھی میں لگانا لازمی ہوگا۔
اور۔۔٭ اہلیتی امتحانات میں کامیاب نہ ہونے والے اساتذہ کی تنخواہ روکنے کا محکمۂ تعلیم کا حکم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک بھر میں اومیکرون اور کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندر مودی آج تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے گفت و شنید کریں گے۔ اس اجلاس میں ٹیکہ اندازی مہم اور کورونا سے بچنے کیلئے پابندیوں اور اقدامات پر غور و خوص کیا جائیگا۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں کو اسپتال سے چھٹی دینے سے متعلق مرکزی وزارتِ صحت نے نئے رہنماء اُصول متعارف کروائے ہیں۔ معمولی علامات والے کووِڈ مریضوں کو 7 دِن کے علاج میں مسلسل تین دِن بخار نہ ہو تو کووِڈ جانچ کیے بغیر ہی ڈسچارج کردیا جائیگا۔ وزارتِ صحت کے سیکریٹری لواگروال نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ درمیانی درجے کی علامات رکھنے والے مریضوں کو اگر مسلسل تین دِنوں تک مصنوعی آکسیجن کی ضرورت نہ پڑے اور دیگر پیرامیٹرز قابو میں رہیں تو ایسے مریضوں کو کورونا جانچ کے بغیر اسپتال سے چھٹی دی جاسکتی ہے۔ اگروال نے بتایا کہ تاہم شدید بیمار افراد کو ان کے معالجین کے مشورے کے بعد ہی اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں جاری کووِڈ پابندیوں میں ماہِ فروری تک رعایت دئیے جانے کا کوئی امکان نہیں ۔ کل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گھروں میں ہی جانچ کروانے والے افراد اگر خود کو کورونا سے متاثر پاتے ہیں تو اس کی اطلاع میونسپل اداروں کو دیں۔ انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ٹیکہ اندازی اور احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا لازمی ہے۔ وزیرِ موصوف نے انتباہ دیا کہ ماسک نہ لگانے کا مشورہ دینے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے تلقین کی ہے کہ کووِڈ مریضوں کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سرکاری مشنری اور عوا م بے احتیاطی نہ کریں۔ کل ریاستی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ماہِ جنوری کے اواخر اور فروری کے پہلے ہفتے میں اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں سرِ دست آکسیجن کا استعمال روزانہ 400 میٹرک ٹن ہے، اگر یہ شرح 700 میٹرک ٹن تک پہنچ جاتی ہے تو ریاست میں مزید سخت پابندیاں عائد کرنا ناگزیر ہوجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ان خدشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضلعی سطح پر انتظامیہ مدافعتی ٹیکوں کی خوراک دینے کی رفتار میں اضافہ کرے‘ اس کے علاوہ دیگر انتظامات کی بھی تیاری رکھیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومیکرون سے متاثرہ 86 نئے مریض پائے گئے۔ ان میں سے 60 مریضوں کا تعلق پونا سے ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی کے 21‘ ساتارا کے 3  اور ناسک ضلع کے 2 مریض شامل ہیں۔ ریاست کے اومیکرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اب بڑھ کر ایک ہزار 367 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 734 مریض شفاء یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ 46 ہزار 723 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح اب تک ریاست میں 70 لاکھ 34 ہزار 661  افراد اس وباء سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کل 32 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 701 ہوگئی ۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 2 لاکھ 40 ہزار 122 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک ہزار 703 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 484 نئے مریض پائے گئے۔ اس میں شہری علاقے کے 410  اور دیہی علاقے کے 74  افراد شامل ہیں۔ ناندیڑ ضلع میں 474‘ لاتور میں 434‘ جالنہ میں 97‘ عثمان آباد 81‘ پربھنی 73‘ بیڑ 38‘ اور ہنگولی میں کل 22 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں اب بڑی دُکانوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی دُکانوں کے سائن بورڈ مراٹھی میں رکھنے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ اس کیلئے 2017 کے متعلقہ آرڈیننس میں ترمیم کی جائیگی۔ 10 سے کم ملازمین والی دُکانیں اور تجارتی ادارے اس قانون سے بچنے کیلئے مختلف بہانے تلاش کرنے کی شکایات ریاستی حکومت کو موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد کابینہ نے تمام ہی دُکانوں کیلئے یہ قانون لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا۔ اب ان دُکانوں کے ناموں کی تختیوں پر مراٹھی کے حروف کسی بھی دوسری زبان کے حروف سے چھوٹے نہیں رکھے جاسکتے۔
***** ***** *****
کووِڈ کے باعث اسکولی طلبہ کی آمد و رفت ٹھپ ہوجانے کے باعث ایسے ٹرانسپورٹرز کو ٹیکس میں صد فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کل کے کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ یکم اپریل 2020 تا 31 مارچ 2022 کیلئے یہ ٹیکس معاف رہیں گے۔ جو ٹرانسپورٹرز اپنا ٹیکس ادا کرچکے ہیں انھیں یہ رقومات واپس نہ کرتے ہوئے آئندہ برسوں کیلئے ان کے ٹیکس میں سے وضع کرلی جائیگی۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے محکمے نے اساتذہ کی تعلیمی اہلیتی جانچ TET امتحانات پاس نہ کرنے والے مدرسین کی تنخواہیں روک لینے کا حکم جاری کیا ہے۔ اسکولوں کو بار بار ہدایت کی گئی تھی کہ اہلیت نہ رکھنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کی جائے، اس کے باوجود اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے کاروائی نہ کیے جانے کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ۔ محکمۂ تعلیم نے وضاحت کی ہے کہ اگر کوئی اسکول غیر اہل ٹیچر کی تنخواہ جاری کرتا ہے تو یہ رقم صدر مدرس کی تنخواہ میں سے وصول کی جائیگی۔
***** ***** *****
سوامی ویویکانند اور راج ماتا جیجائو کا یومِ پیدائش کل منایا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے سوامی ویویکانند اور جیجا ماتا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اورنگ آباد میں کل کِرڈا بھارتی کی جانب سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں قابلِ ستائش کارکردگی پیش کرنے والے 12 کھلاڑیوں کے والدائوں کا استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین رواں سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹسٹ میچ میں بھارت نے دوسری اننگ میں 70 رنوں کی برتری حاصل کرلی ہے۔ کل جب دوسرے دِن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں 2 وِکٹ کے نقصان پر 57 رن بنالیے تھے۔ چیتیشور پجارا  9  اور کپتان وِراٹ کوہلی 14 رَن بناکر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 210 رَن بناکر آئوٹ ہوئی۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 5 وِکٹ حاصل کیے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ریزرو پولس دستے کیلئے پولس بھرتی کے تحریری امتحانات میں ڈمی امیدوار کو بٹھا کر امتحانات پاس کرنے والے اورنگ آباد کے ایک امیدوار کو کل پونا پولس نے حراست میں لے لیا۔ 12 دسمبرکو پونا میں منعقدہ تحریری امتحانات میں وِکرم سونونے نامی اس اُمیدوار نے امتحان دینے کیلئے اپنی جگہ دوسرے نوجوان کو بٹھایا تھا۔ اس دوسرے نوجوان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ملک میں کورونا اور اومیکرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندر مودی آج تمام ریاستوں کے
وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کریں گے۔
٭ ریاست میں عائد پابندیوں میں ماہِ فروری تک رعایت کے امکان نہیں: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ کووِڈ کے بڑھتے پھیلائو کو دیکھتے ہوئے ریاست میں تمام سرکاری مشنری اور شہری غیر محتاط نہ ہوں: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی تلقین۔
٭ ریاست میں اومیکرون کے 86  اور کورونا کے 46 ہزار 723 نئے مریض۔
٭ اب ریاست کی تمام دُکانوں کے سائن بورڈ مراٹھی میں لگانا لازمی ہوگا۔
اور۔۔٭ اہلیتی امتحانات میں کامیاب نہ ہونے والے اساتذہ کی تنخواہ روکنے کا محکمۂ تعلیم کا حکم۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 28.06.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 28 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...